Tag: سفید فام دہشت گرد

  • جرمنی: سفید فام دہشت گرد گروپ کے خلاف مقدمہ شروع

    جرمنی: سفید فام دہشت گرد گروپ کے خلاف مقدمہ شروع

    برلن: جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے سفید فام دہشت گرد گروپ کے خلاف مقدمے کا آغاز ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے ایک سفید فام دہشت گرد گروپ کے 11 کارندوں کے خلاف مقدمہ شروع ہو گیا ہے، مشتبہ ملزمان کی عمریں 32 سے 61 سال کے درمیان ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق دہشت گرد گروپ کے مبینہ کارندوں کو گزشتہ برس فروری میں گرفتار کیا گیا تھا، جرمن استغاثہ کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق دہشت گرد گروپ ’ایس‘ سے ہے۔

    تمام ملزمان جرمن شہری ہیں، اور ان پر تارکین وطن، مسلمانوں اور سیاست دانوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے، استغاثہ کے مطابق اس دہشت گرد گروپ کا مقصد جرمنی میں خانہ جنگی شروع کرنا تھا۔

    دہشت گرد گروپ کا 12 واں ساتھی ایک سابق پولیس اہل کار ہے، جس پر گروپ کو معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے، اور اس پر بھی مقدمہ چل رہا ہے۔ گروپ کے ارکان پر جو چارج شیٹ لگائی گئی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ وہ جرمنی کی ریاست اور سماجی نظام کو گرانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    یاد رہے کہ فروری 2020 میں جرمنی میں نیوزی لینڈ کی طرح مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا، جرمن حکام نے کہا تھا کہ ملزمان نے کئی شہروں میں نماز کے دوران بہ یک وقت خوں ریز حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی میں 12 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا تھا۔

  • مسجد النورمیں شہید ہونے والے افرادکی یاد میں میراتھون ریس کا انعقاد

    مسجد النورمیں شہید ہونے والے افرادکی یاد میں میراتھون ریس کا انعقاد

    کرائسٹ چرچ: مسجد النور میں شہید ہونیوالے پچاس افرادکی یاد میں پچاس کلومیٹرپر مشتمل میراتھون ریس کا انعقاد کیا گیا،ریس مسجد النور کے سامنے بنے پارک سے شروع ہوئی جو پچاس کلومیٹر پر جاکر اختتام پذیر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق میراتھون ریس کا اہتمام سری چنموئے میراتھون ٹیم نے کیا جو ہر سال ایونٹ منعقد کرواتی ہے لیکن اس مرتبہ انہوں نے یہ ریس النور مسجد کے شہداءکی یاد میں کرائی،ریس میں نیوزی لینڈ کے عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

    کرائسٹ چرچ کے سٹیفن گراہم نے پچاس کلومیٹرکی بجائے 51 کلومیٹر دوڑ کر ایک منفرد اعزاز حاصل کیا ،سٹیفن کو جب معلوم ہوا کہ شہدا کی تعدادپچاس کی بجائے اکیاون ہوگئی ہے تو انہوں نے ایک کلومیٹر اضافی دوڑ لگائی اس پر ریس انتظامیہ نے سٹیفن کی اس کوشش کو بے حد سراہا ۔

    سٹیفن نے میڈیا کو بتایاکہ جب ریس شروع ہونے لگی تو مجھے پتہ چلا کہ ریس پچاس کلومیٹر پر مشتمل ہو گی لیکن شہید ہونیوالوں کی تعداد اکیاون تھی تو میں نے ایک کلومیٹر اضافی دوڑ لگائی۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر ایک آسٹریلوی نے دہشت گرد حملہ کیا تھا جس میں 50 افراد شہید جب کہ 49 زخمی ہوئے تھے۔

    آج کرائسٹ چرچ مسجد کے زخمیوں میں سے ایک اور زخمی نے دم توڑ دیا، سانحے کے سات ہفتوں بعد شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 51 ہو گئی ہے۔

    نیوزی لینڈ قوانین کے مطابق رائل کمیشن عدالتی تحقیقات کا اعلیٰ ترین فورم ہے جس نے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مساجد پرحملوں کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ رائل کمیشن کے نتائج سے آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کی جانب سے کرائسٹ چرچ واقعے کو ملکی تاریخ کے سنگین ترین واقعات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

    سفید فام دہشت گرد برینٹن فائرنگ کی ویڈیو بناتا رہا اور مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد باہرسڑک پر موجود مسلمانوں کو بھی نشانہ بناتا رہا، واقعے کے کچھ دیر بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا، بعدازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کی فرد جرم عائد کی گئی۔

  • کرائسٹ چرچ حملہ، سفید فام دہشت گرد کے خلاف 50 افراد کے قتل کی چارج شیٹ تیار

    کرائسٹ چرچ حملہ، سفید فام دہشت گرد کے خلاف 50 افراد کے قتل کی چارج شیٹ تیار

    ویلنگٹن : کرائسٹ میں مساجد پر حملہ کرنے والے نسل پرست دہشت گرد کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا، پولیس نے برینٹن ٹیرنٹ کے خلاف 50 افراد کو قتل کرنے کی چارج شیٹ تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ ماہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نسل پرست دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران دو مساجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 افراد کو قتل جبکہ درجنوں افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو حملے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرکے اگلے روز عدالت میں پیش کردیا گیا تھا جہاں اس پر ایک قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے بے گناہ مسلمانوں کو کشت و خون میں غلطاں کرنے والے دہشت گرد پر 50 افراد کے قتل اور انتالیس (39) افراد کے اقدام قتل کی چارج شیٹ تیار کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سفید فام دہشت گرد کو آئندہ روز عدالت میں پیش کیا جائے گا، اگر اس پر جرم ثابت ہوگیا تو برینٹن تاریخ کا واحد شخص ہوگا جسے نیوزی لینڈ میں عمر قید کی سزا سنائی جائے گی۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایردن نے 25 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ واقعےکی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن تشکیل دینے کا مقصد یہ پتہ لگانا ہے کہ حملے کی روکھ تھام کے لیے کیا کچھ کیا جاسکتا تھا۔

    جیسنڈا ایرڈن نے کہا کہ متاثرین یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کیسے دہشت گرد حملہ ہوا، رائل کمیشن سنگین ترین واقعات کی تحقیقات کے لیے بنایا جاتا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ مساجد پرحملوں کی تمام پہلوؤں سے مکمل تحقیقات ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