Tag: سلمان احمد

  • پی ٹی آئی نے گلوکار سلمان احمد کی پارٹی رکنیت ختم کردی

    پی ٹی آئی نے گلوکار سلمان احمد کی پارٹی رکنیت ختم کردی

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی کے خاندان پر تنقید پر گلوکار سلمان احمد کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے گلوکار سلمان احمد کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سلمان احمد سوشل میڈیا بیانات سے پارٹی قیادت اور ورکرز میں نفاق پیدا کرتے رہے۔

    نوٹس میں لکھا گیا کہ سلمان احمد نے عمران خان اور ان کے اہلخانہ کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹیں کیں، پارٹٓی ایسے بیانات سے اظہار لاتعلقی کرتی ہے اور ان کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔

    بیرسٹر گوہر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گلوکار سلمان احمد مستقبل میں پی ٹی آئی کا نام استعمال نہیں کرسکیں گے۔

    واضح رہے کہ سلمان احمد عرصہ دراز سے پی ٹی آئی کے حامی تھے اور 2022 میں انہیں ثقافت کے حوالے سے عمران خان کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا۔

    گلوکار کو 2016 میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کی بنی گالہ میں رہائش گاہ کے باہر مختصر وقت کے لیے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ ان سے ملاقات کرنے جارہے تھے۔

  • پی ٹی آئی اور عمران خان کے دست راست سلمان احمد نے بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کردی

    پی ٹی آئی اور عمران خان کے دست راست سلمان احمد نے بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کردی

    اسلام آباد : پی ٹی آئی اور عمران خان کے دست راست سلمان احمد کا 9 مئی کےواقعات کی مذمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا جو لوگ اس میں ملوث ہیں انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور عمران خان کے دست راست سلمان احمد نے بھی 9 مئی کے ہونے والے واقعات کی مذمت کردی۔

    سلمان احمد نے اپنے بیان میں کہا 9مئی کے واقعات نے میرا بہت دل دکھایا ہے، جو لوگ اس میں ملوث ہیں انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے، کسی کو بھی کبھی بھی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔

    خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما جن میں شیریں مزاری، فواد چوہدری، ملک اسلم امین، بلال غفار اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز 9 مئی کے تشدد کی مذمت کے بعد پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

    گذشتہ روز سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وہ پارٹی عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں اور چیئرمین عمران خان سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔

  • نفرت انگیز تقریر  : پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد کے خلاف بھی  مقدمہ درج

    نفرت انگیز تقریر : پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد کے خلاف بھی مقدمہ درج

    تربت: پی ٹی آئی کے رہنما سلمان احمد کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ملکی ادارے کے خلاف نفرت اور اشتعال پھیلانے کی دفعات کے تحت درج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج کرانے کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی آئی کے رہنما سلمان احمد کے خلاف بھی تربت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مقدمہ ملکی ادارے کے خلاف نفرت اور اشتعال پھیلانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ، مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سلمان احمد نے ادارے کے سابق سربراہ کیخلاف نفرت انگیز تقریر کی۔

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کیخلاف کراچی کے تھانے میں مقدمہ درج ہوا، مقدمہ ملکی ادارے کے خلاف نفرت اور اشتعال پھیلانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

    مدعی مقدمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے ادارے کے سابق سربراہ کیخلاف نفرت انگیز تقریر کی، شہباز گل عوام کو ادارے کے افسران کیخلاف بھڑکا رہے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق مقدمہ پرسوں درج کروایا گیا تھا، جس میں سوشل میڈیا پر کسی تقریر کا حوالہ دیا گیا ہے۔

  • گلوکار سلمان احمد نے عمران خان کی حمایت ترک کردی

    گلوکار سلمان احمد نے عمران خان کی حمایت ترک کردی

    لاہور: معروف گلوکار سلمان احمد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ وہ گزشتہ 35 سال سے پارٹی کی حمایت کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں سلمان احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ 35 سال سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حمایت اور دفاع کرنے کے بعد اب وہ مزید یہ کام نہیں کرسکتے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوف ہے کہ عمران خان کو جانور نہ گھیر لیں۔

    یاد رہے کہ سلمان احمد 80 اور 90 کی دہائی میں وائٹل سائنز اور جنون بینڈ کا حصہ تھے۔ بینڈ سے علیحدہ ہوجانے کے بعد وہ انفرادی طور پر گانے گا رہے تھے۔

    گزشتہ کئی سالوں سے وہ سماجی خدمات میں بھی مصروف تھے اور خاص طور پر انسداد پولیو کے لیے بہت کام کر رہے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنون بینڈ کے مداحوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے؟

