Tag: سعودی نوجوان

  • سعودی نوجوان نے جان پہ کھیل کر سیلاب میں پھنسنے والے خاندانوں کو بچا لیا

    سعودی نوجوان نے جان پہ کھیل کر سیلاب میں پھنسنے والے خاندانوں کو بچا لیا

    ریاض: سعودی عرب میں ایک نوجوان نے اپنی جان پر کھیل کر سیلاب میں پھنسنے والے 2 خاندانوں کو بچا لیا، پھنسنے والوں میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی تربہ کمشنری کی العلبہ تحصیل کے سعودی نوجوان ناجی بن ناصر البقمی نے 2 خاندانوں کے 8 افراد کو وادی تربہ کے سیلاب میں بہنے سے بچالیا۔

    دونوں خاندانوں کے افراد السد الجوفی ڈھلوان سے گزر رہے تھے جبکہ کچھ فاصلے پر واقع پہاڑی علاقے سے آنے والا سیلابی ریلا وادی تک پہنچ گیا تھا۔

    سعودی نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ مقامی باشندوں کے ساتھ وادی تربہ کے کنارے موجود تھے، اسی دوران دو گاڑیوں کو وادی سے گزرتے ہوئے دیکھا، اندازہ ہوگیا کہ مسافروں کا تعلق ہمارے علاقے سے نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں خطرے سے متنبہ کرنے کی کوشش کی اور وادی کو عبور کرنے سے منع کیا لیکن دوسرے کنارے پر ہونے کی وجہ سے انہوں نے بات نہیں سنی اور آگے بڑھ گئے۔

    ناجی بن ناصر البقمی نے بتایا کہ وادی میں دونوں خاندانوں کی گاڑیاں سیلاب میں پھنس گئیں، گاڑیوں میں موجود افراد مدد کے لیے پکارنے لگے۔ سیلاب کی صورتحال بے حد خطرناک تھی اور ان کی مدد کے لیے ہم کچھ بھی کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔

    سعودی نوجوان کا کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین کی آوازیں سن کر وہ خود پر قابو نہ رکھ سکے اور فوری طور پر گھر سے جو وہاں سے 8 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، بڑی گاڑی لے کر پہنچ گئے۔

    انہوں نے کہا کہ محصور خاندانوں کو سیلابی ریلے سے نکالنے کے لیے مقامی نوجوانوں نے بھی میری مدد کی اور ہم 8 افراد کو بچانے میں کامیاب رہے، ان میں 3 مرد، 3 خواتین اور 2 بچے تھے۔ بعد میں پتہ چلا کہ ایک 30 سالہ نوجوان بھی گاڑی الٹنے کی وجہ سے لاپتہ ہے۔ بعد ازاں اس کی لاش مل گئی۔

    ناجی بن ناصر البقمی کا کہنا تھا کہ العلبہ تحصیل میں شہری دفاع اور ہلال احمر کے سینٹر نہیں ہیں، بارش اور وادیوں میں سیلاب آنے پر لوگ پھنس جاتے ہیں۔

  • سعودی نوجوان نے آسٹریلیا میں معمر خاتون کی جان بچا لی

    سعودی نوجوان نے آسٹریلیا میں معمر خاتون کی جان بچا لی

    میلبورن: آسٹریلیا میں زیر تعلیم سعودی نوجوان ڈاکٹر نے ایک مقامی معمر خاتون کی مدد کر کے سب کے دل جیت لیے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نوجوان کنگ فہد میڈیکل سٹی ریاض کے اسکالر شپ پر میلبورن کے آسٹن اسپتال میں ہاؤس جاب کرتے ہیں، وہ ڈیوٹی کے بعد گھر جا رہے تھے کہ کار پارکنگ میں انہیں ایک معمر خاتون خون میں لت پت زمین پر پڑی دکھائی دیں، جو کسی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوئی تھیں۔

    عبدالالہ ندا العنزی نے یہ صورتحال دیکھ کر فوری طور پر خاتون کو ہوش میں لانے کی کوشش کی، خاتون کے ہمراہ ان کا نواسہ بھی تھا۔

    سعودی نوجوان نے انہیں تسلی دی اور پھر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سے رابطہ کیا، فوری طور پر اسپتال کی ایمرجنسی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا۔

    ایمرجنسی وارڈ میں داخل کروائے جانے کے بعد بھی سعودی نوجوان خاتون کی صحت کے حوالے سے متفکر رہے اور وہیں موجود رہے، العنزی خاتون کے نواسے کو بھی تسلی دیتے رہے جو بہت گھبرایا ہوا تھا اور مسلسل رو رہا تھا۔

