Tag: سعودی ڈاکٹر

  • کینیڈا میں سعودی ڈاکٹر نے بچے کی جان بچالی

    کینیڈا میں سعودی ڈاکٹر نے بچے کی جان بچالی

    ایک سعودی سرجن نے اپنی مہارت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے کینیڈا میں پیدائشی طور پر دل کے مرض میں مبتلا شیر خوار بچے کا پیچیدہ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دو ماہ کا بچہ پیدائش کے بعد سے مصنوعی تنفس پر زندہ تھا۔ بچے کے دل میں قدرتی نقص ہونے کے باعث اس کے لئے درست طور پر سانس لینا ممکن نہیں تھا۔

    سعودی سرجن محمد بن مناجی نے کینیڈا کے متعدد سرجنوں کی جانب سے آپریشن سے انکار پر کیس کو صحیح معنوں میں پرکھا اور آپریشن کرنے کا فیصلہ اصولی فیصلہ کرلیا۔

    کینڈین میڈیا پر سعودی سرجن کی مہارت کے خبریں گردش کر رہی ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ سعودی ڈاکٹر کی مہارت سے معصوم بچے کو نئی زندگی مل گئی۔

    سعودی سرجن محمد نے اس حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ ’بچے کے دل اور شریانوں میں قدرتی نقص تھا۔ دل کا پمپنگ سیکشن مناسب طریقے سے خون کو پمپ نہیں کر سکتا تھا۔‘

    ڈاکٹر محمد المناجی نے بتایا کہ ’بچہ پہلے دن سے وینٹیلیٹر پر تھا کیونکہ دل کی شریانوں کی خرابی کے باعث نظام تنفس بھی درست نہیں تھا۔‘

    سعودی ڈاکٹر کے مطابق ’انہوں نے بچے کی تمام رپورٹس کا تفصیلی مطالعہ کیا اور مزید ٹیسٹ کیے بعد ازاں یہ فیصلہ کیا کہ بچے کا آپریشن کیا جائے۔‘

    بچے کے والدین نے بھی آپریشن کے لئے رضا مندی ظاہر کردی، کیونکہ انہیں اس بات کا علم تھا کہ بچے کی حالت ایسی نہیں کہ اسے زیادہ دیر تک وینٹیلیٹر پر رکھا جائے۔

    سعودی ڈاکٹر نے کہا کہ اللہ رب العزت کا بہت شکر ہے کہ آپریشن کامیاب ہوگیا، بچے کو دو دن انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھنے کے بعد جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا جہاں ایک ہفتے کی نگرانی کی گئی۔‘

    ڈینگی نے لاہور میں پنجے گاڑ لئے، نئے کیسز میں اضافہ

    اُنہوں نے بتایا کہ اس دوران بچے کی صحت مکمل طور پر بہتر تھی اور وہ فطری طریقے سے فیڈ کر رہا تھا جبکہ وینٹیلٹر کی بھی ضرورت نہیں رہی۔ بچے کو اسپتال سے رخصت کر دیا گیا اب اس کی صحت مکمل طور پر بہتر ہوچکی ہے اور بچے کے والدین کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔

  • دوران پرواز مسافر کی جان بچانے پر سعودی ڈاکٹر کے لیے ایوارڈ

    دوران پرواز مسافر کی جان بچانے پر سعودی ڈاکٹر کے لیے ایوارڈ

    ریاض: سعودی عرب کی خاتون ڈاکٹر کو دوران پرواز مسافر کی جان بچانے پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، طیارے میں مسافر کا بلڈ پریشر بہت کم ہوگیا تھا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی خاتون ڈاکٹر کو کینیڈین ایئر لائنز کی پرواز کے دوران بے ہوش ہونے والے شخص کی مدد پر ایوارڈ دیا گیا ہے۔

    کینیڈین ایئر لائنز نے مسافر کو فوری طبی امداد دینے پر سعودی خاتون ڈاکٹر اوراد محمد رضا نصر اللہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    ڈاکٹر اوراد محمد رضا نصراللہ نے بتایا کہ وہ کینیڈین ایئر لائنز کی پرواز سے سفر کر رہی تھیں، اچانک اعلان ہوا کہ ایک مسافر بے ہوش ہوگیا ہے، اگر مسافروں میں کوئی ڈاکٹر ہے تو برائے مہربانی مدد کے لیے آگے آئے۔

    سعودی خاتون ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ میں فوراً ہی مدد کے لیے پہنچی، معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ مسافر کا بلڈ پریشر بہت کم ہوگیا تھا تاہم فوری طور پر طبی امداد سے اس کی طبیعت بحال ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ طیارے کے عملے نے پرواز کے دوران میری تجویز کردہ دوا کے حوالے سے انکوائری بھی کی اور صحت عملے نے دوا کی توثیق کی تھی۔

    ڈاکٹر اوراد محمد رضا کا مزید کہنا تھا کہ پرواز سے گھر واپسی پر مجھے کینیڈین ایئر لائن کے عملے اور مریض مسافر کی جانب سے شکریہ کے خط موصول ہوئے ہیں۔

  • سعودی ڈاکٹر نے عمرہ کرنے والی پاکستانی خاتون کی جان بچا لی

    سعودی ڈاکٹر نے عمرہ کرنے والی پاکستانی خاتون کی جان بچا لی

    ریاض: سعودی عرب میں مقامی ڈاکٹر نے ایک پاکستانی زائر خاتون کی جان بچا لی، جو عمرے کے لیے سعودی عرب میں موجود تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق عمرے کے لیے جانے والی ایک پاکستانی خاتون کو اچانک تنفس کے شدید عارضے کی شکایت ہو گئی تھی، سعودی ڈاکٹروں نے انھیں بروقت طبی امداد پہنچا کر ان کی جان بچا لی۔

