Tag: سعودیہ عرب

  • سعودیہ عرب: پاکستانی ملازمین کے لئے خوشخبری!

    سعودیہ عرب: پاکستانی ملازمین کے لئے خوشخبری!

    سعودی عرب سے پاکستانی ملازمین کے لئے خوشی کی خبر سامنے آگئی، سعودی عرب کی میگا پاور اور تعمیراتی کمپنی الفنار کے سی ای او صباح المطلق کا کہنا ہے کہ ہم اپنے آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق جواد سہراب ملک سے ملاقات میں صباح المطلق کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور سعودی عرب میں ان کے تعاون سے بے حد متاثر ہیں۔

    وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی جواد سہراب ملک کمپنی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے، اس موقع پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    الفانار تعمیراتی کمپنی کے سی ای او صباح المطلق کا کہنا تھا کہ ”ہم مستقبل کے منصوبوں کے لیے بھی مزید پاکستانی کارکنوں کو ملازمت دینے کے منتظر ہیں، ہم پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور مملکت سعودی عرب کی معیشت میں ان کے تعاون سے بہت متاثر ہیں“۔

    جواد سہراب ملک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی حکومت سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کیلیے باہمی طور پر فائدہ مند مواقع پیدا کرنے کیلیے انتہائی پرعزم ہے۔

    سعودی کابینہ سے پاکستانی حج وعمرہ زائرین کیلئے بڑی منظوری مل گئی

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انجینئرنگ، آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، مہمان نوازی سمیت مختلف شعبوں میں ہنر مند و تجربہ کار پیشہ ور افراد کی بڑی تعداد موجود ہے اور یہ افراد اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

  • سعودیہ عرب: سونے کے زیورات سے متعلق اہم فیصلہ

    سعودیہ عرب: سونے کے زیورات سے متعلق اہم فیصلہ

    سعودی حکام کی جانب سے سونے کے زیورات سے متعلق اہم اعلان سامنے آیا ہے۔ جبکہ سونے کے زیورات رکھنے والوں کو اس حوالے سے متنبہ کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت فیڈریشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سونے کے زیورات اور برتنوں پر قرآنی آیات تحریر نہ کی جائیں۔

    سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت فیڈریشن کی جانب سے مذکورہ پابندی سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ اور وزیر داخلہ کی جاری کردہ ہدایات کے تناظر میں لگائی ہے۔

    سعودی مفتی اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں قرآنی آیات کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی،قرآن پاک کی آیات انسانوں کی ہدایت کے لیے نازل کی گئی ہیں۔ اس مقصد کے سوا کسی اور کام میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

    سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ نے برتنوں، سونے کے زیورات اور آرائشی اشیا پر قرآن پاک کی آیات تحریر کرنے سے منع کرتے ہوئے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ کچھ افراد قرآنی آیات والے زیورات اور برتنوں کو تعویذ گنڈوں کے لئے استعمال میں لاتے ہیں۔

    دریں اثنا سعودی وزیر داخلہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے تاکید کی گئی ہے کہ (اللہ) کا نام ایسے کسی بھی کاغذ، برتن یا سامان پر تحریر نہ کیا جائے جسے عام طور پر لوگ استعمال کرکے ضائع کردیتے ہوں۔

    واضح رہے کہ 2015 میں سعودی عرب کے دارالافتا نے اللہ تعالی کے نام اور صفات کے موضوع پر فتویٰ جاری کیا تھا۔

    جاری کئے گئے فتویٰ میں پابندی لگائی گئی تھی کہ اللہ کے نام اور صفات ایسی کسی بھی جگہ یا کسی بھی کاغذ یا برتن وغیرہ پر تحریر نہ کریں جن سے ان کی تعظیم نہ ہوپاتی ہو۔

  • سعودیہ عرب: جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں!

    سعودیہ عرب: جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں!