    سعودی نوجوان کی بروقت مدد کی بدولت خاتون کی جان بچ گئی، آسٹن اسپتال کے منتظمین نے ہمدردانہ اقدام پر عبدالالہ العنزی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے قابل قدر مثال قائم کی ہے۔

    یاد رہے کہ سعود ی نوجوان نے آسٹریلیا کی ڈیکن یونیورسٹی سے حال ہی میں ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے۔

  • گرین کارڈ کے لیے جھوٹی شادی کرنے والے سعودی نوجوان کا انجام کیا ہوا؟

    گرین کارڈ کے لیے جھوٹی شادی کرنے والے سعودی نوجوان کا انجام کیا ہوا؟

    واشنگٹن: امریکا میں اسکالر شپ پر زیر تعلیم سعودی نوجوان کو گرین کارڈ کے لیے امریکی خاتون سے فرضی شادی کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی حکام کو موصول اطلاعات کے مطابق مذکورہ طالبعلم پر امریکی حکام نے جعلسازی اور دروغ بیانی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

    امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی طالب علم نے امریکی لڑکی سے فرضی شادی کے بعد گرین کارڈ کی درخواست دی تھی اور اس کے لیے جعلسازی اور دروغ بیانی سے کام لیا۔

    گرفتاری کے بعد سعودی طالب علم پر جعلسازی کے الزام میں فوجداری کا مقدمہ چلایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وزٹ ویزے یا تعلیمی ویزے کو گرین کارڈ میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مزکورہ غیر ملکی کسی امریکی خاتون سے شادی کر چکا ہو۔

    اس کے لیے امیدوار کا ٹیکس ریکارڈ دیکھا جاتا ہے، اس کا انٹرویو لیا جاتا ہے جبکہ اس کے سیکیورٹی ریکارڈ کی بھی چھان بین کی جاتی ہے۔

    امریکی حکام مذکورہ شخص کی سوشل میڈیا پر سرگرمیاں چیک کرتے ہیں، اس کا فوجداری ریکارڈ دیکھا جاتا ہے اور مالیاتی ریکارڈ بھی طلب کیا جاتا ہے۔

    درخواست گزار کی شادی کے بارے میں یہ اطمینان بھی حاصل کیا جاتا ہے کہ یہ فرضی نہیں بلکہ حقیقی شادی ہے۔

  • سعودی نوجوان کی پاکستانی نغمے پر شاندار پرفارمنس، ویڈیو دیکھیں

    سعودی نوجوان کی پاکستانی نغمے پر شاندار پرفارمنس، ویڈیو دیکھیں

    ریاض: سعودی نوجوان احمد سلطان نے قومی نغمے پر پرفارم کر کے ہزاروں پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق  سعودی عرب کے دارالحکومت میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں دو روز قبل میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے سماں باندھا۔

    پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پاک سعودی دوستی کے حوالے سے میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔ شاہ فہد کلچر سینٹر کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں بین الاقوامی شہرتِ یافتہ پاکستانی گلوکار کو مدعو کیا گیا تھا، راحت فتح علی خان نے تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب میں پرفارم کیا۔

    سعودی شہری احمد سلطان نے قومی نغمے ’ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار‘ پرفارم کر کے وہاں موجود ہزاروں شرکاء کے دل جیت لیے، نوجوان کی اردو بالکل صاف تھی اور کہی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ عربی زبان بولتا ہے۔

    ویڈیو دیکھیں

    کلاسیکل گلوکار نے استاد نصرت فتح علی خان کی قوالیاں اور عارفانہ کلام پیش کیا تھا جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے اس کے علاوہ راحت فتح علی خان نے اپنے دیگر گانوں پر بھی پرفارم کیا تھا۔

    ویڈیو دیکھیں: سعودی عرب میں میوزیکل نائٹ کا انعقاد، راحت فتح علی خان کی پرفارمنس

    تقریب میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی اس کے علاوہ اسلامی اتحاد کے سربراہ اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف بھی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں سعودی حکام اور پاکستانی سفیر سمیت دیگر ممالک کے سفیر بھی موجود تھے۔

    اطلاعات کے مطابق پاک فوج کے سابق سپہ سالار کی آمد پر حاضرین نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں خوب نعرے بھی لگائے تھے۔

    پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ پاکستانی میوزک دنیا بھر میں سنا جاتا ہے اور ہمیں فخر ہے کہ راحت فتح علی خان جیسے گلوکار ہمارے ملک کا ایسا سرمایہ ہیں جو دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر ررہے ہیں۔