    عاجل ویب سائٹ کے مطابق اجیاد ایمرجنسی اسپتال کے ڈاکٹروں نے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے تعاون سے پاکستانی خاتون کی جان بچانے کے لیے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔

    پاکستانی خاتون کو مسجد الحرام سے اجیاد اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ لایا گیا تھا، خاتون کو سانس لینے میں بہت زیادہ دشواری پیش آ رہی تھی، ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ خاتون کو پہلے ہنگامی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، اس کے بعد مرض کی تشخیص کی گئی اور انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل کر کے ان کا ایکمو ٹیکنالوجی کی مدد سےعلاج کیا گیا۔

    سعودی ڈاکٹروں کے مطابق ان کے علاج سے خاتون کے خون میں آکسیجن کی مقدار مطلوبہ حد تک بڑھ گئی۔

  • کرونا وائرس: سعودی ڈاکٹر کا بڑا کارنامہ، ماہرین حیران

    کرونا وائرس: سعودی ڈاکٹر کا بڑا کارنامہ، ماہرین حیران

    ریاض: سعودی عرب کے ڈاکٹرز نے کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتہائی آسان طریقہ دریافت کرلیا، اس کے ذریعے 100 فیصد نتائج منٹوں میں حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق شاہ عبد العزیز یونیورسٹی کے سعودی اسپیشلسٹ ڈاکٹر نے کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتہائی آسان طریقہ دریافت کرلیا، کامیاب تجربے کے بعد ایجاد کو امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس میں رجسٹر بھی کر لیا گیا ہے۔

    شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کے اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہانی الحضرمی نے بتایا کہ کووڈ 19 وائرس کے ٹیسٹ کے لیے اب تک پی سی آر ہی واحد معتبر ذریعہ تھا تاہم اس ٹیسٹ میں کافی وقت لگتا تھا جبکہ ٹیسٹ کروانے والے کے لیے بھی کئی دشوار گزار مراحل تھے۔

    ڈاکٹر ہانی نے مزید بتایا کہ جو طریقہ انہوں نے ایجاد کیا ہے اس کے ذریعے 100 فیصد نتائج منٹوں میں حاصل کیے جا سکتے ہیں جبکہ اس میں لاگت بھی اتنی نہیں ہوتی۔

    ٹیسٹ کے لیے جو آلہ استعمال کیا جائے گا اسے کسی بھی جگہ لے جایا جاسکتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والے نتائج فوری طور پر سامنے آجاتے ہیں۔

    ڈاکٹر ہانی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ایجاد کردہ ڈیوائس عمرہ زائرین اور مملکت میں آنے والوں کے لیے کافی مفید ثابت ہوگی جس کا اہم ترین عنصر وقت ہے کیونکہ ڈیوائس فوری طور پر کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ سے آگاہ کردیتی ہے۔

    کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹ کی ایجاد کے حوالے سے ڈاکٹر ہانی کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ یہ ایجاد مکمل طور پر ہماری ہے، کسی بھی مرحلے میں ہم نے بیرونی ماہرین کی خدمات حاصل نہیں کیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنی ایجاد کو امریکی ادارے برائے ایجادت کے سامنے پیش کیا جس پر انہیں کامیابی کی سند بھی دی گئی، ساتھ ہی اس ایجاد کو رجسٹرڈ بھی کرلیا گیا۔

    ٹیسٹنگ کے حوالے سے ڈاکٹر ہانی کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی مختصر سی ڈیوائس ہے جسے ہوائی اڈوں، بری سرحدی چوکیوں، بندرگاہوں، مارکیٹس یا عوامی مقامات پر اسے رکھا جا سکتا ہے جہاں کسی کا بھی کرونا وائرس ٹیسٹ منٹوں میں کیا جانا ممکن ہوگا۔

  • 6 ہزار سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر

    6 ہزار سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر

    ریاض: کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے جہاں دنیا بھر میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جارہے ہیں وہیں 6 ہزار سعودی ڈاکٹر بھی مختلف ممالک میں اس لڑائی میں شریک ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ہیلتھ اسپیشلائزیشن کی سعودی کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایمن عبدہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے 6 ہزار سے زائد ڈاکٹرز 30 ممالک میں کرونا وائرس کی وبا کے دوران صحت خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر ایمن عبدہ کا کہنا ہے کہ سعودی ڈاکٹر جرمنی، فرانس، امریکہ اور جنوبی کوریا جیسے ملکوں میں کرونا وائرس سے متاثرین کے علاج معالجے میں حصہ لے رہے ہیں۔

    ان کے مطابق سعودی ڈاکٹر مختلف ممالک میں ریسرچ کے لیے گئے ہوئے تھے، ان دنوں بحران کے باوجود سعودی ڈاکٹروں نے انہی ممالک میں قیام کو ترجیح دی۔

    ڈاکٹر عبدہ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب چالیس برس سے زائد عرصے سے صحت کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اپنے شہریوں کو باہر بھیجتا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 25 لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کردیا جبکہ ہلاکتیں 1 لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

    اب تک 6 لاکھ 90 ہزار سے زائد مریض ڈاکٹروں کی جدوجہد کی بدولت صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ دیگر مریضوں کی زندگیاں بچانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