Tag: سفر

  • برطانیہ کی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت

    برطانیہ کی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت

    لندن : امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں متحاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں برطانوی شہریوں یا دہری شہریت رکھنے والے افراد کی گرفتاری اور ان کے ساتھ بدسلوکی کا خدشہ ہے جس کے تحت برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران جانے میں احتیاط کی تاکید کی ہے۔

    برطانوی وزیرخارجہ جیرمی ہنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ایران اور برطانیہ کی دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو ایران کے سفر میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ انہیں گرفتار کرنے کے ساتھ ان کے ساتھ ممکنہ طور پر بدسلوکی کا خدشہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران اور برطانیہ کے درمیان معاملات ٹھیک کرنے کی کوشش کی گئی مگر ایران کا نا مناسب رویہ بدستور موجود ہے۔

    برطانیہ کی طرف سے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے ایک ایسے وقت میں روکا گیا ہے جب دوسری جانب امریکا اور ایران حالت جنگ میں ہیں۔ امریکا نے اپنی فوج اور جنگی طیارے خلیجی ممالک میں تعینات کر دئیے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا سرکار کی جانب سے گزشتہ دنوں ایران پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے دستوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے.

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں‌ عسکری اشتعال انگیزی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا ایک برس قبل ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔

  • نوجوانوں کے لیے یورپ کی سیر اور اسٹارٹ اپ کا موقع

    نوجوانوں کے لیے یورپ کی سیر اور اسٹارٹ اپ کا موقع

    کیا آپ ذہین نوجوان ہیں اور یورپ کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ایمسٹرڈیم کی سیر کرنا چاہتے ہیں؟ تو پھر یہ شاندار موقع آپ ہی کے لیے ہے۔

    یوتھ ٹائم انٹرنیشنل موومنٹ نے اپنے سالانہ یوتھ گلوبل فورم کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے جس کے لیے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ یوتھ فورم رواں برس 2 سے 6 دسمبر کو نیدر لینڈز کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم میں ہوگا۔

    فورم میں سائنس و ٹینکالوجی سمیت مختلف شعبوں کے طلبا اور انٹر پرینیورز کو دعوت دی گئی ہے جو اپنے پروجیکٹ کے آئیڈیاز یہاں بھیج سکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس کسی بھی شعبے سے متعلق کوئی پروجیکٹ آئیڈیا یا اسٹارٹ اپ آئیڈیا ہے تو آپ اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکتی ہیں۔

    یہاں آپ کو چوٹی کے ماہرین سے گفتگو کرنے، سیکھنے، تجربہ حاصل کرنے اور اپنے پروجیکٹ کے لیے معاونت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

    ایمسٹرڈیم میں منعقد کیے جانے والے اس فورم میں تمام پروجیکٹ پیش کرنے والوں کے درمیان ایک مقابلہ بھی منعقد ہوگا جس کے فاتح کو 10 ہزار یورو یعنی 16 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے دیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں مقابلے کے فاتحین کو یورپ کے بزنس اسکولز میں اسکالر شپس اور مختلف اداروں میں انٹرن شپ کا موقع بھی دیا جائے گا. فورم میں شرکت کرنے والے ایک ہفتہ ایمسٹرڈیم میں گزار سکیں گے اور یہاں کے تاریخی و سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کرسکیں گے۔

    اس فورم میں دنیا بھر سے 100 سے زائد شرکا، ماہرین اور ٹرینرز کو شریک ہونے کا موقع دیا جائے گا۔

  • خوبصورت فن پارے جیسی رنگوں بھری مسجد جسے 2 خواتین نے تعمیر کروایا

    خوبصورت فن پارے جیسی رنگوں بھری مسجد جسے 2 خواتین نے تعمیر کروایا

    دنیا بھر میں مساجد و دیگر مذہبی مقامات کو نہایت خوبصورت انداز میں تعمیر کیا جاتا ہے، لیکن آج ہم آپ کو جس مسجد کی سیر کروانے جارہے ہیں وہ اپنی نوعیت کی منفرد ترین مسجد ہے۔

