Tag: سعودی محکمہ ٹریفک

  • سعودی عرب: محکمہ ٹریفک نے خبردار کردیا!

    سعودی عرب: محکمہ ٹریفک نے خبردار کردیا!

    سعودی محکمہ ٹریفک نے ٹرک ڈرائیورز کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’چھوٹے ٹرکوں پر مقررہ حد اور سائز سے زیادہ سامان لادنے پر 500 سے 900 ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ایکس اکاؤنٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’مقررہ حد اور سائز سے زیادہ سامان لادنے پر پابندی ٹریفک سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہے‘۔

    دوسری جانب کویت کے انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کے پک اپ سے متعلق خلاف ورزیوں پر پانچ افراد (3 غیر ملکی اور دو بدوؤں) کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ گرفتار تینوں غیر ملکیوں کو ملک سے ڈی پورٹ کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے اپنے جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کو انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے مسلسل شکایات سامنے آنے پر کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے تھے۔

    کارروائی کے دوران بدوؤں کی ملکیت والی گاڑی دو ماہ کے لیے ضبط کرلی گئی ہے جبکہ انہیں 48گھنٹے کے لیے احتیاطی حراستی مرکز میں رکھا جائے گا۔

    اطلاعات کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مسلسل سیکورٹی آپریشنز چوبیس گھنٹے جاری ہیں، ضابطوں کے نفاذ کے حوالے سے چوکس موقف کو برقرار رکھا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الصباح کی جانب سے ایک حکم جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ائیرپورٹ سے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے ذریعے مسافروں کو پک اپ کرنے والوں کو فوری طور پرڈی پورٹ کردیا جائے۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کی گاڑی کے مالکان کو خصوصی ہدایات

    سعودی محکمہ ٹریفک کی گاڑی کے مالکان کو خصوصی ہدایات

    سعودی محکمہ ٹریفک نے گاڑی کے ملکیتی کارڈ یعنی استمارے کی تجدید، اور گاڑی چوری کے بعد کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے وضاحتیں پیش کی ہیں۔

    ایک شخص نے دریافت کیا کہ مملکت میں گاڑی چوری ہو جائے تو کیا کریں؟ حکام کی جانب سے جواب دیا گیا کہ جرائم کے حوالے سے کسی بھی واقعے کی رپورٹ کروانے کے لیے علاقے کے تھانے جانا ہوتا ہے۔

    گاڑی چوری ہو جائے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ جس علاقے سے گاڑی چوری ہوئی ہو وہاں کے تھانے میں جا کر چوری کی رپورٹ درج کروائی جائے۔

    گاڑی چوری ہونے کی صورت میں رپورٹ کرنے میں تاخیر قطعی طور پر نہ کی جائے، بلکہ فوری طور پر قریبی ترین تھانے میں دستاویزی ثبوت جمع کروائے جائیں۔

    گاڑی کی چوری کی رپورٹ درج کروانے کے لیے گاڑی کے ملکیتی کارڈ کی کاپی بھی جمع کروائی جائے، اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ جس علاقے میں گاڑی چوری ہوئی ہو اسی علاقے کے تھانے میں رپورٹ کروائیں۔

    رپورٹ درج کروانے میں تاخیر نہ کی جائے، اگر ممکن ہو یعنی جیسے ہی گاڑی کی چوری کا علم ہو فوری طور پر ہنگامی نمبر 999 پر ابتدائی اطلاع بھی فراہم کردیں تاکہ ریکارڈ پر آجائے۔

    تھانے میں رپورٹ کروانے کے لیے وہی شخص جائے جس کے نام گاڑی ہو۔ اگر کوئی اور شخص گاڑی کی چوری کی رپورٹ کروائے تو اس کے پاس اتھارٹی لیٹر ہونا ضروری ہے جو گاڑی کے مالک کی جانب سے ڈیجیٹل طریقے سے ابشر کے ذریعے جاری کیا گیا ہو۔

    گاڑی فروخت کرنے کے لیے استمارہ تجدید کروانا ضروری ہے، جب تک استمارہ یعنی گاڑی کے ملکیتی کارڈ کی تجدید نہیں کروائی جاتی گاڑی کی فروخت ممکن نہیں ہوتی۔

    یہ بھی ضروری ہے کہ گاڑی کے استمارے کی تجدید کے لیے گاڑی کا فحص یعنی سالانہ فنی انسپکشن رپورٹ بھی حاصل کی جائے۔ فحص کے بغیر گاڑی کے استمارے کی تجدید نہیں کروائی جا سکتی۔

    خیال رہے کہ فحص سالانہ بنیاد پر کیا جاتا ہے جس میں گاڑی کا انجن اور اس کی مجموعی حالت دیکھ کر اسے پاس یا مسترد کیا جاتا ہے۔

    خراب گاڑی کا فحص اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک تمام فنی خرابیاں دور نہ کی جائیں، فحص کروانے کے بعد گاڑی کا استمارہ تجدید کیا جاتا ہے جس کے بعد گاڑی فروخت کی جا سکتی ہے۔

