بھارت اور امریکا کے درمیان سفارتی تنازعے میں شدت آتی جا رہی ہے۔ امریکی وزیر توانائی نے دورہ بھارت ملتوی کردیا تو دوسری جانب بھارت نے امریکا سے معافی مانگنے اور کیس واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
امریکا اور بھارت کے درمیان سفارتی تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے، امریکی وزیر توانائی ارنسٹ مونیز نے بھارت کا طے شدہ دورہ ملتوی کردیا، انہیں اگلے ہفتے سے بھارت کا دورہ کرنا تھا، وزیر توانائی کا دورہ ملتوی ہونے کو سفارتی تنازعے میں امریکا کا سخت ترین ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی عدالت نے دیویانی کی جانب سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے، عدالت تیرہ جنوری کو دیویانی کے خلاف فرد جرم عائد کرے گی، نیویارک میں پچھلے ماہ بھارتی نائب قونصلر دیویانی کھوبرا گاڑے کو اپنے گھریلو ملازم کے لیے غلط دستاویزات اور غلط بیانی کے ذریعے ویزا حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
بھارتی حکومت نے امریکا سے معافی مانگنے اور سفارتکار کے خلاف مقدمہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور نئی دلی میں امریکی سفارت خانے کو تجارتی سرگرمیاں روکنے کا حکم دیا ہے، پاکستان نے بھارت کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتکاروں کو جینوا کنونشن کے تحت استثنیٰ دیا جانا چاہئیے۔