Tag: سعودی ولئ عہد

  • سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کا غزہ پر ترکیہ اور مصری صدور سے اہم رابطہ

    سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کا غزہ پر ترکیہ اور مصری صدور سے اہم رابطہ

    ریاض: سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان نے غزہ پر اسرائیلی بہیمانہ حملوں کے مسئلے پر ترکیہ اور مصری صدور سے اہم رابطہ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

    تینوں رہنماؤں نے غزہ میں حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے جانے اور فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔ سعودی ولئ عہد نے فلسطین کے لیے اسلامی ممالک کی مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے، تنازع کو پھیلنے سے روکنے اور خطے میں استحکام بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

    انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان اور محمد بن سلمان نے اتوار کے روز ایک فون کال میں فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے جاری ’’نسل کشی‘‘ کے ساتھ ساتھ دیگر عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

    ترکیہ کے کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ صدر اردوان نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی علاقوں، خاص طور پر غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم کے سلسلے میں اسرائیل پر عالمی برادری کے دباؤ میں اضافے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بن سلمان کے ساتھ بات چیت کے دوران اردوان نے اسرائیلی حملوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ دیرپا جنگ بندی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

    وفا نیوز ایجنسی کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور سعودی ولئ عہد نے اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کرنے اور مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کی ضرورت پر اتفاق کیا، تاکہ تنازعہ وسیع نہ ہو اور خطے میں استحکام بحال ہو۔

    سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی ولئ عہد نے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی حملوں اور کشیدگی کو روکنے کے لیے تمام عرب اور اسلامی ممالک کی کوششوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • نگراں وزیر اعظم کی سعودی ولئ عہد سے ملاقات

    نگراں وزیر اعظم کی سعودی ولئ عہد سے ملاقات

    ریاض: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گزشتہ روز سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سعودی عرب کے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، جس میں غزہ پر اسرائیلی جنگ سمیت اہم موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں رہنماؤں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کو وحشیانہ اور اندھا دھند جارحیت سے روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

    وزیر اعظم نے اسرائیل فلسطین تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کے لیے دیرینہ پاکستان اور سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیے تو پھر ہم بھی کریں‌ گے: شہزادہ محمد بن سلمان

    ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیے تو پھر ہم بھی کریں‌ گے: شہزادہ محمد بن سلمان

    ریاض: سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی طاقت حاصل کیے تو پھر ہم بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان 2019 کے بعد پہلی بار ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے ایٹمی ہتھیاروں کے حصول میں پہل کی تو سعودی عرب بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرے گا۔

    ایران کے جوہری پروگرام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ملک جوہری ہتھیار کی تیاری کرتا ہے تو خطے میں طاقت کے توازن کے لیے جوہری ہتھیار رکھنا ہمارا بھی حق ہوگا، لیکن ہم ایسا نہیں چاہتے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاملے پر سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    فاکس نیوز کی جانب سے یہ انٹرویو سعودی شہر نوم میں ہوا تھا، جو آج شام نشر کیا جائے گا، انٹرویور نے ولئ عہد سے سوال کیا کہ کیا آپ کو ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے پر تشویش ہے؟ ایس ایم بی نے جواب دیا ’’نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، کیو کہ آپ اسے استعمال نہیں کر سکتے، اگر کوئی بھی ملک جوہری ہتھیار استعمال کر رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ باقی دنیا کے ساتھ جنگ کر رہا ہے، دنیا ایک اور ہیروشیما کی متحمل نہیں ہو سکتی۔‘‘

    ان سے اگلا سوال ہوا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرتا ہے تو کیا آپ بھی کریں گے؟ ولئ عہد نے جواب دیا ’’اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرتا ہے تو ہم بھی کریں گے۔‘‘

    مسئلہ فلسطین

    فلسطین کے حوالے سے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ایس ایم بی نے کہا کہ فلسطین کا معاملہ ہمارے لیے انتہائی اہم ہے، ہم پہلے اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں، اس لیے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ اس پر کیا ہو سکتا ہے۔

    اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے سعودی ولئ عہد کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، جس میں بائیڈن انتظامیہ کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

