Tag: سفیر

  • ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

    ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: امریکی صدر کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا اور انہیں باور کروایا گیا کہ خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پاکستان کی کوششیں ڈھکی چھپی نہیں، امریکا کو بھولنا نہیں چاہیئے القاعدہ کے اہم رہنما پاکستانی تعاون کے نتیجے میں پکڑے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر امریکی ناظم الامور پال جونز کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے بے بنیاد الزامات پر شدید احتجاج کیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ تمینہ جنجوعہ نے احتجاجی مراسلہ امریکی سفیر پال جونز کے حوالے کیا۔ سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے زیادہ کسی نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی قیمت ادا نہیں کی۔

    سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور الزامات پر مایوسی ہوئی، اس قسم کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی بے بنیاد ہے ناقابل قبول ہے۔ پاکستانی اداروں کی اطلاعات پر ہی امریکا نے اسامہ بن لادن کا کھوج لگایا، اسامہ بن لادن سے متعلق لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے ہماری کوششیں ڈھکی چھپی نہیں۔

    دفتر خارجہ ترجمان کے مطابق امریکی سفیر کو کہا گیا کہ امریکی قیادت نے القاعدہ کے خلاف آپریشن میں پاکستان کے کردار کو سراہا، امریکا کو بھولنا نہیں چاہیئے القاعدہ کے اہم رہنما پاکستانی تعاون کے نتیجے میں پکڑے گئے۔

    امریکی سفیر کو کہا گیا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن میں عالمی برادری کا ساتھ دیا، پاکستان نے زمینی، فضائی اور بحری راستوں سے کمیونیکیشن فراہم کی۔

    سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں جنگ کے خاتمے اور مفاہمتی عمل کے لیے کوشاں ہے، امریکی بیانات اور الزامات ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی امداد اس لیے بند کی کیونکہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، امریکا نے پاکستان کو سالانہ 1.3 بلین ڈالر کی امداد دی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن پاکستان میں روپوش رہا، پاکستان کو افغانستان میں دہشت گردی روکنے کے لیے کہا گیا لیکن اس میں بھی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر کے غلط بیانات زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، امریکی جنگ کا خمیازہ مالی و معاشی عدم استحکام کی شکل میں بھگتا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو تاریخی حقائق سے آگاہی درکار ہے، امریکی جنگ میں پہلے ہی کافی نقصان اٹھا چکے ہیں، اب ہم وہی کریں گے جو ہمارے مفاد میں ہوگا۔

    بعد ازاں امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کے ڈائریکٹر آپریشنز پریس کرنل راب میننگ نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔

    کرنل راب کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، خطے میں پاکستان اورامریکا کے مشترکہ مفادات ہیں۔ پرامن اورمستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔

  • وزیر خارجہ سے آسٹرین سفیر کی الوداعی ملاقات

    وزیر خارجہ سے آسٹرین سفیر کی الوداعی ملاقات

    اسلام آباد: آسٹریا کی سفیر ڈاکٹر بریگیٹ بلہا کی وزارت خارجہ آمد ہوئی جہاں ان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔

    دفتر خارجہ کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کے مطابق آسٹریا کی سفیر ڈاکٹر بریگیٹ بلہا وزارت خارجہ پہنچیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے ان کی الوداعی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    آسٹرین سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تعاون کو تیار ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے ڈاکٹر بریگیٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔

  • وزیر خارجہ سے عراق کے سفیر کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے عراق کے سفیر کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے عراق کے سفیر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ویزے کے مکمل طریقہ کار کو مزید آسان بنانے پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے عراق کے سفیر کی ملاقات ہوئی۔

    دفتر خارجہ کےمطابق وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کے ویزہ معاملے پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے ویزے پر مختلف رپورٹس پر تشویش سے بھی آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ویزے کے مکمل طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے، ضروری کوائف کی تفصیلات کو ویب سائٹ پر آویزاں کیا جائے۔

    وزیر خارجہ نے زائرین کی واپسی کے لیے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    دوسری طرف عراقی سفیر نے بھی وزیر خارجہ کو سفارتخانے کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔


     

  • کرغزستان کے سفیر کی آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبالہ خیال

