Tag: سعودی نائب وزیردفاع

  • سعودی نائب وزیردفاع کی یمنی رہنماؤں سے ملاقاتیں، جنگی صورتحال پر گفتگو

    سعودی نائب وزیردفاع کی یمنی رہنماؤں سے ملاقاتیں، جنگی صورتحال پر گفتگو

    ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے یمن کی جنوبی عبوری کونسل کی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور یمن کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جنوبی یمن کی عبوری کونسل کی قیادت سے ملاقات کی جس کی سربراہی عیدروس الزبیدی کر رہے تھے۔

    سعودی اخبار نے بتایا کہ اس موقع پر شہزادہ خالد نے سعودی عرب کی جانب سے بات چیت کی دعوت اور یمن میں اتحادی افواج کی جانب سے فائر بندی کا مطالبہ قبول کرنے پر جنوبی عبوری کونسل کے موقف کو گراں قدر قرار دیا۔

    سعودی نائب وزیر دفاع نے زور دیا کہ طاقت کے استعمال سے دور رہ کر اختلافات کو بات چیت سے حل کیا جائے، یمن کی حکومت اور عوام کی مرکزی دشمن حوثی ملیشیا کے خطرے سے نمٹنے کے لیے صفوں میں اتحاد پر کام کیا جائے اور یمن کو ولایت فقیہ کے حوالے کرنا کسی طور بھی قبول نہ کیا جائے۔

    عرب اتحاد نے صعدہ میں حوثیوں کا آپریشن کنٹرول روم تباہ کردیا،17جنگجو ہلاک

    شہزادہ خالد نے جنوبی یمن کے معاملے کو مکالمے کے ذریعے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ طاقت کے استعمال سے صرف ایرانی نظام اور یمن میں اس کے دست راس حوثیوں کو ہی فائدہ پہنچے گا۔

    دوسری جانب اتحادی فوج کی کتاف ڈاریکٹوریٹ میں متمرکزحوثی ملیشیا کے لیے بھیجی گئی کمک پربمباری کے نتیجے میں 21جنگجو مارے گئے۔

    خیال رہے کہ یمن میں آئینی حکومت کی عمل داری کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے شمالی گورنری صعدہ میں حوثی ملیشیا کا آپریشن کنٹرول روم بمباری سے تباہ کردیااور اس میں موجود تمام 17جنگجو ہلاک ہوگئے۔

  • پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کی سعودی نائب وزیردفاع سے ملاقات

    پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کی سعودی نائب وزیردفاع سے ملاقات

    ریاض : پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران آج وزارت دفاع کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ائیر چیف نے سعودی عرب کے نائب وزیرِ دفاع محمد بن عبداللہ العیش سے ملاقات کی۔ ائیر چیف نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام دیتے ہوئے سعودی قیادت کا پاکستان اور اُس کی دفاعی افواج کی اعانت پر شکریہ ادا کیا۔

    دونوں معزز شخصیات نے دفاعی اور سیکورٹی تعاون، علاقائی استحکام اور دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے درمیان بالخصوص تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقہ کار پر گفتگو کی۔

    مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کے سربراہ کی رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات

    قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ نے جنرل (اسٹاف )فیاد بن حامد بن رغاد الروالی چیف آف جنرل اسٹاف، سعودی عرب آرمڈ فورسز کے دفتر میں ان سے بھی ملاقات کی۔

    علاوہ ازیں گزشتہ روز پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے رائل سعودی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں کمانڈر رائل سعودی فضائیہ نے دونوں ممالک کے باہمی تعاون پر اظہارِ اطمینان کیا اور دونوں معزز شخصیات نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