Tag: سفیر

  • غیر ملکی سفیروں اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

    اسلام آباد: پاکستان میں موجود غیر ملکی سفیروں اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکیورٹی انتظامات بہتر ہیں، غیر ملکی شہری آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے غیر ملکی سفرا اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں 100 سے زائد غیر ملکی سفرا اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔

    بریفنگ سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری داخلہ اور سکیورٹی حکام کی جانب سے دی گئی، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد ناصر اکبر خان نے سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکیورٹی انتظامات بہت بہتر ہیں، غیر ملکی شہری آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔

    اجلاس میں مختلف سفیروں کی جانب سے سوالات کیے گئے جن کے حکام نے جوابات دیے، اجلاس کو سیکٹر آئی ٹین میں ہونے والے دھماکے میں تحقیقات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    سفارت کاروں کی جانب سے بریفنگ کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔

  • جرمنی کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امداد کا اعلان

    جرمنی کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امداد کا اعلان

    اسلام آباد: جرمنی کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے لیے مزید 10 ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا گیا، جرمن سفیر کا کہنا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گرینز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے جرمنی کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے لیے امداد کے بارے میں بتایا۔

    جرمن سفیر نے لکھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ جرمنی نے ایک بار پھر پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اپنی امداد میں مزید 10 ملین یورو کا اضافہ کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے جرمنی کی مجموعی امداد 60 ملین یورو سے زائد تک جا پہنچی ہے، ہم اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کے لیے امداد کا اعلان گزشتہ روز جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے، پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا تھا۔

    انالینا بیئر بوک کا کہنا تھا کہ جرمنی پاکستان کا اہم ترین شراکت دار ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، پاکستان میں سیلاب سے اس قدر تباہی ہوئی کہ اندازہ لگانا مشکل ہے۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی عالمی برادری سے پاکستان کے لیے مزید 81.5 ملین ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امداد سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔

  • بیرون ملک نئے سفیروں کی تعیناتی کی منظوری

    بیرون ملک نئے سفیروں کی تعیناتی کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت میں تعینات ناظم الامور سمیت بیرون ملک نئے سفرا کی تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بیرون ملک نئے سفرا کی تعیناتیوں کی منظوری دے دی، منظوری وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سفارشات پر دی گئیں۔

    فیصل نیاز ترمذی کو متحدہ عرب امارات میں سفیر تعینات کیا گیا ہے، رضا بشیر تارڑ جاپان میں، عاصم افتخار احمد فرانس میں اور عائشہ فاروقی کو آئر لینڈ میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

    علی جاوید اٹلی میں، آصف میمن ہنگری میں، جنید یوسف ترکی میں اور عامر آفتاب قریشی یونان میں سفیر تعینات کیے گئے ہیں۔

    آفتاب حسن کو ہائی کمشنر برائے جنوبی افریقہ تعینات کیا گیا ہے، آفتاب خان اس وقت بھارت میں پاکستانی ناظم الامور ہیں۔ ان کی جگہ سلمان شریف دہلی میں ناظم الامور کے فرائض سر انجام دیں گے۔

    فواد شیر جدہ میں او آئی سی میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب ہوں گے۔

  • پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

    پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار سے تاجک سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ٹیکسٹائل، لیدر، فوڈ پروسیسنگ، ادویات اور سرجیکل شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار سے تاجک سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے ستمبر میں دورہ تاجکستان کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

    ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے مابین انڈسٹریل تعاون کے معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ٹیکسٹائل، لیدر، فوڈ پروسیسنگ، ادویات اور سرجیکل شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، نئی ایس ایم ای پالیسی کاروباری نمو کو فروغ دے گی۔۔

    انہوں نے کہا کہ تاجک و پاکستانی کاروباری کونسل کو قیام میں لایا جائے گا۔

    تاجک سفیر کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل تعاون معاہدہ دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا، پاکستانی بزنس کمیونٹی اور کمپنیوں کو تاجکستان دورے کی دعوت دی ہے۔

  • سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی

    سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی

    ریاض: سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی، مختلف ممالک کے سفیروں نے سعودی حکومت کے اس منصوبے پر اظہار مسرت کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے سفارت کاروں نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے پروگراموں پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

    گزشتہ ہفتے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشال ال سعود نے ایک انٹرویو میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر بھی کیا تھا، جن سے کمیونٹی، کلب اور عالمی سطح پر مقامی شہریوں اور غیر ملکی تارکین وطن کی اس کھیل میں شرکت بڑھے گی۔

    سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے سرکاری، نیم سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ متعدد معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔ ان میں کھیل کے حوالے سے آگاہی پھیلانے، پورے ملک میں کرکٹ کی سہولیات میں اضافے اور اسکول پروگراموں کے ذریعے سعودی نوجوانوں کو کھیل سے متعارف کروانے کے منصوبے شامل ہیں۔

    کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں کمیونٹی کی سطح پر کرکٹ نہایت مقبول ہے اور پاکستان، سری لنکا اور برطانیہ کے سفارت کاروں اور دیگر شخصیات نے مشغولیت بڑھانے اور مختلف قومیتوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کے نئے منصوبوں کی حمایت کی ہے۔

    سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے اس حوالے سے بتایا کہ صرف ایک سال میں ایس اے سی ایف کی اتنی ترقی خوشی کی بات ہے۔ میں ذاتی طور پر بہت خوش ہوں کہ کرکٹ سعودی معاشرے میں جڑیں پکڑ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی واقعی کھیل کے بارے میں جذباتی ہیں اور سعودی عرب میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا آغاز محبت بھرے سلوک سے کم نہیں ہے، امید ہے کہ ایس اے سی ایف کے چیئرمین کے وژن پر کامیابی کے ساتھ عمل ہوگا۔ ان کا سنہ 2021 میں ٹورنامنٹس کے انعقاد کا شیڈول متاثر کن ہے۔

    ان مقابلوں میں نیشنل کرکٹ چیمپئن شپ بھی شامل ہے، جو 11 شہروں میں کھیلی جاتی ہے اور چار پروگراموں کا حصہ ہے، جس پر ایس اے سی ایف نے سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے ساتھ دستخط کیے تھے۔ فروری 2021 میں منعقد ہونے والا یہ سعودی عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ ہے۔

    برطانیہ کے سفیر برائے سعودی عرب نیل کرومپٹن نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک کرکٹ فین کی حیثیت سے میں دوسروں کو کھیلتا دیکھ کر ہمیشہ خوش ہوتا ہوں۔

    سعودی عرب میں ہونے والی ان تبدیلیوں کا خیر مقدم کرنے والوں میں کرکٹر عبدالقادر خان بھی شامل ہیں، وہ اس وقت ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور سعودی عرب کی جونیئر اور سینیئر دونوں سطحوں پر نمائندگی کر چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اب سعودی عرب میں کرکٹ کو حکومتی سرپرستی حاصل ہو گئی ہے۔ اب یہاں کرکٹ تیزی سے پھیلے گی۔

  • مختلف ممالک کے سفیروں اور دفاعی اتاشیوں کا ایل او سی کا دورہ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ

    مختلف ممالک کے سفیروں اور دفاعی اتاشیوں کا ایل او سی کا دورہ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ

    اسلام آباد: مختلف ممالک کے سفرا، دفاعی اتاشی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے لائن آف کنٹرول کے دورے پر پہنچ گئے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے وفد کو ایل او سی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف ممالک کے سفرا، دفاعی اتاشی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے لائن آف کنٹرول پہنچے، وفد میں 24 ممالک کے سفارتکار، دفاعی اتاشی اور نمائندے شامل ہیں۔

    وفد میں آذر بائیجان، بوسنیا، یورپی یونین، سعودی عرب، جنوبی افریقا، ترکی، یونان، آسٹریلیا، ایران، عراق، برطانیہ، پولینڈ، ازبکستان، جرمنی، سوئٹزر لینڈ، فرانس، مصر، لیبیا، یمن اور افغانستان کے سفیر شامل ہیں۔

    عالمی ادارہ برائے خوراک کے نمائندے بھی وفد کا حصہ ہیں۔

    ایل او سی کے جورا سیکٹر پر سفارتی نمائندوں کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے وفد کو بریفنگ دی۔