    کرغزستان کے سفیر کی آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبالہ خیال

    راولپنڈی: کرغزستان کے خصوصی سفیر ایرک بیشمبیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرغزستان کے خصوصی سفیر ایرک بیشمبیو نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ کرغزستان کے سیفر نے علاقائی امن واستحکام کے لیے پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی۔

    آرمی چیف سے افغان سفیر کی ملاقات، ملکی صورت حال پر گفتگو

    قبل ازیں 3 اگست کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مالدیپ کے سفیر احمد سلیم نے ملاقات کی تھی، اس موقع پر مالدیپ کے سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی تھی۔

    بعد ازاں 7 اگست کو روسی نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر فومن نے آرمی چیف سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ اس اہم ملاقات میں علاقائی سکیورٹی کی صورت حال، باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان سفیر ڈاکٹر عمر اور امریکی نائب وزیر خارجہ ایکس ویلز سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • اللہ تعالیٰ نے سعودی عرب کو بیت اللہ کا حج کرنے والوں کی خدمت کا شرف بخشا ہے، سعودی سفیر

    اللہ تعالیٰ نے سعودی عرب کو بیت اللہ کا حج کرنے والوں کی خدمت کا شرف بخشا ہے، سعودی سفیر

    اسلام آباد : پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے سعودی عرب کو بیت اللہ کا حج کرنے والوں کی خدمت کا شرف بخشا ہے، خادم حرمین شریفین اور ان کی ولی عہد کی تعلیمات یہی ہیں کہ حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے میں خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے پاکستان سے کچھ افراد کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کروایا جارہا ہے، جو درحقیقت سعودی عرب کی طرف سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے اسلامی اخوت اور سلامتی کا پیغام ہے۔

    نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس مقصد کے لیے سعودی عرب نے اپنے تمام تر وسائل حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے لیے وقف کردیے ہیں تاکہ وہ اپنے فرائض باآسانی ادا کرسکیں۔

    اس موقع پر نگران وزیرمذہبی امور محمد یوسف شیخ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کئی دہائیوں سے ہیں اور گزرتے وقت کے ساتھ یہ تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔

    محمد یوسف شیخ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے کچھ پاکستانیوں کو بطور شاہی مہمان حج کروانا خادم حرمین شریفین کی پاکستانیوں سے محبت کا ثبوت ہے۔

    بعد ازاں حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کرام کو سعودی سفیر کی طرف سے تحائف بھی پیش کیے گئے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں موجود سعودی سفارت خانے میں تعینات سفیر عمران خان کو مبارک باد دینے کے لیے بنی گالہ پہنچے تھے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

    سفیر نے سعودی حکام اور حکومت کا خصوصی پیغام عمران خان کو پہنچایا جبکہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بڑھانے اور آپسی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

  • سعودی عرب کا کینیڈا کےسفیرکوملک چھوڑنےکا حکم

    سعودی عرب کا کینیڈا کےسفیرکوملک چھوڑنےکا حکم

    ریاض : سعودی عرب نے کینیڈا کے سفیر کونا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے کینیڈا سے سفیر واپس بلالیا جبکہ کینیڈین سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

    سعودی عرب کی جانب سے کینیڈین سفیر کو ملک بدرکرنے کا فیصلہ کینیڈا کی جانب سے سعودی میں سماجی کارکنوں کی گرفتاری پرتشویش کے اظہارکے بعد کیا۔

    اس سے قبل کینیڈا کی وزارت خارجہ اورریاض میں سفارت خانے کی جانب سے سعودی عرب میں گرفتارسماجی کارکنان کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔

    سعودی عرب کے مطابق معاملے پرکینیڈا کا موقف ملکی معاملات میں واضح مداخلت ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اندورنی معاملات میں مداخلت قبول نہیں کی جاسکتی، گرفتاریاں قانون کے مطابق مجازاتھارٹی کی جانب عمل میں لائی گئیں۔

    وزارت خارجہ نے سفارتی سطح پراٹھائے گئے اقدامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا سے اپنا سفیرواپس بلالیا گیا ہے۔

