Tag: سعودی ایران کشیدگی

  • وزیر اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

    وزیر اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن اور عالمی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ریاض پہنچنے کے بعد سعودی فرمانروا اور ولیٔ عہد سے ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے سعودی قیادت کے ساتھ علاقائی امن کی خاطر خطے میں اختلافات ختم کرنے پر گفتگو کی، اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے شاہ سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

    مزید تفصیل:  وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے

    دوسری طرف پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر مشاورتی عمل شروع ہو گیا ہے، عمران خان پاکستانی وفد جب کہ محمد بن سلمان سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، مشاورتی عمل میں سعودی عرب اور ایران میں جاری تنازعے کے ممکنہ حل پر غور کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم ایرانی قیادت سے ملاقاتوں پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اعتماد میں لیں گے۔

    قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے ایک روزہ دورے پر ریاض پہنچے تو شاہ خالد ایئر پورٹ کے رائل ٹرمینل پر گورنر ریاض، وزیر مملکت اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر نے ان کا استقبال کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے ایک روزہ دورے پر ریاض پہنچ گئے، شاہ خالد ایئر پورٹ کے رائل ٹرمینل پر گورنر ریاض نے ان کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران اور سعودی عرب کے درمیان مصالحت کے مشن پر وزیر اعظم عمران خان ریاض پہنچ گئے ہیں، جہاں گورنر ریاض، وزیر مملکت اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہیں۔ وزیر اعظم نے گورنر ریاض فيصل بن بندر بن عبد العزيز سے ملاقات کی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت کو دورہ ایران میں پیش رفت پر اعتماد میں لیں گے، عمران خان کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے اقدام کا حصہ ہے۔

    ’’ایران سعودی کشیدگی کا حل، اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی کو تیار ہے‘‘

    عمران خان سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اس سے قبل اتوار کو وزیر اعظم نے خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران کا دورہ بھی کیا تھا، جہاں انھوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات کی۔

    وزیر اعظم نے کہا دونوں ممالک کے تنازع کی وجہ سے خطے اور دنیا کو نقصان ہوگا کیوں کہ تیل کی قیمتیں بڑھیں گی، خلیج کی موجودہ صورتحال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سہولت کاری کر سکتے ہیں۔

  • وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملت اسلامیہ میں اتحاد و یگانگت کے داعی بن کر ابھر رہے ہیں، وہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق نے وزیر اعظم کے مختصر دورہ سعودی کے بارے میں کہا ہے کہ عمران خان سعودی قیادت سے دو طرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی صورت حال پر بات کریں گے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی روابط ہیں، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے آزمایش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔

    تازہ ترین:  ایران سعودی عرب کشیدگی ختم کرانے کا مشن ، وزیراعظم سعودی عرب روانہ

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ سعودی قیادت کو دورۂ ایران میں پیش رفت پر اعتماد میں لیں گے، عمران خان کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے اقدام کا حصہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان دورے کے دوران سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    یاد رہے اتوار کو وزیر اعظم عمران خان نے خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم نے انھیں بتایا کہ وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے سہولت کاری کے لیے تیار ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج سعودی عرب کے اہم دورے پر روانہ ہوں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج سعودی عرب کے اہم دورے پر روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی ختم کرنے کے مشن کے لیے وزیر اعظم عمران خان آج سعودی عرب کے اہم دورے پر روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان آج سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے جہاں وہ سعودی قیادت کو ایرانی حکام سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کریں گے۔

    اس سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے دورہ تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقات کی تھی، انھوں نے کہا تھا کہ خلیج کی موجودہ صورت حال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے۔

    عمران خان نے ایرانی قیادت سے کہا کہ فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں، سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان سہولت کاری کرسکتا ہے، ہم مذاکرات سے مسائل حل کرنے میں سہولت کاری کے لیے تیار ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ’’ایران سعودی کشیدگی کا حل، اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی کو تیار ہے

    وزیر اعظم نے کہا تھا ایران پڑوسی اور دوست ملک جب کہ سعودی عرب ہمارے بہت قریب ہے، دونوں ممالک کے تنازع کی وجہ سے خطے اور دنیا کو نقصان ہوگا کیوں کہ تیل کی قیمتیں بڑھیں گی اور پھر دیگر ممالک پیسے کو لوگوں پر خرچ کرنے کی بجائے تیل خریدنے پر لگائیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا ہم ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتے، جنگ کی صورت میں خطے میں غربت میں اضافہ ہوگا۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان مل کر خطے کے استحکام کے لیے کام کر سکتے ہیں، خطے میں جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں، اور یمن میں جنگ بندی کے خواہش مند ہیں۔

    ایرانی صدر نے وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ ملاقات میں سعودی عرب کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کو ختم کرنے اور مذاکرات کرنے کا اشارہ بھی دیا۔

  • خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں: عمران خان

    خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں: عمران خان

    تہران: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ایران کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے، خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران کا دورہ کیا، شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی زلفی بخاری اور دیگر حکام وزیر اعظم کے ساتھ تھے، وزیر اعظم کی ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات ہوئی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے دونوں ممالک میں تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے۔

    وزیر اعظم کی صدر روحانی سے ملاقات ہوئی دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی سیکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے خلیجی ممالک کو کسی جنگی تنازع سے بچانے پر زور دیا، کہا خلیج کی موجودہ صورت حال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کر رہے ہیں

    انھوں نے کہا خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں، مذاکرات سے سعودی اور ایران کشیدگی میں کمی کے لیے سہولت کاری کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی حمایت پر اظہار تشکر کیا، کہا مقبوضہ کشمیر میں 7 ہفتے سے 80 لاکھ افراد کا لاک ڈاؤن جاری ہے، انھوں نے صدر روحانی کو 5 اگست کے بھارتی اقدام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کے لیے خطرہ پیدا ہوا۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی امن کے لیے حالیہ اقدامات سے سپریم لیڈر کو آگاہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی ایرانی قیادت کے ساتھ خوش گوار ماحول میں ملاقاتیں ہوئیں، ایران نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی، دونوں فریقین نے مصالحتی عمل آگے بڑھانے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