Tag: سعید غنی

  • سعید غنی کی کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کی اپیل

    پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما اور وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کی اپیل کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے التوا سے شہریوں، پارٹی کارکنوں میں مایوسی ہو رہی ہے، بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو نہ ہوئے تو شہریوں کو پھر مایوسی کا سامنا ہوگا۔

    سعیدغنی نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن مزید مؤخر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط نہ لکھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم سے بلدیاتی نظام مؤثر بنانے کیلئے جو معاہدہ ہوا اس پر اتفاق رائے ہو چکا ہے، معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے اس لئے انتخابات کے مزید التوا کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کیلئےپہلے روز سے ہی تیار تھی، صورتحال بارشوں اور دیگر وجوہات کے باعث پیدا ہوئی تھی، اس لیے اب 15 جنوری کوبلدیاتی انتخابات ہوجانے چاہئیں۔

  • ’فیفا میں میری ٹیم برازیل ہے لیکن زیادہ کھیل اس وقت ملک میں چل رہا ہے‘

    ’فیفا میں میری ٹیم برازیل ہے لیکن زیادہ کھیل اس وقت ملک میں چل رہا ہے‘

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں میری پسندیدہ ٹیم برازیل ہے تاہم اس وقت زیادہ کھیل پاکستان میں چل رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فیفا سے زیادہ کھیل پاکستان میں چل رہا ہے جیسے ہی اہم تعیناتی ہوگی کھیل ختم ہوجائے گا اور ہم آگے بڑھیں گے۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے بعد عمران خان کا کھیل ختم ہوجائے گا، آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ آرمی چیف ایکسٹینشن نہیں لیں گے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ اسلام آباد، راولپنڈی لے جانے کی مختلف تاریخیں دی گئیں، عمران خان کا لانگ مارچ اب 26 نومبر کو اسلام آباد یا پنڈی نہیں پہنچے گا۔

    انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ میں میری پسندیدہ ٹیم برازیل ہے دوسرے نمبر پر ارجنٹائن کیونکہ میراڈونا بڑا فٹبالر تھا۔

    پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ’ہم بلدیاتی انتخابات چاہتے ہیں۔‘

  • ‘فیصل واوڈا عمران کا قریب ترین آدمی ہے، اس کی بات کو ہلکا نہیں لینا چاہیے’

    ‘فیصل واوڈا عمران کا قریب ترین آدمی ہے، اس کی بات کو ہلکا نہیں لینا چاہیے’

    کراچی : صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا عمران کا قریب ترین آدمی ہے ، ہمیں اس کی بات کو ہلکا نہیں لینا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر سعید غنی نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے بڑا ملک دشمن نہیں ، وہ اپنی ذات کے سامنے سب کچھ قربان کرسکتا ہے، عمران خان اداروں اور معیشت کو نقصان پہچانا چاہتا ہے۔

    ارشد شریف کے حوالے سے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی موت پر پوری قوم کو ایک کرنا چاہیے تھا ان کے قاتلوں کی سزا کی بات کرنا چاہیے تھی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ان کے قتل کو متنازعہ بنایا اور ارشد شریف کی موت کو جواز بنا کر لانگ مارچ کا اعلان کیا ، وہ اس سانحے سے کھیلنے کی کوشش کررہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ابھی بہت ساری چیزیں سامنے آنے کی ضرورت ہے، فیصل واپڈا عمران کا قریب ترین آدمی ہے ، ہمیں اس کی بات کو ہلکا نہیں لینا چاہیے، اس کی باتوں میں صداقت ہوگی اس پر سوچنا ہوگا، اس کی تحقیقات ہونا چاہیے۔

    سعید غنی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سوشل میڈیا پر غلط خبریں چلاتا ہے، دبئی سے کسی کو زبردستی نہیں نکالا جاسکتا اور نہ ہی پاکستانی حکومت اس پر کوئی پریشر ڈال سکتی ہے، یہ اسی ڈرامے کا حصہ ہے جو تحریک انصاف بنا رہی ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس شواہد تھے تو ان کی دو جگہ حکومت تھی ان کو حفاظتی جگہ کیوں نہیں دی گئی۔

