Tag: سعودی شوریٰ کونسل

  • سعودی شوریٰ کونسل نے اہم ماحول دوست تجویز منظور کرلی

    سعودی شوریٰ کونسل نے اہم ماحول دوست تجویز منظور کرلی

    ریاض: سعودی شوریٰ کونسل نے مملکت کو بائیک فرینڈلی بنانے کی تجویز منظور کرلی، تجویز میں کہا گیا تھا کہ سائیکل چلانے کے بے شمار معاشی، سماجی و طبی فوائد ثابت شدہ ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سعودی شوریٰ کونسل میں یہ تجویز ڈاکٹر طارق فدک کی جانب سے پیش کی گئی جس کی حمایت میں کونسل کے اکثریتی ارکان نے ووٹ دیا۔

    ڈاکٹر طارق کا کہنا تھا کہ شہری ترقی کے ساتھ ساتھ ہمیں آمد و رفت کے جدید ذرائع چاہئیں تاہم ایسے میں سائیکل نے اپنی افادیت ثابت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ  بائیسیکل انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری ایک دانشمندانہ اقدام ہوگا۔ بے شمار تحقیقات میں شہروں میں سائیکل چلانے کے سماجی، معاشی، ماحولیاتی اور طبی فوائد ثابت ہوچکے ہیں۔

    ڈاکٹر طارق کا کہنا تھا کہ مملکت میں تمام سڑکوں پر پیدل چلنے والوں اور سائیکل چلانے والوں کے لیے الگ لینز مختص کرنا ضروری ہے۔

    سعودی اسپورٹس فیڈریشن کے مطابق سعودی عرب میں پیدل چلنا شہریوں کا اولین مشغلہ ہے، اس کے بعد دوسرے نمبر پر سائیکلنگ کی مصروفیت آتی ہے۔

    ڈنمارک میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سائیکل چلائے جانے کے ہر کلومیٹر پر ملکی معیشت کو براہ راست فائدہ پہنچتا ہے جبکہ کار چلائے جانے پر ہر کلومیٹر پر توانائی کے ذرائع خرچ ہونے اور آلودگی میں اضافے کی مد میں معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔

  • بھارتی حکومت کے فیصلوں سےاقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے، اسد قیصر

    بھارتی حکومت کے فیصلوں سےاقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے، اسد قیصر

    ریاض: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے فیصلوں سےاقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل سے ملاقات کی۔ اپوزیشن اور حکومتی اراکین کا پارلیمانی وفد بھی ملاقات میں شامل تھا۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں امت مسلمہ سے متعلق امور بھی زیربحث آئے۔ پاکستان اور سعودی شوریٰ کونسل کے درمیان مفاہمی یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے

    سعودی شوریٰ نے کہا کہ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد ضروری ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے فیصلوں سے اقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے۔

    اسد قیصر نے آئندہ سال اسلام آباد میں مجوزہ عالمی پارلیمانی کانفرنس سے متعلق آگاہ کیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کانفرنس کے انعقاد کے لیے سعودی تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ اسد قیصر نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ سعودی مجلس شوریٰ کا دورہ بھی کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اور پارلیمانی وفد سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، اسپیکر اسد قیصر چیئرمین شوریٰ کونسل کی دعوت پرسعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

  • سعودی شوریٰ کونسل کا وفد آج پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرے گا

    سعودی شوریٰ کونسل کا وفد آج پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرے گا

    اسلام آباد : چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی قیادت میں سعودی شوریٰ کونسل کا وفد آج پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی شوریٰ کونسل کا وفد آج پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرے گا، وفد کی قیادت چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کریں گے۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سعودی وفد کا استقبال کریں گے، سعودی وفد چیئرمین سینیٹ اور اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات کرے گا۔

    سعودی شوریٰ کونسل کا وفد 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہا ہے، دورے کے دوران سعودی شوریٰ کونسل کا وفد صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کرے گا۔

    سعودی شوریٰ کونسل کے دورے کا مقصد باہمی روابط کا فروغ ہے جبکہ پارلیمانی وفود کے تبادلے سماجی، سیاسی ومعاشی تعلقات کے فروغ میں مدد دیں گے۔

    آرمی چیف سے سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات

    یاد رہے گزشتہ روز جی ایچ کیو میں سعودی نائب وزیرِ دفاع محمد بن عبداللہ العائش نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دل چسپی کے امور، دفاعی اور سلامتی کے سلسلے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • سعودی شوریٰ کونسل کا وفد پاکستان پہنچ گیا، صدر مملکت، وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا

    سعودی شوریٰ کونسل کا وفد پاکستان پہنچ گیا، صدر مملکت، وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا

    اسلام آباد: سعودی شوریٰ کونسل کا وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد کی قیادت عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی شوریٰ کونسل کا وفد عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا، راجہ ظفر الحق اور اراکین پارلیمنٹ نے نور خان ائیر بیس پر وفد کا استقبال کیا۔

    سعودی شوریٰ کونسل کا وفد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان آیا ہے، شوریٰ کونسل کا دورہ 14 سال بعد ہو رہا ہے۔

    دورے کا مقصد باہمی روابط، سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں فروغ ہے، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے سماجی، سیاسی اور معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

    سعودی وفد دورے کے دوران صدر مملکت عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات

    شوریٰ کونسل کا وفد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر حکام سے بھی ملاقات کرے گا۔

    یاد رہے کہ آج جی ایچ کیو میں سعودی نائب وزیرِ دفاع محمد بن عبداللہ العائش نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دل چسپی کے امور، دفاعی اور سلامتی کے سلسلے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