Tag: سعید غنی

  • سرکلر ریلوے: سندھ حکومت کی متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی یقین دہانی

    سرکلر ریلوے: سندھ حکومت کی متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی یقین دہانی

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کراچی سرکلر ریلوے کے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج سرکلر ریلوے کے متاثرین سے وزیر بلدیات سعید غنی، مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب اور وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے ملاقات کی۔

    سرکلر ریلوے کے متاثرین کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کر رہے تھے، حکومتی عہدیداروں نے پریس کلب جا کر ان سے ملاقات کی۔

    وزیر بلدیات سعید غنی نے متاثرین سے کہا کہ کل سرکلر ریلوے کے لیے جاری آپریشن رکوانے کے لیے حکام سے بات کی جائے گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے۔ سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی جانب سے متاثرین کو فوری ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی سرکلر ریلوے بحالی کے لیے تجاوزات ہٹانے کا کام جاری

    واضح رہے کہ کراچی میں عدالتی حکم پر سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے تجاوزات ہٹائی جا رہی ہیں، اس سلسلے میں متعدد علاقوں میں جہاں سے ریل کی پٹریاں گزر رہی تھیں، غیر قانونی تجاوزات ہٹائی جا چکی ہیں، جس کے متاثرین احتجاج کر رہے ہیں کہ ان سے سر چھپانے کی چھت چھینی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ مختلف گنجان آبادیوں سے گزرنے پر پٹریوں کے اطراف میں گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران بننے والے کچے پکے مکانات کو آخر کار گرایا جا رہا ہے، ان پٹریوں پر کئی دہائیوں سے ٹرین نہیں چلی، لوگوں نے اس کے آس پاس گھر بنا لیے تھے۔

  • بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں: سعید غنی

    بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں: سعید غنی

    کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں، صوبہ بنانے کا نعرہ ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لیے لگاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات نے چوہدری اسلم کے گھر جا کر ان کے بھائی کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار درج ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ صوبے کا مطالبہ ایم کیو ایم کاحق ہے، صوبے کی خواہش ہے تو صوبائی اسمبلی میں قرارداد تو لائیں، صوبائی اسمبلی موجود ہے اگر اتنی ہمت ہے تو نئے صوبے کا معاملہ وہاں لے کر آئیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کسی جماعت نے صوبے کی بات نہیں کی، ایم کیو ایم سیاسی دباؤ سے نکلنے کے لیے ایسے نعرے لگاتی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی کو غدار نہیں کہا، تمام سیاسی جماعتیں اور رہنما محب وطن ہیں، ایک مخصوص سوچ اقتدار میں آئے تو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے لگتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا پاور شو، سندھ حکومت پر کڑی تنقید

    انھوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ پاکستان کے بہترین ججز میں سے ایک ہیں، انھوں نے اپنے فیصلوں کے ذریعے یہ مقام بنایا ہے، بلاول پاکستان کی اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں، جن ایشوز پر لوگ بات نہیں کرتے بلاول کھل کر بات کرتے ہیں، بلاول ان ایشوز پر بات کرتے ہیں جن کی وجہ سے پاکستان بحران کا شکار ہے۔

    سعید نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو تمام معاملات پر کھل کر بات کر رہے ہیں، انھوں نے کہا تھا کہ ہم بتائیں گے اپوزیشن کیا ہوتی ہے، عالمی یا ملکی امور پر بلاول بھٹو بلا جھجک بات کر رہے ہیں، جن کو میڈیا پر آواز نہیں مل رہی بلاول بھٹو ان کی آواز بنے ہیں۔

    وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اپوزیشن مضبوط نہیں ہو رہی، پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھے ہیں، پیپلز پارٹی کارکنوں کی قربانیوں سے آج بھی زندہ ہے۔

