Tag: سفیر

  • پاکستان کا کابل میں سفیر کی تعیناتی کا فیصلہ

    پاکستان کا کابل میں سفیر کی تعیناتی کا فیصلہ

     پاک افغان تعلقات مثبت سمت کی جانب گامزن ہونے کے بعد اب پاکستان نے کابل میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہانگ کانگ میں ثالثی کی بین الاقوامی تنظیم کے لیے دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افغان تعلقات مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں اس لیے پاکستان نے کابل میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ 19 اپریل کو کابل کے نہایت کامیاب دورے اور پاکستانی وفد سے ملاقاتوں سے یہ مثبت پیش رفت ظاہر ہے۔ پاکستان کابل میں ناظم الامور کے عہدے کو بڑھا کر سفیر کے درجے تک لے جائے گا۔

    نائب وزیراعظم نے کہا کہ یقین ہے یہ قدم دونوں برادر ممالک کے روابط مزید مضبوط بنانے میں مددگار ہوگا۔ اس فیصلے سے معیشت، سلامتی، انسداد دہشتگردی، تجارت میں تعاون کو گہرا کرنے اور باہمی تبادلوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین پر غیر قانونی قبضے عالمی امن کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ یہ دونوں دیرینہ تنازعات حل کرنا ہوں گے۔ پاکستان چین کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    اسحاق ڈار نے آئی او ایم ای ڈی کے قیام سے متعلق کنونشن میں پاکستان کی شرکت کو باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تصور کوحقیقت میں تبدیل کرنے میں چینی قیادت کا اہم کردار ہے اور ہانگ کانگ کو نئی قائم شدہ تنظیم کے صدر دفتر کے طور پر منتخب کرنا قابل تعریف ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بیجنگ میں پاکستان چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس ہوا تھا جس میں تینوں ممالک نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

    اجلاس میں پاکستان کا افغانستان سے قریبی تجارتی اور صحت روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چین اور پاکستان نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی حمایت کی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-china-afghanistan-foreign-ministers-meeting/

  • پاکستان کا اقوام متحدہ سے غزہ پر خاموشی توڑ کر عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ

    پاکستان کا اقوام متحدہ سے غزہ پر خاموشی توڑ کر عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ

    پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غزہ پر خاموشی توڑ کر عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    فلسطینی مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انسانیت کیساتھ سنگین مذاق ہے۔

    عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ہم ایسے ادارے کا حصہ نہیں بن سکتے جو محض تماشائی بنا رہے، ہم اس اخلاقی دیوالیہ پن کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہیں۔

    پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اپنی ساکھ برقرار رکھنے کیلئے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدہ کے بعد مزید 1100 فلسطینیوں کو شہید کیا، جبکہ فلسطین میں بین الاقوامی قوانین کو کھلم کھلا نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ عاصم افتخار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا منصب سنبھال لیا، عاصم افتخار احمد نے 31 مارچ 2025 کو اپنی مدت مکمل کرنے کے بعد اس منصب سے سبکدوش ہونے والے سفیر منیر اکرم کی جگہ لی ہے۔

  • ترکیہ نے دمشق کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا

    ترکیہ نے دمشق کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا

    ترکیہ نے دمشق کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا، برہان کورگلو کو شام میں ترک سفارتخانے کا ناظم الامور نامزد کی گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کے روز انقرہ میں ترک سفارت کاروں کی بیٹھک میں وزیر خارجہ سے پوچھا گیا تھا  ترکی دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کب کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے؟

    ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدن نے کہا کہ انقرہ شام کے صدر بشار الاسد کی برطرفی کے بعد دمشق میں اپنا سفارت خانہ اس وقت دوبارہ کھولے گا جب حالات اس کی اجازت دیں گے۔

    تاہم اب ترکیہ نے دمشق میں اپنے طویل عرصے سے بند سفارت خانے کے لیے ایک نئے چیف آف مشن کا نام سامنے آیا ہے، برہان کوروگلو کو ترکی کے سفارت خانے میں عارضی چارج ڈی افیئرز کے طور پر نامزد کیا گیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کب اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

