Tag: سلنڈر دھماکہ

  • کراچی : عمارت میں خوفناک گیس سلنڈر دھماکہ : بچی جھلس کر جاں بحق

    کراچی : عمارت میں خوفناک گیس سلنڈر دھماکہ : بچی جھلس کر جاں بحق

    کراچی : تین منزلہ عمارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ 3 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد میں ایک تین منزلہ عمارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا۔

    رات گئے ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا، اور آس پاس کے لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے اور 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق متاثرہ عمارت تین منزلہ ہے اور اس میں دو خاندان رہائش پذیر ہیں، عمارت میں دو بڑے گیس سلنڈر موجود تھے۔

    سلنڈر دھماکے سے ایک کمرے کی چھت اور دیوار گرگئی، رپورٹ کے مطابق رہائشی عمارت میں لائٹر فلنگ کا کارخانہ قائم تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے پنجاب کے شہر ڈسکہ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں گیس سلنڈر دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں 2 خواتین، 4 مرد اور ایک دو سالہ بچی شامل ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونیوالوں میں انعم، سائرہ، مقدس، مشتاق، عمیر، شعیب اور ذوالقرنین شامل ہیں، جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب چند روز قبل بیاہ کر گھر آنیوالی دلہن انعم کچن میں کھانا پکا رہی تھی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں گھر کی چھت، بیرونی دروازہ، بیڈروم، ڈرائنگ روم اور کھڑکیاں گر گئیں، گھر کا سارا سامان جل گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ہر سال سردیوں میں گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات بہت زیادہ رونما ہوتے ہیں۔ امسال بھی ملک کے کئی علاقوں سے گیس سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک واقعات ہوئے ہیں جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

    گیس سلنڈرز کیوں پھٹ رہے ہیں؟ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن کے رہنما عرفان کھوکھر نے اس کی سب سے بڑی وجہ ملاوٹ شدہ ایل پی جی گیس کو قرار دیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/gas-slender-bomb-residential-areas-shops/

  • سولجر بازار کے قریب گھر میں سلنڈر دھماکہ، 8 افراد زخمی

    سولجر بازار کے قریب گھر میں سلنڈر دھماکہ، 8 افراد زخمی

    کراچی: سولجر بازار تھانے کے قریب گھر میں سلنڈر دھماکے باعث 2 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ سلنڈر دھماکے میں 2 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب شہر قائد کے علاقے سمن آبادکی حدود میں گھریلو جھگڑے پر داماد نے فائرنگ کرکے اپنے سسر کو قتل کردیا۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ فیڈرل بی ایریا بلاک 17کے مکان میں گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت حسنین مرزا کے نام سے ہوئی ہے، جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زخمی دم توڑ گیا۔

    نوشہروفیروز میں 2 بچے گاڑی لاک ہونے پر دم گھٹنے سے جاں بحق

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول حسنین مرزا پر ان کے داماد ملزم یعقوب نے فائرنگ کی جو موقع واردات سے فرار ہوگیا، ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

  • گجرات: مکان میں سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق

    گجرات: مکان میں سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں مکان میں سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، مکان میں گیس سلنڈرز اسٹور کیے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ گجرات کے علاقے مسلم آباد میں پیش آیا جہاں مکان کے اندر سلنڈر دھماکے ہوئے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر سلامت کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کے نیچے پیزا شاپ بنی ہوئی تھی جبکہ مکان میں گیس سلنڈرز رکھے گئے تھے۔

    پولیس کے مطابق دھماکے سے مکان زمین بوس ہو چکا ہے، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل کراچی میں بھی موسمیات کے علاقے میں سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے، واقعے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    دھماکے کے نتیجے میں 3 دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں تھی جبکہ اطراف میں کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا،

  • بہاولنگر: سرکلر روڈ پر سلنڈر دھماکہ، 6 افراد جاں بحق

    بہاولنگر: سرکلر روڈ پر سلنڈر دھماکہ، 6 افراد جاں بحق

    بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں عمارت کے اندر زور دار سلنڈر دھماکہ ہوا جس سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے جن میں سے 6 جاں بحق ہوگئے۔

    دھماکہ بہاولنگر کے علاقے سرکلر روڈ پر ہوا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتیں لزر اٹھیں جبکہ نیچے کھڑی ایک گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکہ جس عمارت کے اندر ہوا اس عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا۔

    واقعے کے بعد اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ملبے سے نکالنا شروع کر دیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے میں متعدد لوگ دب گئے۔ ریسکیو ڈسٹرکٹ انچارج شرافت علی کے مطابق تاحال ملبے سے 6 لاشوں اور 10 زخمی افراد کو نکال لیا گیا ہے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    جائے وقوعہ پر مزید امدادی کام جاری ہے۔

  • لاہور،سلنڈر دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی

    لاہور،سلنڈر دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی

    لاہور: پانچ روز قبل سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے 17 افراد میں سے 7 افراد آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے میوہسپتال میں دم توڑ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ میں پانچ روز قبل ایک دکان میں رکھا ہوا گیس سلنڈر پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 17 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے،زخمیوں کو طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    تاہم گزشتہ رات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 7 افراد خالقِ حقیقی سے جا ملے اس طرح اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

    ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق آج ہلاک ہونے والوں میں بلال رفیق، تصور، سعید، محمد سلیم، اعجاز، 6 سالہ اُنسہ اور 2 سالہ امان شامل ہیں یہ تمام افراد گزشتہ پانچ روز سے اسپتال میں زیر علاج تھےجو آج دم توڑ گئے۔ اس طرح اس دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

    واضح رہے حادثے کے روز جاں بحق ہونے والوں میں زاہد، وسیم اور زین شامل ہیں جو یوسف پارک میں سیر اور تفریح کے غرض سے آئے تھے کہ قریبی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