Tag: سعودی ایئر لائنز

  • ’سول ایوی ایشن کا سعودی ایئر لائنز سے متعلق اہم انکشاف‘

    ’سول ایوی ایشن کا سعودی ایئر لائنز سے متعلق اہم انکشاف‘

    سعودیہ کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سعودی ایئر لائنز (السعودیہ) نے 2021-2022 کی مدت کے دوران مسافروں کو معاوضے کے طور پر 58 ملین ریال ادا کردیئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے ایک سرکاری بیان میں اس بات پر زور دیا کہ ان معاوضوں نے صارفین کے بہت سے خدشات ختم کردیئے ہیں،جن میں پرواز کی منسوخی، تاخیر، سامان کا نقصان اور پرواز کے نظام الاوقات میں رکاوٹ وغیرہ شامل ہیں۔

    یہ طریقہ کار 20 نومبر سے نافذ ہونے والے آئندہ ضوابط کے پیش خیمہ کے طور پر بھی کام کرتا ہے جس کا مقصد آپریشنز کو آگے بڑھانا اور ہوا بازی کے شعبے میں مملکت کے ترقی کے مقاصد کی سپورٹ کرنا ہے، جبکہ یہ مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اتھارٹی کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔

    جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن میں معیار اور مسافروں کے تجربے کے ایگزیکٹو نائب صدر عبدالعزیز بن عبداللہ الدھمش کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’تنظیم مسافروں کے لیے انتخاب، قدر اور خدمات کے معیار کو بڑھانے والے ضوابط کو نافذ کرنے کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔‘

    انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مسافروں کو ان کے حقوق کے بارے میں اچھی طرح سے آگاہ کیا جائے اور وہ قواعد و ضوابط کے مطابق رقم کی واپسی حاصل کرنے کے عمل کو آسانی سے نیویگیٹ کر سکیں۔‘

    عبدالعزیز بن عبداللہ الدھمش نے وضاحت کی کہ ’جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ ایک شفاف اور موثر شکایتی عمل کو آسان بنانے کے لیے وقف ہے۔‘

    انھوں نے ’مسابقتی ہوابازی کے شعبے کو فروغ دینے میں مسافروں کے حقوق کے لیے مضبوط تحفظات کی اہمیت پر زور دیا جو مملکت اور اس کے مسافروں دونوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔‘

  • حج 2023: سعودی ایئر لائنز کے 164 طیارے مختص

    حج 2023: سعودی ایئر لائنز کے 164 طیارے مختص

    ریاض: سعودی عرب میں رواں برس حج آپریشن کے لیے سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے 164 طیارے مختص کیے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی فضائی کمپنیوں کے گروپ نے اس سال حج موسم 1444 ہجری کے حوالے سے اپنا آپریشنل پروگرام جاری کردیا۔

    ااس سال سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) ادیل ایئر اور پرائیویٹ سعودی ایئر لائن کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک سے 12 لاکھ سے زیادہ نشستیں عازمین حج کے لیے مختص کی گئی ہیں، 164 طیارے حج آپریشن کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔

    عازمین حج کو سو سے زیادہ شیڈول ہوائی اڈوں اور 14 سیزنل ہوائی اڈوں سے سفر حج کروایا جائے گا۔

    8 ہزار سے زیادہ پائلٹ حج پروازوں پر تعینات کیے گئے ہیں، سعودی فضائی کمپنیوں نے گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے حج اداروں کے ساتھ اس ضمن میں معاہدے کیے ہیں۔

    سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے حج پروازوں سے سفر کرنے والوں کے لیے سپیشل اسلامی آگاہی سروس کا بھی اہتمام کیا ہے۔

    عازمین حج کو مذہبی پروگرام اور حج سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی، 134 گھنٹے سے زیادہ دورانیے پر مشتمل مختلف دینی پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے۔