    واضح رہے کہ شام میں 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے ایک سال بعد 2012 میں 26 مارچ کو ترک سفارتخانے نے ہر طرح کی سرگرمیاں معطل کردی تھیں اور تمام سفارتی عملہ وہاں سے واپس چلا گیا تھا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوعان نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ دمشق میں جلد اپنا سفارتخانہ کھول دیں گے۔

  • لبنان میں ایرانی سفارتخانے کا سفیر کی صحت سے متعلق اہم بیان

    لبنان میں ایرانی سفارتخانے کا سفیر کی صحت سے متعلق اہم بیان

    امریکی اخبار کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ لبنان میں ہونے والے پیجر ڈیوائسز کے دھماکوں میں ایران کے سفیر مجتبیٰ عمانی ایک آنکھ سے محروم ہو گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ایرانی سفیر کی دوسری آنکھ شدید متاثر ہوئی ہے۔ جبکہ انہیں علاج کے لیے تہران منتقل کیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیجر حملے میں بڑی تعداد میں حزب اللہ کے اراکین کی آنکھیں ضائع ہوئی ہیں۔

    ایرانی سفیر کی آنکھ ضائع ہونے کی بات لبنان میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے مسترد کر دی گئی ہے۔

    ایرانی سفارت خانے کے مطابق ایرانی سفیر کی آنکھ ضائع ہونے کی اطلاعات غلط ہیں، وہ صرف زخمی ہوئے ہیں، ان کا علاج ہو رہا ہے تاہم آنکھ ضائع ہونے کی بات میں صداقت نہیں۔

    دوسری جانب لبنان میں پیجرز ڈیوائس میں دھماکوں کے بعد حزب اللہ نے اسرائیل کو ذمہ قرار دیتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔

    حزب اللہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو غیر متوقع ایسا جواب دیا جائیگا ممکن ہے ان کو اندازہ تک نہ ہو۔

    لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیجرز ڈیوائس میں دھماکے بیٹری پھٹنے سے نہیں ہوئے، دھماکے بم کی وجہ سے ہوئے ہیں، پیجرز ڈیوائس امریکی کمپنی کے ہیں،مزیدتحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    ایئر فرانس نے بیروت اور تل ابیب کیلئے پروازیں معطل کردیں

    شامی مانیٹرنگ گروپ کے مطابق شام میں بھی پیجرز ڈیوائس میں دھماکوں کے باعث 14 حزب اللہ ارکان زخمی ہوئے ہیں، شام میں پیجرز ڈیوائس حزب اللہ ارکان کے کنٹرول میں تھے جن میں دھماکے ہوئے۔

  • متحدہ عرب امارات نے افغان طالبان کے سفیر کو تسلیم کر لیا

    متحدہ عرب امارات نے افغان طالبان کے سفیر کو تسلیم کر لیا

    متحدہ عرب امارات چین کے بعد طالبان سفیر کو قبول کرنے والا دوسرا ملک بن گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طالبان کے زیر انتظام افغان وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے مولوی بدرالدین حقانی کو متحدہ عرب امارات کیلئے اپنا سفیر نامزد کیا ہے۔

    مولوی بدر الدین حقانی نے اپنی اسناد متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے معاون انڈر سیکرٹری برائے پروٹوکول امور کو پیش کردی ہیں، وہ جلد ہی ایک سرکاری تقریب کے دوران متحدہ عرب امارات کے امیر کو باضابطہ طور پر اپنی اسناد پیش کریں گے۔

    واضح رہے کہ طالبان کی حکومت کو کسی بھی ملک نے سرکاری طور پر تسلیم نہیں کیا ہے، صرف بیجنگ نے رسمی طور پر ایک سفیر کی اسناد کو قبول کیا ہے۔

    طالبان نے پاکستان سمیت کئی ممالک میں سفیروں کو ’چارج ڈی افیئرز ‘کے طور پر بھیجا ہے۔ اس سے قبل طالبان نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ 2022 میں کابل ہوائی اڈے پر آپریشنز چلانے کا معاہدہ کیا تھا۔

  • سعودی عرب نے شام میں اپنا سفیر مقرر کردیا

    سعودی عرب نے شام میں اپنا سفیر مقرر کردیا

    مشرق وسطیٰ کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سعودی عرب نے ایک دھائی سے زیادہ عرصے بعد فیصل المجفل کو شام میں نیا سفیر مقرر کردیا ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق فیصل المجفل نے شام میں سفیر کی حیثیت سے تقرر پر اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

