Tag: سماعت ملتوی

  • پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی

    پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی

    لاہور: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں خواجہ برادران کے وکلا نے عدالتی دائرہ اختیار پر جزوی دلائل مکمل کرلیے، کیس کی مزید سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ قومی ادارہ احتساب (نیب) نے سخت سیکیورٹی میں خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا۔

    دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے تیاری کے لیے مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی سخت ہدایت کی۔ پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی مزید سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں، نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

    نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

    نیب کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق خواجہ سلمان اور ندیم ضیا کے بیٹوں کے نام پر 2 ارب 96 کروڑ کی رقم جاری ہوئی، سعد رفیق کے اکاؤنٹس میں 8 سال کے دوران 46 کروڑ 60 لاکھ منتقل ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 500 سے زائد ٹرانزیکشنز 2010 سے 2018 کے درمیان ہوئیں، سعد رفیق کے ڈی ایچ اے بینک اکاؤنٹس میں 13 کروڑ 30 لاکھ منتقل ہوئے جبکہ دوسرے اکاؤنٹ میں 7 کروڑ 50 لاکھ منتقل ہوئے۔

    تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعد رفیق کے مزید 3 اکاؤنٹس میں 6 کروڑ 70 لاکھ روپے منتقل ہوئے، سعدان ایسوسی ایٹ کے بینک اکاؤنٹس میں 15 کروڑ منتقل ہوئے۔ ایسوسی ایٹ کے 2 اکاؤنٹس میں 2012 سے 2018 تک رقم منتقل ہوئی۔

  • آئین شکنی کیس: پرویز مشرف کی بیماری کی  بنیاد پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

    آئین شکنی کیس: پرویز مشرف کی بیماری کی بنیاد پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

    اسلام آباد : آئین شکنی کیس میں خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی کیس کے التوا کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پرویزمشرف کے دفاع کے لئےسرکاری وکیل مقرر کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا کہ ٹرائل شروع ہوچکا وہ ملزم کی بیماری یاعدم حاضری کی وجہ سے روکا نہیں جاسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بنچ نے پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی،  پرویزمشرف پھر پیش نہیں ہوئے۔

    سماعت میں استغاثہ نے عدالت کے حکم پر پرویز مشرف کی جانب سےمقدمہ خارج کرنےکی درخواست سے متعلق جواب جمع کرادیا، استغاثہ کی جانب سے  مقدمہ خارج کیے جانے کی مخالفت کی گئی اور جواب کی کاپی پرویز مشرف کے وکیل کےسپرد کر دی گئی۔

    وکیل پرویز مشرف نے خصوصی عدالت سے مشرف کی پیشی کے لیے ایک اور موقع دینے کی استدعا کی ، وکیل نے کہا کہ پرویزمشرف زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، وہ ذہنی اورجسمانی طور پراس قابل نہیں کہ ملک واپس آسکیں، ان کا وزن تیزی سے کم ہورہا ہے، وہ وہیل چیئر پر ہیں اور پیدل بھی نہیں چل سکتے۔

    وکیل کا کہنا تھا ہر تاریخ سماعت پر کیس کے التواءکی استدعا پر ہمیں بھی شرمنگی ہوتی ہے، ان کے دل کی کیمو تھراپی ہورہی ہے، جس کے بعد صحت مزید خراب ہوتی ہے، انہیں ایک موقع اور دیاجائے تاکہ وہ خودعدالت میں پیش ہوسکیں۔

    جس پر عدالت نے کہا گذشتہ تاریخ پر رعایت دی،اب باری ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے حکم کو اہمیت دیں اور استغاثہ کے وکیل سے پوچھا کیا آپ پرویز مشرف کی طبیعت سےمتعلق چیلنج کرتے ہیں؟ جس پر وکیل استغاثہ نے جواب دیا وکیل صفائی کے اپنے پاس براہ راست ا طلاع نہیں، ہمارے پاس بھی ان کی  صحت کےبارےمیں تصدیق کا کوئی ذریعہ نہیں، ہم اپنے دلائل مکمل کرچکے ہیں۔

    استغاثہ کے وکیل ڈاکٹر طارق حسن نے عدالت سے درخواست کی کہ مشرف کا بیان ویڈیو لنک کے زریعے قلمبند کرنے کا موقع دیا، فریقین کو سننے کے بعد سماعت ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    بعد ازاں خصوصی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے پرویزمشرف کی بیماری کی بنیاد پر سماعت ملتوی کرنےکی استدعامسترد کردی اور سنگین غداری کیس میں  پرویز مشرف کا حق دفاع ختم کرتے ہوئے مشرف کےموجودہ وکیل بیرسٹرسلمان کودلائل سےروک دیاگیا ، بیرسٹرسلمان کودلائل سےسپریم کورٹ کےحکم پرروکاگیا۔

