Tag: سعودی عرب ویکسین

  • سعودی عرب:  ویکسین نہ لگوانے والے غیر ملکیوں کے لیے اہم خبر

    سعودی عرب: ویکسین نہ لگوانے والے غیر ملکیوں کے لیے اہم خبر

    ریاض: سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین نہ لگوانے والے غیر ملکیوں پر جرمانہ نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ مقیم غیر ملکیوں پر ویکسین نہ لگوانے کے لیے جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ کرونا سے محفوظ رہنے کے لیے وزارت صحت نے جو قواعد و ضوابط وضع کیے ہیں، ان پرعمل کرنا اشد ضروری ہے، بیرون ملک سے آنے والوں کو آئسولیشن اور قرنطینہ کی پابندی کرنا لازمی ہے، اور ایسا نہ کرنے پر 2 لاکھ ریال اور 2 برس تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے یا دونوں سزائیں بہ یک وقت بھی دی جا سکتی ہیں۔

    آئسولیشن کی خلاف ورزی کرنے والا اگر غیر ملکی ہو تو اسے سزا پوری کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل کر کے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے۔

    کرنل طلال نے کہا مقررہ ایس اوپیز پرعمل کرنا ہرایک کی ذمہ داری ہے تاکہ معاشرے کو کرونا وائرس کی وبا سے محفوظ رکھا جا سکے، نیز یکم اگست سے عوامی مارکیٹوں، سرکاری اور نجی دفاتر جانے کے لیے ویکسینیشن بنیادی شرط ہوگی۔

    ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ترجمان نے کہا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری و نجی اداروں، اسکولز اور شاپنگ مالز وغیرہ میں داخل نہ ہو سکیں گے۔

    وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا سرکاری اداروں کی مقررہ تفتیشی ٹیمیں مملکت کے تمام ریجنز میں کرونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • سعودی عرب: ایک اور اہم شخصیت نے کرونا ویکسین لگوا لی

    سعودی عرب: ایک اور اہم شخصیت نے کرونا ویکسین لگوا لی

    ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بعد سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے بھی کرونا ویکسین لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ عادل الجبیر نے بھی ریاض میں اتوار کو کرونا ویکسین لگوا لی ہے، سعودی حکومت نے سب سے پہلے دارالحکومت ریاض میں کو وِڈ 19 ویکسین سینٹر قائم کیا ہے جو ملک بھر میں سب سے بڑا مرکز ہے۔

    سعودی گزٹ کے مطابق الجبیر ویکسین کی دوسری خوراک 20 روز بعد لیں گے، وزارت صحت کی ہدایت ہے کہ ویکسین لینے والے مقررہ نظام الاوقات کی پابندی کریں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں اعلیٰ شخصیات میں سب سے پہلے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 26 دسمبر کو کرونا ویکسین لگوائی تھی جس کے بعد سے تمام اعلیٰ عہدے دار ویکسین لگوا رہے ہیں۔

    سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز آل شیخ نے بھی آج ویکسین کی پہلی خوارک لی ہے، انھوں نے اس موقع پر سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سب لوگ پہلی فرصت میں کرونا ویکسین لیں، ان کا کہنا تھا یہ اللہ کی نعمتوں میں سے ایک ہے۔

    مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اب تک 7 لاکھ سے زیادہ افراد کرونا ویکسین کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