Tag: سعودی اسپتال

  • سعودی اسپتال میں روبوٹ کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں

    سعودی اسپتال میں روبوٹ کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں

    سعودی حکام کی جانب سے سعودی اسپتال میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے پہلا روبوٹ متعارف کرادیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر نے عملے اور وزیٹرز کی مدد کے لیے پہلے روبوٹ ’نور آر ون‘ کو متعارف کرایا ہے۔جس کے باعث اسپتال میں موجود عملے اور وزیٹرز کو بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی صحت کے ادارے ٹیکنالوجی کے معیاری استعمال کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ تاکہ صحت کی خدمات کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے، صحت کی خدمات کے لیے روبوٹ کا تقرر بھی اسی لئے کیا گیا ہے۔

    سعودی صحت کے ادارے کی جانب سے اس روبوٹ کو اسپتال کے ہیلتھ کیئر انفارمیشن ٹیکنالوجی افیئرز ونگ میں تعینات کیا گیا ہے، جو انگریزی اور عربی دونوں زبانوں میں تیکنیکی معاونت کے سوالات کے جواب فراہم کرتا ہے۔

    اس روبوٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ عملے کی شناخت ان کے چہروں کے ذریعے کرنے، اسپتال اور سینٹر آنے والوں کے ساتھ بات چیت کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    یہ جدید ترین روبوٹ تکنیکی معاونت سے متعلق سوالات کے جواب درست اور موثر انداز میں دیتا ہے جبکہ اسے مصنوعی ذہانت کے جدید ترین سسٹم سے آراستہ کیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر اسامہ السویلم کے مطابق نئے ملازم روبوٹ کی کار کردگی سے عملے کو اپنی بنیادی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد حاصل ہوگی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صحت کی خدمات میں اضافہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ کنگ فیصل سپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر خصوصی صحت نگہداشت کے شعبے میں دنیا کے بہترین اسپتالوں میں شمار ہوتا ہے۔

    کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کو حال ہی میں برانڈ فنانس نے مشرق وسطیٰ و افریقہ میں پہلے نمبر پر اور 2023 کے دوران دنیا کے 20 بہترین اسپتالوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

  • سعودی اسپتالوں کو عالمی سطح پر بڑا اعزاز مل گیا

    سعودی اسپتالوں کو عالمی سطح پر بڑا اعزاز مل گیا

    ریاض: سعودی اسپتالوں نے اپنے معیار کے لیے بین الاقوامی سطح پر بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میگزین نیوز ویک نے کنگ سعود یونیورسٹی میڈیکل سٹی (KSUMC) اور اس کے کنگ عبدالعزیز اور کنگ خالد اسپتالوں کو 2022 کے لیے بین الاقوامی سطح پر بہترین اسپتالوں میں شامل کر لیا ہے۔

    سعودی اسپتالوں کو دی جانے والی یہ ریٹنگ صحت کی دیکھ بھال، انفیکشن کنٹرول کے اقدامات، مریضوں کی حفاظت، اور طبی خدمات کے معیار سے متعلق دیگر اشاریوں میں بہتر کارکردگی پر مبنی ہے۔

    کنگ سعود یونیورسٹی میڈیکل سٹی نے کنگ خالد اور کنگ عبدالعزیز اسپتالوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کی تعمیل پر کامیابی کے بعد ڈائمنڈ ڈگری سرٹیفکیٹ سمیت کئی بین الاقوامی اعزازات کی منظوری حاصل کی ہے۔

    کنگ سعود یونیورسٹی میڈیکل سٹی نے کئی بین الاقوامی توثیقی سرٹیفکیٹس حاصل کیے ہیں، جیسا کہ ڈائمنڈ ڈگری سرٹیفکیٹ، جو کینیڈین ایکریڈیٹیشن کمیشن کی جانب سے ایک اعلیٰ ترین ریٹنگ ہے، یہ سرٹیفکیٹ کنگ خالد اور کنگ عبدالعزیز اسپتالوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ کوالٹی اسٹینڈرڈز کی تعمیل پر کمیشن کی ٹیم کے جامع جائزے میں کامیابی کے بعد دیا گیا۔

