Tag: سلطان قابوس

  • عمان :’’سلطان قابوس مسجد‘‘ جانے والوں کیلیے اہم اعلان

    عمان :’’سلطان قابوس مسجد‘‘ جانے والوں کیلیے اہم اعلان

    عمان : سلطان قابوس ہائر سینٹر فار کلچر اینڈ سائنس نے تاریخی سلطان قابوس مسجد میں داخلے کیلیے انٹری فیس مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق عمان کے مشہور سیاحتی مقام، سلطان قابوس گرینڈ مسجد کی انتظامیہ نے وزیٹرز کے لیے داخلہ فیس متعارف کرائی ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد یہاں آنے والوں کی خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو منظم کیا جا سکے۔

    رپورٹ کے مطابق گرینڈ مسجد اپنی شاندار تعمیرات اور خوبصورتی کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے، جن میں ایک 14 میٹر اونچائی کا شاندار جھومر اور دنیا کا سب سے بڑا نماز کا قالین شامل ہیں، جو اسے بین الاقوامی اور مقامی سیاحوں کے لیے ایک اہم مقام بناتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عمان حکومت کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر خوب بحث و مباحثہ ہوا کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ کسی بھی مسجد کے لیے داخلہ فیس کیسے لی جا سکتی ہے؟۔

    داخلہ فیس سے متعلق مسجد انتظامیہ کی وضاحت

    سوشل میڈیا پر ہونے والے ان خدشات کے جواب میں سلطان قابوس ہائر سینٹر فار کلچر اینڈ سائنس نے ایک وضاحتی بیان جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیس صرف وزیٹرز کے انتظام کے لیے ہے اور مسجد میں نماز کے اوقات میں داخلے کیلیے اس فیس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    جاری بیان کے مطابق گرینڈ مسجد عمان کی سب سے بڑی سیاحتی کشش رکھنے والی مسجد ہے اور سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اور مسجد کی سہولیات کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک نظام متعارف کرانا ضروری ہو گیا تھا۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدہ کرنے والی کمپنی تنظیم، صفائی اور حفاظت کی ذمہ دار ہے اور اس نے وزیٹرز کو ان کی زبانوں میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے 35 عمانی گائیڈز کی خدمات حاصل کی ہیں۔

    مسلمانوں کے لیے نماز کے اوقات میں مسجد کا داخلہ مفت رہے گا، تاہم اس کے بعد آنے والے لوگوں چاہے وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم فیس کی ادائیگی کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔

  • عمان کے سلطان کے پاس دنیا کی مہنگی ترین بندوق

    عمان کے سلطان کے پاس دنیا کی مہنگی ترین بندوق

    عمان کے سلطان قابوس کے زیر استعمال رہنے والی قدیم بندوق کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، قدیم بندوق پر سابق عمانی سلطان قابوس کی تصویرنقش ہے۔

    عمانی سلطان قابوس بن سعید بن تیمور کی بندوق معروف سویڈش کمپنی ووفابن کی تیار کردہ ہے، کہا جارہا ہے کہ یہ دنیا کی مہنگی ترین بندوق ہے۔

    سویڈش کمپنی 1977 میں قائم کی گئی تھی جو راویتی بندوقیں بنانے میں عالمی شہرت کی حامل ہے، کمپنی کی تیارکردہ بندوقوں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ ہاتھ سے بنائی جاتی ہیں جن میں کسی قسم کا مشینی عمل دخل نہیں ہوتا اسی لیے اس کی قیمت عام بندوقوں سے بہت زیادہ ہوتی ہے۔

    سابق عمانی سلطان قابوس کی بندوق کی قیمت کا تخمینہ اس وقت 9 لاکھ 80 ہزار ڈالر لگایا گیا ہے، بندوق پر سلطان قابوس کی تصویر نقش ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    سویڈش کمپنی انتہائی محدود پیمانے پر بندوقیں بنانے کے آرڈر لیتی ہے، کمپنی کی خاصیت یہ ہے کہ ایک آرڈر مکمل ہونے کے بعد دوسرا آرڈر لیا جاتا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے متعدد عالمی رہنماؤں کے لیے بندوقیں تیار کی گئی ہیں جن میں سلطان قابوس، شیخ زاید ،شیخ محمد بن زاید، شیخ محمد بن راشد، شیخ حمد بن محمد بن راشد شامل ہیں۔

