Tag: سعودی عرب کی خبریں

  • مکہ کلاک ٹاوربادلوں کی آغوش میں، تصویروائرل ہوگئی

    مکہ کلاک ٹاوربادلوں کی آغوش میں، تصویروائرل ہوگئی

    مکہ مکرمہ: سعودی فوٹوگرافر کی مکہ کلاک ٹاور کی بادلوں میں گھری تصویر وائرل ہوگئی ، فوٹوگرافرنے اپنے پیشہ ور کیمرہ کے ذریعے مکہ مکرمہ میں کلاک ٹاور کی تصویر کھینچی جس میں بادل کلاک ٹاور کی چوٹی سے ٹکراتے گزر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فوٹوگرافر محمد البستانی نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ تصویر اس وقت لی جب کلاک ٹاور اور بادل ایک دوسرے سے ہم آغوش ہوئےاور بادلوں نے کلاک ٹاور کے مینار کو چھپا لیا۔

    تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صرف کلاک ٹاور کے اوپری حصے پر نصب چاند دیکھا جاسکتا ہے باقی پورا کلاک ٹاور بادلوں سے ڈھکا ہوا نظر آرہا ہے اور یہ منظر یقیناً دیکھنے والوں کو اپنی جانب راغب کرنے والا منظر ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کے میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ مملکت کے مشرقی اور جنوب مغربی حصوں میں رات گئے اور صبح کے اوقات میں دھند بھی چھائی رہے گی۔

    فوٹو گرافر البستامی خود بھی فن تعمیر کے ماہر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فن تعمیر سے متعلق مناظر کی عکس بندی ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے مسجد حرام کے تیسرے شاہ عبداللہ توسیعی منصوبے کی بھی عکس بندی کی ہے ۔

    البستانی نے فوٹو گرافی میں اپنے شوق کا آغاز سنہ2009 میں کیا تھا۔ اس نے اپنی تصاویر اندرون اوربیرون ملک ہونے والی نمائشوں پیش کیا اور کئی ایوارڈ حاصل کیے۔

  • سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد خام تیل کی قیمت میں ردو بدل

    سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد خام تیل کی قیمت میں ردو بدل

    ریاض: سعودی آئل فیلڈ پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی فراہمی میں نمایاں کمی ہوئی ہے جبکہ قیمتوں میں بھی ردو بدل ہوا ہے، بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی خام تیل کی سپلائی بحال ہونے میں وقت لگے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد گزشتہ روز خام تیل کی قیمت میں 15 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، حملے کے بعد سعودی خام تیل کی پیداوار کا بڑا حصہ بھی بند ہوگیا۔

    حملے کے بعد سعودی خام تیل کی پیداوار میں 57 لاکھ بیرل کی کمی ہوئی۔ بین الاقوامی ماہرین کے مطابق یہ تاریخ کی بدترین بندش ہے۔ تاحال سعودی آئل فیلڈ ابقائق سے پیداوار مکمل طور پر بند ہے۔

    حملے کے بعد گزشتہ روز خام تیل کی قیمت میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا اور آج معمولی کمی دیکھی گئی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں 17 سینٹس اور امریکی خام تیل کی قیمت میں 90 سینٹس کمی ہوئی۔

    خام تیل کی قیمت میں ردو بدل کے باعث ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھی گئی۔ چین، ہانگ کانگ اور تائیوان اسٹاک مارکیٹس منفی زون میں نظر آئیں۔ گزشتہ روز امریکی، برطانوی اور فرانسیسی اسٹاک مارکیٹس کا اختتام بھی مندی میں ہوا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے تمام درآمدی ممالک متاثر ہوں گے، پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ 2 روز قبل دمام کے قریب سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی 2 فیکٹریز پر ڈرون حملے کیے گئے تھے، آئل ریفائنریز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی، حملے کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کر لی تھی۔

  • سعودی خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی

    سعودی خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی

    ریاض: سعودی عرب میں حکومت نے خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی، اس سے قبل سعودی خواتین کو بیرون ملک جانے، شادی کرنے، اپنا پاسپورٹ بنوانے یا اس کی تجدید کروانے کے لیے محرم کی اجازت درکار تھی۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکومت نے گارجین شپ (سرپرست) قانون میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے 21 سال سے زائد عمر کی خواتین کو بیرونِ ملک سفر کے لیے محرم کی موجودگی یا اس کی اجازت کو غیر ضروری قرار دے دیا۔

