Tag: سعودی طیارہ

  • بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے سعودی طیارے کو لینڈنگ دینے سے انکار کر دیا تھا، انکشاف

    بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے سعودی طیارے کو لینڈنگ دینے سے انکار کر دیا تھا، انکشاف

    کراچی: بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے سعودی طیارے کو ایک مسافر کی طبیعت کی خرابی پر ایمرجنسی لینڈنگ دینے سے اس لیے انکار کر دیا تھا کیوں کہ وہ مسلمان تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ایئر لائن کی پرواز میں مسافر کی طبیعت کی خرابی اور کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کے حوالے سے ایک انکشاف ہوا ہے، معلوم ہوا ہے کہ اس خالص انسانی معاملے میں بھی بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے شدید مذہبی تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسانیت کو شرمایا۔

    بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگالی مسافر کی وجہ سے طیارہ ممبئی میں اترنے نہیں دیا، ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 805 ڈھاکا سے ریاض جا رہی تھی، کہ بھارتی فضائی حدود میں بنگلادیشی شہری کی طبیعت خراب ہو گئی، جس پر پائلٹ نے قریبی ممبئی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے لیے طیارے کا رخ موڑ دیا اور لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

    پائلٹ نے اے ٹی سی ممبئی سے انسانی ہمدردی کی بنا پر لینڈنگ کی اجازت مانگی تھی، ایئر ٹریفک کنٹرولر کی اجازت ملنے تک طیارہ بمبئی کی لینڈنگ اپروچ بھی لے چکا تھا، تاہم ایسے میں اے ٹی سی ممبئی نے متاثرہ مسافر کی قومیت اور دیگر تفصیلات مانگیں، اور پھر ممبئی حکام نے بنگلادیشی مسلمان مسافر کو آف لوڈ کرنے اور ایئر ٹریفک کنٹرول ممبئی نے سعودی طیارے کو لینڈنگ دینے سے صاف منع کر دیا۔

    بنگلادیش سے سعودی عرب جانے والی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

    بعد ازاں، پائلٹ نے لینڈنگ منسوخ کر کے اے ٹی سی کراچی سے لینڈنگ کی اجازت طلب کی، جس پر اے ٹی سی کراچی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لینڈنگ کی اجازت دے دی، اور ہنگامی صورت حال میں طیارہ دگنا سفر کر کے صبح 7:28 پر کراچی لینڈ کر گیا، جہاں سول ایوی ایشن میڈیکل ٹیم نے مسافر کو طیارے میں طبی فوری امداد دی۔

    ایئر لائن ذرائع کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے 44 سالہ مسافر ابو طاہر کی حالت انتہائی خراب تھی، بنگلادیشی مسافر کو بلند فشار خون کی وجہ سے مسلسل قے آ رہی تھی، طبی امداد کے بعد سعودی طیارہ کراچی سے ریاض روانہ ہو گیا۔

  • غزہ متاثرین کیلئے 23 واں سعودی طیارہ روانہ

    غزہ متاثرین کیلئے 23 واں سعودی طیارہ روانہ

    غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لئے جاری عوامی عطیات مہم کے تحت سعودی عرب سے 23 واں طیارہ روانہ کردیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاض سے مصر کے ابو عریش ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہونے والے طیارے میں 31 ٹن سامان موجود ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق ’طیارے میں غذائی اشیا کے علاوہ، طبی سامان، کمبل، خیمے اور سلیپنگ پیگز موجود ہیں‘۔جو متاثرین تک پہنچائے جائیں گے۔

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر غزہ متاثرین کے لئے عوامی عطیات مہم کا سلسلہ جاری ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے لیے فضائی امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سمندری ذریعے سے بھی ضروری اشیا کی ترسیل کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب غزہ جنگ بندی میں مزید توسیع کے سلسلے میں سی آئی اے اور موساد سربراہ قطر پہنچ گئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں آج جنگ بندی کا چھٹا اور آخری روز ہے، قطر کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی میں مزید توسیع کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    غزہ یا قبرستان، عمارتوں کے ملبے سے مزید 160 لاشیں برآمد

    اس سلسلے میں امریکی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں سی آئی اے اور موساد کے سربراہان مذاکرات کے لیے قطر پہنچ گئے ہیں، دونوں انٹیلیجنس سربراہان قطری وزیر اعظم اور مصری حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