    جزائر بلقان میں واقع ملک مقدونیہ کی سرینا مسجد تاریخی لحاظ سے تو اہم ہے ہی، تاہم اس کا شمار آرٹ کے معروف شاہکاروں میں ہوتا ہے۔

    اس مسجد کی چھت اور در و دیوار پر نہایت خوبصورت نقش و نگار بنائے گئے ہیں۔ دیگر مساجد کی طرح سادگی میں پروقار دکھائی دینے کے بجائے یہ مسجد نہایت رنگوں بھری ہے تاہم اس کی جاہ و حشمت میں کوئی کمی نہیں آتی۔

    اس مسجد کی تعمیر 500 سال قبل کی گئی تھی، اس دور میں مساجد کی تعمیر سلطان یا ترک حکمرانوں کی جانب سے کروائی جاتی تھی تاہم اس مسجد کی ایک اور انفرادیت یہ ہے کہ اس کی تعمیر کے وسائل 2 خواتین کی جانب سے مہیا کیے گئے۔

    ہرشیدہ اور مینسور نامی ان دونوں خواتین کی قبریں بھی اسی مسجد کے اندر موجود ہیں۔

    مسجد میں بنائی گئی پینٹنگز کو قدیم طریقہ کار کے مطابق بنایا گیا ہے جب رنگوں میں انڈے کی آمیزش کی جاتی تھی۔ تمام رنگ و روغن کے لیے اس وقت 30 ہزار انڈے استعمال کیے گئے تھے۔

    سترہویں صدی میں اس قصبے میں ایک بڑی آتشزدگی کا واقعہ بھی پیش آیا جس نے اس قصبے کو بے حد نقصان پہنچایا تاہم خوش قسمتی سے یہ مسجد محفوظ رہی۔

    کیا آپ اس رنگوں بھری خوبصورت مسجد میں جانا چاہیں گے؟

  • برطانوی شہری سری لنکا کا سفر کرنے سے گریز کریں، برطانوی حکومت کی تنبیہ

    برطانوی شہری سری لنکا کا سفر کرنے سے گریز کریں، برطانوی حکومت کی تنبیہ

    لندن : برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو بغیر ضرورت سری لنکا سفر نہ کرنے کی تاکید کردی، برطانوی حکام کا فیصلہ ایسٹر کے دھماکوں کے باعث سامنے ایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ایسٹر سنڈے کے موقع پر تین گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں ہونے والے ہولناک بم دھماکوں کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

    برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مزید حملے کرنے کا خدشہ ہے جو خصوصاً ایسی جگہوں پر کیے جائیں گے جہاں غیر ملکی باسیوں کی تعداد زیادہ ہو۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ سری لنکا دھماکوں میں ہلاک ہونے والے سینکڑوں افراد میں آٹھ برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔

    برطانوی حکام کی جانب سے ٹریول ایجنسیوں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ سیاحت کے لیے سری لنکا جانے والے 8 ہزار برطانوی شہریوں کو بروقت برطانیہ پہنچنے میں مدد فراہم کریں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن پولیس کی جانب سے دھماکوں کے بعد اب کئی جگہوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں ہیں جبکہ 70 افراد کو گرفتار کیا ہے کہ جو کارروائی میں ملوث ہیں۔

    سری لنکا دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 359 ہوگئی

    سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ شدت پسندانہ کارروائی میں مقامی مسلم شدت پسند گروہ ملوث ہے لیکن حملہ آور باہر سے آیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی تاہم اس سے معلق مزید تفصیلات و ثبوت جاری نہیں کی۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کولمبو ایئرپورٹ پر پروازوں کو دو بارہ بحال کردیا گیا ہے کہ لیکن ہوائی اڈے کی سیکیورٹی پہلے کئی گناہ سخت کردی ہے جس کے باعث لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