    رپورٹ کے مطابق 18 سال سے کم عمر خواتین بھائی، والد و دیگر رشتے دار کے ساتھ ہی بیرون ملک جانے کی مجاز ہوں گی جبکہ شناختی کارڈ کی حامل خواتین کو مردوں کی رضامندی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سرپرست قانون میں ترمیم کر کے اسے منظوری کے لیے فرمانروا کو بھیجا گیا تھا اور ان کی منظوری کے بعد گزشتہ روز سے یہ قانون نافذ کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے امریکا میں تعینات سعودی سفیر ریما بنت بندر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ ریما سعودی عرب کی جانب سے مقرر کی جانے والی پہلی خاتون سفیر ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب وژن 2030 کے تحت روشن خیالی کی طرف تیزی سے گامزن ہے، اس ضمن میں گزشتہ برس نہ صرف خواتین کو گاڑیاں ڈرائیو کرنے کی اجازت دی گئی بلکہ انہیں اب اسٹیڈیم میں بغیر محرم کے فٹبال میچ دیکھنے کی بھی اجازت ہے اور مختلف شعبوں میں ملازمتیں بھی دی جارہی ہیں۔

  • سعودی عرب میں دنیا کا سب سے بڑا کاربن سے پاک نظام وضع

    سعودی عرب میں دنیا کا سب سے بڑا کاربن سے پاک نظام وضع

    ریاض: دنیا کے لیے ماحول دوست اور پائیدار ترقی کی کوششوں میں سعودی عرب بھی اپنا حصہ شامل کرنے جارہا ہے، سعودی عرب میں دنیا کا سب سے بڑا کاربن سے پاک اور قابل تجدید توانائی کا مرکز قائم کرنے پر کام جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی شہر نیوم میں دنیا کا سب سے بڑا کاربن فری نظام وضع کیا جا رہا ہے، یہ دنیا میں قابل تجدید توانائی کا سب سے بڑا مرکز ہوگا۔

    منصوبے میں توانائی کے شعبے کے سربراہ پیٹر ٹیریم کا کہنا ہے کہ سعودی عرب تاریخ میں شمسی اور ہوا سے پیدا ہونے والی توانائی کا سب سے بڑا نیلام کنندہ بننے والا ہے۔ نیوم میں سائنسی محققین فوٹو وولٹیک کے پینلز کی تیاری پر کام کر رہے ہیں۔

    یہ پینل شمسی توانائی کو جذب کر کے اس سے بجلی پیدا کریں گے۔ اس کے علاوہ ہوا سے چلنے والی چکیاں (ونڈ ملز) بھی تیار کی جارہی ہیں جن سے قابل تجدید توانائی پیدا ہوگی۔

    پیٹر ٹیریم نے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ایک نئی ایجاد کے بارے میں بھی بتایا جو نیوم میں پہلی مرتبہ بروئے کار لائی جا رہی ہے۔ اس جدید شہر میں محققین گرین مالی کیولز نامی ایک نئی ٹیکنالوجی متعارف کروا رہے ہیں۔

    اس کے استعمال کے ذریعے پانی کو آکسیجن اور ہائیڈروجن میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ اس سے پیدا ہونے والا ایندھن مکمل طور پر پائیدار ہوگا اور اس سے کاربن یا دوسری ضرر رساں گیسوں کا بالکل بھی اخراج نہیں ہوگا۔ اس طرح یہ ٹیکنالوجی کاربن فری ایندھن کا اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔

    پیٹر کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے نیوم کو دستیاب بہترین دماغوں اور قائدانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کو بھرتی کرنے کی ضرورت ہے۔ ’انہیں راغب کیا جائے کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ کام کریں‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نیوم دنیا میں پہلا بڑا شہر ہوگا جہاں کاربن فری نظام پر اتنے بڑے پیمانے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس لیے محققین کے پاس یہ موقع بھی ہوگا کہ وہ اس نظام سے متعلق قواعد وضوابط وضع کریں اور مارکیٹ کا ڈیزائن تخلیق کریں تاکہ ہر قسم کی آلودگی سے پاک ہائیڈروجن کی پیداوار کاروباری پیمانے پر شروع کی جا سکے۔

  • حوثیوں کا سعودی ایئرپورٹ ابھا پر حملہ، ۹ افراد زخمی

    حوثیوں کا سعودی ایئرپورٹ ابھا پر حملہ، ۹ افراد زخمی

    صنعاء: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کےابھا ایئرپورٹ پرایک بار پھر حملہ کیا ہے۔ باغیوں کی جانب سے کے گئے حملے میں اب تک افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایاکہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 8 سعودی جبکہ ایک بھارتی شہری شامل ہے۔ سعودی حکام تاحال یہ پتا نہیں لگا سکے ہیں کہ آیا یہ میزائل داغے گئے ہیں ، یا ڈرون حملہ ہے۔

