Tag: سزا

  • بوگس چیک دینے والے خبردار ہوجائیں

    بوگس چیک دینے والے خبردار ہوجائیں

    ریاض: سعودی عرب میں بوگس چیک دینے والے 10 افراد کو قید اور جرمانے کی سزاؤں کا حکم سنا دیا گیا، جرمانے کا تعین بوگس چیک پر درج رقم کے مطابق کیا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت و صنعت کے شکایات سیل کی متعلقہ کمیٹی کو متعدد افراد کے خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں، شکایت میں کہا گیا کہ انہیں معاوضے کے چیک دیے گئے تام جنہیں بینکوں نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ اکاؤنٹ میں رقم موجود نہیں ہے۔

    وزارت تجارت کے متعلقہ ادارے جو تجارتی جعلسازی کے امور کی نگرانی پر معمور ہے، میں شکایات موصول ہونے کے بعد تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ 10 افراد کی جانب سے جاری ہونے والے چیک بوگس تھے۔

    تفتیشی ٹیموں نے متعلقہ بینکوں سے تحقیقات کی جہاں سے یہ ثابت ہوا کہ جس تاریخ کو چیک جاری کیے گئے تھے اس دوران اکاؤنٹس میں رقوم نہیں تھیں جو قانونی طور پر غلط ہے۔

    وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے بوگس چیک دینے والے 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جہاں سے بوگس چیک جاری کرنے پر ان افراد کے خلاف قید اور جرمانے کی سزاؤں کا حکم سنا دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سزا کی نوعیت چیک میں درج رقم کے مطابق کی جاتی ہے، ملزمان پر ایک ہزار سے لے کر 30 ہزار ریال تک جرمانہ اور ایک ماہ سے 5 ماہ تک قید کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں بوگس چیک دینے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے، اکاؤنٹ میں رقم موجود نہ ہونے کا علم ہونے کے باوجود چیک جاری کرنا قانونی طور پر جرم تصور کیا جاتا ہے۔

    وزارت تجارت کی جانب سے بوگس چیک جاری کرنے والوں کو قید و جرمانے کے علاوہ مقامی میڈیا میں ان کے خلاف اشتہاری مہم بھی چلائی جاتی ہے جس کے تمام اخراجات ملزمان کو ادا کرنے ہوتے ہیں۔

  • نازیہ کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والے سفاک ملزم کو 34 سال قید کی سزا

    نازیہ کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والے سفاک ملزم کو 34 سال قید کی سزا

    لاہور: خاتون کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والے سفاک ملزم کو سزا مل گئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو 34 سال قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے چار ماہ بعد تیزاب گردی کیس کا فیصلہ سنا دیا، مجرم ہمایوں مسیح کو عدالت نے تیزاب گردی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 34 سال قید کی سزا سنا دی۔

    عدالت کے حکم پر مجرم کو 22 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، مجرم ہمایوں مسیح نے ذاتی رنجش پر نازیہ بی بی کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تھا، تیزاب گردی کے باعث خاتون کا چہرہ جھلسنے کے ساتھ ایک آنکھ بھی ضایع ہو گئی تھی۔

    ستمبر 2019 میں گرفتاری کے وقت

    مجرم کے خلاف ستمبر 2019 میں فیکٹری ایریا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ نازیہ بی بی نے ایک پنچایت میں ہمایوں مسیح کے خلاف گواہی دی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ 45 سالہ نازیہ عرف نازی میلاد چوک کی رہایشی اور کنٹونمنٹ بورڈ میں سینٹری ورکر تھی، واقعے کے روز کام پر جاتے ہوئے ہمایوں مسیح نے اس پر تیزاب پھینکا۔

    نازیہ مسیح کے اہل خانہ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کے وقت

    یہ واقعہ گزشتہ برس ستمبر میں پیش آیا تھا، شکایت ملتے ہی چونگی امرسدھو کی نازیہ پر تیزاب پھینکنے والے ہمایوں مسیح کو پولیس نے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا تھا، بعد ازاں خاتون کے شوہر کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ذاتی رنجش پر ہمایوں مسیح نے بوتل میں تیزاب لا کر نازیہ کے سر پر انڈیل دیا تھا۔

