Tag: سلمان اقبال

  • اےآر وائی نیٹ ورک کے17سال مکمل ہوگئے

    اےآر وائی نیٹ ورک کے17سال مکمل ہوگئے

    کراچی : کروڑوں ناظرین کا پسندیدہ چینل اےآروائی نیٹ ورک 17سال کا ہوگیا، لندن میں چھوٹے دفتر سے شروع ہونے والا یہ چینل اب دنیا بھر میں چھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیٹ ورک نے اپنے سفر کے سترہ سال کامیابی سے مکمل کر لئے ہیں، اس وقت اے آر وائی نیٹ ورک دنیا کے 126سے زائد ممالک میں پاکستان کی پہچان بن چکا ہے۔

    اس موقع پر اے آروائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ اے آر وائی نیٹ ورک کی کامیابی کے سفر میں اپنی فیملی اپنی ٹیم اور ناظرین اورساتھ دینے والوں کا بے حد مشکور ہوں، ہم نے 17 سال قبل ایک چھوٹے سے دفتر سے اےآ ر وائی کا آغاز کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ اے آر وائی کو اس مقام تک پہنچانا اتنا آسان کام نہیں تھا، بہت محنت کے بعد اللہ کے فضل و کرم سے یہ مقام حاصل کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اے آر وائی کی کاوشوں سے اب پاکستانی فلمیں دنیا بھر کے سینماؤں میں دکھائی جاتی ہیں۔

    علاوہ ازیں اے آر وائی نیٹ ورک کی سترہویں سالگرہ کے موقع پر مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات نے مبارکباد کے پیغامات دیئے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اےآر وائی نیٹ ورک میڈیا انڈسٹری میں انقلاب بن کر ابھرا ہے، اے آر وائی نیٹ ورک دیگر چینلز کیلئے اکیڈمی کی حیثیت رکھتا ہے۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ صحافتی میدان میں اے آر وائی نیوز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

  • کراچی کنگز: پندرہ لڑکے ٹریننگ کیلئے برطانیہ بھیجیں گے، سلمان اقبال

    کراچی کنگز: پندرہ لڑکے ٹریننگ کیلئے برطانیہ بھیجیں گے، سلمان اقبال

    کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ اے آر وائی نے جتنے وعدے کئے سب پورے کئے، جیتنے والی ٹیم کے پندرہ لڑکوں کو ٹریننگ کے لئے برطانیہ بھیجیں گے، کھلاڑیوں کو اکھٹا کرنے میں راشد لطیف نے بہت محنت کی ہے، انہوں نے75شہزادےاکھٹے کیے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا ناظم آباد میں صائمہ گروپ’’کراچی کےشہزادے‘‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ٹورنامنٹ کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کیا، تقریب میں کراچی کنگز کے ٹیم ڈائریکٹرراشد لطیف اورصدر کےسی سی اے نے شرکت کی.

    کراچی کے شہزادے ٹورنامنٹ میں5ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں شارجہ کوکنگ آئل، اگلوآئسکریم، اسٹارمارکیٹنگ، صائمہ گروپ اورمہران فوڈ انڈسٹری کی ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ9سے16جولائی تک جاری رہے گا، ٹورنامنٹ کا پہلامیچ اگلوآئسکریم اوراسٹارمارکیٹنگ کی ٹیموں کے درمیان کھیلاجائے گا۔

    صائمہ گروپ کراچی کے شہزادے کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اقبال نے مزید کہا کہ ہم ملک میں کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، کراچی کنگز نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔

    راشد لطیف نے محنت کرکے پچھتر شہزادےجمع کئے ہیں، سلمان اقبال نےاس امید کا اظہار بھی کیا انشااللہ یہ شہزادے آگے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے چارکھلاڑی پی ایس ایل کی وجہ سے یہاں تک پہنچے۔

    چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں پی ایس ایل کےان چاروں کھلاڑیوں کا نمایاں کردارتھا، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے قومی ٹیم کیلئے مزید اور بھی کھلاڑی آرہے ہیں، 5ٹیموں میں سے3کھلاڑی بادشاہ بن گئےہیں۔

    مالک کراچی کنگز سلمان اقبال کا مزید کہنا تھا کہ اس ایونٹ کی کامیابی پر تمام اسپانسرز کا شکرگزارہوں۔

  • ماہ رمضان میں ’جیتو پاکستان‘ کی سب سے بلند ریٹنگ

    ماہ رمضان میں ’جیتو پاکستان‘ کی سب سے بلند ریٹنگ

    کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے گیم شو ’جیتو پاکستان‘ نے ریٹنگ کی دوڑ میں ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ’جیتو پاکستان‘ پاکستان کے کسی بھی چینل کی سلاٹ ریٹنگز میں سب سے اوپر آگیا۔