    اس حوالے سے سعودی حکام کی جانب سے ابھی کوئی واضح اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے ، خیال کیا جارہا ہے کہ حوثیوں نے اس حملے میں ڈرونز کا استعمال کیا ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ یہ حملہ رات گئے کیا گیا تھا۔زخمی ہونے والے تما م افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا ہے۔

    گزشتہ مہینے بھی حوثی قبائل کی جانب سے سعودی عرب کےابھا ایئرپورٹ پر کیے گئے ایک میزائل حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔

    گزشتہ روز بھی حوثی باغیوں نے سعودی حدود میں دو ڈرون طیارے بھیجے تھے ، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے سعودی اتحادی افواج نے ڈرون فضا میں ہی تباہ کردیے تھے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے ڈرون کے ذریعے سعودی شہر عسیر اور جازان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ حوثی باغی مسلسل سعودی عرب کے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی قبائل میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر یمن سے سعودی عرب پر حملے تیز کردیے ہیں۔ حوثی قبائل ایک ترجمان نے غیر ملکی خبررساں ادارےسے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جانب سے ایک بڑا آپریشن جاری ہے جس میں سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

  • سعودی وزارت سول سروس میں پہلی مرتبہ خاتون تعینات

    سعودی وزارت سول سروس میں پہلی مرتبہ خاتون تعینات

    ریاض: سعودی عرب کے وزیر برائے سول سروسز سلیمان الحمدان نے ہند بنت خالد الزاہد کو سیکریٹری کے عہدے پر تعینات کردیا۔ وہ اس عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی سعودی خاتون ہیں۔

    سعودی حکومت کی خواتین کو خود مختار بنانے کی پالیسی کے تحت ایک اور اہم عہدے پر پہلی بار خاتون کو تعینات کردیا گیا۔ وزارت سول سروسز میں پہلی بار تعینات کی جانے والی ہند الزاہد نے بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور وہ انتظامی امور میں 18 سال کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

    وہ اس سے قبل وزارت لیبر و سماجی بہبود اور سعودی عرب کی آئل کمپنی ارامکو میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

    ہند بنت خالد نے دمام کی عبد الرحمان بن فیصل یونیورسٹی میں متعدد کمیٹیوں میں مشیر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں اور دمام فضائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔

    سول سروسز کی وزارت میں خاتون کی سیکریٹری کے عہدے پر تعیناتی کا تمام حکومتی اداروں کی طرف سے خیر مقدم کیا گیا ہے اور اسے وزارت کے پروگرام کے اہداف کو بہتر بنانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

    گزشتہ ماہ امریکا میں سعودی سفیر کے عہدے پر بھی پہلی بار ایک خاتون ریما بنت بندر بن سلطان کو تعینات کیا گیا تھا۔ شہزادی ریما بنت بندر سعودی عرب میں ماس پارٹی سپیشن فیڈریشن کی صدر اور ڈیولپمنٹ پلاننگ اسپورٹس اتھارٹی میں بطور نائب اپنی خدمات انجام دے رہی تھیں۔

    ریما بنت بندر کے والد بندر بن سلطان بھی سنہ 1983 سے 2005 تک امریکا میں سعودی سفیر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وژن 2030 کے تحت سعودی خواتین کو ڈرائیونگ اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں آگے لانے کے لیے کوشاں ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ملکی امور میں مرد و خواتین کی یکساں شرکت ہی ملک کی ترقی کا باعث بنے گی۔

  • وہ قبیلہ جہاں مرد پھولوں کے تاج پہنتے ہیں

    وہ قبیلہ جہاں مرد پھولوں کے تاج پہنتے ہیں

    دنیا بھر میں خواتین پھولوں کے زیور پہننا پسند کرتی ہیں اور پھول پہننا بعض قبائل کی روایت بھی ہے، ایسے ہی قبائل سعودی عرب میں بھی ہیں جہاں مرد پھولوں کے تاج پہنتے ہیں۔

    یمن کی سرحد کے نزدیک سعودی عرب کے صوبوں جازان اور عسیر میں رہنے والے یہ قبائل سر پر روایتی رومالوں کے بجائے پھولوں کے تاج پہنتے ہیں جو ان قبائل کی قدیم روایت ہے۔