    سالانہ بنیادوں پر گاڑی کا فحص نہ کروانا بھی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے جس پر ٹریفک پولیس اہلکار گاڑی کے مالک کا چالان بھی کرسکتا ہے۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کی ٹریفک قوانین کے حوالے سے وضاحت

    سعودی محکمہ ٹریفک کی ٹریفک قوانین کے حوالے سے وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے ایک اور وضاحت جاری کی ہے، یہ وضاحت سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے بعد دی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے وضاحت کی ہے کہ ٹریفک قوانین میں ایسا کوئی ضابطہ نہیں جس کے تحت گاڑی میں پیٹرول کی ٹنکی ایک چوتھائی سے کم ہونے کو ٹریفک خلاف ورزی شمار کیا جائے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جو دعویٰ کیا جا رہا ہے وہ غلط ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک مقامی شہری کے استفسار پر محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ اطمینان کے لیے محکمہ ٹریفک کی ویب سائٹ پر جا کر خلاف ورزیوں کا چارٹ بھی دیکھا جا سکتا ہے جس میں اس طرح کی کسی خلاف ورزی کا ذکر نہیں۔

    مذکورہ شہری نے محکمہ ٹریفک سے رابطہ کر کے دریافت کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا ہے جس میں ایک شخص دعویٰ کر رہا ہے کہ وہ سیکیورٹی ادارے سے رابطہ کر کے پوچھ رہا ہے کہ کیا پیٹرول کی ٹنکی ایک چوتھائی سے کم خالی ہو تو یہ ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    ویڈیو کلپ میں مقامی شہری یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا رہا ہے کہ ٹریفک اہلکاروں نے اسے روک کر فیول ٹینک چیک کیا تھا جو ایک چوتھائی سے کم خالی پایا گیا، مجھ سے کہا گیا کہ یہ ٹریفک خلاف ورزی ہے، یہ بات درست ہے یا نہیں۔

    مذکورہ وائرل ویڈیو میں اس بات کی تصدیق نہیں ہو پا رہی کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص کسی سرکاری ادارے سے رابطے میں ہے یا نہیں تاہم وہ یہ تاثر دینے کی کوشش ضرور کر رہا ہے۔

  • سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    سعودی محکمہ ٹریفک کا شہریوں کے لیے سہولت کا اعلان

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس تاخیر سے وصول کرنے پر لگنے والا جرمانہ فی الحال معطل کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کے بعد ایک ہفتے کے اندر کارڈ وصول نہ کرنے پر مقررہ جرمانہ 100 ریال معطل کر دیا گیا ہے۔

    ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہری نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر محکمہ ٹریفک سے استفسار کیا تھا کہ میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروا چکا ہوں، مجھے ایک ایس ایم ایس موصول ہوا ہے جس میں لکھا ہے کہ اگر ڈرائیونگ لائسنس میں توسیع کی تاریخ سے سات روز کے اندر ڈرائیونگ لائسنس کارڈ وصول نہ کیا تو 100 ریال جرمانہ لگا دیا جائے گا۔

    شہری نے دریافت کیا کہ موجودہ حالات میں کس طرح اس جرمانے سے بچا جاسکتا ہے اور مجھے کیا کرنا ہوگا؟

    سعودی محکمہ ٹریفک نے شہری کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے اطمینان دلایا کہ ان دنوں یہ جرمانہ معطل کر دیا گیا ہے، شہری اب ڈرائیونگ لائسنس یا استمارہ ابشر کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک نے کہا کہ اگر ڈرائیور کا قومی پتہ ہو تو (واصل) ڈاک سروس کے ذریعے بھی نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔

  • پرانے ماڈل کی گاڑیوں پر سیٹ بیلٹ کا جرمانہ نہیں ہوگا

    پرانے ماڈل کی گاڑیوں پر سیٹ بیلٹ کا جرمانہ نہیں ہوگا

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ سیٹ بیلٹ خلاف ورزی کا اطلاق 1985 سے زیادہ پرانی گاڑیوں پر نہیں کیا جاتا۔

    سعودی ٹریفک پولیس کے مطابق سیٹ بیلٹ کا قانون ڈارئیوروں کی حفاظت کے لیے ہے جس کا مقصد کسی بھی تصادم کی صورت میں ڈرائیور اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ہوئے شخص کی حفاظت ہے۔

    سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ 150 ریال ہے لیکن وہی خلاف ورزی ایک ماہ کے دوران دوبارہ کی گئی تو اس صورت میں چالان کی رقم دگنییا 24 گھنٹے قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔

    سیٹ بیلٹ کا چالان صرف ڈرائیور پر ہی نہیں کیا جاتا بلکہ فرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والا اگر سیٹ بیلٹ استعمال نہیں کرتا تو اس کا چالان بھی گاڑی کے مالک کے نام سے کیا جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق 1985 یا اس سے پرانی ماڈل کی گاڑیوں میں جن میں سیٹ بیلٹ نہیں ہوتی تھی، ان پر چالان نہیں کیا جاتا، اگر ان گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر چالان ہوجائے تو انہیں ختم کروایا جا سکتا ہے۔

    سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیورز کو خبردار کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک نے مقامی اور غیرملکی ڈرائیورز کو خبردار کیا تھا کہ سڑک پر لین کے مطابق گاڑیاں چلائیں بصورت دیگر سخت جرمانہ ہوگا۔

  • سعودی عرب: 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں کون سی ہیں؟

    سعودی عرب: 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں کون سی ہیں؟

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے سڑکوں پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد لوگوں کو ٹریفک خلاف ورزیاں نہایت بھاری پڑیں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے اسمارٹ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسمارٹ کیمروں کی تنصیب کے بعد 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں مہنگی پڑیں گی۔

    ٹوئٹر پر جاری اپنے اعلامیے میں محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑنے کے لیے اسمارٹ کیمرے جلد استعمال کیے جائیں گے۔

    محکمے نے ٹریفک خلاف ورزیوں اور ان کے جرمانے کی فہرست ایک بار پھر جاری کی ہے جو کچھ یوں ہے۔

    ریڈ سگنل توڑنا بڑی خلاف ورزی ہے اس پر 3 ہزار سے لے کر 6 ہزار ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    ٹائر اسکریچنگ پر 20 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے، ٹائر اسکریچنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی 15 دن کے لیے ضبط کرلی جائے گی۔

    کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا قانوناً جرم ہے، اس پر 5 ہزار سے لے کر 10 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے، مذکورہ نمبر پلیٹ ہٹانے تک گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی۔

    حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر پہلی مرتبہ کم از کم جرمانہ 150 سے 300 ریال تک ہے۔ 30 روز کے اندر یہ خلاف ورزی دوبارہ کرنے پر جرمانے میں اضافہ ہوگا، یا گاڑی 24 گھنٹے کے لیے تحویل میں لے لی جائے گی یا دونوں سزائیں بیک وقت ہوں گی۔

    حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر صرف ڈرائیور ہی سے جرمانہ نہیں لیا جائے گا بلکہ اس کے برابر کی نشست پر بیٹھا شخص بھی حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ دے گا۔

    مقررہ رفتار سے فی گھنٹہ 10 تا 20 کلو میٹر زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا بھی خلاف ورزی ہے، اس کا جرمانہ 150 تا 300 ریال ہے۔

    فی گھنٹہ مقررہ رفتار سے 20 تا 30 کلو میٹر زیادہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر 300 تا 500 ریال جرمانہ متعین ہے۔

    مقررہ رفتار سے 30 تا 40 کلو میٹر فی گھنٹے زیادہ اسپیڈ سے گاڑی چلانا خلاف ورزی ہے اس کا جرمانہ 800 تا 1 ہزار ریال ہے۔

    مقررہ رفتار سے 40 کلو میٹر سے لے کر 50 کلو میٹر حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر 1200 تا 1500 ریال جرمانہ ہوگا۔

    مقررہ رفتار سے 50 کلو میٹر زیادہ اسپیڈ سے فی گھنٹہ گاڑی چلانے پر 1500 تا 2 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    سروس روڈ پر مخالف سمت میں گاڑی چلانا یا ڈرائیونگ کے لیے ممنوعہ مقامات پر گاڑی چلانا جرم ہے۔ اس پر 1 ہزا ر سے 2 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے۔

    رات کے وقت یا خراب موسمی حالات میں لائٹ کے بغیر گاڑی چلانا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اس پر 1 سے 2 ہزار ریال جرمانہ ہے۔

    ڈھلوانوں اور چڑھائی جیسے مقامات پر مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا جہاں اوور ٹیک پر پابندی ہو ٹریفک خلاف ورزی ہے اور اس کا جرمانہ 1 ہزار سے 2 ہزار ریال ہے۔

    ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال پر جرمانہ 500 تا 900 ریال تک کا ہے۔

    ایمرجنسی سروس گاڑیوں کا تعاقب ٹریفک خلاف ورزی ہے، اس پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔ یہ خلاف ورزی اس وقت شمار ہوگی جب ایمرجنسی گاڑی انتباہی الارم بجاتے ہوئے چل رہی ہو۔

    سگنل پر جہاں ٹھہرنا ضروری ہو اس کی پابندی نہ کرنے پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ سگنلز پر ایک بورڈ لگا ہوتا ہے جس پر عربی میں (قف) اور انگریزی میں اسٹاپ لکھا ہوتا ہے وہاں ٹھہرے بغیر مڑنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    ٹریفک اہلکار کے اشارے کی پابندی نہ کرنا اور سگنلز پر اس کے اشارے کو نظر انداز کردینے پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔

    شاہراہوں پر ماحول کو آلودہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اگر گاڑی سے دھواں نکل رہا ہو اور اس سے ماحول آلودہ ہورہا ہو تو اس پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہے۔