Tag: سلام

  • بھارتی جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھنے والی کشمیری خواتین کو سلام: فردوس عاشق اعوان

    بھارتی جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھنے والی کشمیری خواتین کو سلام: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے، بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 23 فروری، یوم مزاحمت نسواں کشمیر کا دن مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا سیاہ ترین دن ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض افواج نے نہتی، بے گناہ اور بے یار و مدد گار خواتین کی اجتماعی بے حرمتی کی بھیانک مثال قائم کی۔ بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کی ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے شوہروں کو آزادی کشمیر پر قربان کردیا، ان ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لخت جگر وار دیے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے، کوئی جبر و استبداد انہیں حق خود ارادیت کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے۔ انڈیا میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جارہا ہے، بھارتی مرد و خواتین سڑکوں پر احتجاجاً موجود ہیں۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ شاہین باغ کا احتجاج 60 ویں دن میں داخل ہوچکا ہے جہاں ہزاروں خواتین مودی کے کالے امتیازی قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

  • کینسر کے خلاف برسر پیکار عمران خان کو سلام پیش کرتا ہوں، جرمن سفیر

    کینسر کے خلاف برسر پیکار عمران خان کو سلام پیش کرتا ہوں، جرمن سفیر

    لاہور : پاکستان میں تعینات جرمن سفیر نے کینسر کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سمیت کینسر کے خلاف برسر پیکار افراد کو خراج تحیسن پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کینسر کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے جس کا مقصد سرطان سے آگاہی اور اس مرض سے بچاؤ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کینسر کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران کی کاوشوں سے تعمیر ہونے والے کینسر اسپتال شوکت خانم کا دورہ کیا اور دورے کی تصاویر ایک تحریر کے ساتھ سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر ٹویٹ کیں۔

    ٹویٹ میں مارٹن کوبلر نے موذی مرض سے زندگی و موت کی جنگ لڑنے والے افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کینسر کے عالمی دن کے موقع پر میرا دل کینسر کے موذی مرض میں مبتلا افراد کے لیے ڈھڑک رہا ہے‘۔

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر کا کہنا تھا کہ کینسر میں مبتلا افراد کو لازمی بہترین علاج فراہم کرنا چاہیے۔

    جرمن سفیر نے ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان اور کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف کام کرنے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

  • ان چھوٹی چھوٹی چیزوں سے لوگوں کی شخصیت پہچانیں

    ان چھوٹی چھوٹی چیزوں سے لوگوں کی شخصیت پہچانیں

    لوگوں کا ظاہری رویہ، ان کا نشست و برخاست، گفتگو اور کھانے پینے کا انداز ان کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔ لیکن اس انداز کو پڑھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔

    ماہرین سماجیات کا کہنا ہے کہ کچھ مخصوص انداز مخصوص عادات و رویوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ آئیے آپ بھی ان انداز کے بارے میں جانیں تاکہ آپ لوگوں کی شخصیات کو سمجھ سکیں اور ان سے دوستی رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کرسکیں۔


    میل جول کا انداز

    2

    اگر کوئی شخص مصافحہ کرتے ہوئے مضبوطی سے آپ کا ہاتھ دبائے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ شخص گرم جوش ہے اور جذبات کے اظہار پر یقین رکھتا ہے۔

    ملتے ہوئے کندھے پر ہاتھ رکھنا اس بات کی علامت ہے کہ آپ نے اس شخص کو بے حد متاثر کیا ہے۔

    اگر کوئی شخص مصافحہ کرنے کے لیے دونوں ہاتھوں کا استعمال کرے تو اس کا مطلب ہے کہ یا تو وہ آپ سے کچھ چاہتا ہے یا کوئی پیغام آپ کو دینا چاہتا ہے۔


