Tag: سعودی عرب کی خبریں

  • مسجد الحرام میں غسلِ کعبہ کی روح پَرور تقریب

    مسجد الحرام میں غسلِ کعبہ کی روح پَرور تقریب

    مکہ مکرمہ : کائنات کے مقدس ترین مقام بیت اللہ شریف میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا، گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز  نے خانہ کعبہ کو غسل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غسلِ کعبہ کی روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا، گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز شاہ سلمان نے خانہ کعبہ کو غسل دیا۔

    خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو عرق گلاب سمیت عطر سے غسل دیا گیا جب کہ فرش کو آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں سے صاف کیا گیا۔

    تقریب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سرابرہ شیخ عبدالرحمان السُدیس، مسلم ممالک کی سفارتی شخصیات کے علاوہ شاہی خاندان کے افراد اور مشائخ عظام بھی شریک ہوئے۔

    خانہ کعبہ کو غسل دینے سے قبل گورنر خانہ کعبہ کا طواف کیا اور حجر اسود کو بوسہ دیا، اس کے بعد انہیں خانہ کعبہ کی چابی پیش کی گئی، خانہ کعبہ میں داخل ہوکر شہزادہ خالد الفیصل دورکعت نوافل ادا کی ۔

    خیال رہے خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے، پہلی مرتبہ پندرہ شعبان اور دوسری مرتبہ وسط محرم میں غسل دیا جاتا ہے جبکہ نو ذوالحج کو خانہ کعبہ پر نیا غلاف چڑھایا جاتا ہے۔

    گذشتہ روز حج کے موقع پر خانہ کعبہ کے زیریں حصے سے اوپر اٹھائے گئے غلاف کعبہ کو نیچے تک لٹکا کر خانہ کعبہ کو مکمل طورپر ڈھانپ دیا گیا تھا۔

    یاد رہے 20 اگست کو حرم شریف میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب میں پُرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کیا گیا تھا۔

    غلاف کعبہ خالص ریشم سے تیار کیا گیا، جس میں 670 کلو ریشم استعمال ہوا ہے اور اس کی تیاری میں 20 لاکھ ریال لاگت آئی، نئے غلاف کو حرم میں لانے کے اہتمام میں کسوہ فیکٹری کے اہلکار پیش پیش تھے۔

    نئے غلافِ کعبہ کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100 چاندی استعمال ہوا تھا اور اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات

    وزیرِ اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات

    ریاض: وزیرِ اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی، وزیرِ اعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    سعودی فرماں رواں شاہ سلمان سے ملاقات کے موقع پر  مشیرِ تجارت عبد الرزاق داؤد، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسدعمر اور چوہدری فواد بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی، خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان گزشتہ روز سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر گئے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير توانائی کی ملاقات


     وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ رات مکہ مکرمہ میں عمرہ  بھی ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر ان کے لیے خصوصی طور پر خانۂ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیے اور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزيرِ تونائی خالد الفالح کی بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک میں تجارتی رابطے مزید بہتر کرنے پر غور کیا گیا۔

  • سعودی عرب سے ایک لاکھ سال قدیم آثاردریافت

    سعودی عرب سے ایک لاکھ سال قدیم آثاردریافت

    ریاض: سعودی محکمہ آثارِ قدیمہ نے ریاض کے نزدیک پتھر کے دور سے تعلق رکھنے والے آثار دریافت کیے جارہے ہیں ، کہا جارہا ہے کہ یہ آثار ایک لاکھ سال قدیم ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ کے زیرِ اہتمام سعودی عرب اور فرانس کے مشترکہ تحقیقاتی مشن نے ریاض کے جنوب میں واقع پہاڑی سلسلے میں یہ آثار دریافت کیے ہیں۔

    کہا جارہا ہے کہ یہ دریافت الخرج نامی پہاڑی سلسلے میں واقعے قصبے الشدیدہ میں ہوئی ہیں اور یہ پہلی بار ہے کہ اس علاقے سے پتھر کے دور کی کوئی سائٹ دریافت ہوئی ہے، اس سے قبل یہاں بالائی حجری (پتھر )دور کے آثار دریافت ہوتے رہے ہیں ۔

    یاد رہے کہ حجری دور بیس لاکھ سال قبل شروع ہوکر دس ہزار سال قبل تک جاری رہا تھا جبکہ بالائی حجری دور 40 ہزار سال قبل شروع ہوا تھا۔ تحقیقاتی مشن میں سعودی عرب اور فرانس سے تعلق رکھنے والے 18 افراد شامل تھے جن میں سائنس داں اور آثار قدیمہ کی کھدائی کے ماہرین شامل ہیں۔