  • سعید غنی پر جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کا الزام ، حلیم عادل شیخ کی درخواست مسترد

    سعید غنی پر جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کا الزام ، حلیم عادل شیخ کی درخواست مسترد

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے وزیر اطلاعات سعید غنی پر منشیات فروشی اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے الزامات پر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی صوبائی وزیر سعید غنی پر جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے الزامات کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی کی تشکیل کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں 2ر کنی بینچ نے سماعت کی ، جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار نے کیا کیا آپ کی پارٹی بھی آپ سے تعاون نہیں کررہی۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ سے سوال کیا کہ وفاقی اداروں کیا کردار ہے، ان سے رابطہ کیا؟؟ وکیل حلیم عادل نے عدالت کوبتایا کہ سابق ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان نے اپنی رپورٹ میں منشیات فروشوں اور سرپرستوں کو بے نقاب کیا تھا۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر رضوان کی رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی،موجود صوبائی وزیر اور انکے بھائی منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔

    چیف جسٹس احمد علی شیخ نے کہا کہ ڈرگ پیٹلر کو سلیس اردو میں کیا کہتے ہیں؟ وکیل حلیم عادل شیخ عدالت کو بتایا کہ منشیات فروش ،ڈاکٹر رضوان کی رپورٹ کے بعد چند ایک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا مگر بڑے پیمانے پر کارروائی نہیں ہوئی،پوری دنیا کو پتہ ہے منشیات فروشی کے پیچھے کون ہے۔

    جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پوری دینا کو پتہ ہے وہ کیسے؟ جس پر وکیل حلیم عادل نے کہا کہ صوبائی حکومت کے وزیر اور ان کے بھائی منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتے ہیں، کارروائی کے لیے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی، صوبائی اداروں کو خطوط لکھے، چیف سیکرٹری اور دیگر کو بھی خطوط لکھے، کارروائی نہیں ہوئی۔

    جسٹس یوسیف علی سعید کا کہنا تھا کہ جس پارٹی سے حلیم عادل شیخ تعلق رکھتے ہیں، اس نے کچھ نہیں کیا؟ کیا آپ کی اپنی پارٹی اس معاملے میں تعاون نہیں کررہی؟

    وکیل حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ وفاقی وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور دیگر کو بھی خطوط لکھے کارروائی نہیں ہوئی، منشیات یہ صرف چنیسر گوٹھ کا مسلہ نہیں پورے سندھ کا مسلہ ہے، سندھ میں منشیات فروشی سے نوجوان نسل کا مستقبل خراب ہورہا ہے۔

    چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حلیم عادل شیخ کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

    یاد رہے حلیم عادل شیخ نے ہائی پروفائل جے آئی ٹی کےلیے عدالت سے رجوع کیا تھا ، جس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ سعید غنی اور دیگر پر سنگین نوعیت کے الزام ہیں، ایس ایس پی کی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشاف سامنے آئے۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس کی تحقیقات کمیٹی نے سعید غنی اور دیگر کو بیگناہ قرار دیا تھا جبکہ سعید غنی کے مبینہ ساتھی حمید اللہ نےاعلیٰ شخصیات کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

  • ’47 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے، میری اپنی بہن فیل ہو گئی’

    ’47 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے، میری اپنی بہن فیل ہو گئی’

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں 47 ہزار اساتذہ ہم نے سو فی صد میرٹ پر بھرتی کیے ہیں، میری اپنی بہن امتحان میں فیل ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقرا یونیورسٹی اسکالرشپ ایوارڈ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کے شعبے میں ہم بہتری لائے ہیں، صوبے کی تعلیمی پالیسی میں نے خود بنائی تھی لیکن میرٹ پر سختی سے جمے رہے، اور میری اپنی بہن بھی فیل ہو گئی۔

    انھوں نے کہا محکمہ لیبر میرے پاس ہے، ہم مزدوروں کے 10 ہزار بچوں کو ہم تعلیم دیتے ہیں، ہم نے بینظیر مزدور کارڈ کا کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت سہولیات کا دائرہ مزید بڑھائیں گے۔