  • سعودی نوجوان کی نئی ویڈیو، گرفتاری سے بچنے کا بھی انتظام کرلیا

    سعودی نوجوان کی نئی ویڈیو، گرفتاری سے بچنے کا بھی انتظام کرلیا

    ریاض: سوشل میڈیا سے مشہور ہونے والے سعودی شہری ابوسین جنہیں گزشتہ سال غیر اخلاقی ویڈیو چیٹ کے باعث گرفتار کیا گیا تھا، اُن کی نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ اُسی امریکی خاتون کرسٹینا سے ویڈیو چیٹ کررہے ہیں۔

    ابوسین کی نئی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر 28 دسمبر کو اپ لوڈ کی گئی جسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں، اس ویڈیو میں ابوسین ایک بار پھر اُسی امریکی خاتون کے ساتھ چیٹ کرتے نظر آرہے ہیں جس کے چکر میں وہ حوالات کا مزہ چک چکے ہیں۔

    اس ویڈیو میں ابوسین نے اپنی گرفتاری کی وجوہات بتائیں اور امریکی خاتون کرسٹینا کو مشورہ دیا کہ وہ چیٹ کے وقت سر پر دوپٹہ اڑ لے تاکہ اُسے کوئی گرفتار نہ کرسکے، سعودی نوجوان نے کہا کہ ’’آپ سر پر حجاب لے لیں گی تو مجھے کوئی گرفتار نہیں کرے گا اور نہ ہی یہ غیر اخلاقی چیٹ ہوگی‘‘۔

    ویڈیو دیکھنے کےلیے اسکرول نیچے کریں

    یاد رہے ابوسین کو سعودی حکام نے شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد گرفتار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ’’اس قسم کی غیر اخلاقی ویڈیوز قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس پر سزا بھی ہوسکتی ہے‘‘۔


    پڑھیں: ’’ غیر اخلاقی ویڈیو چیٹ پر سعودی نوجوان گرفتار ‘‘


    بعد ازاں سعودی حکام نے ابوسین کو رہا کیا تاہم اس دوران امریکی خاتون نے ابوسین کی کسی بھی قسم کی مدد کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ  وہ ویڈیو چیٹ کرتی ہیں اور ابوسین کی گرفتاری پر وہ کوئی مدد یا تعاون نہیں کرسکتیں۔

  • غیر اخلاقی ویڈیو چیٹ پر سعودی نوجوان گرفتار

    غیر اخلاقی ویڈیو چیٹ پر سعودی نوجوان گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت میں مقیم ابوسن نامی بچے کو امریکی خاتون بلاگر کرسٹینا کروکیٹ کے ساتھ غیر اخلاقی آن لائن ویڈیو چیٹ کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کچھ ماہ قبل سوشل میڈیا پر ایک آن لائن ویڈیو چیٹ منظر عام پر آئی جس میں 19 سالہ ابو سن نامی لڑکے کو امریکی بلاگر کے ساتھ گفتگو کرتے دکھایا گیا تھا، جس میں 21 سالہ امریکی خاتون اور سعودی نوجوان ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کررہے تھے۔

    سعودی لڑکے کی مزاحیہ ویڈیو چیٹ کے بعد صارفین کی بہت بڑی تعداد نے اُس سے گفتگو کی خواہش ظاہر کی، ابو سن کی مزاحیہ باتیں عرب دنیا کے عوام کو متاثر کرنے میں کامیاب رہیں۔ لائیو براڈکاسٹنگ کی ویب سائٹ پر ویڈیو چیٹ کرتے ہوئے صارفین کی بہت بڑی تعداد اس بات چیت کو سننے کے لیے جمع ہوجاتی تھی اور اس سے خوب لطف اندوز ہوتے تھے۔

    سعودی نوجوان کو روزانہ کی بنیاد پر امریکی لڑکیوں سےٹوٹی پھوٹی انگریزی میں بات کرتے ہوئے دیکھ کر سماجی رابطے کی ویب سائٹ استعمال کرنے والے صارفین بہت محظوظ ہوتے نظر آتے تھے تاہم اس کے مداحوں میں دن بہ دن اضافہ بھی دیکھنے میں آرہا تھا۔

    saudi-1

    ریاض کی مقامی پولیس نے سعودی نوجوان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ابو سن کی ویڈیوز نوجوانوں کے ذہن میں غلط اور منفی رجحانات پیدا کرنے کا سبب بن رہیں تھیں جس کی کئی افراد نے شکایات بھی درج کروائیں‘‘۔

    پولیس نے ابو سن کی گرفتاری کے حوالے سے مزید بتایا کہ ’’نوجوان کو اُس وقت گرفتار کیاگیا تھا جب وہ کویتی نوجوان کے ساتھ ویڈیو چیٹ میں مصروف تھا، ملزم کی گرفتار ی کے وقت اُس کے دو دوست اُس کے ہمراہ موجود تھے تاہم انہیں ابتدائی تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے‘‘۔