  • کراچی، سعید غنی کے حلقے میں غیرقانونی ہائیڈرنٹ کی موجودگی کا انکشاف

    کراچی، سعید غنی کے حلقے میں غیرقانونی ہائیڈرنٹ کی موجودگی کا انکشاف

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے حلقے میں بھی غیرقانونی ہائیڈرنٹ کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ ہائیڈرنٹ گزشتہ کئی ماہ سے اعظم بستی، محمود آباد میں کام کررہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اعظم بستی اور محمود آباد میں کئی ماہ میں کروڑوں روپے کا پانی بیچنے کے بعد حکام نے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے حلقے میں غیرقانونی ہائیڈرنٹ کا انکشاف کیا اور آپریشن کے دوران ہائیڈرنٹ کو بند کرکے لائنیں بند کردی گئیں۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا ہے کہ آپریشن سب ڈرامہ ہے ہمارے زور دینے پر دکھاوا کیا جارہا ہے، سعید غنی کے حلقہ انتخاب میں ہائیڈرنٹ کی موجودگی سوالیہ نشان ہے، سعید غنی کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔

    اس سے قبل ایم ڈی واٹر بورڈ کی ہدایت پر پانی چوروں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، اعظم بستی، محمود آباد میں غیرقانونی ہائیڈرنٹ کو بند کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: رمضان المبارک میں شہرقائد میں پانی کی قلت

    رپورٹ کے مطابق کارروائی ایگزیکٹو انجینئر اعجاز احمد کی سربراہی میں واٹر بورڈ ٹیم اور پولیس نے کی، ملزمان سرکاری لائن سے پانی چوری کرکے انڈر گراؤنڈ ٹینک میں ذخیرہ کرتے تھے۔

    واٹر بورڈ حکام کے مطابق غیرقانونی ہائیڈرنٹ کی وجہ سے محمود آباد اور ملحقہ علاقے میں پانی کی قلت تھی، پک اپ، گدھا گاڑی، 5 ڈونکی پمپس، سمر پمپ، کئی فٹ پائپ ضبط کرلیے گئے۔

    ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • کراچی کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن گیا، وزیر بلدیات نے تسلیم کر لیا

    کراچی کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن گیا، وزیر بلدیات نے تسلیم کر لیا

    کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے تسلیم کر لیا ہے کہ شہر کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، انھوں نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ ضلع غربی میں کچرے کے ڈھیرہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر بلدیات سعید غنی نے اعتراف کر لیا ہے کہ کراچی کا ضلع غربی کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے۔

    انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع غربی میں کچرا اٹھانے والی کمپنی نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

    سعید غنی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہے، ضلع غربی میں کچرا اٹھانے کا کام اب ڈی ایم سی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کو اون کرنا ہماری مجبوری ہے: سعید غنی

    یاد رہے کہ ڈیڑھ ہفتے قبل پی پی کے رہنما سعید غنی نے کراچی کو بھارتی شہر ممبئی سے بڑا شہر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی بھی اس کے سامنے کچھ نہیں ہے۔

    صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کو اون کرنا پیپلز پارٹی کی مجبوری ہے، کراچی کو چھوڑنے کی پی پی کے سامنے کوئی چوائس موجود نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن غیر قانونی ہونے کا انکشاف

    انھوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس پورے صوبے کی وزارت ہے اس لیے کراچی کو اون کرنا مجبوری ہے، اگر شہر کا ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے تو کراچی جیسا بڑا شہر بھی ترقی کرے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے کراچی کچرے کا ڈھیر بن جانے کی وجہ سے خبروں کی زد میں آتا رہا ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے دعوے کر چکے ہیں۔

    پی ٹی آئی سمیت موجودہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے دعوے کیے۔

  • سندھ میں پولیس پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں: سعید غنی

