Tag: سعودیہ موسم

  • خوبصورت موسم، سعودی شہریوں نے صحرائی علاقوں کا رُخ کرلیا

    خوبصورت موسم، سعودی شہریوں نے صحرائی علاقوں کا رُخ کرلیا

    سعودیہ میں ہونے والی بارشوں کے بعد موسم میں ہونے والی خوشگوار تبدیلی کے بعد العلا کے باشندے اور سیاح موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیر کے لیے گھروں سے نکل پڑے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق العلا میں کئی روز سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے سبب یہاں کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

    سیر و تفریح کے لئے جنگلات اور صحرائی علاقوں کا رخ کرنے والے مقامی شہریوں نے بتایا کہ ہمارا علاقہ متعدد پرکشش خوبصورت مقامات سے مالا مال ہے۔ العلا کمشنری جہاں تاریخی، ثقافتی اور تمدنی مقامات سے مالا مال ہے۔ یہاں ہزاروں سال پرانے آثار قدیمہ بھی موجود ہیں۔

    العلا کے نخلستان اوربادلوں سے بغلگیر ہونے والے مقامات یہاں آنے والوں کو بہت زیادہ متاثر کررہے ہیں۔

    محمد القاضی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ آبادی سے باہر سیر کے لیے جاتے رہتے ہیں۔ آج کل ہونے والی بارشوں کے بعد موسم کو چار چاند لگ گئے ہیں، جس سے ہم خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔

    محمد الشھرانی کا کہنا تھا کہ اُن کا مقامی باشندوں کے ساتھ سیرو سیاحت کے لیے آنے افراد کو مشورہ ہے کہ درختوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں، باربی کیو پارٹیاں مقررہ مقامات پر ہی کریں۔

    قدرتی مقامات کے دلفریب مناظر سے لطف اندوز ہوں تاہم ماحولیاتی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کچرا ادھر ادھر نہ پھینکیں۔

  • سعودیہ: محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

    سعودیہ: محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جمعرات 5 اکتوبر سے اتوار 8 اکتوبر 2023 تک مملکت کے مختلف علاقوں میں تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز نے اپنے ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ عسیر اور جازان میں جمعرات سے اتوار تک تیز بارشیں متوقع ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق خلیج عرب کے ساحلی علاقوں میں جمعرات اور جمعے کو تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، سمندر میں لہریں 2.5 میٹر بلند ہوسکتی ہیں، جبکہ ساحلی علاقوں میں گردوغبار بھی چھایا رہے گا۔

    دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لئے بڑے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، جس کے باعث سعودیہ سیاحت کے فروغ میں 58 فیصد اضافے کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال 2023ء کے پہلے سات ماہ کے دوران سیاحوں کی آمد کے لحاظ سے سعودی عرب عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019 کے اسی عرصے کے مقابلے اس سال جولائی کے آخر تک مملکت میں سیاحوں کی تعداد 58 فیصد بڑھ گئی ہے۔

    یہ اعداد و شمار گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے سے حاصل کیے گئے تھے، اس کے علاوہ UNWTO کے ورلڈ ٹورازم بیرومیٹر سے حاصل کیے گئے تھے۔

    ریاض نے 27-28 ستمبر کو عالمی یوم سیاحت کی میزبانی کی، جو کہ عالمی سیاحت کے شعبے کے لیے مملکت کے عزم کا عکاس ہے۔

    سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ اتنی بڑی کامیابی ”حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی“۔

    سعودی وزیر سیاحت کا مزید کہنا تھا درجہ بندی نے ایک عالمی سیاحتی مقام کے طور پر ملک کی پوزیشن کو مضبوط کیا۔