    شام میں ہونے والی خانہ جنگی کے دوران 2012 میں سعودی سفارتخانے کو بند کردیا گیا تھا، اس کے بعد اب فیصل المجفل دمشق میں مملکت کے پہلے سفیر ہوں گے۔

    واضح رہے کہ شام نے گزشتہ سال سعودی عرب میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھولا تھا اور 6 دسمبر میں سعودی عرب کے لیے ڈاکٹر محمد ایمن سوسان کو سفیر مقرر کیا تھا۔

    دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن روکنے کے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ فلسطینیوں کے اخلاقی اور قانونی حق کی جانب مثبت قدم ہے۔

    سورج کب خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا؟

    سعودی وزارت خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کے عالمی فیصلوں میں تمام فلسطینی علاقوں کو شامل کیا جانا چاہیے۔

  • غزہ نسل کشی، برازیل نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

    غزہ نسل کشی، برازیل نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

    برازیلین صدر کی جانب سے اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے بعد اسرائیل اور برازیل کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ جبکہ برازیل نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برازیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ برازیل میں اسرائیلی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کریں گے، برازیلی صدر ڈی سلوا کے بیان کے بعد اسرائیل نے انہیں ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا تھا۔

    اسرائیلی وزیر خارجہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ برازیلین صدر جب تک اپنا بیان واپس نہیں لیتے انہیں اسرائیل میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔

    واضح رہے کہ برازیلی صدر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرکے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے، غزہ میں نسل کشی کو برازیل کے صدر نے ہولوکاسٹ سے تشبیہ دے دی۔

    برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کی جانب سے یہ بیان ایتھوپیا میں افریقی یونین کانفرنس سے خطاب کے دوران دیا گیا۔

    برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ تاریخ غزہ کی اس وحشیانہ جنگ کی مثال نہیں پیش کر سکتی، جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ نسل کشی ہے۔ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر کے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ غزہ جنگ ویسی ہی ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا۔

    برازیلی صدر کے بیان پر اسرائیل کا سخت ردِ عمل

    برازیلین صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی غزہ میں عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے۔جو کچھ اسرائیلی فوج کی جانب سے کیا جارہا ہے یہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں۔

  • کھیل کے میدان مظلوم فلسطینیوں کے سفیر بن گئے

    کھیل کے میدان مظلوم فلسطینیوں کے سفیر بن گئے

    اسرائیلی کی وحشیانہ جارحیت کا شکار مظلوم فلسطینیوں کے لیے دنیا بھر سے آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں اب کھیل کے میدان بھی صدائے احتجاج میں شامل ہو چکے ہیں۔

    غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں پر جاری وحشیانہ مظالم کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے جس دوران 11 ہزار کے لگ بھگ شہری شہید ہوچکے ہیں ان میں نصف کے قریب تعداد بچوں اور خواتین کی ہے جب کہ 30 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں ہی لاپتہ ہیں۔

    اسرائیلی بربریت کے خلاف پوری دنیا سراپا احتجاج بن چکی ہے اور کئی ممالک نے اسرائیل سے اپنے سفیر تک بلا لیے ہیں لیکن قابض فوج کے فضائی اور زمینی حملے جاری ہے جس سے نہ گھر محفوظ ہیں اور نہ اسپتال اور اسکول۔

    ایسے میں اب کھیل کے میدان بھی فلسطینی کے مظلوموں کی آواز بن گئے ہیں اور وہاں سے بھی ’’غزہ میں بچوں کا قتل عام بند کرو کے مطالبات شروع ہو گئے ہیں۔

    گزشتہ روز مانچسٹر یونائیٹیڈ کے میچ میں ایک تماشائی فلسطینی پرچم اٹھا کر میدان میں آگیا جس پر غزہ میں اسرائیل کی جاری وحشیانہ کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ درج تھا۔

