Tag: سعودی وزیر خارجہ

  • شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

    شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

    مکہ: او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے، شاہ محمود نے او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

    سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت پر شاہ محمود کا بھی شکریہ ادا کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان کا امن مقدس سرزمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے، حرمین شریفین کی سلامتی کو خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے نے دلوں میں گہرے ان مٹ نقوش چھوڑے، ان کے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے دل جیت لیے۔ شاہ محمود نے گزارش کی کہ قیدیوں کی جلد رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعے کے دوران سعودی عرب کے مخلصانہ کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ او آئی سی میں ہندوستان کی شمولیت کسی بھی حیثیت میں قابل قبول نہیں۔

    وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کے لیے حج کوٹے کو دو لاکھ تک بڑھانے پر بھی سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

  • آرمی چیف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی ملاقات

    آرمی چیف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی ملاقات

    راولپنڈی: سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی سیکورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    سعودی وزیر عادل الجبیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی، انھوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر سطح پر پاکستان کی حمایت کرتا رہے گا۔

    ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشکل حالات میں فروغ امن کے لیے سعودی وزیر کے کردار پر اظہار تشکر کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا سچا دوست ثابت ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی وزیر خارجہ آج پاکستان کے دورے پر پہنچے ہیں، انھوں نے وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی ملاقات

    وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ نے پاکستان پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم ہاؤس میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، عمران خان نے وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

    وزیرِ اعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

    قبل ازیں، پاکستان پہنچے پر سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود سے ملاقات کی، دونوں شخصیات نے خطے میں سیکورٹی کی صورت حال و دیگر امور پر گفتگو کی۔

    وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سعودی ولی عہد کی مصالحت کی پیش کش کا خیر مقدم کرتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر پاکستان پہنچ گئے

    واضح رہے کہ سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر سعودی ولی عہد کا پیغام لے کر پاکستان پہنچ گئے ہیں، سعودی وزیر خارجہ کا ایجنڈا بھارت کی جانب سے پیدا کردہ کشیدگی ختم کرانا ہے۔

    گزشتہ روز شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کو دوسرا گھر قرار دیا ہے، پاکستان بھی سعودی عرب کے کردار کی قدر کرتا ہے۔

  • سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں تاخیر، اتوار کو پہنچیں گے

    سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں تاخیر، اتوار کو پہنچیں گے

    اسلام آباد : سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں تاخیر ہوگئی ہے، عادل الجبیر کا اتوار کو پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، پاکستان سے قبل وہ کل بھارت کا دورہ کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ عادل الجبیر کو ولی عہد محمد بن سلمان کا اہم پیغام لے کر آج پاکستان پہنچنا تھا تاہم ان کے دورے میں تاخیر ہوگئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل الجبیر کی آج پاکستان آمد متوقع تھی، ان کے دورے کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے مطابق وہ اب اتوار کے روز پاکستان پہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس سے قبل وہ کل بروز ہفتہ بھارت کادورہ کرسکتے ہیں تاہم حتمی تفصیلات بدستور زیرغور ہیں۔ عادل الجبیر کے دورے کا مقصد پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کےاقدامات کرنا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی ، سعودی وزیرخارجہ ولی عہدکا اہم پیغام لے کر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

    ذرائع کامزید کہنا ہے کہ سعودی وزیرخارجہ دورہ پاکستان میں ولی عہد کا خصوصی پیغام بھی لائیں گے، مجوزہ دورے میں ملاقاتوں کے ایجنڈا کوحتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے، دو ملکی دورے کی تفصیلات نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دی جارہی ہیں۔

  • سعودی وزیرِ خارجہ نے کشمیر کے سوال پر بھارتی صحافی کا منہ بند کرا دیا

    سعودی وزیرِ خارجہ نے کشمیر کے سوال پر بھارتی صحافی کا منہ بند کرا دیا

    نئی دہلی: سفارتی محاذ پر بھارت کو ایک اور دھچکا پہنچا ہے، سعودی وزیرِ خارجہ نے کشمیر کے سوال پر بھارتی صحافی کا منہ بند کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کشمیر پر سوال آیا تو سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجُبیر کے جواب نے بھارتی صحافی کو خفت میں مبتلا کر دیا۔

    [bs-quote quote=”اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، مسئلہ کشمیر یو این قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے۔” style=”style-8″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”سعودی وزیر خارجہ کا بھارتی صحافی کو جواب”][/bs-quote]