  • متحدہ عرب امارات کے 4 اعلیٰ عہدیداروں کو سزا

    متحدہ عرب امارات کے 4 اعلیٰ عہدیداروں کو سزا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں چار اعلیٰ عہدیداروں کو غبن کے الزام میں قید اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق ریاست راس الخیمہ کی کرمنل کورٹ نے انویسٹمنٹ اتھارٹی کے چار اعلیٰ عہدیداروں پر خردبرد کا الزام ثابت ہونے پر مجرمان کو قصور ٹہرا دیا۔

    عدالت نے سابق سی ای او راس الخیمہ انویسٹمنٹ اتھارٹی اور موجودہ سی ای او راکین جیوریجا پراپرٹی ڈویلپرز سمیت 4 آفیشلز کو 36 ملین درہم جرمانے کے ساتھ ساتھ 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    عدالت نے مجرمان کو غبن کرنے کے جرمان ملازمتوں سے بھی فوری طور پر برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اس ہائی پروفائل کیس سے متعلق عدالت نے خصوصی سیشنز کیے جو طویل دورانیے پر محیط تھے اور تمام دستیاب ثبوتوں اور ریکارڈز کی بنیاد پر مقدمے کا فیصلہ سنایا۔

    سزا پانے والے چاروں مجرمان مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

  • جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر لاکھوں ریال کا جرمانہ

    جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر لاکھوں ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت ماحولیات نے حیوانات کے تحفط کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 29 افراد کو 17 لاکھ ریال کے جرمانے عائد کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت ماحولیات کا کہنا جانوروں کے ساتھ بدسلوکی اور ان کی صحت سے متعلق لاپروائی پر 29 افراد کو 17 لاکھ ریال کے جرمانے کیے گئے ہیں۔

    وزارت ماحولیات کے مطابق جانوروں کی باقیات سے تیار کردہ مصنوعات کو انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ طریقے سے فروخت کرنا اور جانوروں کی صحت کے سرٹیفکیٹ کے بغیر انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا بھی خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتا ہے۔

    وزارت ماحولیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ 16 خلاف ورزیاں مکہ مکرمہ، ریاض میں 7، تبوک میں 2 اور عسیر، مدینہ منورہ، حائل اور جازان میں 1،1 خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔

    جانوروں کے نگران اور مالکان سے وزارت نے کہا کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مکمل تعاون کریں۔ وزارت نے عوام پر زور دیا کہ جانوروں پر ایسی کسی بھی زیادتی یا خلاف ورزی دیکھنے پر وزارت کو ٹال فری نمبروں پر اطلاع کریں۔

    وزارت ماحولیات نے جانوروں کے ساتھ ہونے والی زیادتی سے متعلق رپورٹ کرنے والوں کی تعریف کی۔

  • جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے کے ساتھ کیا ہوا؟

    جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے کے ساتھ کیا ہوا؟

    کویت سٹی: جعل سازی کے ذریعے کویت کی شہریت حاصل کرنا خلیجی باشندے کو مہنگا پڑگیا، 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی اعلیٰ عدالت نے ایک ایسے خلیجی باشندے کو سزا سنائی جس نے جعل سازی کے ذریعے کویت کی شہریت حاصل کی اور عسکری شعبے میں اپنے پیشہ وارانہ خدمات بھی سرانجام دے رہا تھا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق خلیجی باشندے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ ملزم کو 7 برس قید بامشقت ا اور ایک لاکھ 67 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے، دریں اثنا عدالت نے شہریت میں جعلسازی کے دیگر 8 ملزمان کو بری کردیا۔ کویت غیرملکیوں کو اپنے ملک میں داخلے کے لیے قوانین بھی سخت کررہا ہے۔

    کویت کے پبلک پراسیکیوشن نے الزام عائد کیا تھا کہ مذکوہ شخص نے قومی شناختی کارڈ، برتھ اور شہریت کے سرٹیفکیٹ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات سے متعلق جعل سازی کی تھی، اسی بنیاد پر انہیں کویت قوانین کے تحت سزا سنائی گئی۔

    خیال رہے کہ پراسیکیوشن نے خلیجی باشندے کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم سعودی عرب، کویت، امارات، بحرین، عمان اور قطر جی سی سی میں شامل ہونے کی وجہ سے خلیجی کہلاتے ہیں۔

