Tag: سماجی رہنما ایدھی

  • ایدھی صاحب کا سوئم کل میمن مسجد میں ہوگا، فیصل ایدھی

    ایدھی صاحب کا سوئم کل میمن مسجد میں ہوگا، فیصل ایدھی

    کراچی : معروف سماجی رہنماء اور ایدھی فاؤنڈیشن کی باگ ڈور سنبھالنے والے فیصل ایدھی نے اعلان کیا ہے کہ عبدالستار ایدھی کا سوئم کل صبح ساڑھے 9 بجے میٹھادر میں واقع جامع مسجد میمن میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالستار ایدھی کی تدفین کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ ’’مسلح افواج کی جانب سے ایدھی صاحب کو خراج تحسین پیش کرنے پر شُکر گزار ہوں‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی کے نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے عوام کا مشکور ہوں اور اُن سے وعدہ کرتا ہوں کہ ’’عبدالستار ایدھی کی طرح ملک و قوم کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی‘‘۔

    فیصل ایدھی نے کہا کہ ’’ایدھی صاحب کا بچھڑنے سے ہمارے درمیان پیدا ہونے والے خلا کو پورا نہیں کیا جاسکتا تاہم ایدھی صاحب کے اس وژن کو جاری رکھنے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کی باگ ڈور میں سنبھالوں گا‘‘۔

    قبل ازیں گزشتہ روز ایدھی صاحب کی وفات کے بعد فیصل ایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا، عوام الناس کی جانب سے ایدھی ہوم کی ہیلپ لائن 115 پر روزانہ کی طرح مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے کالز کا تانتا بندھا رہا، جس کے بعد ایدھی رضا کار غمزدہ حالت کے باوجود مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے اور عوام کے لیے فلاحی کاموں میں مصروف نظر آئے۔

     

     

  • ڈی ایچ اے کی 5 کلومیٹر طویل سڑک ایدھی سے منسوب کرنے کا اعلان

    ڈی ایچ اے کی 5 کلومیٹر طویل سڑک ایدھی سے منسوب کرنے کا اعلان

    کراچی : ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خیابانِ اتحاد ڈیفنس فیز 8 سے دو دریا تک کی پانچ کلو میٹر طویل سٹرک کا نام تبدیل کر کے عبدالستار ایونیو رکھنے کا اعلان کردیا۔

    ڈی ایچ اے حکام کے مطابق ایدھی صاحب کی انسانیت کی خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ’’بیچ ایونیو‘‘ کے نام کی سڑک کو ’’عبدالستار ایونیو‘‘ کے نام سے منسوب کردیا جائے۔

    اس فیصلے کے ذریعے عوام کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ ’’ایدھی صاحب نے بلا رنگ و نسل اور مذہب لوگوں کی خدمت میں اپنی زندگی کے 50 اہم سال وقف کیے اور اس کام کو آخری وقت تک جاری رکھا‘‘۔

    ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر زبیر احمد نے بتایا کہ ’’یہ ڈیفنس کی سب سے بڑی شاہراہ کو ایدھی صاحب کے نام سے منسوب کرنے کے لیے جلد باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کور کمانڈر کراچی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات شرکت متوقع ہے‘‘۔

    واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد اُن کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایدھی فاؤنڈیشن کے تمام معاملات اب ان کے ہاتھ میں ہیں اور وہ اپنے والد کی طرح ملک و قوم کی خدمت میں اپنی زندگی وقف کردیں گے‘‘۔

  • عبدالستار ایدھی کا بھیک مشن کیمپ لگانے کا اعلان

    عبدالستار ایدھی کا بھیک مشن کیمپ لگانے کا اعلان

    کراچی: سماجی رہنما عبدالستار ایدھی نے اعلان کردیا ہے کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اب پاکستانی عوام سے بھیک مانگے گئے اور اس لئے بھیک مشن کیمپ کے نام سے مشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    سماجی رہنما عبدالستار ایدھی نے بھیک مشن کیمپ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا کام ہے دکھی انسانیت کی خدمت کرنا اور انسانیت کو بچانے والے بھیک مانگنے کیلئے مجبور ہوگئے۔

    عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا لٹیروں کے آگے ہار نہیں مانیں گے۔ انسانیت کی خدمت بھیک مانگ کر بھی کرینگے۔ بھیک مشن کیمپ پر ایدھی صاحب نے انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ بھیک مشن میں اپنا حصہ ڈال کر مالی مدد کریں۔

    عبدالستار ایدھی کی جانب سے بھیک مشن کے آغاز کے بعد شہریوں نے ان کی دل کھول کر امداد کی تاکہ غریبوں اور بے سہارا افراد کی زیادہ سے زیادہ خدمت ہوسکے۔