Tag: سعید آباد

  • لیڈی پولیس اہلکار پر شوہر نے تیزاب پھینک دیا

    لیڈی پولیس اہلکار پر شوہر نے تیزاب پھینک دیا

    کراچی کے علاقے سعید آباد میں خاتون پولیس اہلکار پر شوہر نے تیزاب پھینک دیا، تیزاب گردی سے خاتون کا 30 فیصد چہرہ جل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے بتایا کہ سعید آباد میں خاتون پر شوہر نے تیزاب پھینک دیا جس سے خاتون کو 30 فیصد نقصان پہنچا ہے۔ خاتون بلوچستان میں پولیس کانسٹیبل ہے۔

    ایس ایس پی نے کہا کہ شوہر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، خاتون اسپتال میں زیرعلاج ہے، پولیس نے سول برنس وارڈ میں متاثرہ لیڈی پولیس اہلکار کا بیان لیا۔

    فیضان علی نے کہا کہ متاثرہ خاتون کا شوہرحب کا رہائشی ہے، شوہر متاثرہ خاتون کو اسپتال لے جانے کے بہانے حب سے لیکر آیا تھا۔ شوہر خاتون پر تیزاب پھینک کر بچے سمیت فرار ہوگیا۔

    پولیس نے کہا کہ متاثرہ خاتون کے والدین کراچی میں رہتےہیں، رابطے کی کوشش کررہے ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

  • ریٹائر انسپکٹر بشیر حسین کا پولیس اہلکاروں پر ڈکیتی کا الزام

    ریٹائر انسپکٹر بشیر حسین کا پولیس اہلکاروں پر ڈکیتی کا الزام

    کراچی: ریٹائر انسپکٹر بشیرحسین نے پولیس اہلکاروں پرڈکیتی کا الزام عائد کیا ہے، گھر میں پولیس وردی اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکار گھسے۔

    تفصیلات کے مطابق ریٹائر انسپکٹر بشیرحسین کا کہنا ہے کہ سعید آباد میں گھر پر پولیس وردی اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے کارروائی کی۔ اہلکار گھر سے 4 تولے سونا اور 2 لاکھ روپے لے گئے۔

    بشیر حسین نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ 7 سے 8 اہلکار دو پولیس موبائلوں میں سوار تھے۔ پولیس اہلکاروں نے بیٹے کو زدوکوب بھی کیا۔

    انھوں نے کہا کہ اہلکاروں سے پوچھنے پر بتایا گیا کہ ہم سی ٹی ڈی گارڈن سے آئے ہیں۔ اہلکاروں نے کہا کہ تمہارے بیٹے قمر کے پاس پستول ہے۔

    بشیر حسین نے بتایا کہ اہلکاروں نے کہا کہ تمہارے بیٹے قمر کے پاس پستول ہے، جس پر میں نے جواب دیا کہ بیٹے کے پاس لائسنس یافتہ پستول ہے۔

    سعید آباد کےعلاقے سیکٹر 14 سی میں پولیس پارٹی کی مبینہ ڈکیتی کے معاملے پر ایس ایس پی کیماڑی نے واقعے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

    ڈی ایس پی سعید آباد واقعے سے متعلق تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔ ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ملوث کرداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔

  • موٹر سائیکل سوار جوڑا 12 سالہ ماموں کی گود سے 2 سالہ بچہ لے کر فرار

    موٹر سائیکل سوار جوڑا 12 سالہ ماموں کی گود سے 2 سالہ بچہ لے کر فرار

    کراچی: شہر قائد میں لاقانونیت کی انتہا ہو گئی، موٹر سائیکل سوار مرد عورت 12 سال کے ماموں کی گود سے 2 سال کا بھانجا چھین کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سعید آباد سے 2 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا ہو گیا ہے، جس کا مقدمہ والد ریاض کی مدعیت میں تھانہ سعید آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔

    یہ واقعہ ہفتے کی شام ساڑھے 7 بجے سعید آباد پیر بازار کے علاقے میں پیش آیا، جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں، ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ بچے کے والدین سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئے۔

    بچے کے والد ریاض نے پولیس کو بتایا کہ وہ مزدوری کرتے ہیں، ’’دوپہر کو میری ساس آئی اور میرے بیٹے 2 سالہ سمیر کو اپنے گھر جی سیون اسٹاپ لے گئی، وہ اکثر پہلے بھی لے جاتی تھی۔‘‘

    بچے کے والد کے بیان کے مطابق ’’شام 8 بجے سالے نے بتایا کہ میرا چھوٹا بارہ سالہ چھوٹے کو پیدل لے کر گھر آ رہا تھا، اسی دوران موٹر سائیکل پر مرد اور خاتون آئے اور بچہ چھین کر فرار ہو گئے۔‘‘

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں، تاحال کوئی کامیابی نہیں ملی، سی سی ٹی وی فوٹیج کی عدم فراہمی کے باعث تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا روٹ میپ تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔

  • کراچی میں استعمال شدہ انجن آئل کو دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کئے جانے کا انکشاف

    کراچی میں استعمال شدہ انجن آئل کو دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کئے جانے کا انکشاف

