Tag: سمندری طوفان ایان

  • طوفان نے اب نیویارک اور واشنگٹن کا رخ کر لیا

    طوفان نے اب نیویارک اور واشنگٹن کا رخ کر لیا

    واشنگٹن: سمندری طوفان ایان نے اب نیویارک اور واشنگٹن کا رخ کر لیا ہے۔

    برطانوی نیوز چینل اسکائی نیوز کے مطابق فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچانے کے بعد طوفان ایان نے اب نیویارک اور واشنگٹن کا رخ کر لیا ہے۔

    امریکا میں سمندری طوفان ایان کی تباہی کاریاں بدستور جاری ہیں، آندھی اور موسلا دھاربارش کے نتیجے میں حادثات میں ہلاکتیں 87 ہو گئی ہیں اور درجنوں افراد زخمی ہیں۔

    آبی ریلا اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو بہا لے گیا ہے، ہزاروں شہریوں کو گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونا پڑا، گھر، گاڑیاں اور سڑکیں اب بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

    امریکا میں متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام تہس نہس ہو گیا، 74 لاکھ سے زائد افراد تاحال بجلی سے محروم ہیں۔

    نیشنل ہریکین سینٹر نے کہا ہے کہ طوفان اب جنوبی ورجینیا میں پھیل رہا ہے، اور نیو یارک، نیو جرسی اور واشنگٹن ڈی سی سمیت مشرقی ساحل کے بڑے حصوں کے لیے اس ہفتے کے آخر میں ’غیر یقینی‘ حالات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • طوفان ایان نے فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، 66 افراد ہلاک

    طوفان ایان نے فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، 66 افراد ہلاک

    فلوریڈا: طوفان ایان نے ریاست فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، مختلف حادثات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی، جب کہ مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ایان کے باعث امریکی ریاستوں جنوبی کیرولائنا اور فلوریڈا کے مختلف علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو چکا ہے، ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔

    فلوریڈا میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے، ریسکیو کا کام بھی جاری ہے، لوگوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔ ہفتے تک، صرف فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں سے ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کو بچایا گیا۔

    تباہی اور کاروبار بند ہونے سے امریکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، جس کا ابتدائی تخمینہ 40 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن کل سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    فلوریڈا کے درجنوں باشندے ہفتے کے روز کشتیوں اور ہوائی جہاز کے ذریعے اپنے سیلاب زدہ اور بکھرے ہوئے گھروں کو چھوڑ کر چلے گئے، جب کہ ریسکیو ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    جنوبی کیرولائنا اور شمالی کیرولائنا میں حکام نے طوفان کے نقصانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

    طوفان ایان ہفتے کے روز کمزور پڑ گیا ہے، جب یہ بحر اوقیانوس کے وسط میں داخل ہوا تھا، تاہم ساحلوں پر طوفان نے بڑا نقصان پہنچایا، بڑی کشتیاں ساحل پر عمارتوں میں گھس گئیں اور گھروں کی چھتیں اکھڑ گئیں۔

    فلوریڈا میں تصدیق شدہ زیادہ تر اموات طوفانی پانی میں ڈوبنے سے ہوئیں، دیگر ایان کے المناک اثرات سے ہلاک ہوئے، حکام نے بتایا کہ ایک بوڑھے جوڑے کی موت اس وقت ہوئی جب وہ بجلی سے محروم ہو گئے اور ان کی آکسیجن مشینیں بند ہو گئیں۔

  • امریکا کی 100سالہ تاریخ کا سب سے بڑا طوفان، ہر طرف تباہی

    امریکا کی 100سالہ تاریخ کا سب سے بڑا طوفان، ہر طرف تباہی

    فلوریڈا: سمندری طوفان ایان امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا،241 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچادی۔

    تفصیلات کے مطابق کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان ایان امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا۔

    یہ امریکا کی100سالہ تاریخ میں سب سے بڑا طوفان ہے، جس میں ہوا کی رفتار ڈیڑھ سو میل فی گھنٹہ ہے۔

    سمندری طوفان نے تیز ہواؤں ا ور موسلادھار بارش کے ساتھ لینڈ فال کیا اور 241 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں سے عمارتوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔

    فلوریڈا میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، معمولات زندگی درہم برہم ہیں اور مختلف علاقوں میں دس لاکھ سے زائد شہری بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

    ساحلی علاقوں میں پچیس لاکھ افراد پر مشتمل آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

    امریکی میڈیا نے سمندری طوفان کو کیٹیگری فور قرار دے دیا ہے ، فلوریڈا میں پہلےہی ایمرجنسی نافذ ہے،اسکول اور ایئرپورٹس بند ہیں۔

  • سمندری طوفان ایان نے کیوبا کی کشتی ڈبو دی، 20 تارکین وطن لا پتا

    سمندری طوفان ایان نے کیوبا کی کشتی ڈبو دی، 20 تارکین وطن لا پتا

    ہوانا: کیوبا کے تارکین وطن کی ایک کشتی خوف ناک سمندری طوفان ایان کی زد میں آ کر ڈوب گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ایان کی وجہ سے فلوریڈا کے قریب کیوبا کے تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، حادثے میں 20 افراد لا پتا ہو گئے ہیں۔

    یو ایس بارڈر پٹرول نے بدھ کے روز کہا کہ کیوبا کے تارکین وطن کی ایک کشتی سمندری طوفان ایان کی وجہ سے ڈوبنے کے بعد فلوریڈا کے ساحل سے بیس افراد لاپتا ہو گئے۔

    حکام نے ٹویٹر پر بتایا کہ بارڈر پٹرول ایجنٹوں کو فلوریڈا کے جزیرہ اسٹاک کی طرف جانے والے تارکین وطن کی کشتی کی خبر ملی تھی، جس پر امریکی کوسٹ گارڈ نے 23 لاپتا افراد کی تلاش کا آپریشن شروع کیا، جن میں سے تین افراد مل گئے، جن کی حالت خراب ہو گئی تھی۔

    کوسٹ گارڈ کے مطابق تارکین وطن کی کشتی خراب موسم کے باعث الٹ گئی تھی اور کچھ افراد نے تیر کر ساحل پر پہنچ کر جان بچائی۔

    یاد رہے کہ منگل کے روز ایان سمندری طوفان نے کیوبا میں تباہی پھیلا دی ہے، جس سے ایک کروڑ سے زائد لوگ بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، جزیرے کے مغربی سرے کو تیز ہواؤں اور سیلاب نے تباہ کر دیا ہے۔