    سفارتی نمائندوں کو ایل او سی پر سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا، اس موقع پر سول آبادی پر بھارت کی جانب سے استعمال شدہ کلسٹر بارود کے ٹکڑے سفارتکاروں کو دکھائے گئے۔

    وفد کو بتایا گیا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کلسٹر ایمونیشن کا استعمال ممنوع ہے تاہم بھارتی فوج بچوں اور معصوم شہریوں پر کلسٹر بم استعمال کر رہی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت توجہ ہٹانے کے لیے اشتعال انگیزیاں کر رہا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سنہ 2014 سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بڑھی ہیں، بھارت نے 30 اور 31 جولائی کو وادی نیلم میں کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا۔ آرٹلری کے ذریعے کلسٹر ایمونیشن پھینکا گیا اور شہریوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیریاں اقلیتوں پر ظلم سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں، عالمی ادارے بالخصوص یو این ایچ آر بھارتی مظالم کو بے نقاب کر چکے ہیں، کشمیر کی صورتحال کے باعث پورا خطہ خطرات سے دو چار ہے۔ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکالا جائے۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سال رواں میں بھارت نے 2 ہزار 333 بار ایل او سی کی خلاف ورزیاں کیں۔ اس سال سیز فائر خلاف ورزیوں میں 18 شہری شہید ہوئے جبکہ بھارتی اشتعال انگیزیوں سے مجموعی طور پر 185 شہری شہید ہوئے۔

    وفد کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بناتی ہے، اس کے برعکس پاک فوج صرف بھارتی فوج کی چوکیوں کونشانہ بناتی ہے اور پیشہ وارانہ فورس ہونے کا مکمل ثبوت دیتی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان نے کبھی غیر ملکی سفیروں کو ایل او سی کے علاقے میں جانے سے نہیں روکا، پاکستان نے یو این مبصر مشن، سفارتکاروں اور اداروں کو ہمیشہ خوش آمدید کہا، پاکستان چاہتا ہے ایل او سی پر کوئی بھی جا کر زمینی حقائق کا جائزہ لے سکتا ہے۔

    دوسری جانب بھارت میں غیر ملکی سفیروں کے ایل او سی کے دورے پر پابندی عائد ہے، بھارت نے یو این مبصر مشن اور میڈیا پر بھی ایل او سی جانے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ بھارت میں ایل او سی پر کوریج سے روکنے کے لیے گرفتاریاں بھی ہوچکی ہیں۔

  • آرمی چیف سے جاپانی سفیر کی ملاقات

    آرمی چیف سے جاپانی سفیر کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپانی سفیر کنی نوری متسودا کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں ممالک کے مثالی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے نئے جاپانی سفیر کنی نوری متسودا نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاپانی سفیر نے خطے میں کشیدہ فضا کو کم کرنے کے لیے پاکستانی کوششوں کی تعریف کی۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے مثالی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

    اس سے قبل جاپانی سفیر نے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان جاپان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، پاکستان کی متعارف کردہ نیو الیکٹرانک ویزا پالیسی میں جاپان بھی شامل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پر کشش ملک ہے۔ جاپان ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتا ہے۔

  • فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا سے سفیر واپس بلا لیے

    فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا سے سفیر واپس بلا لیے

    یروشلم : مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلانات کے بعد فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا میں تعینات اپنے سفیر واپس بلا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے نائب وزیرخارجہ عمار حجازی نے بتایا کہ برازیل اور آسٹریا کی طرف سے بیت المقدس میں سفارتی دفاتر کھولنے کے اعلانات کے بعد ان ملکوں میں تعینات فلسطینی سفیروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی سفیروں کی واپسی ان دونوں ملکوں کے ساتھ تعلقات کا ازسر نو جائزہ لینے کے لیے عمل میں لائی گئی ہے۔

    عمار حجازی کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا صدر مقام تسلیم کرنے والے ممالک کے ساتھ تعلقات کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات کے بائیکاٹ کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

