Tag: سلامتی کونسل

  • پاکستان کا غزہ میں نسل کشی روکنے کیلئے سلامتی کونسل سے فوری اقدام کا مطالبہ

    پاکستان کا غزہ میں نسل کشی روکنے کیلئے سلامتی کونسل سے فوری اقدام کا مطالبہ

    (28 اگست 2025): پاکستان نے غزہ میں نسل کشی روکنے کیلئے سلامتی کونسل سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے خطاب میں کہا غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل، بے دخلی، قحط اور تباہی جاری ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی سرعام نسل کشی کررہا ہے۔

    عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں، دنیا براہِ راست قتلِ عام دیکھ رہی ہے، سلامتی کونسل کو اپنے چارٹر کے مطابق اقدام کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا تاخیر کومعاف نہیں کریگی، تاریخ خاموشی کو یاد رکھے گی، دنیا بے عملی کو فراموش نہیں کرے گی، سلامتی کونسل کو اپنے چارٹر کے مطابق اقدام کرنا ہوگا۔

    پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ یہ کیسےکبھی جائز یا قابلِ دفاع ہو سکتا ہے؟، یہ محض ضمنی نقصان نہیں، یہ اجتماعی قتل و غارت ہے، غزہ میں یہ ناقابلِ برداشت المیہ 691 دن سے جاری ہے، اسرائیلی افواج نےجان بوجھ کر شہری زندگی کو تباہ کیا۔

  • سلامتی کونسل میں چین اور روس کی ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت

    سلامتی کونسل میں چین اور روس کی ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین اور روس نے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اتوار کو ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے میٹنگ بلائی، جس کے لیے روس، چین اور پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتوار کو سلامتی کونسل کو بتایا کہ امریکا کی طرف سے ایرانی جوہری تنصیبات پر بمباری ایک خطرناک موڑ کی نشان دہی کرتی ہے، ہمیں فوری اور فیصلہ کن طور پر لڑائی کو روکنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر سنجیدہ، پائیدار مذاکرات کی طرف لوٹنا چاہیے۔


    آبنائے ہرمز کی بندش روکنے کے لیے امریکا نے چین سے مدد مانگ لی


    اقوام متحدہ میں چین کے سفیر فو کانگ نے اجلاس میں ایران پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کے فریقین، خاص طور پر اسرائیل کو فوری جنگ بندی پر پہنچنا چاہیے، امریکا نے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن طاقت کے استعمال سے حاصل نہیں کیا جا سکتا، ایرانی جوہری مسئلے کو حل کرنے کے لیے سفارتی ذرائع ختم نہیں ہوئے، اور اب بھی پرامن حل کی امید ہے۔

    اجلاس میں روس کے سفیر واسیلی نیبنزیا نے کہا کہ ایران پر امریکا کی غیر ذمے دارانہ، خطرناک اور اشتعال انگیز کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، امریکا نے حملہ کر کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔ روس کے مندوب کا کہنا تھا کہ امریکی حملوں سے خطے کے دیگر ممالک بھی متاثر ہو سکتے ہیں، امریکا کو کوئی اختیار نہیں ہے کہ اس طرح کے غیر قانونی اقدام کرے۔


    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں


    دوسری طرف اقوام متحدہ میں قائم مقام امریکی سفیر ڈوروتھی شی نے کونسل کو بتایا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سلامتی کونسل ایران پر زور دے کہ وہ اسرائیل کو ختم کرنے کی اپنی کوششیں ختم کر دے اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو ختم کر دے۔

  • سلامتی کونسل کا اجلاس ایک بار پھر عملی فیصلہ کیے بغیر ملتوی ہو گیا

    سلامتی کونسل کا اجلاس ایک بار پھر عملی فیصلہ کیے بغیر ملتوی ہو گیا

    سلامتی کونسل کا اجلاس ایک بار پھر عملی فیصلہ کیے بغیر ملتوی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران اسرائیل جنگ سے متعلق کوئی عملی فیصلہ نہ ہو سکا، اجلاس میں ایران اور اسرائیل سمیت 22 ممالک نے تقاریر کیں، اور کشیدہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ایرانی مندوب نے خطاب میں کہا اسرائیل نے ایران پر حملوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا، اب تک 5 اسپتالوں پر حملہ کیا جا چکا ہے۔ عراق نے اسرائیل کی جانب سے عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی شکایت بھی کی۔

    عراقی مندوب نے کہا اسرائیلی طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نجف، کربلا اور بصرہ کے اوپر سے پرواز کی، یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔


    پیوٹن نے جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کو ایران کا حق قرار دے دیا