    جنون بینڈ کے مداحوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے؟

    اسلام آباد : نوے کی دہائی کے مقبول میوزیکل بینڈ جنون موسیقی کے دلدادہ لوگوں کی دلوں پر برسوں حکمرانی کی ہے تاہم کئی عرصے سے مداح اس بینڈ کو یکجا نہیں دیکھ پا رہے تھے تاہم اب دوبارہ سے اس بینڈ کے یکجا ہونے کی خبر نے شائقین کے دل موہ لیے ہیں۔

    ماضی کے معروف میوزیکل بینڈ جنون کسے یاد نہیں ہو گا اس بینڈ نے نوے کے اوائل میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور شائقین موسیقی کے درمیان مدھر موسیقی اور خوبصورت آوازوں سے مزین گانوں سے اپنی اجارہ داری قائم رکھی۔

    نوے کی دہائی کے آغاز میں لاہور میں جنم لینے والے اس بینڈ میں سلمان احمد۔ نصرت حسین، غیرملکی گٹارسٹ برین اور علی عظمت بہ طور گلوکار شامل تھے جنہوں نے جدید میوزیکل آلات کے ساتھ موسیقی کی دنیا کے تما م ہی شعبہ جات پر طبع آزمائی کی تاہم صوفیانہ کلام پیش کرنے میں یہ بینڈ اپنا ثانی نہیں رکھتا تھا۔

    اس دوران انہوں نے اپنا پہلا البم ’’جنون‘‘ کے نام دے ریلیز کیا جو اس بینڈ کا برانڈ بن گئی اس کے بعد 1993 میں تلاش جاری کر کے پاکستان میں ابھرتی ہوئی پاپ موسیقی میں اپنی نئی راہ متعین کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد تیسری البم انقلاب نے ان کی شہرت کو دوام بخشا اور موسیقی کی دنیا میں انقلاب برپا کردیا۔

    جنون بینڈ کے 1997 میں جاری کیئے گئے البم آزادی نے پاکستان سمیت بھارت میں بھی دھوم مچا دی تھی اور یوں اس البم کے بعد جنون بینڈ کو عالمی شہرت حاصل ہوگئی اور پھر 1999 کے البم پرواز کی بلند پروازی نے حاسدوں کو دل جلادیا اور 2003 میں دیوار کے نام سے جاری ہونے والی البم گویا ممبران بینڈ کے درمیان دیوار کھڑی کر کی گئی اور 2005 میں یہ بینڈ اختلافات کی نظر ہوگیا۔

    دو ہزار کی دہائی کے وسط میں جنون بینڈ ممبران کے درمیان اختلافات سامنے آنا شروع ہوگئے اور پھر شائقین موسیقی کو اس بینڈ کو یکجا ہوکر ایک ساتھ پر فارم کرتے ہوئے دیکھنے کا موقع میسر نہیں آسکا تاہم انفرادی گانے ضرور آتے رہے تاہم اب علی عظمت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اپنی ایک پوسٹ پر جنون بینڈ کو دوبارہ سے شروع کرنے کا عندیہ ہے اور اس کے لیے عوام سے رائے مانگی ہے۔

    علی عظمت کی جانب سے اس پوسٹ پر سلمان احمد اور برین کو بھی ٹیگ کیا گیا ہے جس سے گیند اب سلمان احمد کے کورٹ میں ہے اور ان کی رضامندی کے بعد نوے کی دہائی کا یہ مقبول بینڈ پھر سے شائقین موسیقی کو اپنے گانوں اور دھنوں پر محو رقص ہونے پر مجبور کردے گا۔

  • یوم اقبال: معروف شخصیات کا اقبال کا پسندیدہ شعر

    یوم اقبال: معروف شخصیات کا اقبال کا پسندیدہ شعر

    آج شاعر مشرق علامہ اقبال کا 140 واں یوم ولادت منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر چند معروف شخصیات نے اپنا پسندیدہ اقبال کا شعر سنایا۔

    آئیں آپ بھی وہ شعر سنیں۔


    فیصل قریشی

    معروف اداکار اور اے آر وائی ڈیجیٹل مارنگ شو سلام زندگی کے میزبان فیصل قریشی نے اپنے مخصوص انداز میں شاعر مشرق کا شعر پڑھ کر سنایا

    ماریہ میمن

    معروف صحافی اور اے آر وائی نیوز کی اینکر پرسن ماریہ میمن کے مطابق انہیں اقبال کا یہ شعر بہت پسند ہے۔