    سعودیہ میں زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ غیر متعلقہ ای میلز سے ملنے والے جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتھارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر کہا ہے کہ غیر متعلقہ اکاؤنٹس سے ای میل کے ذریعے صارفین کے نام پیغامات بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کا زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی سے کسی بھی قسم کا تعلق نہیں ہے۔

    اتھارٹی کی جانب سے ایک بار پھر خبردار کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے لوگوں کو چاہئے کہ وہ ہوشیار رہیں اور احتیاط سے کام لیں، ایسا ہونے کی صورت میں حکام سے رابطہ کریں۔

    اتھارٹی کی جانب سے اس طرف توجہ مرکوز کرائی گئی کہ ایک صارف نے دریافت کیا کہ اسے اتھارٹی کے ’لوگو‘ والی ای میل سے یہ پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا ’ٹیکس دینے والے بھائی‘۔ اس حوالے سے اتھارٹی کی کیا ہدایت ہے۔

    واضح رہے کہ بعض فراڈیے زکوۃ اتھارٹی سمیت متعدد سرکاری اداروں کے لوگو کے ساتھ صارفین سے رابطے کرکے ان سے ان کی بینک معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اپنی بینک معلومات ہرگز کسی کو نہ دیں۔

  • ’سعودیہ عرب: عمرہ زائرین کے لئے خاص ہدایت جاری‘

    ’سعودیہ عرب: عمرہ زائرین کے لئے خاص ہدایت جاری‘

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لئے خاص ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرے کے بعد لائسنس ہولڈرز حجاموں سے ہی اپنے بال منڈوائیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ٹوئٹر (ایکس) پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عمرہ زائرین مقررہ باربر شاپس ہی سے بال ترشوانے یا منڈوانے کا اہتمام کریں۔

    بیان کے مطابق ’راستوں میں بال منڈوانے سے گریز کریں۔ اس سلسلے میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بنائے گئے قانون پرعمل درآمد میں تعاون کریں‘۔

    وزارت کے مطابق سعودی حکومت نے حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق باربر شاپس قائم کی ہیں۔ زائرین انہی شاپس سے اپنے بال منڈوانے کو ترجیج دیں۔

    دوسری جانب سعودی وزارت حج وعمر نے خواتین زائرین عمرہ کے لیے ڈریس کوڈ جاری کیا ہے اور اس حوالے سے تین ضابطوں کی وضاحت کی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ نے خواتین کے لیے مناسب عمرہ لباس کے حوالے سے تین ضابطوں کی وضاحت کی ہے جس کے مطابق خواتین عمرے کے لیے غیر آرائشی لباس کا انتخاب کریں۔

    وزارت حج کے مطابق عمرے کے لیے خواتین کا لباس ڈھیلا ہونا چاہیے جو جسم کے کسی بھی حصے کو ظاہر نہ کرے۔

    سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین خواتین عمرے کے لیے مسجد الحرام آتے وقت ایسا کوئی بھی لباس پہن سکتی ہیں جو مذکورہ تینوں ضوابط پر پورا اترے۔

    واضح رہے کہ عمرے کے لیے مرد زائرین کے لیے دو چادروں پر مشتمل بغیر سلا احرام پہننا لازم ہے تاہم خواتین کے لیے ان کا سلا ہوا لباس ہی احرام ہوتا ہے۔

  • نواز و شہباز کی سعودیہ روانگی، این آر او یا کرپشن کی تحقیقات، پردہ اٹھ گیا

    نواز و شہباز کی سعودیہ روانگی، این آر او یا کرپشن کی تحقیقات، پردہ اٹھ گیا

    ریاض : سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اچانک سعودیہ عرب روانگی نے جہاں کئی سوالات اٹھا دیے تھے وہیں شریف خاندان کے لیے شاہی خاندان کی عدم توجہی نے ان سوالوں کے کچھ جواب دے دیئے ہیں.

    ذرائع کے مطابق سعودیہ عرب میں جاری کرپشن کے خلاف مہم میں گرفتار ہونے والے سعودی شہزادوں نے شریف برادران کے پارٹنرز ہونے کا دعوی کیا ہے جس کی بنیاد پر شریف بردران کو سعودیہ عرب طلب کیا گیا ہے.

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف برادران کی سعودیہ عرب میں موجودگی کی اصل وجہ کرپشن کی تحقیقات ہے جس کے لیے سعودی ایجینسیز اُن سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں.

    ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف برادران کو شاہی خاندان سے پذیرائی نہیں مل رہی ہے اور کسی اعلیٰ سعودی شخصیت نے ان سے ملاقات نہیں کی ہے اور دوسری جانب سعودی ایجنسیز نے کرپشن سے متعلق تحقیقات بھی کی ہیں.

    ذرائع کے مطابق سعودی شیخ پاکستان حکومت کی جانب سے قطری شہزادوں کو شکار گاہیں فراہم کرنے پر بھی ناراض ہیں اور قطر سے قربت پر نالاں سعودی حکام شریف برادران کو ماضی جیسی اہمیت نہیں دے رہے ہیں.

  • سعودیہ عرب : اوبر کا خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت اور روزگار دینے کا اعلان

    سعودیہ عرب : اوبر کا خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت اور روزگار دینے کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد اوبر ٹیکسی سروس نے بڑی تعداد میں خواتین ڈرائیورز کو تربیت دینے اور اوبر سے منسلک کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں کام کرنے والی اوبر ٹیکسی سروس نے سعودی حکام کی جانب سے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ خواتین کو گاڑی چلانے کی تربیت دے گی جس کے بعد مردوں کی طرح خواتین بھی ان کے ساتھ اپنی گاڑی منسلک کرکے ٹیکسی چلاسکیں گی۔

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اوبر کمپنی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں اوبر کی ٹیکسیوں میں سفر کرنے والے 80 فیصد خواتین ہیں، خواتین کو ڈرائیور بنانے کے لیے کمپنی ایک خصوصی مرکز قائم کرے گی جہاں انہیں مکمل تربیت دی جائے گی۔

    اوبر کمپنی کے مطابق سعودی عرب میں اس وقت ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ڈرائیور اپنی گاڑیوں کے ذریعے اوبر کے ساتھ شراکت داری کے تحت کام کررہے ہیں جس میں سے 65 فیصد جز وقتی اور 35 فیصد کل وقتی طور پر کام کرتے ہیں۔

  • ریاض: ستاسی میٹر طویل پرچم 87 میٹر گہرائی میں اتارنے کا ورلڈ ریکارڈ

    ریاض: ستاسی میٹر طویل پرچم 87 میٹر گہرائی میں اتارنے کا ورلڈ ریکارڈ

    ریاض: سعودی عرب کے قیام کو 87 برس پورے ہونے کی خوش میں 87 غوطہ خوروں نے 87 میٹر طویل سعودی پرچم سمندر میں 87 میٹر کی گہرائی تک پہنچا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب میں 87 غوطہ خوروں نے 87 میٹر طویل ملکی پرچم بحرِ احمر میں 87 میٹر کی گہرائی تک پہنچانے کا منفرد کارنامہ انجام دیا ہے،یہ قدم سعودی عرب کے قیام کے 87 برس پورے ہونے کی خوشی میں اٹھایا گیا ہے۔

    saudi arab

    اس سرگرمی کو سمندر کی گہرائی میں پرچم اتارے جانے کی سب سے بڑی کارروائی کے طور پر درج کر لیا گیا ہے، گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی جیوری ٹیم کی جانب سے اس نئے ریکارڈ کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

    اس کارروائی کے منتظم اعلیٰ کیپٹن ربحی سکیک نے بتایا کہ "گینز کے منتظمین نے ہم سے مطالبہ کیا تھا کہ ریکارڈ قائم کرنے کے لیے صرف 65 میٹر کی گہرائی تک جانا ہو گا تاہم ہم نے مشکل کا سامنا کرنے کے باوجود اس فاصلے کو 87 میٹر تک طویل کر دیا”۔

    منصوبے کے ایک معاون سیف الصاعدی کا کہنا ہے کہ "ہم نے یہ کارنامہ اپنے وطن اور عوام کی محبت میں انجام دیا ہے یہ خادم حرمین اور ان کے ولی عہد کے لیے ہماری وفاداری کی تجدید بھی ہے”۔

  • سعودی عرب میں سنیما پر عائد پابندی ختم ہونے کا امکان

    سعودی عرب میں سنیما پر عائد پابندی ختم ہونے کا امکان

    ریاض: سعودی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے بعد اب سنیما گھروں پر عائد پابندی بھی ختم ہونے کا امکان بڑھ گیا جو کہ دسمبر تک کھل جائیں گے۔