    کویت آنے کیلئے چال چلن کی سند لازمی قرار

    واضح رہے کہ حال ہی میں حکام نے کویت آنے والے غیر ملکیوں کے لیے نئی شرط رکھ دی ہے، ملک میں داخل ہونا ہے تو چال چلن کی سند(کریکٹر سرٹیفکیٹ) لازمی ہونی چاہیئے۔ کویت حکام نے پہلی بار اقامہ ویزے پر آنے غیرملکیوں کے لیے نیا قانون نافذ کردیا، اب غیر ملکیوں کے کریکٹر کا جائزہ لیا جائے گا، کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث افراد کویت کا ویزا حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

  • پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پر تعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، چوہدری شجاعت

    پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پر تعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، چوہدری شجاعت

    لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پرتعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، ہمیں فوج کے ہر سپاہی کے جذبات کا بھی احساس ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ سپاہی سرحد، سیاچن، ایل او سی پر کھڑا دشمن کی ہر چال کا مقابلہ کر رہا ہے، سپاہی ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہا ہے۔

    چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پرتعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، ہمیں فوج کے ہر سپاہی کے جذبات کا بھی احساس ہونا چاہیے، سپہ سالار کو غدار کہا جائے گا تو فرائض انجام دینے والے سپاہی پر کیا بیتے گی۔

    مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ کوئی کسی بھی ملک کا آرمی چیف آسانی سے نہیں بنتا، پرویزمشرف نے ملک کے لیے دو جنگیں لڑیں، آج وہ لوگ غداری کا واویلا کر رہے ہیں جنہوں نے حلف لیا۔

    چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عوام کو گمراہ کن لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہیے، عوام کو اپنے محافظوں کو جھوٹے لوگوں سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منفی پراپیگنڈے سے صرف اور صرف ملک دشمن کو فائدہ ملتا ہے، ملک دشمن اس صورت حال کا بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے۔

    آئین شکنی کیس میں پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز خصوصی عدالت نے سابق صدر اور جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو آئین شکنی کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

  • منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو 72 برس قید کی سزا

    منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کو 72 برس قید کی سزا

    ریاض: سعودی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث 17 ملزمان کو مجموعی طور پر 72 برس قید کی سزا سنادی، برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ نے سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں منی لانڈرنگ میں سرگرم 17 رکنی گروہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    یہ گروہ ریاض، مکہ مکرمہ اور الشرقیہ صوبوں میں اپنی مذموم سرگرمیوں میں مصروف تھا، گروپ کے ایک رکن کے پکڑے جانے پر پوچھ گچھ کے نتیجے میں دیگر افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    گروہ کے سرغنہ دو غیر ملکی تھے، دونوں غیر ملکی غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرتے اور انہیں سعودی عرب کے اندر محفوظ مقام پر منتقل کرکے ترسیل زر کررہے تھے۔

    عہدیدار کے مطابق تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا کہ گروہ مربوط اور منظم انداز میں کام کررہا تھا اور بعض سرکاری اہلکار ان کی مدد کر رہے تھے۔

    گرفتاری کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف 120 سے زائد شواہد جمع کر کے فرد جرم کے ساتھ متعلقہ عدالت کے حوالے کیا۔

    عدالت نے تمام شواہد کو دیکھتے ہوئے ملزمان کو منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی جو 10 لاکھ ریال سے زیادہ تھی جبکہ ضبط شدہ مال میں 2 گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

  • مالدیپ کے سابق صدر کو 5 سال قید کی سزا

    مالدیپ کے سابق صدر کو 5 سال قید کی سزا

    مالی: مالدیپ کے سابق صدر عبداللہ یامین کو منی لانڈرنگ کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مالدیپ کے سابق صدر عبداللہ یامین کو ایک نجی کمپنی کے ذریعے 10 لاکھ ڈالر کی سرکاری رقم لینے کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    سابق صدر کو جب سزا سنائی گئی اس وقت ان کے حامیوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جنہوں نے عبداللہ یامین کو بے قصور قرار دیا۔

    عبداللہ یامین کو سزا دینے والے عدالتی پینل کے سربراہ جج نے کہا کہ بلا شکوک وشہبات یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ عبداللہ یامین نے رقم لی اور وہ جانتے تھے کہ ریاست سے غبن کیا گیا۔

    سابق صدر نے مالدیپ پر 5 سال حکومت کی اور انہیں گزشتہ سال الیکشن میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہیں اپنے دور حکومت میں کئی منصوبے ختم ہونے پر تفتیش کا سامنا ہے۔