    زندگانی ہے صدف، قطرہ نیساں ہے خودی

    وہ صدف کیا کہ جو قطرے کو گہر کر نہ سکے

    ہو اگر خود نگر و خود گر و خود گیر خودی

    یہ بھی ممکن ہے کہ تو موت سے بھی مر نہ سکے


    ابرار الحق

    معروف گلوکار ابرار الحق نے اقبال کا اپنا پسندیدہ شعر یہ پڑھا۔

    کی محمد سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں

    یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں


    اعجاز اسلم

    معروف اداکار اعجاز اسلم کا پسندیدہ شعر یہ ہے۔

    خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے

    خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے


    سلمان احمد

    معروف اداکار سلمان احمد نے اقبال کا وہی شعر پڑھا جو انہوں نے گایا بھی ہے۔

    زمانے کے انداز بدلے گئے

    نیا راگ ہے، ساز بدلے گئے


    آپ کو اقبال کا کون سا شعر پسند ہے؟ ہمیں کمنٹس میں ضرور بتائیں۔


  • پولیو ویکسین سے بچے کی ہلاکت کا تعلق نہیں، آصفہ بھٹو، سلمان احمد

    پولیو ویکسین سے بچے کی ہلاکت کا تعلق نہیں، آصفہ بھٹو، سلمان احمد

    کراچی : کراچی میں بچے کی ہلاکت کا پولیو ویکسین سے کوئی تعلق نہیں، یہ بات پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو، گلوکار سلمان احمد اور ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ نے اپنے بیان میں کہی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی بچے کی موت سے پولیو ویکسین کا کوئی تعلق نہیں ہے، انہوں نے کہ اکہ میڈیا کو غلط معلومات پھیلانے سے اجتناب کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بچے کی ہلاکت کا الزام پولیو ویکسین کو دینا پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں رکاوٹ کا سبب بن سکتا ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان میں پولیو مہم کے سفیر اورمعروف گلوکارسلمان احمد نے کہا ہے کہ آج تک پولیو ویکسین سے دنیا بھرمیں کوئی بچہ متاثر نہیں ہوا، پولیو ویکسین سے متعلق جھوٹی خبروں سےنقصان ہوتا ہے، اس کے علاوہ جھوٹی خبروں سے گھر گھر جاکر ویکسین پلانے والے پولیو ورکرزکی جان کو بھی خطرات لاحق ہوتےہیں۔

    دریں اثناء ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے ترجمان نے بھی اس تاثر کی نفی کرتے ہوئے بچے کی پولیو ویکسین سے موت کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ آج تک کوئی بچہ پولیو ویکسین سےجاں بحق نہیں ہوا، انسداد پولیو کے قطرے کسی بھی صورت خطرناک نہیں، اس ویکسین کے قطرے دنیا بھرمیں پلائےجاتے ہیں اور آج تک اس قسم کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔

    مزید پڑھیں : مبینہ طورپرپولیو کے قطرے پینے سے بچہ ہلاک

    ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں 80 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو رواں مہم میں قطرے پلائے گئے، پولیو ویکسین عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ دوا ہے، ویکسین کی بنیاد پرپاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جاسکتا ہے۔

  • جنید جمشید پر بننے والی فلم ’خواب‘ بھارت میں بلاک

    جنید جمشید پر بننے والی فلم ’خواب‘ بھارت میں بلاک

    معروف موسیقار اور گلوکار سلمان احمد نے طیارہ حادثے میں شہید جنید جمشید کے ساتھ گزارے گئے لمحات پر مبنی شارٹ فلم ’خواب‘ جاری کردی۔ فلم کو بھارت میں یوٹیوب پر بلاک کردیا گیا۔

    سلمان احمد کی جانب سے جاری کی جانے والی فلم میں ان کے جنید جمشید کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو دکھایا گیا ہے۔

    فلم میں مختلف ویڈیوز اور تصاویر کو یکجا کیا گیا ہے جن میں جنید جمشید کا گلوکاری کا کیریئر جب انہوں نے دنیا بھر میں پرفارم کیا، ان کی مختلف شخصیات سے ملاقاتیں، اور سلمان احمد اور دیگر دوستوں کے ساتھ خوبصورت لمحات قید کیے گئے۔

    واضح رہے کہ سابق گلوکار اور معروف نعت خواں و سماجی کارکن جنید جمشید 7 دسمبر کو حویلیاں کے نزدیک ہونے والے فضائی حادثے میں شہید ہوگئے تھے۔

    فلم ’خواب‘ کے جاری ہوتے ہی بھارت میں یوٹیوب پر اس کے لنک کو بلاک کردیا گیا جس کی شکایت سلمان احمد کے بھارتی مداحوں نے ٹوئٹر پر کی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے بھارت میں اسے اس لیے بلاک کیا گیا ہو کیونکہ یہ فلم پاکستان کے ثقافتی ورثے کو ظاہر کرتی ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سلمان احمد لائن آف کنٹرول پر ہونے والی بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجاً بھارت میں اپنا کنسرٹ منسوخ کرچکے ہیں۔

    سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک طرف تو بھارت معصوم پاکستانیوں کو اپنے جنگی جنون کا نشانہ بنائے اور دوسری طرف وہ وہاں جا کر گانے گائیں۔ وہ ایسی منافقت میں حصہ نہیں لے سکتے۔