    صبح صبح تازہ پھولوں سے بنے ہوئے تاج اور ہار مقامی بازاروں میں آجاتے ہیں جس کے بعد ہر عمر کے لوگوں کی بڑی تعداد انہیں خرید کر اپنے جسم کی زینت بناتی ہے۔

    لوگ بنے بنائے پھولوں کے تاج خریدتے ہیں جبکہ کچھ افراد اپنی پسند کے پھولوں کے تاج بنوا کر پہننا پسند کرتے ہیں۔

    یہ تاج لوگوں کے کپڑوں سے مماثل ہوتے ہیں، کچھ افراد مہندی سے رنگی اپنی داڑھی کے رنگ جیسا تاج بھی پہتے ہیں۔ بچے اور بزرگ سب ہی یہ تاج پہنتے ہیں۔

    ان تاجوں میں جڑی بوٹیاں بھی شامل ہوتی ہیں جو طبی لحاظ سے فائدہ مند ہیں، ان جڑی بوٹیوں کا تاج بنا کر پہننا سر درد سے نجات دلا سکتا ہے۔

    یہ قبائل پہاڑوں میں پتھروں سے بنے گھروں میں رہتے ہیں، یہاں کی خواتین اپنے گھر کی دیواروں پر نہایت خوبصورت نقش و نگار تخلیق کرتی ہیں جسے یونیسکو کی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے۔

    یہ قبیلہ سرحد کے دوسری طرف یمن میں بھی رہتا ہے اور اس کے افراد دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ سے بے حد ناخوش ہیں۔

    ایک عام تصور ہے کہ سعودی عرب ایک صحرائی علاقہ ہے لہٰذا یہاں پھول نہیں اگتے، تاہم اس کے برعکس اس خطے میں مختلف پھولوں اور پودوں کی 2 ہزار اقسام پائی جاتی ہیں۔

    پھولوں سے بنے تاج پہننے کی یہ روایت ان قبائل نے آج بھی نہایت فخریہ طور پر اپنائی ہوئی ہے، یہ تاج یہاں آنے والے سیاحوں اور مہمانوں کو بھی بطور تکریم پہنایا جاتا ہے۔

  • وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد کل سپریم کو آرڈی نیشن کونسل کی صدارت کریں گے

    وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد کل سپریم کو آرڈی نیشن کونسل کی صدارت کریں گے

    اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے سپریم کو آرڈی نیشن کونسل کا اجلاس کل ہوگا، وزیرِ اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے متعلق انتہائی اہم معلومات اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد نے کونسل اجلاس ہر سال منعقد کرانے کا فیصلہ کر لیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعاون کے لیے اہم ترین پلرز قائم کر لیے گئے۔

    سپریم کونسل دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور معاشی ترقی کے اہداف طے کرے گی، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے لیے 3 پلرز قائم کیے گیے ہیں۔

    پاک سعودی رابطوں کے بعد تینوں پلرز کی اسٹیرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں، پہلا پلر پولیٹیکل اور سیکورٹی کا ہے، سعودی عرب کی جانب سے خارجہ، دفاع ، داخلہ کی وزارتیں سیکورٹی پلر میں شامل ہیں، سعودی ہوم لینڈ سیکورٹی اور جنرل انٹیلی جنس کے حکام بھی اس میں شامل ہیں۔

    پاکستان کی جانب سے خارجہ، دفاع اور داخلہ کے وزرا نمائندگی کریں گے، آئی ایس آئی بھی سیکورٹی پلر میں شامل ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی آرٹسٹ کا سعودی ولی عہد کے لیے تحفہ

    پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوسرا پلر معیشت کا ہوگا، دونوں ممالک سرمایہ کاری، تجارت اور دفاعی پیداوار بڑھانے پر کام کریں گے، سعودی عرب کی جانب سے 9 وزارتیں اور خزانہ، منصوبہ بندی، سرمایہ کاری، توانائی، صنعت، معدنیات، کمیونی کیشن، ٹرانسپورٹ اور کامرس کے وزیر اقتصادی پلر کا حصہ ہیں، سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ بھی اس میں شامل ہیں۔

    [bs-quote quote=”پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوسرا پلر معیشت کا ہوگا، دونوں ممالک سرمایہ کاری، تجارت اور دفاعی پیداوار بڑھانے پر کام کریں گے۔” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پاکستان کی جانب سے 11 وفاقی وزار پر مشتمل اقتصادی پلر تشکیل دے دیا گیا ہے جن میں خزانہ، منصوبہ بندی، کامرس، پیٹرولیم، توانائی، بحری امور اور مواصلات کے وزرا شامل ہیں جب کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ، آئی ٹی، بحری امور اور آئی پی سی کی وزارتیں اس کا حصہ ہیں۔

    پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تیسرا پلر سماجی اور ثقافتی ترقی کا ہوگا، سعودی عرب کی جانب سے ثقافت، تعلیم اور مذہبی امور کے وزرا شریک ہوں گے، حج و عمرہ سمیت لیبر کے وزرا بھی ثقافتی پلر میں شامل، پاکستان کی جانب سے اطلاعات، تعلیم، مذہبی امور اور اوررسیز پاکستانیوں کے وزرا شامل ہوں گے۔

    دریں اثنا، وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد نے کونسل اجلاس ہر سال منعقد کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، کونسل کے اجلاس باری باری دونوں ممالک میں ہوں گے، کونسل کا جنرل سیکرٹیریٹ دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ میں تشکیل دے دیا گیا۔

    کونسل کے زیرِ نگرانی قائم اسٹیرنگ کمیٹیوں کا اجلاس ہر 6 ماہ بعد ہوگا، اسٹیرنگ کمیٹیوں کی معاونت کے لیے دونوں ممالک میں ورکنگ گروپس بھی تشکیل دے دیے گئے ہیں، ورکنگ گروپس کی قیادت نائب وزیرِ خارجہ یا مساوی عہدہ رکھنے والا کرے گا۔

  • سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے: سعودی سفیر

    سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے: سعودی سفیر

    اسلام آباد: سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔

    ذرائع کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی وزارتِ خارجہ آمد ہوئی، دفترِ خارجہ میں انھوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی ہے۔

    [bs-quote quote=”شہزادہ محمد بن سلمان پاکستانی قوم سے خطاب بھی کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان پر گفتگو کی گئی۔

    سفیر نواف بن سعید نے کہا کہ سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، شہزادہ محمد بن سلمان پاکستانی قوم سے خطاب بھی کریں گے۔

    سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے متعلق سیکورٹی انتظامات جاری ہیں۔

    ولی عہد کا دورہ پاکستان 2 روزہ ہوگا، وہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے دو روزہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے، اور پاکستان کے بعد ملائشیا بھی جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کے موقع پر پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان بھی متوقع ہے، توقع ہے کہ 14 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی پیش کش کی ہے، دوست خلیجی ممالک 30 ارب ڈالر کے قرضے اور سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

  • سعودی عرب میں بارشوں اورمٹی کے طوفان نے تباہی مچادی

    سعودی عرب میں بارشوں اورمٹی کے طوفان نے تباہی مچادی

    جدہ: طوفانی بارشوں اور ریت کے طوفانوں نے سعودی عرب میں ایمرجنسی کی صورتحال پیدا کردی ہے، کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت ہے ، اسکول بند اور حدِنگاہ انتہائی کام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شمالی  اور مغربی علاقے گزشتہ دو روز سے موسلا دھار بارشوں کی زد پر ہیں جبکہ ملک کے کئی علاقوں میں گرد کے طوفان عوام کے لیے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق تبوک، الجوف اورعرار میں سیلاب کے سبب اسکول بند کردیے گئے ہیں، ریاض میں  بھی حد نگاہ انتہائی کم ہے۔

    سعودی محکمہ سول ڈیفنس کے ترجمان  محمد الحمادی کا کہنا ہے کہ ریاض، مکہ ، شمالی سرحدی علاقے، ہیل ، تبوک ، قاسم، مدینہ اور  مشرقی صوبے عصیر، جازان اور اور الجوف میں موسم کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے شہریوں کو تنبیہہ کی ہے کہ  اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جان خطرے میں مت ڈالیں اور دیہاتوں اور خطرناک علاقوں کا رخ ہر گز نہ کریں۔

    شاہ عبداللہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے وہ فلائٹ کے لیے گھر سے نکلتے وقت ممکنہ تاخیر اور منسوخی کی بابت پہلے سے معلوم کرلیں۔

    سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ  اب تک تبوک اورالجوف میں 65 افراد کو ہنگامی صورتحال میں بچایا جاچکا ہے جبکہ دوبا میں 37 افراد کو ہنگامی امداد فراہم کی گئی ہے۔ عوام کو ڈرائیونگ کے دوران حد درجہ محتاط رہنے کی ہدایت کیا جارہی ہے۔

    سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی موسلا دھار بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ مکہ میں 37 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جدہ میں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