    یاد رہےکہ یہ دریافت سعودی عرب اور فرانس کے درمیان سنہ 2011 میں ہونے والے معاہدے کے تحت کی جانے والی کھدائی کے نتیجے میں کی گئی ہے، سعودے شہزادے سلطان بن سلمان جو کہ سیاحتی کمیشن کے سربراہ ہیں ، انہوں نے اس دریافت کو بے پناہ سراہا ہے۔

  • سعودی عرب:‌ شراب فروخت کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب:‌ شراب فروخت کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں تعینات اسپیشل ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے شراب فروخت کرنے والے غیر ملکی شخص کو گرفتار کرلیا۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی اسپیشل ٹاسک فورس نے خفیہ اطلاع ملنے پر شہر مکہ کی مرکزی شاہراہ پر ایک خفیہ گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔

    اہلکاروں نے گاڑی کی تلاشی لی تو اُس میں منرل واٹر کی بوتلیں تھیں جنہیں چیک گیا تو اُس میں شراب بھری ہوئی تھی، ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے 132 شراب کی بوتلیں برآمد کر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    حکام کے مطابق ملزم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکا دینے کے لیے شراب کو پانی کی بوتلوں میں پیک کیا ہوا تھا جس میں وہ ناکام رہا اور ڈیوٹی پر تعینات مستعدد اہلکاروں نے تجربہ کاری کی بنیاد پر اُس کی کوشش کو ناکام بنایا۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا، حکام کے مطابق ملزم کا تعلق سوڈان سے ہے، تفتیش میں مزید اہم باتیں سامنے آنے کا امکان ہے کہ اس کے ساتھ مزید کتنے افراد اسمگلنگ کا کام کرتے ہیں۔

  • سعودی عرب: بچوں کو تعلیم سے روکنے والے والدین کو وارننگ جاری

    سعودی عرب: بچوں کو تعلیم سے روکنے والے والدین کو وارننگ جاری

    ریاض : سعودی عرب کے جنرل پراسیکیوشن نے وارننگ جاری کی ہے کہ بچوں کو تعلیم کے حصول سے روکنے یا تعلیم کے لیے مناسب ماحول فراہم نہ کرنے والے والدین کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے حکام کی جانب سے ریاست میں بسنے والے تمام شہریوں کو متبنہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے حصول کےلیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں اگر بچوں کو علم حاصل کرنے سے روکا گیا تو والدین سزا کے مرتکب قرار پائیں گے۔

    سعودی عرب کے جنرل پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو والدین اپنے بچوں کی تعلیمی راہ میں حائل ہوں گے انہیں علم حاصل کرنے سے روکنے پر چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی شق نمبر 4 کے تحت سزائیں دی جائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل پراسیکیوشن نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ تمام والدین کی قانوناً یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے بہتر ماحول اور حالات پیدا کریں۔

    سعودی جنرل پراسیکیوشن نے کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کی تعلیم منقطع کرنا ان کو تکلیف دینے کے مترادف ہے جو عدم توجہی کی صورت میں ہوتا ہے، جو ریاستی قوانین کی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔

    سعودی عرب کے وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ پرائمری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی 30 فیصد سے زائد چھٹیوں کی صورت میں بھی والدین سے باز پرش کی جائے گی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

  • کینیڈا میں مقیم سعودی طلبہ اپنا سامان بیچنے لگے

    کینیڈا میں مقیم سعودی طلبہ اپنا سامان بیچنے لگے

    سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تعلقات سرد ترین سطح پر ہیں جس کے سبب کینیڈا میں مقیم ہزاروں سعودی طلبہ اپنا سامان اونے پونے بیچ کر وطن واپس جانے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے ساتھ بڑھتی ہوئی سفارتی کشید گی کے سبب سعودی عرب نے کینیڈا میں مقیم اپنے آٹھ ہزار طالب علموں کو واپس بلالیا ہے، طالب علموں کو 31 اگست تک کینیڈا چھوڑنا ہے جس کے سبب وہ اپنا سامان اونے پونے بیچنے پر مجبور ہیں۔

    اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر وطن واپس جانے والے یہ طلبہ جلدی میں اپنی گاڑیاں اور فرنیچر سمیت دیگر ناقابل انتقال اشیاء آن لائن اور گیراج سیل کے ذریعے انتہائی کم داموں فروخت کررہے ہیں۔