    سعودی عرب نے کینیڈا سے حالیہ سرمایہ کاری، کاروباری لین دین بھی منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی عرب: انسانی حقوق کی دو سرگرم خواتین کارکن گرفتار

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں انسانی حقوق باالخصوص خواتین کےلیےآوازاٹھانے والی دو سرگرم خواتین کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • آرمی چیف سے مالدیپ کے سفیر کی ملاقات

    آرمی چیف سے مالدیپ کے سفیر کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مالدیپ کے سفیر نے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں متعین مالدیپ کے سفیر احمد سلیم نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    جی ایچ کیو آمد کے موقع پر انہوں نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

    اس موقع پر مالدیپ کے سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متنازعہ فیصلوں کے لیے مشہور اقوام متحدہ میں امریکی سفیر

    متنازعہ فیصلوں کے لیے مشہور اقوام متحدہ میں امریکی سفیر

    واشنگٹن: اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کو اپنی سخت مزاجی اور متنازعہ فیصلوں کی وجہ سے وہ توجہ حاصل ہے جو آج تک کسی امریکی سفیر کو نہ مل سکی، تاہم وہاں مختلف نمائندوں کی بڑی تعداد انہیں ناپسند کرتی ہے۔

    امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہونے والی نکی ہیلی ایک سکھ خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کا خاندان اس قصبے میں واحد سکھ خاندان تھا۔

    ان کا اصل نام نمرتا رندھاوا تھا، پیار سے انہیں نکی کہہ کر بلایا جاتا۔ شادی کے بعد انہوں نے سکھ مذہب چھوڑ کر عیسائیت اختیار کرلی اور اپنے شوہر کے نام کے ساتھ اپنا نام مستقلاً نکی ہیلی رکھ لیا۔

    نکی نے ووٹر رجسٹریشن کارڈ میں بھی خود کو سفید فام کی حیثیت سے درج کیا ہے۔

    نکی ہیلی 38 سال کی عمر میں کیرولینا کی پہلی خاتون گورنر منتخب ہوئیں۔ وہ ریاست لوزیانا کے گورنر بوبی جندال کے بعد کسی بھی امریکی ریاست کی دوسری بھارتی نژاد گورنر تھیں۔

    نکی اپنی سخت مزاجی اور سخت بیانات کی وجہ سے مشہور ہیں۔ ایک بار ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’میں ہیلز اس لیے نہیں پہنتی کیوں کہ یہ فیشن ہے، بلکہ اس لیے پہنتی ہوں کہ جہاں کہیں بھی کچھ غلط دیکھوں تو اسے ٹھوکر مار کر ہٹا سکوں‘۔

    سنہ 2015 میں جب جنوبی کیرولینا میں واقع سیاہ فاموں کے ایک چرچ پر ایک سفید فام شخص نے حملہ کر کے 9 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تب نکی نے فیصلہ کیا کہ ریاستی دارالحکومت میں فیڈریشن کا جھنڈا نہیں لہرایا جائے گا۔

    بہت سے افراد کے خیال میں یہ جھنڈا سفید فاموں کی بالا دستی کو ظاہر کرتا ہے۔

    ان کے اس فیصلے سے انہیں بین الاقوامی میڈیا کی توجہ حاصل ہوئی اور دنیا بھر کے لوگوں نے انہیں سراہا۔

    وہ کہتی ہیں، ’میں اس حقیقت کی مخالفت کرتی ہوں کہ لوگوں کو تقسیم کرنے کے لیے سب سے آسان طریقہ مذہب کا استعمال ہے‘۔

    نکی نے صدارتی انتخاب کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہیں کی تھی پھر بھی ٹرمپ نے انہیں اقوام متحدہ میں بطور سفیر منتخب کیا۔

    انہوں نے اقوام متحدہ میں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف کئی فیصلے کیے تاہم زیادہ تر پالیسیوں کی حمایت کی۔ نکی ہیلی ری پبلکن پارٹی میں بہت تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں، ’میرے والدین نے مجھے سکھایا کہ آپ کی انفرادیت ہی آپ کو خاص بناتی ہے۔ میں اپنی زندگی میں آنے والے چیلنجز کی شکر گزار ہوں جو دراصل میرے لیے رحمت ثابت ہوئے‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متنازع ترین سفیر علی جہانگیر صدیقی 28 مئی سے عہدہ سنبھالیں گے