    عمار حجازی نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کو برازیل اور آسٹریا کے فیصلوں پر سخت تشویش ہے اس طرح کے اقدامات اور اعلانات مشرقی یروشلم سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی توہین کے مترادف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ برازیل اور آسٹریا کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا ذمہ دار امریکا ہے اگر امریکی حکومت ایسا فیصلہ نہ کرتی تو یہ دونوں ملک بھی بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم نہ کرتے۔

    مزید پڑھیں : برازیل کا یروشلم میں سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان

     برازیل کے صدر ڑائیر بولسونارو نے یکم اپریل کو دورہ اسرائیل کے دوران مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    برازیلین صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ یروشلم میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    برازیلین صدر بولسونارو کی جانب سے یروشلم میں ایک سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان بھی کر دیا ہے تاہم اس حوالے سے واضح تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔

    گذشتہ ماہ آسٹریا بھی بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد وہاں پر اپنا ایک نمائندہ دفتر قائم کر چکا ہے۔

  • سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر امریکا میں تعینات

    سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر امریکا میں تعینات

    ریاض : سعودی عرب نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو سفیر مقرر کردیا، ریما بنت بندر بن سلطان امریکا میں پہلی سعودی خاتون سفیر ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وژن 2030 کے تحت سعودی خواتین کو ڈرائیونگ اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں اپنے صلاحیتیں دکھانے کا موقع پر دیا جس کے بعد خواتین نے ہر شعبے میں اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جاری ہونے والے شاہی فرمان کے مطابق ریما بنت بندر بن سلطان امریکا میں بطور سعودی سفیر خدمات سر انجام دیں گے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان کو امریکا میں شہزادہ خالد بن سلمان کی جگہ سعودی عرب کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے شہزادی ریما بنت بند السعود کو پہلی خاتون ہیں جنہیں امریکا میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر تعینات ہونے کا اعزاز ملا ہے۔

    خیال رہے کہ شہزادی ریما بنت بندر سعودی عرب میں ماس پارٹیسپیشن فیڈریشن کی صدر اور ڈیولپمنٹ پلاننگ اسپورٹس اتھارٹی بطور نائب خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شہزادی ریما بنت بندر امریکی پالیسیوں، سیاست اور ماحول سے باخوبی واقف ہیں کیونکہ وہ بندر بن سلطان کی بیٹی ہیں اور شہزادہ بندر بن سلطان سنہ 1983 سے 2005 تک امریکا میں سعودی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

     شاہی فرمان جاری ہونے والے شہزادہ خالد بن سلمان بطور نائب وزیر دفاع نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

    واضح رہے کہ شہزادہ خالد بن سلمان اپریل 2017 سے 23 فروری 2019 تک امریکا میں بطور سعودی سفیر سفارتی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

    مزید پڑھیں : عدوا الدخیل سعودی عرب کی پہلی خاتون پائلٹ بن گئیں

    یاد رہے کہ گزشتہ برس تین جون کو ایک تاریخ سا ز فیصلے کے نتیجے میں سعودی خواتین کو گاڑی چلا نے کی اجازت ملی تھی جو کہ ایک قدامت پسند معاشرے میں بڑا اقدام تھا، جس کے بعد متعدد شعبوں میں خواتین اپنی صلاحتیوں کا لوہا منواتی رہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق رواں ماہ سعودی خاتون عدوا الدخیل نے بلندی سے گرنے کے خوف کو شکست دیتے ہوئے پہلی سعودی خاتون پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

  • چینی سفیر کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

    چینی سفیر کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

    اسلام آباد: چینی سفیر ہاؤ جنگ کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیشرفت، باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ چینی سفیر ہاؤ جنگ دفتر خارجہ پہنچے جہاں ان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیشرفت، باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی عوام کے دلوں میں جڑ پکڑ چکی ہے۔

    ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کا کامیاب دورہ کیا، دونوں ممالک کی قیادت کے مابین اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

    انہوں نے کہا کہ چینی ہم منصب سے بیجنگ اور کابل میں ملاقاتیں سود مند رہیں، ملاقاتوں میں دو طرفہ باہمی تعاون اور پاک چین دوستی مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کی مضبوط حمایت و امداد پر چین کا شکر گزار ہے، سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