    پاکستان کا مقبول ترین گیم شو ’جیتو پاکستان‘ اپنی مقبولیت کی بلندیوں پر ہے اور یکم رمضان سے 6 رمضان کے دوران اس شو نے ریٹنگ کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 20.1 ریٹنگ حاصل کر کے تمام پروگرامز کو مات دے دی۔

    پروگرام کی مقبولیت کے پیچھے اس کے میزبان فہد مصطفیٰ کے بے ساختہ انداز کا کردار بھی ہے جو اس وقت پاکستان کے سب سے مقبول اور پسندیدہ اداکار بھی ہیں۔

    پاک بھارت میچ کے دوران اس شو کو حاصل ہونے والی ریٹنگ نے اسپورٹس چینلز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    ریٹنگز جاری ہونے کے بعد اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے فہد مصطفیٰ، اے آر وائی اور جیتو پاکستان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا جن کی انتھک محنت نے جیتو پاکستان کو ملک کا سب سے پسندیدہ شو بنا دیا۔

    شو کی ریٹنگ کے بعد کئی معروف شخصیات اور فنکاروں نے فہد مصفطیٰ اور سلمان اقبال کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • رعنائیوں بھرا اے آر وائی فلم فیسٹیول اختتام پذیر

    رعنائیوں بھرا اے آر وائی فلم فیسٹیول اختتام پذیر

    کراچی: پہلا اے آر وائی فلم فیسٹیول 3 روز تک جلوے بکھیرنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول کے آخری روز بہترین فلموں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اے آر وائی نیٹ ورک کی جانب سے پہلے فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جسے فن و ادب کے دلدادہ افراد کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی۔

    اوشین مال میں 3 روز تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں 33 ملکی و بین الاقوامی فلم سازوں اور ہدایت کاروں کی ایوارڈ یافتہ فلموں کی نمائش کی گئی۔

    ان میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے کی ایوارڈ یافتہ دستاویزی فلم سانگ آف لاہور، ماہین ضیا کی لیاری نوٹس، اور ہدایتکار انجم شہزاد کی ماہ میر بھی شامل ہیں۔

    اس دوران ان فلموں کے ہدایت کاروں، مشہور شخصیات اور عام افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    فیسٹیول کا مقصد پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی

    اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے اپنے پیغام میں کہا، ’اے آر وائی فلمز کے قیام کے آغاز سے ہی ہمارا بنیادی مقصد پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی اور اس کو مزید ترقی دینا تھا۔ اس ضمن میں اے آر وائی نے پہلا فلم فیسٹیول منعقد کروا کر ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے‘۔

    انہوں نے کہا، ’اس فیسٹیول کا مقصد پاکستانی و بین الاقوامی ٹیلنٹ کو ان کے فن کے اظہار کا موقع دینا اور ان کی کاوشوں کو سراہنا تھا‘۔

    سلمان اقبال نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ آنے والے سالوں میں اس فیسٹیول کو مزید بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔

    فیسٹیول کے آخری روز عالمی شہرت یافتہ رقاصہ شیما کرمانی نے شاندار رقص کا مظاہرہ کیا جبکہ صنم ماروی نے اپنی خوبصورت آواز میں رنگ بکھیرے۔

    آخری روز مندرجہ ذیل فلموں کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

    بہترین اسٹوری فیچر فلم ۔ چورا ایک پراٹھا

    بہترین شارٹ فلم (سلور کیٹیگری) ۔ امرتا اور میں

    بہترین شارٹ فلم (گولڈ کیٹیگری) ۔ ان سرچ آف امریکا

    بہترین مختصر دستاویزی فلم ۔ ماسٹرز آف دی اسکائی

    بہترین ہدایت کار برائے مختصر دستاویزی فلم ۔ علی اعجاز، پینگولینز ان پیرل

    بہترین اداکار (شارٹ فلم) ۔ سید فضل حسین، دل تو بچہ ہے

    بہترین دستاویزی فیچر فلم ۔ کے 2 اینڈ دا انویژیبل فٹ مین

    بہترین دستاویزی فیچر فلم (ریڈ ایکسیلنس) ۔ لیاری نوٹس

    بہترین دستاویزی فیچر فلم (پرپل ایکسیلنس) ۔ سونگ آف لاہور

    بہترین فلم ۔ ماہ میر


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فائنل میں فرنچائزمالکان کو بلا کرشکریہ ادا کرنا چاہئے تھا، سلمان اقبال