    متنازع ترین سفیر علی جہانگیر صدیقی 28 مئی سے عہدہ سنبھالیں گے

    اسلام آباد: واشنگٹن میں تعینات ہونے والے نومنتخب سفیر علی جہانگیر صدیقی آج رات امریکا روانہ ہوجائیں گے جس کے بعد وہ  28 مئی سے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیرعلی جہانگیرصدیقی آج رات سفارتی پاسپورٹ پر پاکستان سے امریکاروانہ ہوں گے وہ ایک روز بعد اپنا منصب سنبھالیں گے۔  علی جہانگیر صدیقی 28 مئی سے باقاعدہ ذمہ دارایاں سرانجام دیں گے جس کے بعد امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری 29 مئی کو پاکستان واپس پہنچ جائیں گے۔

    یاد رہے کہ علی جہانگیر صدیقی پر 55 ارب روپے خورد برد کا الزام ہے، ذرائع کے مطابق ان کی کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں کرپشن میں ملوث پائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر انسائڈر ٹریڈنگ کا بھی الزام ہے۔

    مزید پڑھیں: نیب نے امریکا کے لیے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی کو دوبارہ طلب کرلیا

    یاد رہے 8 مارچ کو وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے امریکہ کے سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد اپنے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی کو واشنگٹن میں سفیرتعینات کرنے کی منظوری دی تھی، اعزاز چوہدری 14ماہ تک امریکامیں پاکستانی سفیر رہے۔

    یہ بھی پڑھیں: علی جہانگیر صدیقی کے سفیر بننے سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں: عدالت

    سفارتی حلقوں کی جانب سےعلی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کو میرٹ کے خلاف قرار دیا گیا تھا کیونکہ وہ مطلوبہ تعلیم اور سفارتی معاملات کو دیکھنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ملائیشیا نےشمالی کوریا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

    ملائیشیا نےشمالی کوریا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

    کوالالمپور: ملائیشیا نےشمالی کوریا کےسربراہ کم جونگ کےسوتیلے بھائی کم جونگ نیم کی ہلاکت کےمعاملے پر بیان بازی کےبعد شمالی کوریا کےسفیر کوملک بدر کردیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق ملائیشین وزارتِ خارجہ کی جانب سےجاری کیےجانےوالےایک بیان میں شمالی کوریا کے سفیر کینگ چول کو اس وقت ’ناپسندیدہ شخصیت‘ قرار دیا جب انہوں نےکم جونگ نیم کی ہلاکت کےحوالے سے کی جانے والی تفتیش پرتحفظات کا اظہارکیاتھا۔

    ملائیشین وزیرِ خارجہ انیفا عمان نےکہا ہے کہ ان کے ملک نے شمالی کوریا کےسفیر سے ان کی جانب سے دیے جانے والے بیان پر معافی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نےکہاکہ ملائیشیااس کی ساکھ کو تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف اپنا شدید ردِعمل دے گا۔

    مزید پڑھیں: زہریلےمادےکا استعمال‘کم جونگ نیم کی ہلاکت 20منٹ میں ہوئی

    خیال رہےکہ ملائیشیا کی وزارتِ خارجہ نے شمالی کوریا کے سفیر کینگ چول کو 48 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

    مزید پڑھیں:کم جونگ نیم کوقتل کرنے کے90ڈالر ملے‘سیتی ایسیاہ

    یاد رہے کہ شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ کے سوتیلے بھائی کم جونگ نیم 13 فروری کو ملائیشیا میں ہلاک ہوئے تھے۔ان کے چہرے پر ایک اعصاب شکن کیمیکل پھینکا گیا تھا جس سے ان کی موت ہو گئی تھی۔

    مزید پڑھیں:ملائیشیا نے شمالی کوریا کے سفارت کار تک رسائی مانگ لی

    واضح رہےکہ رواں ماہ ملائیشیا نے شمالی کوریا کے سفارت خانے کے ایک سینیئر اہلکار کو تلاش کرنے اور ان سے تفتیش کے لیے رسائی حاصل کرنے کی درخواست کی تھی۔