  • اقوام متحدہ نے سینئر طالبان رہنماؤں کو سفر کی اجازت دے دی

    اقوام متحدہ نے سینئر طالبان رہنماؤں کو سفر کی اجازت دے دی

    نیویارک : اقوام متحدہ نے دوحہ میں قائم طالبان کے سیاسی سفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر سمیت گیارہ رہنماؤں سفر کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے تحریک طالبان سے امن مذاکرات کے بعد طالبان رہنماؤں عائد سفری پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سلامتی کونسل نے واضح کیا ہے کہ دوحہ میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر اور ڈپٹی لیڈر شیر محمد عباس اسٹانکزئی سمیت دوسرے اراکین کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دیدی گئی ہے۔

    طالبان کے منجمد اثاثوں کی محدود بحالی بھی کردی گئی ہے، ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سلامتی کونسل کے اقدامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے رہنماﺅں کو کو اقوام متحدہ کی جانب سے دئیے گئے اس استثنیٰ کا علم ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل نے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ اجازت صرف امن اور مصالحتی مذاکرات میں شرکت کے لیے مخصوص ہے، اس اجازت کا اطلاق رواں برس یکم اپریل سے اکتیس دسمبر تک ہوگا۔

    اس بیان میں طالبان کے منجمد اثاثوں کی محدود بحالی بھی کی گئی ہے، اس سہولت کے بعد قطر میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان نمائندے بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ افغان میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ افغان میڈیا کے مطابق مذاکرات مثبت سمت کی جانب جا رہے ہیں تاہم کچھ معاملات پر ابھی بھی رکاوٹ موجود ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذاکرات کار کوشش کر رہے ہیں کہ درپیش رکاوٹوں پر قابو پایا جائے، طالبان نمائندے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں ان کا صرف اس بات پر اصرار ہے کہ تمام قابض افواج افغانستان سے نکل جائیں۔

  • دنیا کا سب سے بڑا زیر آب واقع ریستوران

    دنیا کا سب سے بڑا زیر آب واقع ریستوران

    ناروے میں دنیا کے سب سے بڑے زیر سمندر واقع ریستوران کا افتتاح کردیا گیا، یہ اپنی نوعیت کا یورپ کا پہلا ریستوران ہے۔

    100 مہمانوں کی بیک وقت میزبانی کرنے والا یہ ریستوران ایک طرف تو سیاحوں کے لیے پسندیدہ مقام کی حیثیت اختیار کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب اسے تحقیقی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیے جانے کا ارادہ ہے۔

    111 فٹ طویل ہوٹل کی عمارت نصف سے زائد سمندر میں واقع ہے۔ ہوٹل میں داخل ہوتے ہی شیشے کی دیواروں کے پار آبی حیات تیرتی نظر آتی ہیں جبکہ چاروں طرف مونگے کی چٹانیں اور سمندر کی لہریں دکھائی دیتی ہیں۔

    اس ریستوران میں کھانے کے لیے سی فوڈ پیش کیا جاتا ہے، ایک وقت کے کھانے کی قیمت 4 سو 30 امریکی ڈالر ہے۔

    کھانے کے ہال کا فرش یوں لگتا ہے جیسے سمندر کی تہہ ہے کیونکہ فرش اور سمندر کی تہہ کے درمیان صرف ایک موٹے شیشے کا فاصلہ ہے۔

    ناروے کے جنوب میں بحر شمال کا یہ حصہ اپنی تلاطم خیزی کے لیے مشہور ہے جو ایک لمحے کے لیے پرسکون اور اگلے ہی لمحے ہنگامہ خیز ہوجاتا ہے، اس کے پیش نظر ریستوران کے در و دیوار اس طرح بنائے گئے ہیں کہ یہ سمندر کی تند و تیز موجوں کو برداشت کرسکیں۔

    ریستوران انتظامیہ کو یقین ہے کہ یہ انوکھا ہوٹل ناروے کی سیاحت میں اضافے کا سبب بنے گا۔

