نئی دہلی( 29 اگست 2025): بالی ووڈ فلم ساز انوراگ کشیپ نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا۔
بھارتی فلم ساز انوراگ کشیپ اپنی آنے والی فلم نشانچی کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں وینیت کمار سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ آئیشورے ٹھاکرے اس میں ڈیبیو کر رہے ہیں، یہ فلم 19 ستمبر کو بھارتی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
انوراگ کشیپ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ فلم انڈسٹری کے کئی اداکاروں کو ‘نیشنچی’ کے بارے میں معلوم تھا، انہوں نے بتایا کہ اس فلم کے لیے مرحوم اداکار سشانت سنگھ راجپوت سے رابطہ کیا گیا تھا، لیکن کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز سے دو بڑی فلمیں ملنے کے بعد سشانت نے جواب دینا بند کر دیا تھا جس کے بعد ان کے ساتھ یہ فلم نہیں بن سکی۔
انہوں نے کہا کہ سشانت نے فلم شدھ دیسی رومانس سائن کی اور ہنسی تو پھنسی چھوڑ دی، مجھے اس فیصلے پر ان سے کوئی رنجش نہیں ہے، لیکن انہوں نے یش راج فلمز اور دھرما پروڈکشنز سے پیشکشیں ملنے کے بعد اس پروجیکٹ کو چھوڑا تھا۔
انوراگ کشیپ نے بتایا کہ ان سالوں کے دوران بہت سے اداکاروں نے فلم نشانچی میں دلچسپی ظاہر کی لیکن مجھے کوئی بھی اس کے لیے موزوں نہیں لگا، میں نے 2016 میں فلم ’ایم ایس دھونی، دی انٹولڈ اسٹوری‘ کی ریلیز سے پہلے سشانت سے اسکرپٹ کے ساتھ رابطہ کیا تھا، لیکن فلم کی کامیابی کے بعد سشانت نے مجھ سے دوبارہ رابطہ نہیں کیا۔
کام کے حوالے سے بات کی جائے تو انوراگ کشیپ کی فلم ‘نیشنچی’ کی ریلیز جلد متوقع ہے۔ اس کے علاوہ وہ فلم ‘ڈکیت’ میں ایک پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم ہندی اور تیلگو میں بنائی گئی ہے، جس میں عدیوی سیش اور مرنال ٹھاکر مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ ابھی تک اعلان نہیں کی گئی۔
https://urdu.arynews.tv/sushant-singh-rajput-case-cbi-files-closure/