    مالدیپ کے سابق صدررشوت دینے کےالزام میں گرفتار

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں مالدیپ کی حکومت نے سابق صدر عبداللہ یامین کو گواہوں کو رشوت دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

  • 65 افراد کے قاتل امام بارگاہ حملے کے ملزمان کو 4 سال بعد عمر قید کی سزا

    65 افراد کے قاتل امام بارگاہ حملے کے ملزمان کو 4 سال بعد عمر قید کی سزا

    سکھر: انسداد دہشت گردی عدالت نے شکارپور امام بارگاہ پر حملے میں ملوث 2 ملزمان کوعمرقید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے شکارپور امام بارگاہ پر حملے میں ملوث 2 ملزمان کوعمرقید کی سزا سنا دی۔ خلیل بروہی اور غلام رسول بروہی پر حملے کی سہولت کاری کا مقدمہ درج تھا۔ مقدمے میں نامزد محمد الدین بروہی کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا گیا۔

    دونوں ملزمان پہلے سے ابراہیم جتوئی خودکش حملہ کیس میں 14 سال کے لیے قید ہیں۔ ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

    شکار پور: امام بارگاہ میں دھماکہ،بچوں سمیت 65 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ جنوری 2015 میں صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور کی امام بارگاہ میں دھماکے سے 65 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ یہ دھماکہ جمعے کو شکارپور کے علاقے لکھی در کی امام بارگاہ مولا علی میں ہوا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت شہر کے مرکزی علاقے میں واقع امام بارگاہ اور مسجد کی دو منزلہ عمارت میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور نماز جمعہ کا خطبہ جاری تھا۔

    اس سے قبل جنوری 2013 میں ہی شکارپور شہر سے 10 کلومیٹر دور واقع درگاہ غازی شاہ میں بم دھماکے میں گدی نشین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

  • جرمن شہری کا قتل، شامی تارک وطن کو ساڑھے 9 برس قید کی سزا

    جرمن شہری کا قتل، شامی تارک وطن کو ساڑھے 9 برس قید کی سزا

    برلن: جرمنی کے مشرقی شہر کیمنٹس میں گزشتہ برس ایک جرمن شہری کو قتل کرنے والے ایک شامی پناہ گزین کو عدالت نے جرم ثابت ہونے کے بعد ساڑھے نو سال قید کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن شہر ڈریسڈن کی ایک عدالتنے الاءایس نامی شامی پناہ گزین کو ایک ڈینئل ایچ نامی جرمن شہری کا قتل کرنے کے جرم میں نو سال اور چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے، عدالت کے فیصلے کے مطابق گزشتہ برس ڈینئل نامی جرمن شہری کو الاءنے متعدد مرتبہ چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

    استغاثہ کی جانب سے جائے وقوعہ کے قریب واقع ایک کباب کی دوکان کے ملازم کی گواہی کی بنیاد پر یہ مقدمہ تیار کیا گیا تھا۔ تاہم عدالت میں شامی پناہ گزین کا مسلسل موقف رہا ہے کہ اس نے یہ قتل نہیں کیا اور وہ بے قصور ہے۔

    عدالتی فیصلے سے قبل جرمن نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اس شامی پناہ گزین کا کہنا تھا کہ اس نے نہ تو مقتول شخص کو چھوا اور نہ ہی اس چاقو کو، جس سے یہ قتل کیا گیا۔

    اس شامی مہاجر کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ بھی یہ ثابت کرتا ہے کہ الاءنے نہ تو مقتول شخص کو اور نہ ہی اس جرم میں استعمال ہونے والے چاقو کو چھوا تھالیکن استغاثہ کے حتمی بیان کے مطابق الاءکا جرم ثابت ہوچکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے علاوہ جرمن پولیس ابھی تک فرحاد نامی اس مرکزی مشتبہ عراقی شخص کی تلاش میں ہے، جس پر ڈینئل ایچ پر چاقو سے حملہ کرنے کا الزام ہے۔

    پولیس کا خیال ہے کہ یہ بائیس سالہ مشتبہ عراقی شخص جرمنی سے فرار ہو چکا ہے، اس کیس کے تیسرے مشتبہ شخص کو کیمنٹس کی ایک عدالت نے عدم شواہد کی بنیاد پر رہا کر دیا تھا۔