    عدالت نے پرویز مشرف کا حق دفاع ختم کر تے ہوئے کہاہے کہ مفرور ملزم وکیل کی خدمات بھی حاصل نہیں کر سکتا ، مشرف خود کو قانون کے حوالے کریں تو  اپنی مرضی کا وکیل کر سکتے ہیں۔

    عدالت نے حکم دیا مقدمہ خارج کرنےکی درخواست زیر غورنہیں لائی جاسکتی، مشرف کے دفاع کیلئے وزارت داخلہ وکیل یا وکلا ٹیم مقررکرے، ٹرائل شروع ہو چکا، ملزم کی بیماری یاعدم حاضری پرروکا نہیں جاسکتا۔

    عدالت نے مشرف کی بریت کی درخواست بھی ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس :جج کی رخصت کے باعث  احتساب عدالت میں سماعت ملتوی

    جعلی اکاؤنٹس کیس :جج کی رخصت کے باعث احتساب عدالت میں سماعت ملتوی

    اسلام آباد : احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت جج کی رخصت کے باعث 14 جون تک ملتوی کردی گئی ، سابق صدر آصف زرداری احتساب عدالت اسلام آباد میں چھٹی بار پیش ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور او دیگر ملزمان کیخلاف مقدمے کی سماعت آج ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کیس کی سماعت کریں گے۔

    آصف زرداری احتساب عدالت پہنچے ، تاہم عمرےکی ادائیگی کے باعث جج کی رخصتی پر احتساب عدالت میں سماعت 14 جون تک ملتوی کردی، ملزمان نے حاضری لگائی۔

    ریفرنس میں آصف زرداری ، فریال تالپور سمیت 30 ملزمان نامزد ہیں، جعلی بینک اکاؤنٹس میں احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو طلب کر رکھا ہے۔

    آصف زرداری کی احتساب عدالت پیشی پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، احتساب عدالت کے احاطے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع تھا جبکہ پولیس اور رینجرز کے اہلکار احتساب عدالت کی سیکیورٹی تعنیات کئے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

    یاد رہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ چیلنج کردیا تھا، جس میں کہا گیا آصف زرداری پی پی پی پی کے صدر و بے نظیر کے خاوند ہیں، انھیں سیاسی انتقام کانشانہ بنایاجاتا رہا ہے، جعلی اکاونٹس کیس کی جےآئی ٹی سےتحقیقات کرائیں۔

  • میشاء شفیع عدالتی کارروائی میں مزید تاخیر کرنا چاہتی ہیں، گلوکارعلی ظفر

    میشاء شفیع عدالتی کارروائی میں مزید تاخیر کرنا چاہتی ہیں، گلوکارعلی ظفر

    کراچی : عدالت نے میشاء شفیع کے خلاف کیس کی سماعت27اپریل تک ملتوی کر دی، معروف پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر کے وکیل نے کہا ہے کہ میشاء شفیع کے وکلاء کیس کو جان بوجھ کر التواء کا شکار کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے سیشن کورٹ میں معروف پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ میشاء شفیع کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی۔

    اس موقع پر میشاء شفیع کے وکلاء کی جانب سے گواہان پر جرح کے لیے مہلت کی استدعا کی گئی، عدالت نے میشاء شفیع کے وکلاء کی استدعا پر سماعت27 اپریل تک ملتوی کر دی۔

    اس موقع پر علی ظفر کے وکیل رانا انتظار کا کہنا تھا کہ میشاء شفیع کے وکلاء کیس کو جان بوجھ کر التواء کا شکار کر رہے ہیں، میشاء شفیع عدالتی کارروائی میں مزید تاخیر کرنا چاہتی ہیں۔

    واضح رہے کہ فلم اسٹار علی ظفر نے میشاء شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے، علی ظفر کا کہنا ہے کہ میشا شفیع نے مجھ کو ہراساں کرنے اور جھوٹی شہرت حاصل کرنے کے لیے بے بنیاد الزامات عائد کیے تھے۔

    مزید پڑھیں: علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا

    میشا شفیع کے جھوٹے الزامات سے پوری دنیا میں میری شہرت بری طرح متاثر ہوئی، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت میشا شفیع کو سو کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

  • پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ملتوی

    پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ملتوی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بدھ کے روز پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ہوئی جس میں عدالت عالیہ نے ایک ہی نوعیت کے تمام کیسز کو یکجا کرکے سننے کا فیصلہ کیا۔

