Tag: سعودی شیئرز مارکیٹ

  • سعودی مارکیٹ میں غیر ملکیوں کے شیئرز کی قدر میں اضافہ

    سعودی مارکیٹ میں غیر ملکیوں کے شیئرز کی قدر میں اضافہ

    ریاض: سعودی شیئرز مارکیٹ میں غیر ملکیوں کے شیئرز کی قدر میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا جارہا ہے، سعودی شہریوں کے شیئرز کی قدر بھی بڑھ گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شیئرز مارکیٹ تداول میں گزشتہ ہفتے کے دوران غیر ملکیوں کے شیئرز کی قدر میں 220.7 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

    18 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے میں اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 0.38 فیصد قدر بڑھی ہے۔

    تداول نے ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا کہ غیر ملکیوں کے سعودی شیئرز کی قدر میں 827.55 ملین ریال (220.7 ملین ڈالر) کا اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی شیئرز مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے شیئرز کی قدر مارکیٹ میں 217.622 ارب ریال ہوگئی جبکہ 11 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے شیئرز کی قدر 216.795 ارب ریال تھی۔

    اسی طرح اسٹریٹجک سرمایہ کاروں کے شیئرز کی قدر 427.511 ملین ریال کم ہوگئی، سعودی شہریوں کے شیئرز کی قدر بھی 54.169 ارب ریال بڑھ گئی۔

    سعودیوں کے شیئرز کی مجموعی قدر 8.88 ٹریلین ریال تک پہنچ گئی جبکہ 11 فروری 2021 کو ان کے حصص کی قدر 8.83 ٹریلین ریال تھی۔

    خلیجی ممالک کے شہریوں کے شیئرز کی قدر 779.126 ملین ریال بڑھ کر 46.812 ارب ریال ہوگئی جبکہ 11 فروری 2021 کو ختم ہونے والے ہفتے میں ان کے شیئرز کی مجموعی قدر 46.033 ارب ریال تھی۔

  • سعودی شیئرز مارکیٹ میں ریکارڈ کمی، سرمایہ کار پریشان

    سعودی شیئرز مارکیٹ میں ریکارڈ کمی، سرمایہ کار پریشان

    ریاض: کرونا وائرس اور تیل کے نرخوں میں زبردست کمی کے بعد سعودی شیئرز مارکیٹ میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے، خلیجی شیئرز مارکیٹ میں بھی مندی کا سلسلہ جاری ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی شیئرز مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آغاز پر نومبر 2008 کے بعد ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے، سعودی شیئرز کی قدر میں 8.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 100 کمپنیوں کے شیئرز کی قدر 10 فیصد تک کم ہوگئی ہے جبکہ دیگر شیئرز میں کمی کا تناسب 7 اور 5 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    شیئرز کا لین دین 7.15 ارب ریال کا رہا، یہ ستمبر 2019 کے بعد سے کیش میں شیئرز کے لین دین کی سب سے بڑی شرح ہے۔

    خلیجی شیئرز مارکیٹ میں بھی گراوٹ دیکھی گئی، کویت اسٹاک ایکسچینج میں 10 فیصد، دبئی میں 7.9 فیصد اور ابو ظہبی مارکیٹ میں 5.4 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

    خلیجی شیئرز مارکیٹ میں یہ کمی گذشتہ ہفتے کے آخر میں تیل کے نرخوں میں رونما ہونے والی زبردست کمی کے بعد ہوئی ہے۔ تیل کے نرخ گزشتہ ہفتے 10 فیصد کم ہوئے تھے، جولائی 2017 کے بعد سے یہ تیل کے نرخوں میں ریکارڈ کمی تھی۔

    تیل کے نرخوں میں یہ کمی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی معیشتوں کو نقصان پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ماہ سے یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