    سعید غنی نے کہا ہم جو مزدور کارڈ لا رہے ہیں اس سے ہر قسم کے مزدور کو تعلیم مل جائے گی، ہر مزدور سوشل سیکیورٹی کارڈ حاصل کر کے اپنے آپ کو اور بچوں کو محفوظ بنا سکتا ہے، میری نظر میں سب سے بڑا کام صحت اور تعلیم کی فراہمی ہے۔

    ان کا کہنا تھا مزدور کے بچوں کو جیسا ان کا حق ہے اس کے حساب سے تعلیم دیں گے، اٹھارویں ترمیم سے پہلے تعلیم وفاق کا معاملہ تھا، اٹھارویں ترمیم کے بعد بھی 90 فی صد یکساں نظام تعلیم ہے۔

    انھوں نے مزید کہا صوبہ سندھ کا یہ دعویٰ ہے کہ ہم نے سب سے اچھا سسٹم تشکیل دیا ہے، ہم کہتے ہیں ہماری کتابیں تمام صوبوں کو دی جائیں، دیکھیں کہ اگر سندھ مضامین میں بہتری لایا ہے تو تمام صوبوں کو بھی اسے اختیار کرنا چاہیے، جہاں تک میڈیم کی بات ہے تو یہ انتخاب والدین کا ہے کہ وہ سندھی، اردو یا انگلش میڈیم میں پڑھانا چاہتے ہیں۔

    سعید غنی نے کہا سندھ حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ میں اچھے اقدامات اٹھائے، بدقسمتی سے ہمارے حکومتی وسائل اتنے اچھے نہیں ہیں، میرے والد کے پاس فیس کے پیسے نہیں تھے، اور میری والدہ نے گھر کے اچھے کپڑے بیچ کر فیس اداکی تھی، اس کے بعد میرے والد بینک میں ملازم لگے اور بینک گارنٹی کے پیسے بھی ایک ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم سے لیے، بچے احساس کریں پڑھیں ان کے والدین کتنی محنت سے کماتے ہیں۔

  • سعید غنی سے وزارت تعلیم کا قلمدان واپس لیے جانے  کا امکان

    سعید غنی سے وزارت تعلیم کا قلمدان واپس لیے جانے کا امکان

    کراچی : سعید غنی سے وزارت تعلیم کا قلمدان واپس لے کر سردار شاہ دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ ضیا عباس اور ساجد جوکیو کو نیا وزیر بنایا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئندہ چند روز میں سندھ کابینہ میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں ، جس کے تحت سعید غنی سے محکمہ تعلیم واپس لینے لے کر سردار شاہ کو سونپنے کا امکان ہے۔

    سندھ کابینہ میں ضیا عباس اور ساجد جوکیو کو نیا وزیر بنانے کا بھی امکان ہے۔

    یاد رہے رواں کے آغاز میں سندھ کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ نئے وزرا کی آمد پر مختلف وزرا کے محکموں میں ردوبدل بھی کی جائے گی۔

    بتایا جا رہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور وزیراعلیٰ کے درمیان مشاورت کے بعد تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں سندھ کابینہ کے بعض وزرا کو کابینہ سے فارغ کرنے اور کچھ نئے چہرے سامنے لائے جانے کے لئے تجاویز تیار کی گئی تھیں ۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر محکمہ اطلاعات سمیت مختلف وزرا کو نئی ذمہ داریاں دینےکا امکان ہے، صوبائی کابینہ میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کرینگے۔