  • مکہ سے مدینہ اونٹوں پر سفر، سعودی عرب میں سنت نبوی زندہ ہوگئی

    مکہ سے مدینہ اونٹوں پر سفر، سعودی عرب میں سنت نبوی زندہ ہوگئی

    ریاض : سعودی حکومت نے سنت نبی کا احیاء کرتے ہوئے مدینہ منورہ اور مکۃ المکرمہ کے درمیان اونٹوں کا سفر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے مدینہ و مکۃ المکرمہ کی زیارات کے دوران مزید روحانیت پیدا کرنے اور سفر کو یادگار بنانے کےلیے مکۃ سے مدینہ جانے کےلیے اونٹ چلانے کا اعلان کردیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کے منصوبے کے تحت زائرین اسی رستے کا استعمال کرتے ہوئے مکہ سے مدینہ جائیں گے جس رستے کا استعمال رسول خدا حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے ہجرت کے دوران کیا تھا۔

    سعودی حکومت اس منصوبے کے تحت ہجرہ روڈ کے 27 مقامات پر ہوٹل، مسافر خانہ، میوزیم اور دیگر چیزوں کی تعمیر شامل ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اونٹوں پر سفر کا آغار گھرتھوڑ کے مقام سے ہوگا جس کے بعد کاروان غار حرا پر قیام کرے گا جہاں رسول خدا (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) اپنے دوست حضرت ابوبکر صدیق (رضی اللہ تعالیٰ عنہ) کے ساتھ دشمنوں کی نظروں سے اوجھل ہونے کےلیے تین دن قیام کیا تھا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اونٹوں کا کاروان ان تمام تاریخی مقامات سے ہوتا ہوا یژب (مدینہ منورہ) پہنچے گا۔

    سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ مکہ سے یثرب (مدینہ منورہ) سفر کےلیے اونٹوں کے علاوہ موٹر بائیک، آگ کے غبارے (فائر بلون) اور گاڑیوں کا بندوش بھی کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ رسول خدا (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) آٹھ روز تک اونٹ پر 380 کلومیٹر کا سفر طے کرکے یثرب پہنچے تھے۔

  • سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر کرنے کی اجازت دیدی

    سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر کرنے کی اجازت دیدی

    ریاض/بیروت : سعودی حکومت نے لبنان کا سفر اختیار کرنے والے اپنے شہریوں کو لبنان جانے پر عائد پابندی ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سعودی شاہی دیوان کے ایلچی نزار الاولیٰ اور لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری کے درمیان ملاقات کے بعد سعودی حکومت کی جانب سے گزشتہ ایک برس سے عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    سعودی عرب نے لبنان کا سفر اختیار کرنے پر عائد پابندی ختم کرنے کی خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ماضی میں حکومت نے اپنے شہریوں کو لاحق سیکیورٹی خدشات کے باعث پابندی عائد کی تھی، اب سیکیورٹی خدشات ختم ہوچکے ہیں‘۔

    سعودی سفیر ولید بخاری کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے لبنان کی جانب سے سعودی شہریوں کے تحفظ کی یقین دہانی کے بعد پابندی ختم کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب،کویت،یواےای کا اپنے شہریوں کولبنان چھوڑنے کا حکم

    یاد رہے کہ سنہ 2017 لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری نے دورہ سعودیہ عرب کے دوران اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سعودی عرب، کویت اور متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی تھی شہری لبنان کے سفرسے گریزکریں۔۔

    سعودی حکومت نے اپنے لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے ۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب اور لبنان کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے کشیدگی جاری ہے، جس کے باعث سعودی عرب کی جانب سے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے۔

  • فوجی طیارے میں سفر کی درخواست مسترد، نینسی پیلوسی نے دورہ افغانستان منسوخ کردیا

    فوجی طیارے میں سفر کی درخواست مسترد، نینسی پیلوسی نے دورہ افغانستان منسوخ کردیا

    واشنگٹن : کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے فوجی طیارے میں سفر کی درخواست منسوخ ہونے پر کمرشل طیارے کے ذریعے دورہ افغانستان ملتوی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے درمیان میکسیکو بارڈر پر دیوار کی تعمیر کے معاملے پر گزشتہ ایک ماہ سے کشیدگی چل رہی ہے۔

    اسپیکر نینسی پیلوسی نے الزام عائد ہے کہ امریکی صدر سے دورہ افغانستان کیلئے فوجی طیارے درخواست دی تھی جسے ڈونلڈ ٹرمپ منسوخ کرتے ہوئے مسافر طیارے میں سفر کرنے پر زور دیا۔

