Tag: سعودی وزارت تعلیم

  • سعودی عرب: وزارت تعلیم کا اہم قدم

    سعودی عرب: وزارت تعلیم کا اہم قدم

    ریاض: سعودی عرب میں وزارت تعلیم کی ای گورنمنٹ سے ہم آہنگ نئی ویب سائٹ جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے وزارت تعلیم کی نئی ویب سائٹ لانچ کر دی، جو جدید سہولتوں سے آراستہ ہونے کے ساتھ وژن 2030 سے ہم آہنگ ہے۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ وزارت تعلیم میں جاری تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے ای گورنمنٹ کی طرف قدم بڑھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا نئی ویب سائٹ بالکل مختلف ہے جس میں ویب پروگرامنگ کی جدید سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

    وزارت تعلیم کی یہ نئی ویب سائٹ اقوام متحدہ کے تحت جاری ای گورنمنٹ کے پروگرام یسر کے مطابق ہے اور پروگرام کے تقاضوں کو پورا کر رہی ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ اس ویب سائٹ میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور سرمایہ کاروں کے علاوہ اسکالرز کی سہولت کے لیے متعدد آپشن موجود ہیں۔ تمام اسکولوں، تعلیمی اداروں اور ثقافتی سرگرمیوں کی معلومات کے علاوہ اس میں شکایات سیل اور تعلقات عامہ کی ٹیم سے رابطے کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔

  • سعودی حکومت کا غیر ملکی اساتذہ کے لیے اہم اعلان

    سعودی حکومت کا غیر ملکی اساتذہ کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے سفری پابندیوں کے باعث چھٹیوں کے بعد مملکت واپس نہ آنے والے غیر ملکی اساتذہ کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دے دی۔

    سعودی وزارت تعلیم نے کرونا کی وجہ سے سفری پابندیوں کے باعث چھٹیوں کے بعد مملکت واپس نہ آنے والے غیرملکی اساتذہ کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دی ہے جس کے بعد غیر ملکی اساتذہ آن لائن کلاسز لینے کے ساتھ اسکول کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مجاز ہوں گے۔

    نائب وزیر تعلیم عبدالرحمنٰ العاصمی نے نجی، انٹرنیشنل اور غیرملکی اسکولوں سے کہا ہے کہ وہ بیرون مملکت موجود اپنے اساتذہ کو آن لائن کلاسز اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے الیکٹرانک پلیٹ فارم استعمال کرنے کے مواقع فراہم کریں۔

    عبدالرحمنٰ العاصمی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں تعلیمی اداروں کے سربراہ اساتذہ کی کارکردگی کی نگرانی اور نجی تعلیم کے ادارے اساتذہ کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔

    خیال رہے کہ سعودی عریبین ایئر لائنز السعودیہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی یہی کہا گیا ہے کہ بیرون ملک پروازیں تا ہدایت ثانی بند رہیں گی۔