Tag: سمرسیٹ

  • اظہر علی نے اپنی ٹیم سمر سیٹ کے ساتھ جیت کا جشن کیوں نہیں منایا؟

    اظہر علی نے اپنی ٹیم سمر سیٹ کے ساتھ جیت کا جشن کیوں نہیں منایا؟

    لندن: انگلش رائل ون ڈے کپ اظہر علی کی ٹیم سمر سیٹ نے 6 وکٹوں سے جیت لیا تاہم اظہر علی ٹیم کے ساتھ جیت کے جشن میں ابتدائی طور پر شریک ہوئے پھر بھاگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سمر سیٹ کی ٹیم ون ڈے کپ میں ہیمپشائر کو شکست دینے کے بعد جیت کا جشن منارہی تھی تو اظہر علی شراب کی بوتل کھلنے سے پہلے ٹیم کا جشن چھوڑ کر چلے گئے۔

    سوشل میڈیا پر جہاں مداحوں نے اظہر علی کے وہاں سے شراب پھینکنے سے قبل چلے جانے کو سراہا وہیں انگلش کرکٹرز کی بھی تعریف کی جنہوں نے پاکستانی کرکٹر کی موجودگی تک احتراماً شراب نہیں اچھالی۔

    اظہر علی نے ایونٹ کے دوران شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 451 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 7 کھلاڑیوں کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

    واضح رہے کہ انگلش رائل ون ڈے کپ کے فائنل میچ میں سمرسیٹ نے ہمپشائر کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، اظہر علی نے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    ہیمپشائر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے، ہیمپشائر کے نارتھ ایسٹ نے 56 اور فلر نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

    جواب میں سمر سیٹ نے 39 گیندوں قبل ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، بلڈریتھ نے ناقابل شکست 69 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

  • برطانیہ، 30 سالہ شخص کو قتل کرنے والے 8 ملزمان گرفتار

    برطانیہ، 30 سالہ شخص کو قتل کرنے والے 8 ملزمان گرفتار

    لندن: برطانوی پولیس نے 30 سالہ شخص کو قتل کرنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سمر سیٹ کی مصروف شاہراہ پر جھگڑے کے دوران 30 سالہ شخص کو چھریوں کے وار کرکے قتل کرنے والے 8 ملزمان کو پولیس نے حراست میں لے لیا، ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ روز ویلز مرلن ڈرائیو کے قریب شام 4 بجکر 25 منٹ پر کال موصول ہوئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دو افراد کو آلہ قتل سمیت گرفتار کیا جبکہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر دو خواتین اور 4 ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    چھریوں کے وار سے ایک اور 30 سالہ شخص بھی زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے، آپریشن میں پولیس کے ہیلی کاپٹر نے بھی حصہ لیا۔

    مزید پڑھیں: لندن میں چاقو بردار شخص کا ایک اور حملہ، نوجوان ہلاک

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ پولیس کی جانب سے اس کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق سمر سیٹ کے علاقے میں پولیس کافی متحرک رہتی ہے تاہم اہل علاقہ کی درخواست پر پیٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے۔

    سمرسیٹ پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ہلاکت کے بارے میں کسی بھی قسم کی اطلاع ہو تو 101 پر کال کریں یا پھر 760 پرشکایات درج کرائیں۔