اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خانم کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجہ سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ ہمارے وکیل ہیں اور ہمارے خاندان کی طرح ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ ہمارے وکیل اور فیملی کی طرح ہیں، ان کا اپنا ذاتی مسئلہ ہوسکتا ہے۔
صحافی کے سوال پر علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کا معاملہ زیر بحث ضرور ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی فیصلہ پارٹی کرے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ گرفتاریوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سمجھ نہیں آتی بچوں کو کیوں اٹھایا جا رہا ہے، میں نے خود بھی کہا ہے کہ مجھے بھی گرفتار کرلیں۔
دوسری جانب عظمیٰ خان نے کہا کہ بانی نے ملاقات میں واضح طور پر کہا تھا کہ ضمنی الیکشن نہیں لڑنا چاہیے، کیونکہ اس سے پارٹی کو نقصان ہوگا اور کوئی فائدہ نہیں اور اس بات پر زور دیا کہ انتخابات میں جانے سے ناجائز نااہلیوں کو جواز مل جائے گا۔
مزید پڑھیں : سلمان اکرم راجہ کا پارٹی عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ
یاد رہے گذشتہ روز سلمان اکرم راجہ نے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سلمان اکرم راجہ نے لکھا تھا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے عہدے سے علیحدگی کی گزارش کروں گا، پارٹی کے لیے وکالتی خدمات بلامعاوضہ جاری رکھوں گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ علی بخاری کے ذریعے بانی سے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے دستبردار ہونے کی درخواست کی تھی، لیکن میری درخواست منظور نہ کی گئی جس پر ان کے اعتماد پر شکر گزار ہوں۔