Tag: سعودی سرمایہ کار

  • امریکی اسٹاک مارکیٹ میں سعودی سرمایہ کاری کم ترین سطح پر

    امریکی اسٹاک مارکیٹ میں سعودی سرمایہ کاری کم ترین سطح پر

    ریاض : امریکہ کی اسٹاک مارکیٹ میں سعودی تاجروں کی جانب سے کی جانے والی تجارت کا حجم گزشتہ 3 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    تیسری سہ ماہی کے دوران امریکی اسٹاک مارکیٹوں میں سعودیوں کی تجارت کی قدر 23 ارب ریال تک گرگئی، جو تقریباً 3 سال کی کم ترین سطح ہے۔

    سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی منڈیوں میں سعودی عرب میں مالیاتی اداروں کے ذریعے ہونے والی لین دین کی قدریں گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے نصف سے بھی کم رہ گئی ہیں۔

    العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق سہ ماہی بنیادوں پر دوسری سہ ماہی کے اختتام پر 71 بلین ریال کے مقابلے میں اس میں 68 فیصد کمی واقع ہوئی۔

    یورپی اور ایشیائی منڈیوں میں سعودی سرمایہ کاری کی قدروں میں گراوٹ ان کی ہم منصب امریکی منڈیوں کے مقابلے زیادہ شدید تھی کیونکہ ان میں سہ ماہی بنیادوں پر بالترتیب 86 فیصد اور 94 فیصد کمی واقع ہوئی۔

    بڑھتی ہوئی شرح سود کے درمیان اسٹاک مارکیٹس عالمی سطح پر لیکویڈیٹی کی کمی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے فنڈز فکسڈ انکم اثاثوں جیسے بانڈز میں منتقل ہوگئے ہیں۔

    سرمایہ کاروں کے جذبات افراط زر کے دباؤ اور مرکزی بینک کی جانب سے افراط زر پر قابو پانے کے لیے اقدامات سے منفی طور پر متاثر ہوئے۔ اس کے ساتھ کساد بازاری کے خدشے کے باعث بھی عالمی منڈیوں میں عمومی طور پر کمی دیکھی گئی۔

    ان عوامل نے سعودی "ٹاسی” کے علاوہ مارکیٹ انڈیکس پر دباؤ میں حصہ ڈالا ہے۔ کیونکہ انڈیکس نے سال بھر کے فوائد کو مٹا دیا ہے۔

    یہاں تک کہ تقریباً 9 فیصد کا نقصان بھی ریکارڈ کیا۔ سعودی اسٹاک مارکیٹ میں تجارتی قدر سہ ماہی بنیادوں پر تقریباً 27 فیصد کم ہوئی اور تیسری سہ ماہی کے اختتام پر 730 ارب ریال تک پہنچ گئی جبکہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں یہ قدر 994 ارب ریال تھی۔

  • سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند

    سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند

    لاہور : سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کردیا ،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سعودی عرب کےسرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سعودی وفد نے زراعت، سوشل سیکٹر اور لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئےآپ کےلئےسازگارماحول ہے، اکنامک پارنٹرشپ کےفروغ سےدونوں ملکوں کےعوام کوفائدہ پہنچے گا۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کےسرمایہ کاروں کوہرممکن سہولتیں فراہم کریں گے، سعودی عرب نےآزمائش کی ہرگھڑی میں پاکستان کابھرپورساتھ دیا ہے۔

    یاد رہے سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے میں تعینات ٹریڈ منسٹر اظہر علی ڈیہر کا کہا تھا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان سے لائیو سٹاک، باسمتی چاول اور گوشت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں لیکن ان کی ڈیمانڈ پوری کرنے اور انڈیا، برطانیہ اور جرمنی کی کمپنیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستانی کمپنیوں کو کنسورشیم بنانے کی ضرورت ہے۔