    اجلاس میں سیز فائر اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل کرنے پر زرو دیا گیا، جب کہ اجلاس میں پاکستان، چین اور ترکی نے کھل کر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک سے کشیدگی میں فوری کمی کے لیے درخواست کی، اور اس بڑھتے ہوئے تصادم کو عالمی سلامتی کے مستقبل کے لیے ایک اہم لمحہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا ’’ہم بحران کی طرف بڑھ نہیں رہے بلکہ ہم اس کی طرف دوڑ رہے ہیں، اس تنازعہ کی توسیع ایک ایسی آگ کو بھڑکا سکتی ہے جس پر کوئی قابو نہیں پا سکتا۔‘‘

    ایران اسرائیل جنگ میں اب تک ایران کی جانب سے ڈھائی سو افراد جاں بحق اور ڈھائی ہزار زخمی ہوئے ہیں، جب کہ اسرائیل کی جانب سے 24 افراد ہلاک اور 900 زخمی ہوئے ہیں۔

  • ایران کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس کب ہوگا؟

    ایران کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس کب ہوگا؟

    اسرائیل ایران جنگ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جمعہ کو ہوگا۔

    الجزیرہ کے مطابق ایران کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی ایرانی درخواست کو پاکستان، چین اور روس کی حمایت حاصل ہے۔

    ایران اسرائیل جنگ آج ساتویں دن میں داخل ہو گئی ہے، جنیوا میں ایک تقریب سے خطاب میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی نائب سربراہ ندا النشف نے تہران اور تل ابیب کے درمیان جاری میزائل حملوں کو ختم کرنے کے لیے فوری مذاکرات کا مطالبہ کیا۔

    نائب سربراہ نے کہا ’’یہ ضروری ہے کہ دونوں فریق بین الاقوامی قانون کا مکمل احترام کریں، خاص طور پر گنجان آباد علاقوں میں شہریوں اور شہری املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ہم تمام اثر و رسوخ رکھنے والوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ترجیحی طور پر مذاکرات میں شامل ہوں۔‘‘


    تہران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    ہیومن رائٹس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل نمائندے سفارتکار علی بحرینی نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’’ایران کے خلاف 13 جون کی جارحیت سے بدتر کوئی خلاف ورزی نہیں، رہائشی علاقوں پر مسلسل اندھے حملے، ضروری سپلائی پر بمباری، پینے کے پانی کے ریسورسز پر دھماکا اور جوہری تنصیبات پر لاپرواہ حملے ایران کے شہریوں اور عوام کو فوری طور پر متاثر کر رہے ہیں۔‘‘

    ادھر اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپی وزرائے خارجہ جمعہ کو ایران سے جوہری مذاکرات کریں گے، جن میں جرمنی، فرانس، برطانیہ شامل ہیں، ایران سے مذاکرات جنیوا میں جرمن قونصلیٹ میں ہوں گے، یورپی یونین کی اعلیٰ سفارتکار کایاکالاس بھی مذاکرات میں شریک ہوں گی، اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذاکرات امریکی منظوری سے ہو رہے ہیں، مقصد کشیدگی میں کمی لانا ہے۔

  • سلامتی کونسل میں غزہ پر قرار داد امریکا نے ویٹو کردی

    سلامتی کونسل میں غزہ پر قرار داد امریکا نے ویٹو کردی

    غزہ میں انسانی بحران جاری ہے، فلسطینیوں کے برے دن ابھی بھی کم نہ ہوسکے، امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں مستقل جنگ بندی اور امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کی قرار داد ویٹو کر دی۔

    اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں غزہ میں مستقل جنگ بندی کی قرار داد پاکستان سمیت 10 غیر مستقل ارکان کے ساتھ مل کر الجزائر نے پیش کی تھی۔

    اقوام متحدہ میں امریکا کی قائم مقام سفیر ڈوروتھی شیا کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچانے والی کوئی بھی چیز قبول نہیں، حماس کو شکست دینا اور دوبارہ خطرہ نہ بننے دینا اسرائیل کا حق ہے، مزید یہ کہ امریکی مخالفت کسی کو حیرانی نہیں ہونی چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ قرارداد زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے جنگ بندی کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی اور حماس کو تقویت دے گی۔

    قرارداد میں غزہ میں مستقل جنگ بندی اور بلارکاوٹ امداد کی رسائی کا مطالبہ شامل تھا تاہم امریکا نے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی غزہ میں مستقل جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی۔

    سلامتی کونسل کے 14 ارکان نے غزہ جنگ بندی مطالبے کےحق میں ووٹ دیا، قرارداد کےحق میں ووٹ دینے والوں میں پاکستان بھی شامل تھا۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے بغیر کسی شرط کے مستقل جنگ بندی کی تمام اپیلوں کو مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس کو غزہ میں رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    مارچ میں دو ماہ کی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اسرائیل نے اپنی فوجی کارروائی دوبارہ شروع کر دی ہے تاکہ حماس کے قبضے میں موجود یرغمالیوں کو بازیاب کروایا جا سکے۔