    عدالت نے نیب کے وکیل سے سوال کیا کہ پان کی امپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کتنا نقصان ہوا؟ جس پر نیب وکیل نے جواب دیا کہ مجموعی طور پر ایسے کیسوں کی تعداد 56 ہے، کسی کیس میں 5 اور کسی میں 60 لاکھ کا نقصان ہوا۔

    سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا کسٹم حکام نے ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کارروائی کی؟ نیب وکیل نے بتایا کہ کسٹم حکام نے پرچہ درج کیا تھا تاہم کارروائی نہیں ہوئی۔

    جسٹس عظمت سعید نے دو سالوں سے جاری ریفرنس میں صرف 4 گواہ پیش ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔

  • نجی تعلیمی اداروں کی اضافی فیسوں کی وصولی سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی

    نجی تعلیمی اداروں کی اضافی فیسوں کی وصولی سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی

    کراچی :  پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے طلباء و طالبات کی اضافی فیسوں سے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں16جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے اضافی فیس وصولی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، اسکول کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ ماہ اپریل میں تعلیمی سیشن مکمل اورالوداعی تقریب منعقد ہوگی جبکہ تعلیمی ادارہ جولائی تک کی فیس مانگ رہا ہے۔

    اس کے علاوہ اے لیول کے امتحانات سے ادارے کی انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں، درخواست گزار نے استدعا کی کہ تعلیمی ادارے کو اضافی فیسوں کی وصولی سے روکا جائے۔

    دوران سماعت عدالت نے تعلیمی ادارے کے وکیل سے استفسار کیا کہ جو طالب علم آپ کے ادارے کیلئے سابق ہوگیا تو اس کی فیس کس لیے مانگ رہے ہیں؟

    جواب میں جونیئر وکیل کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکول کے وکیل فیصل صدیقی اسلام آباد میں مصروف ہیں، اس سے پہلے بھی چار مرتبہ فیصل صدیقی کی مصروفیات کے باعث سماعت ملتوی ہوچکی ہے، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت16جنوری تک ملتوی کردی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اسکولوں میں فیسوں میں اضافوں کے خلاف کیس میں اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ تعلیم کاروبار یا انڈسٹری نہیں بنیادی حق ہے۔

    نجی اسکول مافیا نے ملی بھگت سے سرکاری اسکولوں کابیڑہ غرق کر دیا ہے۔ اسکولوں کے وکلاء نے استدعا کی کہ فیسوں کے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: نجی اسکول مافیا نے ملی بھگت سے سرکاری اسکولوں کابیڑہ غرق کر دیا، چیف جسٹس

    چیف جسٹس نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے اس پر از خود نوٹس لینے کے بارے سوچ رہے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ بڑے لوگوں نے اسکولز کھول کر والدین کا استحصال شروع کر رکھا ہے، اتنی تنخواہ نہیں جتنی والدین کو فیسیں ادا کرنا پڑتی ہیں، فیسیں دے دےکر والدین چیخ اٹھتے ہیں۔

  • اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس، سماعت12دسمبر تک ملتوی

    اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس، سماعت12دسمبر تک ملتوی

    اسلام آباد : اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت نیب پراسیکیوٹر کی عدم پشی کے باعث سماعت12دسمبر تک ملتوی کردی گئی، تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی درخواست پر جواب جمع کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت ہوئی اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق استعفیٰ دینے کے باعث پیش نہیں ہوئے ان کی جگہ ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کچھ وقت دینے کی استدعا کی جس پر احتساب عدالت نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کی استدعا منظور کرلی۔

    علاوہ ازیں اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کے خلاف اہلیہ کی درخواست پر تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی درخواست پر جواب جمع کرادیا، بعد ازاں احتساب عدالت میں ریفرنس پر سماعت12دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے 2 اکتوبر کو احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گاڑیاں اور جائیداد نیلام کرنے کا حکم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت 9 نومبرتک ملتوی

    احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اسحاق ڈارکی قرق جائیداد نیلام کرنے کا اختیار صوبائی حکومت کو ہے، صوبائی حکومت کو اختیار ہے جائیدادیں نیلام کرے یا اپنے پاس رکھے۔

    اس سے قبل نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے جس میں انہیں مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔

  • بے نظیربھٹوقتل کیس : فیصلہ جمعرات کو سنائے جانے کا امکان

    بے نظیربھٹوقتل کیس : فیصلہ جمعرات کو سنائے جانے کا امکان

    راولپنڈی : بےنظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ جمعرات کو سنائےجانے کا امکان ہے، کیس میں 6 ملزمان کے وکلاء نے حتمی دلائل مکمل کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، اس موقع پر دلائل دیتے ہوئے ملزمان کے وکیل نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو امریکن پالیسی کے خلاف ہونے پر قتل کیا گیا۔