    فائنل میں فرنچائزمالکان کو بلا کرشکریہ ادا کرنا چاہئے تھا، سلمان اقبال

    کراچی : پی ایس ایل کی سب سے مہنگی ٹیم کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی کو فائنل کے موقع پر تمام ٹیموں کے مالکان کو بلا کران کا شکریہ ادا کرنا چاہئے تھا، پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور لاہور قلندر کے مالک فواد رانا نے کہا کہ کل لاہور میں پاکستان کی جیت ہوئی ہے، نجم سیٹھی نے کہا کہ اگلےسال پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کااضافہ ہوگا.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مالک کراچی کنگزسلمان اقبال نے کہا کہ پشاورزلمی کو جیت پرمبارکباد دیتا ہوں، غیرملکی کھلاڑیوں کے آنے پربہت خوش ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کو فائنل کے موقع پر تمام ٹیموں کے مالکان کو بلا کران شکریہ ادا کرنا چاہئے تھا، سلمان اقبال نے کہا کہ روی بوپارہ سے بات ہوئی ہے، وہ کراچی آکرکام کرنا چاہتے ہیں، روی بوپارہ نےکہا ہے کہ میں پاکستان میں کرکٹ کیلئےکام کرناچاہتاہوں۔

    چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ ہم پاکستانی دہشت گرد نہیں بلکہ پرامن لوگ ہیں، انہوں بتایا کہ دوسال کے بعد اجازت ہے کہ چھٹی ٹیم پی ایس ایل میں لائیں، اگلےسال پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کا اضافہ ہوگا۔

    جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل جیتنے پربہت خوشی ہوئی، غیرملکی کھلاڑی پاکستان آکربہت خوش ہوئے، جاویدآفریدی نے کہا کہ کل صرف پشاورزلمی کی نہیں پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔

    فوادرانا کا کہنا تھا کہ عالمی کرکٹ پاکستان لانا ہی ہماری خواہش تھی، ہماری کوششوں سے ہی عالمی کرکٹ پاکستان آئی، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی سےبہت خوشی ہوئی۔

  • پی ایس ایل کا اگلا فائنل کراچی میں کرائیں گے، نجم سیٹھی

    پی ایس ایل کا اگلا فائنل کراچی میں کرائیں گے، نجم سیٹھی

    کراچی : پاکستان سپرلیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وعدہ کیا ہے کہ اگلے سال فائنل کراچی میں کرانے کی کوشش کریں گے، گورنر سندھ کا کہنا ہے پی ایس ایل کراچی کا مثبت رخ ہے اورشہر کے اس رخ کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،کراچی کنگز کےمالک سلمان اقبال نے کہا کہ اس سال فائنل لاہورمیں ہورہا ہے،ایک سیمی فائنل کراچی میں بھی کرایا جائے تو بہترہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آورمیں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل کی فیورٹ ٹیم قرار دیا۔

    انہوں نے وعدہ کیا کہ اگلے سال فائنل کراچی میں کرانے کی کوشش کریں گے، آپ بھی دعا کریں آئندہ سال پی ایس ایل فائنل کراچی میں کھیلیں، انہوں نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل کی فیورٹ ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز جب میدان میں اترے گی تو میدان جنگ کا منظر ہی کچھ اورہوگا سب کراچی والے کراچی کنگز ہیں۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب فرنچائز کو محنت کرتا دیکھتاہوں تو بہت خوشی ہوتی ہے، پی ایس ایل کا جوش وخروش پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ کسی کواحساس نہیں تھا کہ پی ایس ایل اتنا کامیاب ہوگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں کرکٹ کےمعاملات چیئرمین دیکھ رہےہیں، عمران خان کرکٹ کے معاملات چلانا چاہتے ہیں تو ہم ان کا خیرمقدم کریں گے۔

    پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک اور اےآر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا کہ شہر قائد کی رونقیں ختم نہیں ہوئیں، کراچی کے لوگ کل اسٹیڈیم ضرورآئیں گے، چاہتاہوں شائقین کرکٹ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ جیت کیلیے اس سال بھی پوری کوشش کریں گے، ہماراکام ہے کہ بہترین سےبہترین ٹیم بنائیں، میدان میں کھیلنا کھلاڑیوں کا کام ہے، عوام میں بہت زیادہ جوش وخروش ہے، جنگ میدان میں ہے اور میدان سے باہر ہم سب پاکستانی ہیں، چاہتےہیں نجم سیٹھی نے جو کام شروع کیا حکومت اس کاحصہ بنے۔

    سلمان اقبال نے کہا کہ فائنل لاہور میں ہے اور ایک سیمی فائنل کراچی میں بھی کرالیں تو بہتر ہوگا، گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی کنگز کی لانچنگ اہم تقریب ہے، کراچی کاماحول تبدیل کرنے میں کھیل اہم کردارادا کرسکتاہے۔

  • کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی نامزد گورنر سندھ سے ملاقات

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی نامزد گورنر سندھ سے ملاقات