    نینسی پیلوسی نے ٹرمپ انتظامیہ پر الزام لگایا کہ امریکی صدر اور ان کی ٹیم نے دورہ افغانستان سے متعلق تفصیلات آشکار کرکے جنگ زدہ ملک میں موجود امریکی فوجیوں اور شہریوں کو خطرے میں ڈال دیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کانگریس کی اسپیکر نے کہا تھا کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ دورے کے باعث امریکی اہلکاروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے سے منع کیا تھا۔

    صدرٹرمپ نے دیوار کے لیے فنڈز مختص کیے بغیر بجٹ پر دستخط سے انکار کردیا اور ملک آج حکومتی شٹ ڈاؤن کا شکار ہے، شٹ ڈاؤن کی وجہ سے 8 لاکھ سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکہ: حکومتی شٹ ڈاؤن بدترین شکل اختیار کرگیا، ڈیمو کریٹس نے ٹرمپ کا بائیکاٹ کردیا

    شٹ ڈاؤن کے باعث ایک چوتھائی حکومتی امور متاثر ہوئے، قبل ازیں شٹ ڈاؤن کے خاتمے کے لیے ٹرمپ اور ڈیموکریٹس میں مذاکرات ہوئے تھے جو ناکام رہے۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ضد کے باعث امریکا میں طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن کو 28 روز ہوچکے ہیں، دو روز قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ کانگریس اراکین سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اسپیکر انہیں سمجھوتے سے روک رہی ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ڈیموکریٹس نے میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے بجٹ کی منظوری نہ دی تو حکومتی شٹ ڈاؤن جاری رہے گا۔

  • چاند تاروں کا رقص دکھاتا شیشے کا کمرہ

    چاند تاروں کا رقص دکھاتا شیشے کا کمرہ

    کیسا لگے گا آپ کو جب آپ زمین سے کئی فٹ اوپر فضا میں معلق ہوں اور سورج کے طلوع ہونے، غروب ہونے اور چاند تاروں کے سفر کو اپنے بالکل قریب سے دیکھ سکیں۔

    جنوبی امریکی ملک پیرو میں بھی ایسے ہی ہینگنگ لاجز بنائے گئے ہیں جہاں رہنا تو بڑا دل گردے کا کام ہے، تاہم وہاں وقت گزارنا زندگی کے بہترین تجربات میں سے ایک ہوسکتا ہے۔

    پیرو کے شہر کزکو میں ایک پہاڑ پر معلق شیشے کے کیپسولز بنائے گئے ہیں۔ یہ کیپسولز زمین سے 12 سو فٹ اونچائی پر واقع ہیں۔

    یہاں تک پہنچنے کے لیے آپ کو باقاعدہ کوہ پیمائی کر کے پہاڑ کے اوپر چڑھنا ہوگا۔

    زمین سے کئی سو فٹ اوپر شیشے سے بنے اس عارضی کمرے میں آپ طلوع آفتاب کے ساتھ ناشتہ اور غروب آفتاب کے وقت چائے پی سکتے ہیں۔ چاروں طرف قدرت کے شاندار مناظر بکھرے ہوئے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

    رات میں سوتے ہوئے چاند اور تارے آپ کے اوپر رقص کرتے دکھائی دیں گے اور آپ اندھیری رات کو صبح کاذب اور پھر صبح کے خوبصورت رنگوں میں ڈھلتا ہوا دیکھ سکیں گے۔

    یہاں پر آپ کو پیرو کے مقامی کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔

    واپسی کے وقت ایک اور ایکسائٹمنٹ آپ کی منتظر ہوگی۔ واپس جانے والوں کے لیے یہاں 7 طویل زپ لائنز لگائی گئی ہیں جن کے ذریعے آپ چند منٹوں میں واپس زمین پر پہنچ جائیں گے۔

    اس انوکھے اور حسین لاج میں وقت گزارنا زندگی کا شاندار تجربہ ہوسکتا ہے۔