  • سلمان احمد کو پولیو کے خاتمے کی امید

    سلمان احمد کو پولیو کے خاتمے کی امید

    معروف گلوکار سلمان احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان بہت جلد پولیو سے پاک ملک بن جائے گا۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک گانا بھی شیئر کیا جو انہوں نے سنہ 2012 میں انسداد پولیو مہم کے فروغ کے لیے بنایا تھا۔

    اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ رواں سال پاکستان میں 19 پولیو کیسز منظر عام پر آئے جو اب تک پولیو کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد پولیو سے پاک ملک بنا کر تاریخ رقم کریں گے۔

    واضح رہے کہ سنہ 2014 پاکستان میں پولیو وائرس کے حوالے سے ایک بدترین سال تھا جب ملک میں اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 306 تک جا پہنچی تھی۔ یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی جس کے بعد پاکستان پر سفری پابندیاں بھی عائد کردی گئیں تھی۔ اسی سال پڑوسی ملک بھارت پولیو فری ملک بن گیا۔

    تاہم حکومتی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے چلائی جانے والی آگاہی مہمات کا مثبت نتیجہ نکلا اور ان 2 سالوں میں پولیو کیسز کی تعداد میں ڈرامائی تبدیلی آئی۔ سنہ 2015 میں ملک میں پولیو کیسز کی تعداد گھٹ کر 54 جبکہ رواں سال مزید گھٹ کر 19 ہوگئی۔

    سلمان احمد انسداد پولیو کے لیے اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر بھی ہیں اور وہ اس سے قبل مرحوم اسکالر جنید جمشید، کرکٹر شاہد آفریدی، جاوید میانداد اور معروف صحافی ریحام خان کو بھی اس مشن کی تکمیل کے لیے شامل کرچکے ہیں۔

    polio-3

    polio-post-1

    polio-post-2

    انہوں نے 4 سال قبل انسداد پولیو مہم کے لیے کی جانے والی کوششوں کو فروغ دینے کے لیے سنہ 2012 میں ایک گانا بھی بنایا تھا جس میں وہ غالب کی شاعری کے ذریعہ دنیا کو اس وائرس کے خلاف پاکستان کی طویل جدوجہد کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل یونیسف نے بھی انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے پولیو کے مرض کے خاتمے کے لیے بھرپور اور نہایت منظم اقدامات اٹھائے ہیں جن کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ رواں سال کے اختتام تک پاکستان سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہوجائے گا۔

    اقوام متحدہ کے مطابق صرف پاکستان اور افغانستان دنیا کے 2 ایسے ممالک ہیں جہاں اکیسویں صدی میں بھی پولیو وائرس موجود ہے۔

    overcoming all challenges by Salman Ahmad from Adnan Maqbool on Vimeo.

  • سلمان احمد کو آسکر ایوارڈ یافتہ گلوکارہ کی ساتھ گانے کی دعوت

    سلمان احمد کو آسکر ایوارڈ یافتہ گلوکارہ کی ساتھ گانے کی دعوت

    معروف پاکستان گلوکار سلمان احمد کو امریکا میں پرفارم کرنے کی خصوصی دعوت موصول ہوئی جو انہوں نے بصد شوق قبول کرلی۔

    آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکار میلیسا ایتھریج نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں سلمان احمد کو مخاطب کرتے ہوئے دعوت دی کہ وہ ان کے ساتھ نیو جرسی میں ’رنگ دی بیلز‘ گانے پر پرفارم کریں۔

    سلمان احمد نے ان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے انہیں ای میل کرنے کا کہا۔

    جواباً میلیسا ایتھریج نے ایک اور ٹوئٹ کیا، کہ ’میرا بھائی سلمان 10 ہزار میل کا سفر طے کر کے ان تعطیلات کو یادگار بنانے آرہا ہے‘۔

    میلیسا ایتھریج 15 بار گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد کی جاچکی ہیں جبکہ انہیں دو بار سنہ 1993 اور 1995 میں گریمی ایوارڈ ملا۔ سنہ 2007 میں ان کے گانے ’آئی نیڈ ٹو ویک اپ‘ کو آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

    melissa-etheridge

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد نے کہا کہ میلیسا ایتھریج ایک عظیم گلوکارہ ہیں اور انہیں فخر ہے کہ انہیں (سلمان کو) ان کے ساتھ پرفارم کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

    salman

    واضح رہے کہ یہ دونوں گلوکار پہلی بار سنہ 2007 میں اوسلو میں ہونے والی نوبل انعام کی تقریب میں ایک دوسرے سے ملے تھے جہاں ان دونوں نے ایک ساتھ اسی گانے پر پرفارم کیا تھا۔