    مسکراہٹ

    1

    جب کوئی شخص خلوص اور دل سے مسکراتا ہے تو اس کی آنکھوں اور ہونٹوں کے گرد لکیریں نمودار ہوتی ہیں۔ اس کے برعکس جب کوئی شخص زبردستی مسکراتا ہے تو صرف اس کے ہونٹوں کے گرد لکیریں نمودار ہوتی ہیں۔

    اسی طرح جب کوئی شخص جذباتی ہوتا ہے تو عام طور پر اس کی آنکھیں بھر جاتی ہی اور گلا رندھ جاتا ہے۔ اگر کسی جذباتی یا خوشی کے موقع پر آپ سامنے موجود شخص میں ان میں سے کوئی بھی نشانی نہ پائیں تو سمجھ جائیں کہ وہ نرا ڈرامے باز ہے۔


    گفتگو کے دوران

    9

    اگر کوئی شخص گفتگو میں، ’میں‘ کا استعمال زیادہ کرتا ہے تو وہ خود پسند ہونے کے ساتھ ساتھ سچ بولنے کا عادی بھی ہے۔

    اس کے برعکس وہ افراد جو اپنی گفتگو میں ’ہم‘ کا استعمال کرتے ہیں وہ اپنے سماجی دائرے میں موجود تمام افراد کو یاد رکھتے ہیں اور ان کا خیال کرتے ہیں۔

    یہاں آپ کو ایک دلچسپ بات بتائیں کہ جیسے جیسے لوگ معمر ہوتے جاتے ہیں ویسے ویسے وہ صیغہ ماضی کے بجائے مستقبل کی باتیں زیادہ کرتے ہیں۔


    کھانے کی میز پر

    5

    کھانے کی میز پر کھانے کے وقت جو افراد اپنی پلیٹ میں موجود چیزوں کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر کے کھاتے ہیں وہ اپنی زندگی کو اپنی مرضی کے مطابق جینا چاہتے ہیں اور دیرپا رشتوں کے طلبگار ہوتے ہیں۔

    پلیٹ میں موجود تمام اشیا کو مکس کر کے کھانے والے افراد مضبوط شخصیت کے مالک ہوتے ہیں۔

    وہ افراد جو کھانے کو بہت جلدی ختم کر لیتے ہیں وہ ملٹی ٹاسکنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی ذمہ داریوں کے لیے نہایت سنجیدہ ہوتے ہیں اور قابل تعریف شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔

    اس کے برعکس وہ لوگ جو اپنا کھانا بہت آہستگی کے ساتھ ختم کرتے ہیں وہ لمحہ حال میں جینا چاہتے ہیں اور اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔


    پاپ کارن کھانے کا انداز

    7

    امریکی ماہرین کی ایک تحقیق کے مطابق کم گو اور اپنی ذات میں گم رہنے والے افراد ایک ایک پاپ کارن کو بہت دھیان سے کھاتے ہیں۔ اس کے برعکس بے باک، زود گو اور گھلنے ملنے والے افراد ایک بار میں مٹھی بھر پاپ کارن کھاتے ہیں۔

    اسی طرح جلدی جلدی پاپ کارن کھانے والے افراد اپنی ذات سے زیادہ دوسروں کی ذات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔


    سیلفی لینے کا انداز

    4

    وہ افراد جو سیلفی لیتے ہوئے موبائل کو ذرا سا نیچے یعنی اپنے چہرے کے سامنے رکھتے ہیں وہ سوشل میڈیا پر اپنا اچھا تاثر دینا چاہتے ہیں۔

    بہت زیادہ سنجیدہ یا ذمہ دار قسم کے افراد اس طرح کی تصویر لیتے ہیں جن میں ان کے مقام کا کچھ اندازہ نہ ہورہا ہو۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ تصاویر کھینچتے ہوئے آج کل کے رجحان کے مطابق پاؤٹ بنا لینا تصویر کھینچنے والے کے ذہنی انتشار اور غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔


    بار بار فون چیک کرنا

    3

    اپنے اسمارٹ فون پر بار بار سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک، ٹوئٹر یا ای میلز چیک کرنا کسی شخص کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کی علامت ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