    سعودی حکومت نے سات اگست کو اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے ان تمام طالب علموں کو واپس بلالے گا جو کہ کینیڈا کی حکومت کی جانب سے دی جانے والی گرانٹ یا اسکالر شپ پر وہاں زیرِ تعلیم ہیں۔

    سعودی طالب علموں کی مشکلات دیکھ کر کینیڈا کے علاقے ہالی فیکس میں واقع امہ مسجد اور کمیونٹی سنٹر کے امام عبداللہ یسری نے طالب علموں کی مشکلات دیکھ کر مسجد میں سیل کا اہتمام کیا ، یہ سیل 12 اور 17 اگست کو لگائی گئی، جس کا مقصد سعودی عرب واپس جانے والے طلبہ کو ا ن کی اشیا کےفروخت میں آسانی فراہم کرنا تھا۔

    پہلی گیراج سیل کچھ اس طرح دکھائی دے رہی تھی

    پہلی گیراج سیل اس قدر کامیاب رہی کہ مسجد نے گاڑیوں کے لیے الگ سے ایک سیل کا انعقاد کیا ، گاڑیوں میں زیادہ تر مہنگے برانڈز کی گاڑیاں شامل تھیں۔طالب علم اپنی قیمتی اشیا سے دست برداری پر افسردہ تھے۔

    ایک طالب علم نے اپنی اسی سال خریدی گئی نسان روگ ایس کا اشتہار فیس بک پر ڈالا جس کا عنوان تھا کہ ’’ میں ایک بدقسمت سعودی طالب علم ہوں جسے دونوں ممالک کے جھگڑے کے سبب مجبوراً کینیڈا چھوڑنا پڑرہا ہے۔‘‘

  • سعودی کینیڈا تنازعہ: پاکستان کا سعودی عرب کی حمایت کا اعلان

    سعودی کینیڈا تنازعہ: پاکستان کا سعودی عرب کی حمایت کا اعلان

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان جاری سفارتی تنازعے پر تشویش ہے اور وہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سعودی کینیڈا تنازعے میں اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے مغربی دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ مملکتِ سعودی عربیہ کے مفاد کے ساتھ کھڑا ہے۔

    دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ’پاکستان کو سعودی عرب اور کینیڈا تنازعے پر تشویش ہے، موجودہ صورتِ حال میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے۔‘

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ممالک کی خود مختاری اور عدم مداخلت پر یقین رکھتا ہے، یہ دونوں اصول اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہیں۔

    کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے: سعودی عرب

    ترجمان نے واضح کیا کہ اصولوں کی بنیاد پر پاکستان سعودی عرب کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔ مزید کہا کہ ہم او آئی سی کے بیان کی حمایت کرتے ہیں۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں نمایاں مقام رکھتا ہے، کسی ملک کو اس کے داخلی معاملات میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے۔

    کینیڈا کا سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار

    دوسری طرف آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ عادل بن احمد الجبير کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں ثالثی کی کوئی گنجائش نہیں، ایک غلطی کی گئی جسے سدھارنا ہوگا۔

  • سعودی عرب : شوہر سے پیسے مانگنے کے لیے ماں کا کم سن بچیوں پر تشدد

    سعودی عرب : شوہر سے پیسے مانگنے کے لیے ماں کا کم سن بچیوں پر تشدد

    ریاض : سعودی حکام نے پیسوں کی خاطر اپنی بیٹیوں پر تشدد کرنے والی افریقی خاتون کے چنگل سے کم سن بچیوں کو آزاد کروا لیا، تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی والدہ کی جانب سے پیسوں کی خاطر کم سن بچیوں پر تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سعودی عرب کی وزارت مزدور و سماجی ترقی نے کارروائی کرتے ہوئے جڑواں بچیوں کو ظالم ماں کے چنگل سے آزاد کروالیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں افریقی خاتون کو اپنی دو 9 سے 10 ماہ بچیوں پر تشدد کرتے اور اونچائی سے زمین پر گراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، بیچوں کے اونچائی سے زمین پر گرنے کے باعث فرش پر خون بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون اپنی بیٹی کا گلا دباتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ ’میں تمہیں جان سے مار دوں گی‘۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ کم سن بچیوں پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے سعودی عرب کی وزارت مزدور و سماجی ترقی کو ٹیگ کرکے ویڈیو کو ٹویٹر پر شیئر کیا اور بچیوں پر تشدد کرنے والی والدہ کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

