Tag: سفارت خانے

  • برطانیہ نے ایران سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلالیا

    برطانیہ نے ایران سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلالیا

    برطانیہ نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایران میں موجود سفارت خانے سے اپنے عملے کو واپس بلا لیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ میں شدت آنے کے بعد برطانیہ نے ایران سے اپنے سفارتی عملے کو عارضی طور پر واپس بلالیا ہے۔

    اس کے علاوہ برطانوی شہریوں کے لیے تل ابیب چھوڑنے کے لیے چارٹر پروازوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی جانب سے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا گیا تھا کہ وہ اسرائیل میں موجود اپنے سفارت خانے کے عملے کے اہل خانہ کو واپس بلا لے گا۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق موجودہ سیکورٹی کی صورتحال کے پیش نظر، ہم نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ایران سے برطانیہ کے عملے کو عارضی طور پر واپس بلا لیا ہے۔ ہمارا سفارت خانہ دور دراز سے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

    دوسری جانب ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سوئٹزرلینڈ نے ایران میں اپنا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

    اس حوالے سے سوئس وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بڑھتی ہوئی فوجی کارروائیوں اور غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر تہران میں اپنا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ کے مطابق سفارتخانے کا عملہ واپس آچکا ہے، حالات نارمل ہونے پر عملہ دوبارہ تہران آجائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلیا نے بھی ایران میں بگڑتی صورتحال کے باعث تہران میں اپنا سفارت خانے کا آپریشن معطل کردیا تھا۔

    ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا نے ایران میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیشِ نظر تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں

    آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے تصدیق کی تھیکہ ایران میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے باعث تہران میں اپنے سفارتخانے کی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

  • سفارت خانے سیکیورٹی کی سرخ لکیرہیں، پار نہیں کرنے دیں گے، عراق

    سفارت خانے سیکیورٹی کی سرخ لکیرہیں، پار نہیں کرنے دیں گے، عراق

    بغداد : عراقی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان دیا گیا ہے کہ سفارت مشنوں کی حرمت کوپامال نہیں ہونے دیں گے، سیکورٹی حکام نے تمام تر اقدامات کر لیے،بغدادمیں مظاہرین کو چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں وزارت خارجہ نے بغداد میں بعض مظاہرین کی جانب سے مملکت بحرین کے سفارت خانے پر دھاوے کی مذمت کرتے ہوئے جمعے کے روز جاری ایک بیان میں باور کرایا کہ وہ سفارتی مشنوں کی حرمت کی پاسداری پر کاربند ہے۔

    بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سفارت خانوں کی سیکورٹی سرخ لکیر ہے جس کو پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکورٹی حکام نے تمام تر اقدامات کر لیے ہیں اور ذمے دار افراد اور اس کارروائی پر اکسانے والوں کے تعاقب کے لیے انتہائی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    وزارت خارجہ کے مطابق بحرین کے سفارت خانے پر دھاوا بولنے والوں میں کئی افراد کو پکڑ لیا گیا ہے تا کہ انہیں عدالت کے کٹہرے میں پیش کیا جا سکے۔

  • اٹلی : ویٹی کن سٹی کے سفارت خانے سے انسانی باقیات برآمد

    اٹلی : ویٹی کن سٹی کے سفارت خانے سے انسانی باقیات برآمد

    روم : اطالوی حکام نے ویٹی کن سفارت خانے سے انسانی باقیات ملنے پر کئی برس قبل گمشدہ ہونے والی دوشیزہ کا معاملہ حل ہونے کی امید ظاہر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مسیحی برادری کے مذہبی مرکز ویٹی کن سٹی کے اٹلی کے بوگیسی میوزیم کے قریب واقع سفارت خانے سے تعمیراتی کام کے دوران مزدوروں کو انسانی باقیات ملی ہیں جسے میڈیکل ٹیسٹ کے لیے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ویٹی کن سٹی کے سفارت خانے سے انسانی ہڈیاں ملنے پر تفتیش کاروں نے 35 برس قبل مبینہ طور پر گمشدہ ہونے والے دوشیزہ کا کیس حل ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اٹلی میں واقع سفارت خانے میں تعمیراتی کام کے دوران مزدوروں کو انسانی باقیات ملی تھی، جسے تحقیقات ٹیم نے بریک تھرو قرار دیا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی میڈیکل ٹیم کی جانب سے ہڈیوں کا معائنہ کیا جارہا ہے کہ مذکورہ شخص کے موت کی تاریخ، عمر اور جنس کا پتہ لگایا جاسکے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی حکام کی جانب سے سفارت خانے سے برآمد ہونے والی باقیات کا ڈی این اے ٹیسٹ کےلیے کوششوں میں تیزی کردی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 1983 میں ایمانوئیلا اورلینڈی 22 جون کو اچانک لاپتہ ہوگئی تھی جس کا آج تک کچھ پتہ نہیں چلا، اورلینڈی ویٹی کن سٹی کے ایک پولیس افسر کی بیٹی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اورلینڈی کے بھائی نے اپنی بہن کے لاپتہ ہونے پر ویٹی کن حکام کی جانب سے خاموشی اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ویٹی کن سٹی کے حکام کی جانب سے 15 سالہ لڑکی کے گمشدہ ہونے کے بعد دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاید اغواء کاروں نے دوشیزہ کو ویٹی کن حکام نے تاوان وصول کرنے کے لیے اغواء کیا ہو۔

  • اسلام آباد: روسی سفارت خانے کی گاڑی کی ٹکر، پاک فضائیہ کا اہلکار بیوی اور بیٹی سمیت زخمی

    اسلام آباد: روسی سفارت خانے کی گاڑی کی ٹکر، پاک فضائیہ کا اہلکار بیوی اور بیٹی سمیت زخمی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے مارگلہ روڈ پر روسی سفارت خانے کی گاڑی نے پاک فضائیہ کے اہلکار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں بیوی، بیٹی اور وہ خود زخمی ہوگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق پاک فضائیہ کا اہلکار ریاض موٹر سائیکل پر اہلیہ اور بیٹی سمیت مارگلہ روڈ سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران روسی سفارت خانے کی گاڑی نے اُسے ٹکر مار دی۔

    حادثے کے نیتجے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک خاتون اور بچی سمیت تین افراد زخمی ہوئے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو پی اے ایف اسپتال منتقل کیا جبکہ مذکورہ گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق گاڑی روسی سفارت خانے کے تھرڈ سیکریٹری ایلگزینڈر کی ہے جسے قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں امریکی سفارت کار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے اسلام آباد میں مقامی عتیق نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد امریکی سفارت کار کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ امریکی سفارت کار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان عتیق کے والد نے ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم کرنل جوزف کو مکمل استثنیٰ حاصل نہیں، وزارت داخلہ امریکی سفارت کار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے 2 ہفتوں میں فیصلہ کرے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