Tag: سفیر پاکستان

  • وزیر اعظم کا وژن، امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری

    وزیر اعظم کا وژن، امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری

    واشنگٹن: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے غیر جانب دار اور شفاف گورننس کے وِژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں وزیر اعظم عمران خان کے شفاف گورننس کے وژن کی عملی تفسیر پیش کرتے ہوئے ای کچہری منعقد کی گئی۔

    ای کچہری میں امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سنے گئے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے گئے، کچہری میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے لوگوں کو درپیش مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی لیں، انھوں نے کہا ای کچہری کا انعقاد ماہانہ بنیادوں پر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کے روز کیا جائے گا۔

    سفیر پاکستان کا کہنا تھا امریکا میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • سفیر پاکستان کا امریکی اخبار میں مقبوضہ کشمیر پر اہم مضمون

    سفیر پاکستان کا امریکی اخبار میں مقبوضہ کشمیر پر اہم مضمون

    اسلام آباد: سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز میں ایک اہم مضمون میں ایک بار پھر عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے المیے کو اجاگر کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسد مجید خان نے اخبار میں لکھا کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت ڈبل لاک ڈاؤن کا شکار ہے، اور کشمیری گزشتہ 9 ماہ سے بھارتی حکومت کے ہاتھوں لاک ڈاؤن کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

    پاکستانی سفیر نے لکھا کہ کرونا وائرس نے مقبوضہ وادی میں صورت حال کو مزید تشویش ناک بنا دیا ہے، مودی سرکار نے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کے تناسب کو بدلنے کی بھی کوشش کی۔

    اسد مجید خان نے لکھا بھارتی حکومت نے مسلم اقلیتوں کی شہریت کو ختم کرنے کے لیے نیا قانون پاس کیا، مودی ہندوتوا کے فلسفے پر عمل پیرا ہے، بھارت کو بتدریج ہندو راشٹریہ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان کے سفیر نے مضمون میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مصالحت کی پیش کش قبول کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی مسلسل جاری ہے، گزشتہ روز بھی پلواما اور شوپیاں میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کیا، کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا اور متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا، اور گھروں میں گھس کر خواتین سے بدتمیزی کی۔ بھارتی فوج نے اس سے ایک روز قبل 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