    سندھ میں پولیس پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں: سعید غنی

    کراچی: صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا ڈیڑھ سالہ بچے کی ہلاکت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسے واقعات کے بعد صوبائی حکومت کسی کو معطل نہیں کر سکتی، سندھ میں پولیس پر کوئی حکومتی کنٹرول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پولیس پر کوئی حکومتی کنٹرول نہیں، سندھ کے علاوہ تمام صوبوں میں پولیس پر حکومتی کنٹرول ہے۔ ایسے واقعات کے بعد صوبائی حکومت کسی کو معطل نہیں کر سکتی۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ اس قسم کے واقعات ہونا افسوسناک ہے، باتیں ہو رہی ہیں لیکن عمل نہیں ہو رہا ہے۔ بچے کے خاندان نے مطالبہ کیا جوائنٹ انویسٹی گیشن ہونی چاہیئے، مطالبہ کیا گیا اچھے افسران کی نگرانی میں تحقیقات ہونی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک سڑک جہاں سینکڑوں لوگ ہوں وہاں فائرنگ کی اجازت نہیں، صوبائی حکومت سندھ میں ایک ایس ایچ او تک تبدیل نہیں کرسکتی۔ پولیس ریفارمز کے لیے کام جاری ہے، سب پولیس افسر برے نہیں ہوتے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کی وجہ سے پولیس بے قابو ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس کا احتساب ناگزیر ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے وہ متاثرہ فیملی کے ساتھ ہیں، بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ڈیڑھ سالہ بچے کی ہلاکت کا واقعہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ پر پیش آیا تھا جب پولیس کی مبینہ فائرنگ کی زد میں 19 ماہ کا کمسن بچہ بھی آگیا۔

    مقتول بچے کے والد کاشف کا کہنا تھا کہ وہ یونیورسٹی روڈ پر رکشے میں جا رہے تھے کہ اسی دوران پولیس کو فائرنگ کرتے دیکھا، کچھ دیر بعد بچے احسن کے جسم سے خون نکلنے لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خون بہنے کے بعد ہم اسی رکشے میں بچے کو لے کر اسپتال پہنچے مگر وہ اُس وقت تک دم توڑ چکا تھا۔

    مبینہ پولیس فائرنگ سے بچے کی موت پر پولیس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، ورثا سے رابطے میں ہیں۔

  • سندھ بھرمیں متوقع بارشیں: تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

    سندھ بھرمیں متوقع بارشیں: تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

    کراچی : سندھ بھر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت نے خصوصی احکامات جاری کردیئے، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے تمام محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

    اس سلسلے میں وزیر بلدیات سعید غنی نے میونسپل کمشنر اور لوکل گورنمنٹ ڈائریکٹرز کو خصوصی احکامات جاری کیے ہیں، انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام بلدیاتی ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی جائیں۔

    مزید پڑھیں : محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کے ایم سیز، ڈی ایم سیز، واٹر بورڈ و دیگر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، سعید غنی کا مزید کہنا ہے کہ تمام محکمے اور متعلقہ ڈپارٹمنٹ بارشوں کے دوران مکمل الرٹ رہیں، جنریٹرز اور نکاسی آب کی مشینری کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے۔

    مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات نے اتوار سے کراچی میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کردی

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے بادلوں کا ایک سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے جو آج سے بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔

  • کراچی کو اون کرنا ہماری مجبوری ہے: سعید غنی

    کراچی کو اون کرنا ہماری مجبوری ہے: سعید غنی

    کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی بڑاشہرہے،ممبئی اس کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے ،اس شہر کو اون کرنا ہمارا مجبوری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات کا کہناتھا کہ سیاسی جماعتوں کےساتھ ناانصافیاں نہیں ہونی چاہئیں، ہرادارہ اپنےدائرےمیں رہ کرکام کرےتوکراچی ترقی کرے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میر ے پاس پورے صوبے کی منسٹری ہے لیکن کراچی کو اون کرنا ہماری مجبوری ہے۔ وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس چوائس نہیں ہے کہ ہم کراچی کوچھوڑدیں۔

    انہوں نے قومی احتساب بیورو ( نیب ) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب افسران کوبلاکر تضحیک کرتا ہے۔ایماندارآفیسرکہتےہیں وہ کام نہیں کرسکتے۔ صورتحال یہاں تک آگئی ہے کہ کوئی اچھاافسرکام کرناہی نہیں چاہتا۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ تمام افسران جانتےہیں کہ میں غلط کام کرنےکونہیں کہتا۔چیزیں ٹھیک کرنےکاوقت تودیاجائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ پیپلزپارٹی کےوزیروں کواوپرپیسےدینےپڑتےہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں حلفیہ کہتاہوں کوئی مجھےغلط کام کہتابھی نہیں ہے ۔ انہوں نے درخواست کی کہ ہماری مددکریں ہم چیزوں کوٹھیک کرناچاہتےہیں۔