    سعودی گزٹ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق سعودی سنیما کمیٹی کے سابق چیئرمین فہد التمیمی نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں برس کے اختتام سے قبل یہاں سنیما کھل جائیں گے اور اس بات پر زور دیا کہ وزارت کلچر اور انفارمیشن کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ سنیما گھروں کو بند رکھا جائے۔

    یہ پڑھیں: سعودی عرب میں خواتین کو گاڑی ڈرائیو کرنے کی اجازت مل گئی

    اپریل میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین احمد الخطیب نے خبر رساں ادارے رائٹر کو بتایا تھا کہ آخر کار سعودی عرب میں سنیما کھولنا ہی پڑیں گے تاہم یہ سرکاری اقدامات کے تحت ترقیاتی پروجیکٹس کی تکمیل کے بعد ہی ممکن ہوگا، یہ سب کی بالخصوص معاشرے کے تمام افراد کی خواہش ہے جس کی تکمیل سے انہیں فائدہ ہی پہنچے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا نقطہ نظر ہے کہ نجی سیکٹر کو فراہم کردہ تفریحات میں بہتری لائی جائے ایسے راستے کے ذریعے جو سعودی اقدار اور اسلامی تعلیمات کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں1970ء میں کچھ سنیما گھر موجو د تھے تاہم اس کے بعد سے آج تک سنیما تاحال بند ہیں لیکن اب رواں برس سنیما گھر کھلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

    سعودی گزٹ کے مطابق حکومت نے اس ضمن میں بوسٹ کنسلٹنٹ گروپ کو یہ ٹھیکا دیا ہے کہ وہ ریاست میں پارک اور تھیٹر کی طرز پر جگہوں کی نشاندہی کرے جہاں سرکاری اور نجی سیکٹر کی شراکت سے سرمایہ کاری کی جاسکے۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب:‌ طالبات کو یونیورسٹیز میں موبائل کے استعمال کی اجازت

    جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین احمد الخطیب نے کہا کہ اتھارٹی کی سرگرمیوں کی بدولت محض 7 ماہ میں سعودی عرب میں 20 ہزار سے زائد نوکریاں پیدا ہوئیں اور ویژن 2030ء کے تحت ہم گزشتہ سال کے ہدف کو بھی پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

    انہوں نے پیشگوئی کی کہ تفریح کی مد میں سعودی اخراجات کی شرح 2030ء تک تین گنا زیادہ یعنی 8 تا 9 فیصد ہوجائے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سب سے زیادہ بڑا اور مہذب تفریح منصوبہ ’’تفریحی شہر‘‘ بنانے کا ہے جو کہ دارالحکومت ریاض سے باہر بنایا جائے گا جس میں گالف کورسز، کار ریسنگ ٹریک اور سکس فلیگ تھیم پارک شامل ہیں۔

  • سعودی عرب: 7 سالہ پاکستانی بچی کی عصمت دری، ملزم گرفتار

    سعودی عرب: 7 سالہ پاکستانی بچی کی عصمت دری، ملزم گرفتار

    طائف: سعودی عرب میں پولیس نے 7 سالہ پاکستانی لڑکی کی عصمت دری کے جرم میں ایک افریقی شہری کو گرفتار کرلیا جس نے جرم اعتراف کرلیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق مجرمانہ ماضی رکھنے والے افریقی شہری کو اس جرم کے شبہے میں گرفتار کرکے تفتیش کی گئی اور اس کے خلاف شواہد پیش کیے گئے تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا بعدازاں مجرم کو پبلک پراسیکیوٹر کے حوالے کردیا گیا تاکہ اس کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کی جاسکے۔

    مکہ پولیس کے پریس سیکریٹری نے بتایا کہ 16 اگست کو پولیس کو اطلاع ملی کی طائف میں رہائش پذیر ایک پاکستانی شہری کی 7 سالہ بیٹی ایک گھنٹے سے غائب ہے بعدازاں وہ گھر کے قریب سے نیم بے ہوشی کی حالت میں ملی ساتھ ہی انکشاف ہوا کہ نامعلوم شخص نے اس کے ساتھ زیادتی کی ہے۔