  • کرونا وائرس : سعودی سرمایہ کار نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    کرونا وائرس : سعودی سرمایہ کار نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے باعث کاروبار بند ہونے سے معیشت کو شدید دھچکہ پہنچا ہے، ایسے میں ایک سعودی سرمایہ کار نے اپنی دکانوں کا کرایہ معاف کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کے باعث شاپنگ مالز اور دکانیں بند کرنے سے کاروباری طبقے کو بھاری نقصان کا سامنا ہے مگر سعودی عرب میں کچھ افراد نے متاثرین کو ریلیف دیتے ہوئے دکانوں کے کرائے معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    حائل کے معروف سرمایہ کار سعود عبد العجلان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی کے لیے ہیں، ان تدابیر کے پیش نظر یہ بات فطری ہے کہ جن لوگوں کی دکانیں بند ہوئی ہیں انہیں خسارے کا سامنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے حائل میں میری چند دکانیں کرائے پر ہیں، خسارے کے پیش نظر میں ان دکانداروں کے کرائے معاف کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

    سعودی سرمایہ کار کے اس اعلان کو ٹویٹر پر بے حد سراہا گیا ہے، لوگوں نے دیگر مالکان کو بھی ان کی پیروی کرنے کی تلقین کی ہے۔

    دوسری طرف گورنر حائل شہزادہ عبد العزیز بن سعد بن عبد العزیز نے بھی سرمایہ کار کے اقدام کو سراہتے ہوئے ان کے نام شکریے کا مکتوب روانہ کیا ہے۔

  • سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں، صادق سنجرانی

    سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں، صادق سنجرانی

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔

    وہ بدھ کو سعودی وفد کی پارلیمنٹ ہاو¿س آمد اور سعودی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قائد ایوان شبلی فراز، راجہ محمد ظفرالحق ، شیری رحمان اور دیگر ارکان موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے دفاعی شعبوں میں تعاون کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے دفاع کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کیے ہوئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی عرب کے ولی عہد کے دورہ پاکستان کو بھی دونوں ملکوں کیلئے انتہائی اہم قرار دیا۔

    چیئرمین سینیٹ نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کو ایک مثبت اقدام قرار دیا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سپریم کوارڈینیشن کونسل کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔

    پاکستانیوں کیلئے حج کوٹہ بڑھانے اور ویز ا فیس میں کمی فیصلے کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا۔

    چیئرمین سعودی شوری کونسل نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کیلئے انتہائی اہم ملک ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔

  • سعودی سرمایہ کار نے شاہین ایئر خرید لی

    سعودی سرمایہ کار نے شاہین ایئر خرید لی

    کراچی : سعودی سرمایہ کار نے نجی فضائی کمپنی شاہین ایئر خرید لی اور پرانے عملے کی جگہ نیا عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی فضائی کمپنی شاہین ایئر کو سعودی سرمایہ کار نے خرید لیا اور پرانے عملے کی جگہ نیا عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع نجم الاثر کو  چیف آپریٹنگ آفیسر  اور ایئر کموڈور(ر) طاہر محمود کو ڈائریکٹر انجینئرنگ تعینات کردیا گیا ہے۔

    نئی انتظامیہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات کے حوالے سے مذاکرات بھی شروع کردیئے ہیں جبکہ شاہین ایئرہیڈکوارٹرز میں نئےعملے کی بھرتی شروع کردی گئی ہے۔

    یاد رہے اگست میں ٹیکسز کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے کراچی میں شاہین ائیرلائن کا دفتر سیل کر دیا تھا، شاہین ائیرلائن فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک ارب چالیس کروڑ کی نادہندہ ہے۔

    شاہین ایئر لائن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تنازعہ کے باعث شاہین ایئر کا حج آپریشن منسوخ کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے  سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر لائن کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس 30 اگست 2018 کو ختم ہو چکا ہے۔

    بعد ازاں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج آپریشن شاہین ایئرکے لائسنس کی توسیع کردی تھی۔