    یاد رہے کہ سعید غنی پیپلز پارٹی کے متحرک رہنما ہیں اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر قائم منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقلی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کچھ دن قبل انہوں نے کہا تھا کہ ماضی میں قیادت پرلگےالزامات کاعدالتوں میں سامناکیااورکریں گے، اس طرح کےالزامات کاسیاسی محاذ پربھی سامناکریں گے، مقدمات کے باوجود پیپلزپارٹی کا مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔

    سعیدغنی کا یہ بھی کہنا تھا بلاول بھٹو کھل کر ملکی معاملات پر بات کر تے رہیں گے، جو الزامات لگائے جارہے ہیں انکا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، تمام اداروں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، سماعت راولپنڈی میں ہوگی۔

  • ہوسکتا ہے پانچ بچوں کی موت کیڑے مار اسپرے کی وجہ سے ہوئی ہو، سعید غنی

    ہوسکتا ہے پانچ بچوں کی موت کیڑے مار اسپرے کی وجہ سے ہوئی ہو، سعید غنی

    کراچی : سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ پانچ بچوں کی موت اس کیڑے مار کیمیکل سے ہوئی ہو جو قصر ناز کے کمروں میں کیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں  واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کیا، سعید غنی نے کہا کہ گزشتہ روز قصر ناز میں تمام کمروں میں کیڑے مار کیمیکل اسپرے کیا گیا تھا، متاثرہ خاندان نے قصرناز میں زمین پر بیٹھ کر کھانا کھایا تھا، ہر زاویے سے معلومات حاصل کررہے ہیں، ہوسکتا ہے کہ اس کیمیکل کا کچھ اثر ہوا ہو۔

    وزیر بلدیات کا واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج صبح پانچ بچوں کی ہلاکت کا واقعہ ہوا، متاثرہ خاندان کا تعلق پشین سے ہے، یہ خاندان پہلے لاہور جانا چاہتا تھا کہ بچوں کے اصرار پر کراچی آیا۔

    کل اس خاندان نے گزشتہ رات خضدار میں کھانا کھایا، وڈھ کے مقام پر بچوں کے لیےجوس اور چپس لیے گئے، یہ خاندان رات8بجے کراچی پہنچا، پشین کے اس خاندان نے کراچی میں ایک ہوٹل سے پارسل بریانی خریدی، بچوں کے والد نےحالت خراب ہونے پر پہلے اپنی اہلیہ کو اسپتال پہنچایا،

    والد بچوں کو چھوڑ کرگئے تھے، فجر کے وقت میں متاثرہ فیملی کی خاتون نے بھائی کو فون کیا کہ بچے بھی بیمار ہیں، جب تک ان بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تب تک پانچوں بچے جاں بحق ہوچکے تھے۔

    مزید پڑھیں: مضر صحت کھانا کھانے سے 5 بچوں کی اموات، ریسٹورنٹ عملے کوحراست میں لے لیا گیا

    مضر صحت بریانی کھانے سے متاثرہ ایک خاتون آئی سی یو میں ہے، بچوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہوگیا ہے، پاک فوج نے اپنے جہاز میں میتیں ان کے آبائی شہر روانہ کیں۔

  • آغا سراج درانی کے گھر کی خواتین کو حبس بے جا میں رکھا گیا، سعید غنی

    آغا سراج درانی کے گھر کی خواتین کو حبس بے جا میں رکھا گیا، سعید غنی

    کراچی : سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ چھاپے کے دوران آغا سراج درانی کے گھر کی خواتین کو حبس بےجا میں رکھا گیا ہے، اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے، کراچی میں اسپیکر سندھ اسمبلی کے گھر نیب ٹیم کی آمد کے موقع پر گھر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کیا، اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    سعید غنی نے کہا کہ ابھی انکوائری چل رہی ہے اور آغاسراج درانی کو گرفتار کرلیا گی، اس طرح تو وفاقی حکومت کے لوگوں کو بھی انکوائریوں پر گرفتار کرلینا چاہیے۔

    سعید غنی نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم صورتحال آغا سراج درانی کے گھر کے اندر ہے، اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، فیملی ڈاکٹر کو بلایا گیا ہے مگر اسے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ان کے گھر کی خواتین کو چھ گھنٹے سے گھر میں حبس بےجامیں رکھاگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقامی کارروائیاں کرنی ہیں تو ایک حد تک ہونی چاہیئں، گھر میں غیرقانونی حراست میں رکھ کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، اہلخانہ کو خواتین سے ملنے کی اجازت دی جائے۔