    سعودی عرب کی وزارت مزدور و سماجی ترقی کے ترجمان کا کہنا تھا سعودی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے بچیوں کو والدہ سے آزاد کروالیا ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا تھا کہ افریقی خاتون نے یمنی شخص کے ساتھ شادی کی تھی لیکن کچھ مدت کے بعد دونوں علیحدہ ہوگئے تھے، تاہم خاتون نے شوہر کی جانب سے پیسے نہ دینے پر بچیوں پر تشدد کرنا شروع کردیا اور ان کی ویڈیو بناکر یمن میں موجود اپنے سسر کو بھیجنے لگی۔

    ترجمان وزارت مزدور و سماجی ترقی کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچیاں اسپتال میں زیر علاج ہیں، جنہیں مکمل صحت یاب ہونے کے بعد والد کے رشتہ داروں کے حوالے کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • سعودی ایوی ایشن میں پہلی بار خواتین ہوا بازوں کی تربیت

    سعودی ایوی ایشن میں پہلی بار خواتین ہوا بازوں کی تربیت

    دمام: سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد اب سعودی ایوی ایشن اکیڈمی میں پہلی مرتبہ سعودی خواتین پائلٹوں کو طیارے اُڑانے کی تربیت دی جائے گی۔

    عرب میڈیا کے مطابق آکسفورڈ ایوی ایشن اکیڈمی کی مشرقی شہر دمام میں واقع برانچ میں سیکڑوں خواتین نے ہوا بازی کی تربیت لینے کے لیے درخواستیں جمع کرادی ہیں، توقع کی جارہی ہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں تربیت دینے کا آغاز کردیا جائے گا۔

    ایک سول پائلٹ بننے کی خواہش مند خاتون کا کہنا ہے کہ پہلے لوگ بیرون ملک شہری ہوا بازی کی تربیت کے لیے جانے کے عادی ہوچکے تھے لیکن بیرون ملک خواتین کے لیے شہری ہوا بازی کی تربیت مردوں کی بہ نسبت بہت مشکل تھی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے دور میں نہیں رہ رہے ہیں جہاں خواتین کو صرف محدود شعبوں میں کام کرنے کی اجازت ہو، اب خواتین کے لیے تمام اُفق کھلے ہیں، اگر آپ میں کوئی کام کرنے کی لگن ہے تو پھر آپ اس کام کو بخوبی انجام دے سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ آکسفورڈ ایوی ایشن اکیڈمی 30 کروڑ ڈالرز کے ایک منصوبے کا حصہ ہے، اس میں طیاروں کی تربیت کے لیے ایک اسکول بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ہوائی اڈے پر طیاروں کو پرواز میں مدد دینے کے لیے ایک بین الاقوامی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔

    اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عثمان الموطیری کے مطابق ان کے یہاں طلبا کو تین سال کی تدریسی اور عملی تربیت دی جاتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی فورسز نے نجران پر حوثیوں کا ایک اور بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنادیا

    سعودی فورسز نے نجران پر حوثیوں کا ایک اور بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنادیا

    ریاض: سعودی فورسز نے جنوبی شہر نجران کی جانب یمن سے داغے گئے ایک اور بیلسٹک میزائل حملے کو ناکام بنادیا ہے۔

    سعودی عرب کے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز یمن سے حوثی ملیشیا نے یہ میزائل داغا تھا اور اس سے سرحدی شہر نجران کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے حوثی باغیوں کے 6 جون 2015 کے بعد سے داغے گئے 120 سے زیادہ بلیسٹک میزائلوں کو ناکارہ بنایا ہے۔

    حوثی باغی ستمبر 2014 میں یمن کی قانونی حکومت کے خلاف بغاوت برپا کرنے کے بعد سے سعودی عرب کے جنوب میں واقع سرحدی شہر نجران کی جانب لاتعداد راکٹ اور میزائل فائر کرچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل سعودی میں سیکیورٹی فورسز نے شاہی محل کے نزدیک ایک ڈرون کو بھی مار گرایا تھا، سعودی افسر کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت شاہ سلمان اپنے محل میں نہیں تھے بلکہ وہ دیریا میں واقعہ اپنے فارم میں موجود تھے۔

    یاد رہے کہ عرب میڈیا کا ایران پر الزام لگاتے ہوئے کہنا تھا کہ یمن میں ایران حوثی باٖغیوں کو سپورٹ کر رہا ہے اور انہیں میزائل بھی فراہم کرتا ہے، علاوہ ازیں ترجمان عرب اتحاد فوج ترکی المالکی نے بھی حملے کا برابر ذمہ دار ایران کو بھی ٹھہرایا تھا۔

    خیال رہے کہ ہفتوں قبل ترجمان عرب اتحاد ترکی المالکی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ حوثی باغی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سعودی عرب کی شہری آبادی کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن ہم ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