    کراچی: کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے نامزد گورنر سندھ محمد زبیر عمر سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی مایہ ناز ٹیم کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے نامزد گورنر سندھ محمد زبیر عمر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے نامزد گورنر سندھ محمد زبیر کو کراچی کنگز کی لانچنگ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی اور انہیں کراچی کنگز کی ٹی شرٹ بھی پیش کی۔

    اس سے قبل سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا چاہیئے۔ پی سی بی سے کہا ہے کہ تین پلے آف میں سے ایک پلے آف کراچی میں کروا دیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز نے کراچی میں مکمل سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

  • اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات

    اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات

    کراچی: اے آر وائی ںیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سلمان اقبال نے وزیر اعلیٰ کو پاکستان سپر لیگ کی تقریبات میں مدعو کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ اور سلمان اقبال کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    سلمان اقبال نے وزیر اعلیٰ کو پاکستان سپر لیگ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں پی ایس ایل کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے خوشدلی سے قبول کیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اے آر وائی نیوز نے پاکستان کی مضبوطی اور جمہوریت کے دفاع کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی اے آر وائی نیوز کی غیر جانبدارانہ مؤقف کی ہمیشہ تائید کرتی رہی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ ٹی 20 کا آغاز 25 فروری سے دبئی میں ہورہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آفیشل ترانہ بھی جاری کردیا گیا ہے جسے معروف گلوکار علی ظفر نے گایا ہے۔

  • رنگ، رقص اور دلوں کا ملن

    رنگ، رقص اور دلوں کا ملن

    اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام بننے والی فلم ’دوبارہ پھر‘ سے کا ایک اور گانا ’لڑ گیاں‘ جاری کردیا گیا ہے۔ گانے میں شاندار مناظر اور رقص پیش کیا گیا ہے۔

    معروف ہدایت کار مہرین جبار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دوبارہ پھر سے‘ اے آر وائی فلمز کی کاوش ہے اور اس کے پروڈیوسر اے آر وائی کے سربراہ سلمان اقبال ہیں۔

    اس سے قبل فلم کا ٹائٹل سونگ بھی جاری کیا جا چکا ہے جسے شائقین کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔

    فلم کے دوسرے گانے ’لڑ گیاں‘ کو شیراز اپل اور زرش حفیظ نے گایا ہے جبکہ اس کی شاعری شکیل سہیل کی تخلیق کردہ ہے۔

    song-5

    song-4

    رنگوں اور رقص سے بھرپور یہ گانا پاکستانی میوزک انڈسٹری میں ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگا۔

    song-1

    song-2

    فلم کے مرکزی کرداروں میں عدیل حسین، علی کاظمی، حریم فاروق اور صنم سعید شامل ہیں جبکہ دیگر کرداروں میں طوبیٰ صدیقی، شاذ خان اور عتیقہ اوڈھو اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فلم میں رومانس، ڈرامہ اور کامیڈی کے عناصر شامل ہیں۔

    فلم ’دوبارہ پھر سے‘ 25 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔

  • اپنے پسندیدہ اداکار کو چیلنج کرنے کا موقع

    اپنے پسندیدہ اداکار کو چیلنج کرنے کا موقع

    اب آپ اپنے پسندیدہ اداکاروں سے کوئی بھی سوال پوچھ سکتے ہیں یا انہیں کوئی بھی چیلنج دے سکتے ہیں۔

    اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام بننے والی فلم ’دوبارہ پھر سے‘ کی ٹیم نے اپنے پرستاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ ان سے کوئی سوال پوچھیں یا انہیں کوئی چیلنج دیں۔

    اس کے لیے فیس بک پر اے آر وائی فلمز کا آفیشل صفحہ لائیک کریں۔ اپنی 30 سیکنڈ کی ویڈیو صفحہ کو بھیجیں جس میں آپ اپنے پسندیدہ اداکار سے کوئی بھی سوال پوچھ سکتے ہیں یا انہیں چیلنج کر سکتے ہیں۔

    اپنا نام بتائیں اور اس اداکار کا نام بتائیں جسے آپ چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔ آپ کے پسندیدہ اداکار آپ کو جواب دیں گے۔

    معروف ہدایت کار مہرین جبار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دوبارہ پھر سے‘ اے آر وائی فلمز کی کاوش ہے اور اس کے پروڈیوسر اے آر وائی کے سربراہ سلمان اقبال ہیں۔

    فلم کے مرکزی کرداروں میں عدیل حسین، علی کاظمی، حریم فاروق اور صنم سعید شامل ہیں جبکہ دیگر کرداروں میں طوبیٰ صدیقی، شاذ خان اور عتیقہ اوڈھو اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فلم میں رومانس، ڈرامہ اور کامیڈی کے عناصر شامل ہیں۔

    فلم ’دوبارہ پھر سے‘ 25 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