    بھارتی صحافی نے سعودی وزیر خارجہ سے سوال کیا کہ کیا آپ کشمیر کو پاکستان کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

    سعودی وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو کسی کی نظر سے نہیں دیکھتے، اس معاملے پر اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، مسئلہ کشمیر یو این قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    عادل الجبیر نے کہا کہ متنازعہ وادی کا حل کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہونا چاہیے، تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل پاک بھارت مفاد کو مدِ نظر رکھ کر ہونا چاہیے۔

    دریں اثنا حریت پسند کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سعودی وزیرِ خارجہ کے مقبوضہ کشمیر پر بیان کا خیر مقدم کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پلوامہ حملے میں‌ پاکستان ملوث نہیں : سعودی عرب نے بھارت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

    یاد رہے کہ دو روز قبل نئی دہلی میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کی بھارتی خواہش کو یکسر مسترد کر دیا تھا، وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے بغیر تحقیق کے پاکستان پر الزام عائد کیا۔

    بھارتی میڈیا نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان مخالف بات نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا جب کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بھارتی میڈیا کو آئینہ دکھا دیا۔

  • جمال خاشقجی قتل کی تفتیش عالمی برادری سے زیادہ ہمارے لیے اہم ہے، سعودی وزیر خارجہ

    جمال خاشقجی قتل کی تفتیش عالمی برادری سے زیادہ ہمارے لیے اہم ہے، سعودی وزیر خارجہ

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے معاملے میں منصفانہ تفتیش بین الاقوامی برادری سے زیادہ سعودی عرب کے لیے اہم ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ریڈ لائن کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    انہوں نے ترکی سے اپیل کی کہ وہ اس قتل سے متعلق مزید شواہد سعودی استغاثہ میں پیش کرے تاکہ مکمل حقائق جاننے میں مدد مل سکے، ترکی اس امر کا اظہار پہلے ہی کرچکا ہے ولی عہد کا اس قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    عادل الجبیر نے کہا کہ مملکت کی قیادت امریکا کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات، شراکت کا تحفظ اور انہیں مضبوط بنانے کی خواہش مند ہے، امریکا نے خاشقجی کے قتل میں ملوث جن افراد پر پابندیاں عائد کی ہیں وہ سب شخصی نوعیت کی ہیں ان کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    یہ پڑھیں: سعودی ولی عہد نے جمال خاشقجی کے قتل کاحکم دیا، امریکی میڈیا کا دعوی

    سعودی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے پہلے خود جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف اقدام اُٹھائے جس کے بعد مختلف ملکوں نے ان مشتبہ افراد پر پابندیاں عائد کیں۔

    عادل الجبیر نے کہا کہ خاشقجی کے معاملے میں اپنا موقف تبدیل نہیں کیا، قتل کی کارروائی کرنے والوں نے گمراہ کن اور جھوٹی رپورٹ پیش کی جب اس رپورٹ میں پیش کردہ تفصیل حقائق کے منافی ظاہر ہوئی تو سعودی فرمانروا نے سعودی پراسیکیوتر کو تحقیقات کا حکم دیا۔

    انہوں نے کہا کہ جمال خاشقجی کے معاملے میں کوئی کہانی نہیں سنائی بلکہ ملنے والی معلومات کو شفاف انداز میں سامنے لائے اور ہم ایسا کرتے رہیں گے۔

  • خاشقجی کیس سنگین غلطی تھا، قاتلوں کا احتساب ہوگا، سعودی وزیر خارجہ

    خاشقجی کیس سنگین غلطی تھا، قاتلوں کا احتساب ہوگا، سعودی وزیر خارجہ

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کی موت کا واقعہ ایک سنگین غلطی تھا اور اس کیس میں ملوث ذمے داروں کا احتساب کیا جائے گا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی ولی عہد شاہ سلمان بن عبدالعزیز جمال خاشقجی کے قاتلوں کے احتساب کے لیے پرعزم ہیں جن لوگوں یہ یہ کام کیا ہے انہوں نے اپنے اختیارات اور اتھارٹی سے تجاوز کیا۔۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بند سلمان ابتدا میں خاشقجی کیس سے آگاہ ہی نہیں تھے، اس واقعے میں ملوث افراد میں سے کسی کے بھی ان سے کوئی قریبی تعلقات نہیں تھے اور نہ ہی شاہ سلمان کے قریبی کوئی لوگ شامل تھے۔

    سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ جمال خاشقجی کے استنبول میں سعودی قونصل خانے سے باہر نکلنے سے متعلق متضاد رپورٹس منظر عام پر آنے کے بعد ہی تحقیقات شروع کردی گئی تھی، سعودی عرب ان کی موت سے متعلق دستیاب ہونے والی تمام معلومات کو منظر عام پر لائے گا۔

    عادل الجبیر نے جمال خاشقجی کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور تسلیم کیا کہ ان کی اس طرح موت ایک غیر معمولی واقعہ ہے اور یہ ایک بڑی اور سنگین غلطی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام خاشقجی کی لاش کی تلاش کے لیے کام کررہے ہیں اور وہ قونصل خانے میں رونما ہونے والے واقعے کی مکمل تفصیل کے تعین کی بھی کوشش کررہے ہیں۔

  • کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے: سعودی عرب

    کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے: سعودی عرب

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے، ان سے مذاکرات کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خیال رہے کہ کینیڈا اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کینیڈا کے ساتھ پیدا شدہ تنازعے کے حوالے سے بات چیت کرنے کے لیے کچھ بھی دستیاب نہیں ہے۔

    عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ کینیڈا اپنا احتساب خود کرے، سعودی حکومت کینیڈا پر اضافی پابندیاں عائد کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، جلد اس سے متعلق حتمی اعلان کیا جائے گا۔


    کینیڈا سعودیہ تنازعہ، جسٹن ٹروڈو نے معاملہ حل کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی


    ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک کینیڈیا کے خلاف جبکہ ہمارے حق میں کھڑے ہیں، کینیڈا کو کوئی حق نہیں کہ وہ ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت کرے۔

    دوسری جانب کینیڈا نے سعودی عرب کے ساتھ سفارت تنازعے کو ختم کرنے کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ رابطے شروع کر دیئے ہیں، تاہم سعودی عرب نےکینیڈا کے ساتھ اسکالر شپ پرواگرامز سمیت تمام معاہدوں کو منسوخ کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ کینیڈین حکومت کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی تعلقات میں تنازعے کے حل کے لیے متحدہ عرب امارت اور برطانوی حکومت سے رابطہ بھی کیا ہے تاکہ وہ سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی تنازعہ کو دوستی میں بدلنے کے لیے کردار ادا کرے۔

  • سابق سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل انتقال کر گئے

    سابق سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل انتقال کر گئے

    ریاض: سعودی عرب کے سابق وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل پچھتر سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    شہزادہ سعود الفیصل چالیس سال سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد چار ماہ قبل عہدے سے علیحدہ کئے گئے تھے۔

    شہزادہ سعود الفیصل کو انیس سو پچھتر میں ملک کا وزیر خارجہ تعینات کیا گیا تھا، وہ دنیا کے سب سے زیادہ عرصے تک وزیر خارجہ رہے۔ انہیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس سال انتیس اپریل کو عہدے سے علیحدہ کردیا تھا۔

  • کسی مشن پر پاکستان نہیں آیا، مشرف کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،سعودی وزیر خارجہ

    کسی مشن پر پاکستان نہیں آیا، مشرف کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،سعودی وزیر خارجہ

    سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے کہا کہ سعودی عرب نے پرویز مشرف کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا، جس میں انہوں نے وضاحت کی کہ وہ نہ کسی مشن پر پاکستان آئے ہیں اور نہ ہی وہ پرویز مشرف کیلئے پاکستان آئے ہیں۔

    سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ صدر ممنون حسین کے لئے سعودی فرما رواں کا خصوصی پیغام لیکرآئے ہیں، سعود الفیصل نے یہ نہیں بتایا کہ خصوصی پیغام ہے کیا، سعود الفیصل کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو دوبارہ منظم نہ ہونے دیا جائے۔

    انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے معاملات کے جائزے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز دی، اور کہا کہ سعودی عرب دوسرے ملکوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، بجلی کے شعبے میں پاکستان سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، علاقائی صورتحال پر بھی دونوں ممالک کا تعاون جاری رہنا چاہئے۔

    وزیراعظم نواز شریف کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے سعودی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

    اسلام آباد میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ہیں، دونوں ممالک مذہبی عقائد، اقدار اور روایات سے جڑے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی امور پردونوں ممالک کے یکساں خیالات ہیں، مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعلقات پراعتماد کا اظہارکیا۔