    کراچی : پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سعید آباد میں جعلی آئل کا کارخانہ پکڑلیا، جس کے بعد استعمال شدہ انجن آئل کو دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کئے جانے کا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی تھانہ مدینہ کالونی پولیس نے سعید آباد میں چھاپہ مار کارروائی کی اور کارروائی کے نتیجے میں جعلی آئل کا کارخانہ پکڑا گیا۔

    پولیس نے موقع سے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ کارخانے میں استعمال شدہ آئل کو صاف کرکے دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کیا جارہا تھا۔

    عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ دوران کارروائی مذکورہ کارخانے سے 24 عدد آئل کے ڈرم اور ایک شہزور گاڑی کو قبضے میں لے لی گئی ہے ، کارخانہ سعیدآباد N 4 بس اسٹاپ کے پاس واقع گودام میں بنایا گیا تھا۔

    ایس ایس پی کیماڑی نے مزید بتایا کہ ملزمان میں عارف تنولی اور محمد اسماعیل شامل ہیں، ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں جدید شوٹنگ سیمو لیٹرسسٹم کا افتتاح

    سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں جدید شوٹنگ سیمو لیٹرسسٹم کا افتتاح

    کراچی : سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں اہلکاروں کی نشانہ بازی کی مہارت کو نکھارنے کا اہتمامکیا گیا، جدید طرز کے شوٹنگ سیمولیٹر سسٹم کا افتتاح کردیا گیا۔

     شوٹنگ سیمیولیٹر سسٹم کے افتتتاح کے موقع پر امریکی قونصل جنرل ، آئی جی سندھ اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔

    سندھ پولیس نے امریکی قونصل جنرل کو نشانہ بازی سکھائی اس موقع پر  آئی جی سندھ سید کلیم امام اور صوبائی وزیر ناصر شاہ نے بھی نشانہ بازی کی، شوٹنگ سیمیولیٹر سسٹم پر دشمنوں کو نشانہ بناتے دہشت گردوں کو مار گراتےامریکی قونصل جنرل اس موقع  پر برجوش نظر آئیں ۔

    ان کا کہنا تھا کہ  دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے امریکہ پاکستان بالخصوص سندھ پولیس کے ساتھ ہمیشہ مشترکہ کوششوں کو جاری رکھے گا۔

    امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے کوئک رسپانس کے باعث چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ہوا۔ دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جان دینے والے پولیس جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    پرنسپل سعید آباد پولیس ٹریننگ سنٹر کا کہناہے کہ سندھ پولیس کے پاس تیس سیمولیٹر سسٹم ہیں جس میں سے پانچ صرف سعید آباد پولیس ٹریننگ سنٹر میں ہیں۔

  • اندھی گولی سے جاں بحق اقصیٰ کا قاتل پولیس کانسٹیبل نکلا، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    اندھی گولی سے جاں بحق اقصیٰ کا قاتل پولیس کانسٹیبل نکلا، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی : سعید آباد کراچی میں گولی لگنے سے جاں بحق طالبہ اقصی ٰکا قاتل پولیس اہلکار نکلا، کانسٹیبل وسیم اپنا اسلحہ صاف کر رہا تھا کہ گولی چل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق
    کراچی کے اسکول میں پہلی جماعت کی اقصٰی کو اندھی گولی لگنے معمہ حل ہو گیا، ایک بار پھر غیر تربیت یافتہ پولیس اہلکار معصوم بچی کی موت کی وجہ بن گیا،کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں چار روز قبل اندھی گولی کا نشانہ بننے والی7 سالہ اقصیٰ کی ہلاکت کا ذمہ دار پولیس اہلکار نکلا۔

    کانسٹیبل وسیم اپنا اسلحہ صاف کر رہا تھا کہ اتفاقیہ گولی چل گئی جو اقصیٰ کو جالگی اور دو روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ اسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی۔

    اس حوالے سے اے ایس پی طارق نواز نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس اہلکار وسیم کا گھر اسکول کے سامنے گلی میں واقع ہے، پولیس نے وسیم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں اندھی گولی نے کمسن بچی اقصیٰ کی جان لے لی

    مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ پہلی جماعت کی طالبہ7سالہ اقصیٰ کو چھوٹے ہتھیار کی گولی لگی تھی، گولی دل کے قریب لگنے کے باعث بچی کی موت واقع ہوئی۔

  • پولیس اہلکارکے قتل میں ملوث بیوی ساتھی سمیت گرفتار

    پولیس اہلکارکے قتل میں ملوث بیوی ساتھی سمیت گرفتار

    کراچی : سعید آباد میں پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث اس کی اہلیہ کوپولیس نے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد کا رہائشی پولیس اہلکار اپنی بیوی کے ہاتھوں مارا گیا، علاقہ پولیس کے مطابق اے ایس آئی علی احمد کو گزشتہ رات نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا تو قاتل گھر میں ہی مل گیا، دوران تفتیش سوالات کرنے پرعلی احمد کی بیوی پولیس کو تسلی بخش جواب نہ  دے سکی ، بعد ازاں مقتول اہلکار علی احمد کی بیوی نے قتل کا اعتراف کرلیا۔

    ملزمہ کے مطابق اس نے اپنے ساتھی کی مدد سے علی احمد کو اسی کے سرکاری اسلحہ سے گولیاں ماریں، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