  • سعید غنی  کی نیب کو گرفتاری کی پیشکش

    سعید غنی کی نیب کو گرفتاری کی پیشکش

    کراچی : وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے نیب کو گرفتاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر کے روز نیب دفتر اکیلا بغیر جلوس کے جاؤں گا، مجھے گرفتار کرنا ہے تو میں گرفتاری کے لیے تیارہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل ایک بارپھرنیب کی پریس ریلیزآئی، میرےخلاف تحقیقات ہورہی ہے میں تیارہوں، حلیم عادل کیخلاف بات کرتاہوں توپوری نیب چل پڑتی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب نے اینٹی کرپشن سے کیس منگوالیا ہے ، مجھے31اےکےتحت دھمکیاں دی جارہی ہیں، پیرکی صبح نیب دفترجاؤں گا ضمانت نہیں کراؤں گا ۔ نیب نے اگرگرفتار کرنا ہے توکرلینا، مجھے90 دن یا6ماہ رکھنا ہے رکھیں میں خود پر الزامات کا جواب دوں گا۔

    وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ سب کومعلوم ہےملک میں گندم کابڑاسکینڈل ہوا، گندم پر پاکستانیوں کی جیبوں سے 100ارب روپے نکلے ہیں، حکومت نے شوگر کمیشن بنایا رپورٹ آئی پر کوئی کارروائی نہ ہوئی۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یونس میمن یایونس قدوائی کو آج تک نہیں دیکھا، نیب لوگوں کی ساکھ کومجروح کرتاہے، نیب کی وجہ سے لوگوں نے خودکشی کی، پیپلزپارٹی کسی کیخلاف انتقامی کارروائیاں نہیں کرتی۔

    ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایم کیوایم کاطرزسیاست پہلےوالاہی ہے، ایم کیوایم وہی لسانیت کررہی ہے، کراچی میں ایم کیوایم والےبالکل فارغ ہوچکے ہیں۔

  • نیب کا وزیر تعلیم سندھ کو قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ

    نیب کا وزیر تعلیم سندھ کو قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ

    کراچی: قومی احتساب بیورو نے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کو قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے سعید غنی کے ادارے کے حوالے سے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے، سعید غنی کو قانونی نوٹس بھیجا جائے گا۔

    نیب نے وزیر تعلیم سندھ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی وزیر کے خلاف کراچی میں تحقیقات جاری ہیں، سعید غنی کے بیان کے جواب میں حلیم عادل شیخ سے متعلق بھی نیب نے کہا کہ ان کے خلاف بھی نیب کراچی میں انکوائری جاری ہے۔

    قبل ازیں، آج سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو میں نیب اور چیئرمین کے خلاف دھواں دار بیان دیا، انھوں نے نیب کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز سے متعلق تمسخر کا انداز اختیار کرتے ہوئے ’میں ڈر گیا ہوں‘، انھوں نے کہا ’مجھے رات بھر نیند نہیں آئی۔‘

    سعید غنی نے کہا کہ اس پریس ریلیز میں لکھا ہے کہ میں توہین نیب کا مرتکب ہوا ہوں، میرے بیان کا 31 اے کے تحت جائزہ لیا جا رہا ہے، نیب اسی طرح اس ملک کے معزز لوگوں کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے، ظلم کرو، لوگوں کا مستقبل برباد کرو، اور اس پر ہم بات نہ کریں، ایسا نہیں ہو سکتا۔

    وزیر تعلیم نے واضح دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرتے ہوئے للکارا ’جو مجھے بولنا ہے میں بولوں گا، آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں، میں کہتا ہوں پہلی پیشی پر پورے سال کا ریمانڈ لے لو میرا، مجھے نوٹس بھیجیں اور بلائیں، میں ضمانت بھی نہیں کراؤں گا۔‘

    انھوں نے حلیم عادل شیخ سے متعلق کہا انھوں نے غلط طریقے سے لوگوں کو زمینیں بیچی ہیں، نیب کو حلیم عادل کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے، خود نیب نے کہا حلیم عادل پر زمین پر قبضے کے الزامات درست ہیں، لیکن توقع نہیں تھی کہ میرے حلیم عادل کی گرفتاری کے مطالبے پر نیب کے پیٹ میں درد ہوگا، میرا یہ کہنا گناہ ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو گرفتار کرو۔

    سعید غنی نے چیئرمین نیب کی عمر کا بھی حوالہ دیا، اور کہا کہ نیب کا قانون ظالمانہ ہے، چیئرمین نیب 80 سال کے ہوں گے، وہ اگر بلیک میل ہو رہے ہیں تو عہدہ چھوڑ دیں، میں ان کو جانتا ہوں جن کے گھر نیب کارروائیوں کی وجہ سے تباہ ہوگئے ہیں۔

