Tag: سمری مسترد

  • حکومت نے  262 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کردی

    حکومت نے 262 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کردی

    اسلام آباد: حکومت نے 262 دواؤں کی قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کر دی اور کہا وزارت صحت نے دوائیں مہنگی کرنے کا تقابلی جائزہ نہیں دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ہوا ، جس میں کمیٹی نے ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کر دی، دو سو باسٹھ دواؤں کی قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کی گئی۔

    ای سی سی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت نے دوائیں مہنگی کرنے کا تقابلی جائزہ نہیں دیا۔

    ای سی سی کا کہنا تھا کہ یوریا کھاد کی دو فیکٹریوں کو درآمدی آر ایل این جی فراہم کرنے کی منظوری دے دی، دو لاکھ ٹن یوریا کی سرکاری درآمد پر ٹی سی پی کوطریقہ کار پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اعلامیے میں کہا ہے کہ پنجاب کیلئے قرضے کی حد پانچ سو چار ارب اور سندھ کے لیے دو سو چودہ ارب کردی گئی ہے۔

  • وزیر اعظم نے پی آئی اے کو رقم دینے کی سمری مسترد کردی

    وزیر اعظم نے پی آئی اے کو رقم دینے کی سمری مسترد کردی

    کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پی آئی اے کی بہتری کے لیے نئی انتظامیہ کو رقم دینے سے انکار کردیا، سمری بغیر دستخط کے واپس کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کی جانب سے ادارے کی بہتری کے لیے رقم ملنے کی غرض سے وزیراعظم کو سمری فراہم کی گئی تھی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئی انتظامیہ کی اس سمری کو مسترد کرتے ہوئے دستخط کرنے سے انکار کردیا اور سمری واپس بھیج دی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ رقم کی فراہمی کے لیے یہ سمری وزیر اعظم کے بیرون ملک دورے سے قبل واپس کی گئی ساتھ ہی وزیر اعظم نے ائرلائن ریونیو حصول کے لیے بزنس پلان پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

    اطلاعات ہیں کہ ائر لائن کی نئی انتظامیہ نے قابل عمل بزنس پلان کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے مجوزہ بزنس پلان وزیر اعظم کی امریکا سے واپسی پر انہیں پیش کیا جائے گا۔

  • سندھ رینجرز کے اختیارات میں‌ توسیع، وفاق نے سمری مسترد کردی

    سندھ رینجرز کے اختیارات میں‌ توسیع، وفاق نے سمری مسترد کردی

    اسلام آباد: سندھ میں رینجرز کے اختیارات سے متعلق سندھ حکومت اور وفاق میں‌ پھر اختلافات ہوگئے، سندھ حکومت کی ارسال کردہ سمری وفاق نے مسترد کردی۔

    اطلاعات کے مطابق رینجرز کو اختیارات دینے کے معاملے پر سندھ حکومت اور وفاق میں ایک بار پھر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے قیام اور اختیارات میں نوے روز کی توسیع کے حوالے سے سمری وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ سمری وفاق کو موصول ہوگئی ہے وفاقی وزارت داخلہ نے سمری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا اور اس معاملے پر مشاورت شروع کردی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اس بات پر بضد ہے کہ رینجرز کو آرٹیکل 147 کے تحت ہی اختیارات دیئے جائیں گے لیکن صرف شہر کراچی میں نہیں بلکہ پورے سندھ میں اختیارات دیئے جائیں گے ۔

    دوسری جانب قانونی ماہرین نے بھی سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کو اختیارات دینے کے معاملے پر سوالات کھڑے کردیے اور کہا ہے کہ سندھ حکومت کی سمری قانونی معیار پر پورا نہیں اتری ہے، آرٹیکل 147 کے تحت جو اختیارات دیے گئے وہ ٹھیک نہیں۔

    قانونی ماہر معراج الہدی نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو سمری ارسال کی تھی وہ اسی قابل تھی کہ اسے مسترد کردیا جائے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی کے بعد یہ توقع کی جاری تھی کہ سندھ میں رینجرز کو مکمل اختیارات دیئے جائیں گے ، لیکن رینجرز کو دیئے جانے والے اختیارات صرف سندھ تک محدود ہیں ۔

    پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ بار بار آواز اٹھائی گئی ہے کہ کراچی میں رینجرز کے جاری آپریشن سے شہر میں امن قائم ہوا ہے جبکہ آپریشن کے باعث کراچی سے دہشت گرد اندرون سندھ منتقل ہوگئے ہیں جن کے خلاف کارروائی کے لئے رینجرز کو پورے سندھ میں مکمل اختیارات دیئے جائیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان اور عمران اسماعیل نے بھی سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رینجرز کو پورے سندھ میں مکمل اختیارات دیئے جائیں، اس سے قبل تحریک انصاف کی جانب سے سندھ اسمبلی میں رینجرز اختیارات کے حوالے سے قراداد جمع کرائی جاچکی ہے۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات محدود نہیں ہونے دیں گے، رینجرز کو پورے سندھ میں اختیارات دیے جائیں،عوام رینجرز کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

    گزشتہ روز رینجرز اختیارات کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ کراچی آپریشن سندھ حکومت کی مشاورت اور درخواست پر شروع کیا گیا تھا جسے پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے اس لیے رینجرز کے معاملے کو سیاسی نہیں بننا چاہیے، وفاقی حکومت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ رینجرز کو سیاسی فٹ بال بننے نہیں‌ دیں گے۔

    دوسری جانب وزارت داخلہ کے ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی سمری ناقص ہے اور آرٹیکل 147 کے معاملے پر پورا نہیں اترتی اس لیے سمری کو مسترد کیا گیا ہے۔

  • وفاق کوسندھ حکومت کی سمری مسترد کرنے کااختیارنہیں، قمر زمان کائرہ

    وفاق کوسندھ حکومت کی سمری مسترد کرنے کااختیارنہیں، قمر زمان کائرہ

    لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس سندھ حکومت کی سمری مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں، آئینی مینڈیٹ کے ذریعے اداروں کو کام کرنے دیا جائے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیر اعظم خود کو بادشاہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ جو چاہیں فیصلہ کرتے پھریں، رینجرز کے سندھ اور دیگر صوبوں کے حوالے سے تضادات پر سب کی نظر ہے، فوج، رینجرز سمیت تمام ادار ے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو بہتر ہے۔

    قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آئینی حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کرنا چاہیے، وزیر داخلہ اگر پریس کانفرنس نہ کرتے تو معاملہ اتنا خراب نہ ہوتا۔

    انھوں نے کہا آئینی مینڈیٹ کے ذریعے اداروں کو کام کرنے دیا جائے۔۔ماضی میں بھی عدالتوں کو ہمارے خلاف استعمال کیا گیا ہے۔