آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے سلپ میں ویسٹ انڈین بیٹر کا شاندار کیچ تھام لیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
برسبین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن آسٹریلیا کے اسٹار بیٹر اسٹیو اسمتھ نے ہوا میں اچھلتے ہوئے الزاری جوزف کا بہترین کیچ لے کر انھیں چلتا کیا۔ 34 سالہ پلیئر نے بروقت عمدہ فیلڈنگ کا مظاہرہ کرکے کمنٹیٹرز کو بھی حیران کردیا۔
جوش ہیزل ووڈ کی تیز گیند جوزف کے بلے کا کنارہ لیتی ہوئی کافی تیزی سے سلپ کے اوپر سے نکلی مگر اسی دوران اسمتھ نے اڑتے ہوئے اسے قابو کرلیا اور اپنے ساتھی کو وکٹ دلائی۔
یہ واقعہ اننگز کے 63 ویں اوور میں پیش آیا، ویسٹ انڈیرن بیٹر الزاری جوزف چار بالیں کھیلنے کے بعد صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔
Steve Smith! That's more like it! #AUSvWI pic.twitter.com/OGFVVd8ww8
— cricket.com.au (@cricketcomau) January 27, 2024
اس سے قبل جوزف نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 22 بالز پر 32 رنز کی عمدہ باری کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے اسکور کو 311 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ مہمان سائیڈ دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں صرف 193 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی تھی اور اس نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف دیا ہے۔
اس سے قبل ایڈیلیڈ میں کھیلا جانے والا سیریز کا ابتدائی ٹیسٹ آسٹریلیا نے دس وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