    سویڈش کمپنی نے سلطان قابوس کے انتقال کے بعد اپنے انسٹاگرام پیج پر بندوق کی تصاویر اپ لوڈ کی ہیں تاہم بندوق کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں جس سے معلوم ہو سکے کہ بندوق کس سال بنائی گئی تھی اور اس کی قیمت کیا تھی۔

  • وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    مسقط: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم سے ملاقات کی اور سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے جہاں انہوں نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی طرف سے سلطان ہیثم کے پیش رو سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلطان قابوس کے دنیا سے رخصت ہونے سے سلطنت عمان ایک ہر دلعزیز لیڈر اور پاکستان ایک مخلص، بااعتماد اور پرخلوص دوست سے محروم ہوا ہے۔

    سلطان ہیثم نے شاہ محمود قریشی کی آمد اور تعزیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عمان کی حکومت مرحوم سلطان کے زریں اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی۔

    انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آنے والے دنوں میں عمان اور پاکستان کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

    خیال رہے کہ 10 جنوری کو عمان کے سلطان، سلطان قابوس 79 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے۔ سلطان قابوس کو مسقط میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سلطان قابوس کے انتقال کے بعد ان کے چچا زاد بھائی ہیثم بن طارق کو عمان کا نیا سلطان بنایا گیا۔ سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہ ہونے کے سبب عمان کے شاہی خاندان نے ہیثم بن طارق کی تخت نشینی پر اتفاق کیا۔

  • سلطنت عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید انتقال کر گئے

    سلطنت عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید انتقال کر گئے

    مسقط: عرب ملک سلطنت عمان کے سلطان قابوس بن سعید طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، انتقال پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمان کے 79 سالہ سلطان قابوس اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں، سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے، وہ اپنے والد سعید بن تیمور کی وفات کے بعد عمان کے بادشاہ بنے تھے۔

    سلطان قابوس 18 نومبر 1940 کو پیدا ہوئے جب کہ گزشتہ روز 10 جنوری 2020 کو مسقط میں انتقال کر گئے، انھیں مسقط ہی میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سلطان قابوس کے جانشین کا اعلان ان کا خاندان کرے گا، جانشین پر اتفاق نہ ہونے پر سلطان قابوس کی وصیت کھولی جائے گی، سلطان قابوس نے ابتدائی تعلیم عمان میں حاصل کی جس کے بعد انھیں مزید تعلیم کے لیے برطانیہ بھیجا گیا، انھوں برطانیہ کی سندھرسٹ اکیڈمی سے جنگی تربیت حاصل کی اور جرمنی میں بہ طور لیفٹننٹ جنگی مہموں میں حصہ لیا۔

    سلطان قابوس نے نوال بنت طارق سے شادی کی جو تین سال بعد ختم ہو گئی، نوال سے سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ عمان کے قانون کے مطابق سلطان قابوس کے جانشین کا فیصلہ تین دن کے اندر ان کے خاندان کو کرنا ہوگا، اگر خاندان کسی نتیجے پر نہیں پہنچا تو پھر سلطان قابوس کی وصیت کے مطابق حکومت قائم کی جائے گی، سلطان قابوس کو حکومت پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ سلطان قابوس نے اپنے والد کے خلاف کام یاب بغاوت کے بعد 23 جولائی 1970 کو تخت تک رسائی حاصل کی تھی۔ ان کا مقصد دنیا میں سلطنت کی تنہا حیثیت ختم کرنا تھا، وہ چاہتے تھے کہ ملک کے تیل کے ریونیو کو ترقی اور مملکت کو جدید بنانے کے لیے استعمال کیا جائے۔ انھوں نے تخت پر بیٹھنے کے بعد اعلان کیا کہ اب مملکت کو ’مسقط و عمان‘ نہیں کہا جائے گا بلکہ اس کا نام سلطنت عمان سے بدل دیا۔