  • جو مجھے بولنا ہے میں بولوں گا آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں، سعید غنی کی نیب پر تنقید

    جو مجھے بولنا ہے میں بولوں گا آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں، سعید غنی کی نیب پر تنقید

    کراچی : وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ نیب نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے میں ڈر گیا ہوں ، رات بھر نیند نہیں آئی لیکن جو مجھے بولنا ہے میں بولوں گا آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے میں ڈر گیا ہوں، نیب کی پریس ریلیز کے بعد مجھے رات بھر نیند نہیں آئی ، اس پریس ریلیز میں لکھاہے کہ میں توہین نیب کا مرتکب ہوں، میرے بیان کا 31اے کے تحت جائزہ لیا جارہا ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب کے قانون کا غلط استعمال سب سے زیادہ چیئرمین نیب کررہاہے، نیب کو حکومت کے اشاروں پر استعمال کیاجارہاہے، نیب نے کہا حلیم عادل پر زمین پر قبضے کے الزام درست ہیں ، توقع نہیں تھی حلیم عادل کی گرفتاری کے مطالبے پر نیب کے پیٹ میں درد ہوگا۔

    وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ مجھے بھیجیں نوٹس یہ بدمعاشی نیب کی نہیں چلے گی، چیئرمین نیب اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں، نیب اس ملک کے معزز لوگوں کے ساتھ زیادتی کررہی ہے، ظلم کرو،لوگوں کامستقبل بربادکرو،ہم بات نہ کریں ایسانہیں ہوسکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو مجھے بولنا ہے میں بولوں گا آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں، حلیم عادل شیخ نے غلط طریقے سے لوگوں کو زمینیں بیچی ہیں، میں کہہ رہا ہوں ان کا نام ای سی ایل میں ڈالو تو ان کوتکلیف ہورہی ہے۔

    سعیدغنی نے مزید کہا کہ میں کہتا ہوں پہلی پیشی پرپورےسال کاریمانڈلےلومیرا، مجھے نوٹس بھیجیں بلائیں میں ضمانت بھی نہیں کراؤں گا، چیئرمین  نیب 80 سال کے ہوں گے، بد قسمتی سے ظالمانہ قانون نیب کا ہے، چئیرمین نیب بلیک میل ہورہے ہیں تو عہدہ چھوڑ دیں۔

  • حریم شاہ کے ساتھ  شادی کی خبریں ، سعید غنی نے تردید کردی

    حریم شاہ کے ساتھ شادی کی خبریں ، سعید غنی نے تردید کردی

    کراچی : وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے سوشل میڈیا پر ٹک ٹاکر اسٹار حریم شاہ کے ساتھ شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹک ٹاکر اسٹار حریم شاہ کے ساتھ شادی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ کوجانتاہوں نہ کبھی ملاہوں، نہ ہی نے انہیں دیکھا ہے، الحمدللہ میں اپنی واحد بیوی اور بچوں کیساتھ خوشگوارزندگی گزار رہا ہوں، براہ مہربانی بغیر تصدیق کہ اس طرح کی خبریں پھیلانے سے گریزکریں، محترمہ نےواقعی شادی کرلی ہے تومیں مبارکبادپیش کرتا ہوں۔

    یاد رہے سوشل میڈیا پر شادی کے چرچوں پر حریم شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے شوہر کی ‏شناخت واضح طور پر نہیں بتائی تاہم انہوں نے کچھ اشارے دیے۔

    حریم شاہ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کےصوبائی وزیر سے میری شادی ہوئی ہے جس وزیرسےشادی ہوئی ‏پہلے سے شادی شدہ ہیں اور جب تک پہلی بیوی کومنانہیں لیتےمیں نام نہیں بتاسکتے، میرے شوہر کراچی میں مقیم ہیں اور صوبائی وزیر ہیں، شادی کی تقریب ‏میں 2،3 صوبائی وزیروں نے بھی شرکت کی۔