  • پاکستان سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب صدر منتخب

    پاکستان سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب صدر منتخب

    پاکستانی موقف کی بڑی کامیابی اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کی 15 رکنی انسداد دہشتگردی کمیٹی کی نائب صدارت پاکستان کو مل گئی۔

    بھارت کو دنیا بھر میں منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔ گزشتہ ماہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر جنگی جارحیت پر جہاں پاک فوج نے منہ توڑ جواب دے کر دنیا بھر میں رسوا کیا، وہیں اپنے انتہا پسندانہ موقف کی وجہ سے دنیا بھر میں ہندوستان کی تنہائی بڑھتی جا رہی ہے۔

    ایک اور سفارتی میدان میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ہے اور بھارٹ کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ اس کے تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 15 رکنی انسداد دہشتگردی کمیٹی کی نائب صدارت پاکستان کو مل گئی ہے۔

    سلامتی کونسل کمیٹی عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف اقدامات کی نگرانی کرتی ہے اور پاکستان طالبان پر پابندیوں سےمتعلق کیمٹی کی صدارت بھی کرے گا۔

    یہ کمیٹی طالبان کے اثاثے منجمد کرنے، سفری پابندیوں اور ہتھیاروں کی روک تھام کے فیصلے بھی کرے گی۔

    اعلیٰ سفارت کار نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کی نائب صدارت ملنے پر کہا ہےکہ ہے اس سے بھارت کا پاکستان کو دہشتگردوں کا سہولت کار قرار دینے کا بھارتی بیانیہ دفن ہو گیا ہے۔

    سفارت کار کے مطابق سلامتی کونسل کی 15 رکنی انسداد دہشتگردی کمیٹی کے نائب صدر کی حیثیت سے پاکستان عالمی چیلنجز کے حل میں اپنا فعال کردار ادا کرنے گا۔

    واضح رہے کہ بھارت کے دہشتگرد عزائم اور منافقانہ چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے پاکستان کا پارلیمانی وفد بلاول بھٹو کی قیادت میں امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک کے دورے پر ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/bilawal-bhutto-modi-and-netanyahu/

  • غزہ میں جنگ بندی، سلامتی کونسل میں قرارداد پر آج ووٹنگ کا امکان

    غزہ میں جنگ بندی، سلامتی کونسل میں قرارداد پر آج ووٹنگ کا امکان

    امریکی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 10 منتخب اراکین کی جانب سے باڈی کے دیگر 15 اراکین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’غزہ میں جنگ بندی‘ کے حوالے سے قرارداد کے حق میں ووٹ دیں، جس پر آج ووٹنگ ہونے کا امکان ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ آج سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی قرارداد میں ’غزہ میں فوری، غیرمشروط اور مستقل جنگ بندی‘ کے نکات شامل ہیں۔

    خبر رساں ادارے نے اس کے مسودے کو دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ’حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی اور غزہ میں انسانی امداد کے داخلے پر پابندیوں کو فوری طور پر ہٹانے اور محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ بلاروک ٹوک تقسیم کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

    مسودے میں اس ضمن میں اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

    قرارداد کی کامیابی کے لیے اس کے حق میں نو ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ مستقل ارکان جن میں امریکہ، روس، چین، برطانیہ اور فرانس شامل ہیں، ان کی جانب سے اس کو ویٹو بھی نہیں کیا جاتا۔

    دوسری جانب جو بائیڈن انتظامیہ کے ترجمان وزارت خارجہ متھیو ملر نے اسرائیل کے جنگی جرائم کا اعتراف کر لیا ہے۔

    اسکائی نیوز کے مطابق سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ میں وزارت خارجہ کے ترجمان کے عہدے پر مامور رہنے والے متھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکی حکومت نہیں مانتی لیکن اسرائیل یقینی طور پر ”جنگی جرائم“ کا ارتکاب کر رہا ہے۔

    پریس بریفنگز کے دوران اسرائیل کا دفاع کرنے والے متھیو ملر نے ایک پوڈ کاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ”وزارت خارجہ کی ترجمانی کے دوران امریکی حکومت کی رائے بیان کرنا ہوتی تھی، امریکی حکومت اب بھی اس بات کو نہیں مانتی کہ اسرائیلی فورسز غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔“

    میزبان کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ نسل کشی ہے؟ میتھیو ملر نے جواب دیا کہ ”نہیں نسل کشی نہیں“ لیکن اسرائیل نے یقینی طور پر جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