    شہید محترمہ کو دو اعلیٰ افسران نے دھمکیوں سے آگاہ بھی کردیا تھا، وکیل کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر پرویزمشرف کو اس وقت ملزم بنایا گیاجب وہ ملک میں ہی نہیں تھے۔


    مزید پڑھیں: بھٹو کا جیل سے بے نظیر کو آخری خط، پڑھنے والے رو گئے


    انہوں نے کہا کہ منسوب بیانات پرویزمشرف اوران کے حواریوں کے خلاف جاتےہیں، ملزمان سے جو موبائل فون اورتین سمز ملیں ہیں وہ ان کے نام نہیں ہیں۔


    مزید پڑھیں: بے نظیر کی واپسی پر سعودیہ نے نواز شریف کی واپسی کیلئے زور دیا، مشرف


    بعد ازاں بے نظیربھٹو قتل کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔ ملزم اعتزاز شاہ کے وکلاء کل حتمی دلائل دیں گے، ذرائع کے مطابق بے نظیربھٹو قتل کیس کا فیصلہ جمعرات کو سنائےجانے کا امکان ہے۔

  • چیئرمین پیمراتعیناتی،لاہورہائیکورٹ نے ریکارڈ طلب کرلیا

    چیئرمین پیمراتعیناتی،لاہورہائیکورٹ نے ریکارڈ طلب کرلیا

    لاہور: چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پرلاہور ہائی کورٹ نے تعیناتی کے متعلق تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق لاہور ہائی کورٹ میں آج پیمراکے چیئرمین ابصار عالم کی تعیناتی سے متعلق دائر درخواست پر جسٹس قاسم خان نے کیس کی سماعت کی۔

    درخواست گزار منیر احمد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قوانین کے تحت چیئرمین پیمرا کے عہدے کے لیے کم ازکم تعلیمی قابلیت پوسٹ گریجویٹ مقرر ہے۔

    وفاقی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر ابصار عالم کو اہلیت پر پورا نہ اترنے کے باوجود میرٹ کے برعکس عارضی طور پر اس عہدے پر تعینات کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیمرا کے عہدے پر عارضی تعیناتی قوانین کے برعکس ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے اور قوانین کی روشنی میں حکومت اس عہدے پر میرٹ پر پورا اترنے والے امیدوار کو ہی پیمرا کے چیئرمین کے طور پر مستقل بنیادوں پر تعینات کرسکتی ہے۔

    درخواست گزار کے مطابق حکومت ابصار عالم کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کے ذریعے من پسند اداروں کو ڈی ٹی ایچ لائسنس فراہم کرنا چاہتی ہے۔عدالت تعیناتی کو کالعدم قرار دے اور قانون کے مطابق میرٹ پر پورا اترنے والے شخص کو تعینات کرے۔

    عدالت نے چیئرمین پیمراکی تعیناتی کے حوالے سے دیے گئےاشتہارات،امیدواروں کی درخواستیں اور شارٹ لسٹ سمیت تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔

  • دھاندلی کیس : الیکشن ٹربیونل نے چئیرمین اور ڈی جی نادرا کو طلب کر لیا

    دھاندلی کیس : الیکشن ٹربیونل نے چئیرمین اور ڈی جی نادرا کو طلب کر لیا

    اسلام آباد : الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اور پی پی 147 انتخابی دھاندلی کیس کی سماعت 13 جون تک ملتوی کرتے ہوئے نادرا کی فرانزک رپورٹ پر جرح کے لئے چئیرمین نادرا اور ڈی جی نادرا کو طلب کر لیا۔

    الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے کیس کی سماعت کی۔ نادرا کی جانب سے قائم مقائم چئیرمین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل الیکشن ٹربیونل کے روبرو پیش ہوئے۔

    انہوں نے ٹربیونل کو آگاہ کیا کہ چئیرمین نادرا بیرون ملک دورے پر ہونے کی بناء پر پیش نہیں ہو سکے۔ جس پر ٹربیونل نے کارروائی 13 جون تک ملتوی کرتے ہوئے چئیرمین نادرا اور ڈی جی نادرا کو جرح کے لئے طلب کر لیا۔

    الیکشن ٹربیونل کے روبرو نادرا کی جانب سے دونوں حلقوں کی فرانزک رپورٹ پیش کی گئی تھی، جس پر جرح کے لئے چئیرمین نادرا اور ڈی جی نادرا کی طلبی کی گئی ہے۔

    الیکشن ٹربیونل کے روبرو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 سے مسلم لیگ ن کے رکن محسن لطیف کی انتخابی اہلیت کو تحریک انصاف کے ناکام امیدوار شعیب صدیقی نے چیلنج کر رکھا ہے۔