Tag: سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان

  • ملکی معیشت کیلئے اچھی خبر : سعودی عرب کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر غور

    ریاض : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان میں سرمایہ کاری دس ارب ڈالر تک بڑھانے پرغور کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر غور شروع کردیا۔

    سعودی صحافی فہیم الحامد نےسعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں بتایا سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پرغورکی ہدایت کردی۔

    سعودی صحافی کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاری دس ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کی ہدایت کی گئی ، جبکہ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کو پاکستان کے مرکزی بینک میں سعودی ڈپازٹ پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز دورہ سعودی عرب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی تھی۔

    سرمائی کیمپ کےروایتی عرب خیمے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنرل عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال کیا اور آرمی چیف بننے پر مبارک باد دی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کومزیدمضبوط بنانےپر تبادلہ خیال ہوا تھا جبکہ دفاعی اور فوجی تعاون مستحکم کرنےپر اتفاق کیا گیا تھا۔

    خیال رہے پیر کو جنیوا کانفرنس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اعلان کیا تھا کہ جنیوا میں ایک دن تک جاری رہنے والی ‘انٹرنیشنل کانفرنس آن کلائمیٹ ریسیلینٹ پاکستان’ کے پہلے پلینری میں کُل 8.57 بلین ڈالر کے وعدوں کے ساتھ پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ .

    وزیر اطلاعات نے ایک علیحدہ ٹویٹ میں کہا تھا کہ سعودی عرب نے 1 بلین ڈالر اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے بھی 1 بلین ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔

  • سعودی ولی عہد کی وزیراعظم کوایک بار پھر دورہ سعودی عرب کی دعوت

    سعودی ولی عہد کی وزیراعظم کوایک بار پھر دورہ سعودی عرب کی دعوت

    اسلام آباد : سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کوایک بار پھر دورہ سعودی عرب کی دعوت دے دی جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کو سیاسی اور معاشی تعاون فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا ، سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان سےرابطہ کل شام ہوا، گفتگو میں وزیراعظم عمران خان بندر بن عبد العزیز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیراعظم نے پاکستان کو سیاسی اور معاشی تعاون فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کیا اور کہا سعودی عرب سے بہترین تعلقات پاکستان کی اولین ترجیح ہیں، سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتباردوست ہے۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان پاٹنر شپ کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    عمران خان اور سعودی ولی عہد نے باہمی مفاد پر مشاورتی عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

    سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کو ایک بار پھر دورہ سعودی عرب کی دعوت دیتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سےواپسی پرتشریف لائیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا ابوظہبی کے ولی عہد سے رابطہ، قیدیوں کی رہائی پر اظہار تشکر

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد سے رابطہ کیا تھا، دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان یو اے ای کے ساتھ مستحکم تعلقات کو اہمیت دیتاہے۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کا شکریہ ادا کیا اور ایف اے ٹی ایف میں حمایت پربھی یواے ای کا شکریہ ادا کیا اور تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔

  • سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا، وزیراعظم

    سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا، یہ ہے نیا پاکستان جس کی طرف آج پوری دنیادیکھ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہدکی پاکستان آمد پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ، اجلاس میں کورکمانڈرراولپنڈی سمیت وزیر اطلاعات فواد چوہدری ،وزیرپٹرولیم غلام سرورخان ، مشیر تجارت رزاق داؤد،سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری اطلاعات بھی شریک ہوئے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

    اجلاس میں سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان کی آمدپر حکومتی انتظامات پروزیراعظم کوبریفنگ دی گئی اور تیاریوں کاجائزہ لیا گیا جبکہ سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    اعلیٰ سطح اجلاس میں سعودی عرب کےساتھ ہونیوالے معاہدوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔

    وزیراعظم نے معزز مہمانوں کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کا خود جائزہ لیا اور کہا سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا اسلام آباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کا پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے، سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی ، آسان ویزہ اور کاروبار کیلئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا، یہ ہے نیا پاکستان جس کی طرف آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے

    یاد رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے، اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ کے اراکین استقبال کریں گے، وزیر اعظم ہاؤس آمد پر ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ، جہاں عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی جبکہ مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا جائےگا۔

    محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں آئل ریفائنری سمیت بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