    وزیر بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ دو صوبائی خواتین وزرا کو بھی گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، نیب کو تحقیقات سے نہیں روکا جارہا، صرف اہلخانہ سے رابطہ کرنے دیا جائے، پوری سندھ حکومت آغاسراج درانی کی گھر کے باہر دھرنا دیئےبیٹھی ہے، جب ایک اسپیکرکے ساتھ ایسا رویہ رکھا جاسکتا ہے تو سوچیں مزید کیا کیا ہوسکتا ہے؟

  • وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

    وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا گیا سعید غنی نے تجاوزات پر سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف بیانات دیئے، لہذا ان کے خلاف آرٹیکل دو سو چار کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی، درخواست گزارمحمود اختر نقوی نے موقف اختیار کیا ہے کہ سعید غنی میڈیا پرعدالت کی تضحیک کےمرتکب ہوئے ہیں، تجاوزات پر سپریم کورٹ کورٹ کے حکم کے خلاف بیانات دیئے۔ لہذا ان کے خلاف آرٹیکل دو سو چار کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ معزز عدالت سعید غنی کےخلاف کارروائی کر کےتا حیات نااہل قرار دے۔

    یاد رہے گزشتہ روز صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن عمارتوں میں لوگ رہتے ہیں وہ ہم سے نہیں ٹوٹیں گی، جہاں انسانی المیہ جنم لینے کا امکان ہوگا ہم وہ کام کرنے سے ہاتھ جوڑ کر معذرت کرلیں گے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ دس منسٹر دس چیف منسٹرتبدیل کردیں کوئی شخص یہ کام نہیں کرسکتا شادی ہال نہیں ٹوٹیں گے جو ہال غلط بھی ہیں انہیں تیس سے پینتالیس دن کا وقت دیا جائے۔

    مزید پڑھیں : عدالتی فیصلوں پرکوئی اعتراض نہیں، جہاں عوام کا مسئلہ آیا تو عدالت سے ہاتھ جوڑ کر کہیں گے یہ ہم نہیں کرسکتے، سعید غنی

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ججز کی نیت پر کسی قسم کا کوئی شک نہیں ہے وہ کراچی کی بہتری اور اس کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، کراچی کے لئے سوچنے والے ججز کے ساتھ ہیں، جنہوں نے غیر قانونی کام کیا،ان کے کیے کی سزا کسی اور کو نہیں دے سکتے۔

    صوبائی وزیر بلدیات نے مزید کہا تھا کہ عدالتی فیصلوں پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں، عوام کا جہاں مسئلہ آیا تو عدالت سے ہاتھ جوڑ کر کہیں گے یہ ہم نہیں کرسکتے، ایس بی سی اے کے نوٹس کی وجہ سے کراچی میں بے چینی پھیلی، سندھ حکومت نے ایس بی سی اے کے نوٹس کو معطل کردیا ہے۔

    خیال رہے سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

    واضح رہے سپریم کورٹ نے سندھ حکومت سےغیر قانونی تعمیرات کےخاتمےسےمتعلق دو ہفتے میں رپورٹ طلب کی تھی اور کہا تھا کراچی کی صورتحال پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ،لائنزایریا گرا کرملٹی اسٹوریزبلڈنگز بنائیں اور لوگوں کو آباد کریں، غیرقانونی تعمیرات کےپیچھےکوئی بھی ہوآپ کوسب گراناہوگا ،کراچی کواصل شکل میں بحال کریں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ہرقسم کی غیرقانونی تجاوزات فوری گرادی جائیں، سپریم کورٹ کا بڑاحکم

    اس سے قبل 22جنوری کو سپریم کورٹ نے بڑا حکم دیتے ہوئے کہا تھا غیرقانونی شادی ہال ہو یاشاپنگ مال اورپلازہ، کراچی میں ہرقسم کی غیرقانونی تجاوزات فوری گرادی جائیں اور حکام کو کہا بندوق اٹھائیں، کچھ بھی کریں، عدالتی فیصلے پر ہر حال میں عمل کریں۔