Tag: سفری انتباہ

  • برطانیہ  کی اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

    برطانیہ کی اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

    لندن: برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی اور کہا پاک بھارت بارڈر سمیت ایل اوسی کےقریب سفرنہ کیاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت سے متعلق سفری انتباہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ برطانوی شہری پاکستان اور بھارت کا غیرضروری سفر نہ کریں۔

    برطانوی شہریوں سے کہا گیا ہے پاک بھارت سرحد سمیت ایل او سی کے قریب سفر نہ کیا جائے۔

    گذشتہ روز بھارت میں دہشت گردی، جرائم اور آبرو ریزی کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں امریکا نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    واشنگٹن نے اپنے شہریوں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کی تھی ، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ سےوسطی اورمشرقی بھارت کے حصےغیر محفوظ ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکا نے پاکستان اور بھارت کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی

    ایڈوائزری میں منی پور میں تشدد اورجرائم کےعلاوہ بھارت میں ریپ کے بڑھتے ہوئے واقعات کا بھی تذکرہ کیا گیا تھا۔

    ایڈوائزری میں جموں وکشمیر اور لداخ میں بد امنی اور حملوں کا انتباہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ سیاحتی مقامات، شاپنگ مالز،بازاروں اور سرکاری عمارتوں پر حملوں کاخطرہ ہے۔

    محکمہ خارجہ نے بتایا تھا بھارتی سیاحتی مقامات پرپُرتشدد جرائم اورجنسی حملوں کی رپورٹس ہیں، پاکستان بھارت سرحدوں پرمسلح تصادم کےخطرات ہیں۔ سیکورٹی خدشات پر پاکستانی حکومت نے امریکی سفارتکاروں کی نقل وحرکت محدود کردی، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خطرات کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

  • کرونا وائرس کے لیے برطانوی فوج کی خدمات، امریکا کا چین کے لیے نیا سفری انتباہ

    کرونا وائرس کے لیے برطانوی فوج کی خدمات، امریکا کا چین کے لیے نیا سفری انتباہ

    لندن/واشنگٹن: برطانیہ میں کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں برطانوی فوج کی خدمات لی جا رہی ہیں، دوسری طرف امریکا نے چین کے لیے ہنگامی طور پر نیا سفری انتباہ جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں ایک سے دوسرے شخص میں کرونا وائرس منتقلی کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا ہے، الینوئے میں ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، خبر ایجنسی کے مطابق متاثرہ شخص کی اہلیہ ووہان سے واپسی پر وائرس کا شکار ہوئی تھی۔

    تیزی سے پھیلتے وائرس کی صورت حال کے پیش نظر امریکا نے چین کے لیے ہنگامی طور پر نیا سفری انتباہ جاری کر دیا، امریکی محکمہ خارجہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی شہری چین کا سفر بالکل نہ کریں۔ امریکی کمرشل پروازیں چین کے لیے آپریشنز معطل کر رہی ہیں، چین میں سفارتی آپریشنز اور مصروفیات میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پر چین اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، 5 متاثرہ افراد کا علاج بھی جاری ہے۔ صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس ٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی۔

    عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس پرعالمی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا

    ادھر برطانیہ میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے برطانوی فوج کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، چین سے آنے والے 100 برطانوی شہریوں کو 14 روز کے لیے فوجی کیمپ میں رکھا جائے گا، چین سے برطانوی شہریوں کو لانے والی فلائٹ کل صبح رائل ایئر فورس کے بیس پر لینڈ کرے گی، مسافروں کو پرواز سے براہ راست فوجی کیمپ میں قائم اسپتال لے جایا جائے گا، برطانوی فوج کے ڈاکٹرز بھی پرواز میں موجود ہوں گے، 14 روز کے بعد مسافروں کو برطانوی محکمہ صحت کے حوالے کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے پر صحت سے متعلق عالمی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، ادارے نے کہا ہے کہ کم زور صحت کے نظام والے ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کی لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ چین کے ہیلتھ کمیشن نے آج رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9692 ہو گئی ہے جب کہ کم از کم 213 افراد اس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • امریکا نے اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت سمیت 35 ممالک کے سفر سے خبردار کردیا

    امریکا نے اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت سمیت 35 ممالک کے سفر سے خبردار کردیا

    واشنگٹن: امریکا نے اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت سمیت 35 ممالک کے سفر سے خبردار کردیا، سفری انتباہ میں افغانستان، ترکی، چین اور ایران بھی شامل ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا نے اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت سمیت 35 ممالک کے سفر سے خبردار کیا ہے، سفری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میں امریکی شہری جنسی تشدد، جرائم اور دہشت گردی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

    امریکی ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ امریکی شہری خیبرپختونخوا اور بلوچستان نہ جائیں، امریکا نے آزاد کشمیر اور پاک بھارت سرحد کو بھی نوگو ایریا قرار دیا ہے۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، بھارت ممکنہ سرحدی کشیدگی کے خدشات ہیں، امریکی شہری پاک بھارت سرحدی علاقوں سے دور رہیں۔

    مزید پڑھیں: دہشت گردی کا خدشہ، امریکا کا شہروں کو یورپ نہ جانے کا انتباہ

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں، امریکی شہری پہلگام، سری نگر جیسے علاقوں میں نہ جائیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے جن ممالک کے سفر سے شہریوں کو خبردار کیا ہے ان میں افغانستان، الجیریا، روس، ترکی، یمن، وینیز ویلا، کینیا، لبنان، میکسیکو، فلپائن، یوکرین، نائیجیریا عراق ودیگر شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی انتباہ ایک ایسے موقع پر جاری ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کشیدہ ہیں، بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ دو سال قبل امریکی حکام نے کرسمس اور نئے سال کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو یورپ نہ جانے کا انتباہ جاری کیا تھا۔