    دوسری جانب ڈچ کک باکسر ریکو نے بھی باکسنگ مقابلے سے قبل مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تماشائیوں سے ایک منٹ خاموشی اختیار کرنے کی درخواست کی جس پر فینز نے عمل کیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کئی کھیلوں کے کئی عالمی شخصیات بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر چکی ہیں۔ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ورلڈ کپ کے دوران سری لنکا میچ میں اپنا مین آف دی میچ کا ایوارڈ مظلوم فلسطینیوں کے نام کر دیا تھا۔ قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔

    فرانسیسی فٹبالر کریم بینزما، مصر کے سپر اسٹار فٹبالر محمد صلاح، باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ ودیگر شخصیات بھی فلسطین کے حق اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرچکی ہیں۔

  • سعودی عرب نے ایران میں اپنا سفیر نامزد کر دیا

    سعودی عرب نے ایران میں اپنا سفیر نامزد کر دیا

    تہران: سعودی عرب نے ایران میں اپنا سفیر نامزد کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے تہران میں اپنا نیا سفیر تعینات کر دیا ہے، ایران میں سعودی عرب کا سفارت خانہ آئندہ چند روز میں کھل جائے گا۔

    ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے ایران بھی جلد سعودی عرب میں اپنا سفیر مقرر کرے گا، سفارتخانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دوسری جانب ایران کے وزیر برائے اقتصادی امور وفد لے کر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، احسان خندوزی سعودی حکام کے ساتھ معاشی تعاون پر بات کریں گے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر اسلامی ترقیاتی بنک کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے 2016 کے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوچکی ہے جب کہ ایرانی صدر نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے دورہ سعودیہ کی دعوت بھی قبول کی ہے۔

  • یورپی یونین میں سعودی عرب کی جانب سے خاتون سفیر مقرر

    ریاض: سعودی عرب نے یورپی یونین کی ایٹمی توانائی کی یورپین سوسائٹی میں سعودی سفارتی مشن کی سربراہ ہیفا بنت عبد الرحمٰن الجدیع کو مقرر کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق یورپی یونین میں نئی سعودی سفیر ہیفا بنت عبد الرحمٰن الجدیع نے منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے قصر یمامہ ریاض میں حلف اٹھایا۔

    ہیفا بنت عبد الرحمٰن الجدیع کو یورپی یونین کے لیے سعودی عرب کے سفیر کے ساتھ ایٹمی توانائی کی یورپین سوسائٹی میں سعودی سفارتی مشن کا سربراہ تعینات کیا گیا ہے۔

    ہیفا بنت عبدالرحمٰن الجدیع کولمبیا یونیورسٹی سے مذاکرات اور تنازعات کے موضوع پر ماسٹرز ہیں، وہ بین الاقوامی تعلقات پر بھی ماسٹرز ڈگری رکھتی ہیں جبکہ سراکوس یونیورسٹی سے جرنلزم میں گریجویشن بھی کر رکھی ہے۔

    انہوں نے اپنی عملی زندگی کے آغاز میں بین الاقوامی تعلقات اسٹریٹجک کمپنیوں اور رابطہ جات پر توجہ مرکوز کی، وزارت سیاحت اور وزارت خارجہ میں مشیر برائے بین الاقوامی تعلقات کے طور پر بھی کام کیا۔

    ہیفا بنت عبدالرحمٰن الجدیع واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے میں ہیڈ آف پبلک ڈپلومیسی کی حیثیت سے بھی فرائض نبھا چکی ہیں، انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں کئی سال خدمات انجام دیں۔

    یورپی یونین میں سفیر کے طور پر تعیناتی قبل سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ میں (ایس آر ایم جی تھنک) میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر کام کر رہی تھیں۔

    ایس آر ایم جی کی سی ای او جمانا الراشد نے ہیفا الجدیع کو سفیر تعینات کیے جانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہیفا الجدیع نے ایس آر ایم جی تھنک کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور محدود وقت میں بڑے کارنامے انجام دیے۔

    ہیفا بنت عبد الرحمٰن الجدیع نے حلف اٹھانے کے بعد اپنے تاثرات میں کہا کہ یورپی یونین کے سفارتی مشن کی سربراہ اور سفیر کی حیثیت سے تعیناتی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعتماد پر قیادت کی شکر گزار اور ممنون ہوں۔