    کنگ سعود یونیورسٹی میڈیکل سٹی نے سعودی سینٹرل بورڈ فار ایکریڈیٹیشن آف ہیلتھ کیئر انسٹی ٹیوشنز سے بھی توثیق حاصل کی ہے، اس کے ساتھ کنگ سعود یونیورسٹی کے کالج آف فارمیسی اور یونیورسٹی میڈیکل سٹی نے کلینیکل فارمیسی ریزیڈنسی پروگرام پر آٹھ سال کے لیے امریکن سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارماسسٹ کی بھی توثیق حاصل کی ہے۔

    امریکن سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارماسسٹ امریکا میں اس پروگرام کے لیے واحد ایکریڈیشن باڈی ہے جس کا مقصد ایسے تربیتی پروگراموں کے ذریعے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیلتھ پریکٹیشنرز کو تیار کرنا ہے جو علم کی اعلیٰ سطح کو یقینی بناتے ہیں۔

    کنگ سعود یونیورسٹی میڈیکل سٹی نے چھٹے درجے کی ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے امریکن سوسائٹی فار ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹمز کا ایوارڈ بھی جیتا ہے۔ ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹمز ایسوسی ایشن کی درجہ بندی آٹھ مراحل پر مشتمل ہے جو اس بات کا اندازہ لگاتی ہے کہ اسپتال کس حد تک ہیلتھ انفارمیشن سسٹم ایپلی کیشنز اور ہیلتھ ٹیکنالوجی کو استعمال کر رہے ہیں۔

  • سعودی اسپتالوں میں روبوٹ آپریشن کرنے لگے

    سعودی اسپتالوں میں روبوٹ آپریشن کرنے لگے

    ریاض: سعودی عرب میں گھٹنوں کے آپریشن کے لیے روبوٹک پروگرام متعارف کروا دیا گیا، گھٹنوں کے آپریشن اب روبوٹ سرانجام دیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں سلطان بن عبدالعزیز سینٹر برائے انسانی خدمات کے ماتحت ایڈوانس آپریشن سینٹر نے گھٹنے بدلنے کے لیے خصوصی آپریشن پروگرام متعارف کرا دیا۔

    روایتی آپریشن کے مقابلے میں روبوٹ ٹیکنالوجی نئی، مؤثر اور مریض کے لیے آرام دہ ہے۔ روبوٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے آپریشن کا کام تیزی سے انجام پاتا ہے اور آپریشن کے بعد صحت جلد بحال ہوجاتی ہے۔ اس آپریشن سے ہونے والے نقصانات بھی بے حد محدود ہوتے ہیں۔

    مذکورہ روبوٹ ٹیکنالوجی انتہائی ماہر سرجن کا کام انجام دے رہی ہے، اس کی مدد سے آپریشن کی جگہ کا تعین سہ جہتی نظام کے ذریعے ہورہا ہے۔

    روبوٹ گھٹنے سے متصل نسیجوں میں باریک بینی سے فرق کرتا ہے جس کی وجہ سے گھٹنے کو آپریشن کے دوران پہنچنے والے نقصان سے تحفظ حاصل ہو جاتا ہے۔

    روبوٹ گھٹنے کے تلف اجزا جدا کرنے کا کام بھی نہایت نفاست اور باریکی سے انجام دیتا ہے۔

    مذکورہ روبوٹ ٹیکنالوجی اپنی نوعیت کی جدید ٹیکنالوجی ہے، گھٹنوں کے جوڑوں کے درد میں مبتلا مریضوں کے آپریشن آئندہ روبوٹ ہی کے ذریعے ہوں گے۔ آپریشنز کے لیے سعودی شہریوں پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی مہیا کی گئی ہے جو عالمی معیار کی ہے۔