    لڑکی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا مگر وہ ہوش میں آنے کے بعد جسمانی اور ذہنی طور پر اس قابل نہیں تھی کہ پولیس کو کوئی بیان دے سکے یا کوئی معلومات فراہم کرسکے۔

    پریس سیکریٹری کے مطابق فوری تفتیش شروع کرکے ایک افریقی شہری کو گرفتار کیا گیا جس نے جرم کا اعترف کرلیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق حکام نے بچی سے اسپتال میں ملاقات کی اور بچے کے بہترین علاج کی ہدایات دیں بعدازاں بچی کو اسپتال سے فارغ کرکے ذہنی دباؤ سے نجات دلانے کے لیے نفسیاتی مرکز سے رجوع کرادیا ہے تاکہ اس کا ڈر اور خوف دور کیا جاسکے۔

  • ملتان: سعودی عرب جانے والا نوجوان عمر بھر کے لیے معذور، والدین نے جمع پونجی لٹادی

    ملتان: سعودی عرب جانے والا نوجوان عمر بھر کے لیے معذور، والدین نے جمع پونجی لٹادی

    ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں 22 سالہ نوجوان ایک سال قبل ملازمت کے لیے سعودیہ عرب گیا جہاں ٹریفک حادثے نے اسے عمر بھر کے لیے معذور کردیا، بے بس والدین نے اپنی تمام جمع پونجی بیٹے کے علاج پر لگادی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے رانا عمر فاروق کے بے بسی اور لاچارگی کی علامت بنا بائیس سالہ عامر ہے جو بی ٹیک کرنے کے بعد سعودی عرب ملازمت کرنے کے لیے گیا تو تندرست اور توانا تھا۔


    لیکن وہاں ٹریفک حادثے کے سبب ہڈیوں کا ڈھانچہ بن کر واپس آیا، اب یہ نوجوان چلنے پھرنے، کھانے پینے اور بات کرنے قاصر ہے، اور ایک برس سے بستر پر محدود ہے۔
    عامر کی ماں اپنے بیٹے کو دیکھ دیکھ کر ہر وقت روتی رہتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ہمارے ساتھ تعاون کرے اس کا بھی بھلا ہو، ڈاکٹر کہتے ہیں چھ سات لاکھ روپے کا خرچ ہے اس کے بعد ہی یہ ٹھیک ہوگا۔
    عامر کو مرض کیا ہے؟ اس کے والد نے بتایا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس کے دماغ میں پانی ہے، یہ آپریشن کے ذریعے نکالا جائے گا اور نالی سانس والی دوسری جانب سے لگائی جائے گی۔

    عامر کے والد عبد المالک نے بتایا کہ بیٹا ریاض سے دوگھنٹے کی مسافت پر یمن کی سرحد کے نزدیک واقع شہر الجو میں مقیم تھا وہاں سڑک پار کرتے ہوئے گاڑی نے اسے ٹکر ماری اور وہ شدید زخمی ہوگیا، وہاں سے گاڑی والے اسے شہر کے اسپتال منتقل کیا، بعدازاں سعودی پولیس نے بتایا کہ کچھ نہیں پتا کہ عامر کو کس نے ٹکر ماری۔

    انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر ہم صدمے میں آگئے، بہت مشکل سے کیسے کیسے جتن کیے مگر سعودیہ عرب جانے کا فوری ویزا نہ مل سکا، بہت مشکلوں سے اور بہت پیسہ خرچ کرکے بیٹے کو اسی حالت میں یہاں بلوالیا۔
    انہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے مالی تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ ہمارے پاس جتنی جمع پونجی تھی سب لگادی اب کچھ نہیں بچا، اب انتظار ہے کسی مسیحا کا جو ہمارے بیٹے کا علاج کراسکے۔

    اے آر وائی نیوز نے یہ معاملہ انسانیت کے ناطے اٹھایا ہے تاکہ کسی بھی حکومتی نمائندے کی نگاہ میں یہ معاملہ آئے تو وہ عامر کی مدد کرسکے۔

    والد کا فون نمبر: 03326050496


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