    590 گھنٹے کی قرآن کریم کی تلاوت کا بھی بندوبست کیا گیا ہے، اسلامی پروگرام عربی کے علاوہ انگریزی، انڈونیشی اور چینی زبانوں میں پیش کیے جائیں گے۔ عازمین حج کے لیے دیگر زبانوں میں بھی دینی پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے۔

  • سعودیہ ایئر لائنز کا سفر کرنے والوں کے لیے اہم اعلان

    سعودیہ ایئر لائنز کا سفر کرنے والوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودیہ ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ وہ ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی، یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اور پاسپورٹ ڈیٹا سمیت ذاتی معلومات کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودیہ ایئر لائنز نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ایاٹا کے تیار کردہ ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی۔

    ہیلتھ پاس کی آزمائش 19 اپریل سے کوالالمپور تا جدہ روٹ پر شروع ہوگی۔

    ڈیجیٹل ٹریول پاس ایک موبائل ایپ ہے جو مسافروں کو آسان اور محفوظ طریقے سے سفری معلومات اور دستاویزات کا اہتمام کرنے میں مدد کرتی ہے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کسی بھی سرکاری احتیاطی تقاضوں کو پورا کرتی ہے۔

    یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اور پاسپورٹ ڈیٹا سمیت ذاتی معلومات کے علاوہ کرونا ٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔ اس میں ٹیسٹنگ لیبارٹری یا ایئر لائنز کے ساتھ مطلوبہ معلومات کو محفوظ طریقے سے شیئر کرنے کا آپشن شامل ہے۔

    ایاٹا کے مطابق صارفین کو اپنے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ خفیہ ہے اور فون پر یہ خفیہ شکل میں ہی محفوظ کیا جاتا ہے۔ اگر ایپ کو ڈیلیٹ کردیا جائے تو صارف کا وہ سب ڈیٹا ہے جو اس میں محفوظ ہے، وہ بھی ڈیلیٹ ہوجائے گا۔

    اس ایپ کا مقصد مسافروں کے لیے محفوظ اور منظم سفری تجربے کو یقینی بنانے میں مدد دینا ہے، یہ بین الاقوامی سفر پر محفوظ واپسی کو بھی یقینی بنانے کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو شہری ہوا بازی کے شعبے کی عالمی وبا کے اثرات سے بحالی میں مدد فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔

    جانچ اور آزمائش کے اس عمل کے دوران ایاٹا اس ایپ کو ایئر لائن نیٹ ورک کے لیے تیارکرنے کا کام کرے گی۔

    ریاض سے تعلق رکھنے والے عبداللہ المحسن نے اس بارے میں کہا ہے کہ یہ ایک خوش آئند ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اس ایپ کی باقاعدہ منظوری دے دی جائے گی اور تمام بین الاقوامی پروازوں پر اس کا اطلاق ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اس کی مدد سے میرے لیے یہ ثبوت فراہم کرنا ممکن ہو جائے گا کہ میں نے کووڈ 19 ویکسین لگوا رکھی ہے، یوں مجھے اپنا استثنیٰ ثابت کرنے میں آسانی ہوگی۔

    ڈیجیٹل پاس کی آزمائش کا سلسلہ 17 مئی تک جاری رہے گا، ایپ استعمال کرنے والے مسافروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاہم اسے ضرورت قرار نہیں دیا گیا۔

    آزمائشی مدت کے دوران مسافروں کے لیے سفر کے دوران ایسی روایتی دستاویزات، مطبوعہ یا ڈیجیٹل شکل میں ساتھ رکھنا ضروری ہے جس میں کسی مجاز کلینک کے ذریعہ پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ موجود ہو کیونکہ امیگریشن اور صحت کے حکام اس کا تقاضہ کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹریول پاس سعودی عرب کے لیے موجودہ سفری یا داخلے کی ضروریات کی جگہ نہیں لیتا جو اگر قابل اطلاق ہو تو کارآمد پاسپورٹ اور ویزا رکھنے پر مشتمل ہے۔