  • سعودی ولئ عہد کو امریکا نے خاشقجی قتل کیس میں استثنیٰ دے دیا

    سعودی ولئ عہد کو امریکا نے خاشقجی قتل کیس میں استثنیٰ دے دیا

    لندن: سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کو امریکا نے خاشقجی قتل کیس میں استثنیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عرب صحافی جمال خاشقجی قتل کیس کے مقدمے سے امریکا نے سعودی ولئ عہد کو مستثنیٰ قرار دے دیا، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی حکومت کی جانب سے قانونی کارروائی سے استثنیٰ کی تجویز نے صحافی جمال خاشقجی کی بنائی گئی این جی او ڈیموکریسی فار دی عرب ورلڈ ناؤ کے نمائندگان، ان کی منگیتر اور دیگر حامیوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکریٹری جنرل اگنیس کالامرڈ نے استثنیٰ کی سفارش کو بڑا دھوکا قرار دے دیا، جمعہ کے روز اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں انھوں نے لکھا کہ جمال خاشقجی آج ایک بار پھر انتقال کر گئے۔

    کیا محمد بن سلمان کو وزیر اعظم بننے کے بعد خاشقجی مقدمے میں استثنیٰ حاصل ہو گیا؟

    ادھر امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی عدالت میں پیش کی گئی تجویز میں کہا گیا تھا کہ سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان اس وقت سعودی حکومت کے وزیر اعظم ہیں، لہٰذا بطور سربراہ سلطنت انھیں اس کیس سے استثنیٰ حاصل ہے۔

    امریکی محکمہ انصاف نے جمعرات کی رات دیر گئے اس سفارش کی دستاویز جمع کرائی۔

  • تھائی یونیورسٹی نے سعودی ولئ عہد کو اہم اعزاز دے دیا

    تھائی یونیورسٹی نے سعودی ولئ عہد کو اہم اعزاز دے دیا

    بینکاک: تھائی یونیورسٹی نے سعودی ولئ عہد کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولئ عہد، وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو پائیدار ترقی کے لیے زمینی علم کے شعبے میں تھائی لینڈ کی کیسیٹارٹ یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔

    سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تھائی دارالحکومت بینکاک میں ولئ عہد کی رہائش گاہ پر کیسیٹارٹ یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر کریسانا پونگ کیراتیکار نے ملاقات کی۔

    یونیورسٹی کے صدر نے ماحولیات کے حوالے سے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انھیں مستقل ترقی کی جانب مثبت اقدام قرار دیا۔

    شہزادہ محمد بن سلمان نے تحفظ ماحولیات کے حوالے سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مملکت کے اقدامات اور کی جانے والی کوششوں کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

  • سعودی ولئ عہد کا یوکرین کی مدد کے لیے بڑے پیکج کا اعلان

    سعودی ولئ عہد کا یوکرین کی مدد کے لیے بڑے پیکج کا اعلان

    کیف: سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرین کی مدد کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے ہفتے کے روز کیف کے لیے 400 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے، ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے میں مدد دینے والے ہر اقدام کی حمایت کریں گے اور ثالثی کے لیے بھی تیار ہیں۔

    سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان اور یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی ہے، جس میں دو طرفہ امور اور حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    یوکرین کے صدر نے ٹویٹ میں بتایا کہ ولئ عہد محمد بن سلمان سے انھوں نے یوکرین کی علاقائی خود مختاری کی حمایت میں مملکت کے مؤقف پر شکریہ ادا کیا۔

    یوکرین کے صدر نے کہا کہ مزید جنگی قیدیوں کی رہائی کے لیے رابطے جاری رکھنے پر دونوں ممالک متفق ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے یوکرین کی مدد کے لیے 400 ملین ڈالر کے پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی

    سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطے میں سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع، اور ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے فون پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر اعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جب کہ ولئ عہد محمد بن سلمان آل سعود نے وزیر اعظم اور پاکستانی قوم کو یوم آزادی پر مبارک باد پیش کی، اور پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، اور پاکستان سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    وزیر اعظم اور ولئ عہد نے وزیر اعظم کے اپریل کے دورے کے دوران لیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، اور سرمایہ کاری، توانائی، تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

    وزیر اعظم نے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستانی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا، شہباز شریف نے محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت بھی دی، جسے انھوں نے قبول کر لیا۔