    اہلِ غزہ کو بےگھر کرنے اور اسرائیل کا حامی امدادی ادارے کا سربراہ مقرر

    انھوں نے کہا ”جب آپ پوڈیم پر ہوتے ہیں، تو آپ اپنی ذاتی رائے کا اظہار نہیں کر رہے ہوتے، بلکہ آپ امریکی حکومت کے فیصلوں کا اظہار کر رہے ہوتے ہیں۔“

  • پہلگام واقعہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    پہلگام واقعہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    پاکستان کی درخواست پر پہلگام واقعے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، جس میں پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی سے پیدا صورت حال پر غور ہوگا۔

    سلامتی کونسل کے صدر نے پہلگام واقعے کے بعد پیدا شدہ صورت حال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی باعث تشویش ہے۔

    ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحانہ اقدامات جنوبی ایشیا اور خطے سے باہر امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، پاکستان خطے کی تازہ ترین صورت حال پر سیکیورٹی کونسل کو بریفنگ دے گا۔


    بھارتی جارحیت کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ


    دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں جارحانہ بھارتی اقدامات، اشتعال انگیزی اور بیانات سے آگاہ کیا جائے گا، ترجمان نے کہا خصوصی طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اقدام کے مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا۔

    ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے حوالے سے یہ سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کے سامنے درست حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

  • پہلگام واقعہ، پاکستان کا خطےکی صورتحال پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دینےکا فیصلہ

    پہلگام واقعہ، پاکستان کا خطےکی صورتحال پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دینےکا فیصلہ

    پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارتی جنگی جنون اور خطے کی صورتحال پر پاکستان نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گزشتہ ماہ 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کے غیر انسانی اقدامات اور جنگی جنون جاری ہے۔ مودی سرکار کے بڑھتے ہتھکنڈوں اور جنگی جنون سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

    پاکستان سلامتی کونسل کو بھارت کے جارحانہ اقدامات سے آغاہ کرے گا اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو بھی اجاگر کرے گا۔

    سلامتی کونسل میں پاکستان اراکین کو واضح کرے گا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کے سامنے درست حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن ڈرامے کے بعد بھارت میں مودی سرکار پاکستان اور مسلم دشمنی میں ہر حد پار کر رہی ہے۔

    اس واقعہ کے فوری بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم کرنے کا غیر قانونی اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانیوں کے لیے تمام ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں تین دن میں بھارت چھوڑنے کی مہلت دی اور اس میں علاج کے لیے گئے کئی پاکستانیوں کو بھی واپس بھیج دیا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے۔

    دوسری جانب ہندو انتہا پسند آر ایس ایس کی حامی مودی سرکار اس واقعہ کی آڑ میں بھارت میں ایک بار پھر ہندو مسلم فسادات کرانے کی سازش رچا رہی ہے جس کے لیے مسلم مخالف گانے ریلیز کیے جا رہے ہیں۔

    مودی حکومت اپنی نا اہلی اور ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کے لیے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کا ڈراما رچا رہی ہے تاہم دنیا اس واقعہ پر سوالات اٹھا کر خود بھارتی حکومت کے منفی پروپیگنڈےکو بے نقاب کر رہی ہے۔

    پاکستان کی جانب سے بھی پہلگام واقعہ کے ثبوت مانگے گئے تاہم دو ہفتے گزر جانے کے باوجود اب تک بھارت کی جانب سے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے جب کہ پاکستان نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے مذکورہ واقعہ پر غیر جانبدار اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ پاکستان کے اس اقدام کو دنیا بھر کی جانب سے سراہا جا رہا ہے لیکن بھارت کو اس پیشکش پر سانپ سونگھ گیا ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا عندیہ

    پاک بھارت کشیدگی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا عندیہ

    پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر ایوانجی لوس سیکیرس کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کشیدگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر جلد ہنگامی اجلاس بلا سکتے ہیں، مختلف ممالک پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں۔

    ہم جانتے ہیں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے، امید ہے کشیدگی کم کروانے کی کوششیں مؤثر ثابت ہوں گی، ہم بھی کشیدگی میں کمی اور بات چیت میں شامل ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ اگر کشیدگی میں کمی نہ آئی، تو صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اور سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلائیں گے۔

    واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے جس میں جنوبی ایشیا میں خطے اور خصوصاً پاک بھارت تنازع سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کو پاکستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن برقرار رکھنے کیلئے بھارت کو پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس نے بتایا کہ گفتگو کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل مارکو روبیو نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی بات کی، دونوں رہنماؤں نے پہلگام واقعے کے ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ٹیمی بروس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں میں براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

    سندھ طاس معاہدے کی معطلی : پاکستان کا بھارت کو نوٹس دینے کا فیصلہ

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس کا مزید کہنا تھا کہ مارکو روبیو نے جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو بھی سراہا۔