Tag: سمندری طوفان بائپر جوائے

  • بحیرہ عرب سے اٹھنے والے سمندری طوفان بائپر جوائے کے اثرات نمودار ہونے لگے

    بحیرہ عرب سے اٹھنے والے سمندری طوفان بائپر جوائے کے اثرات نمودار ہونے لگے

    کراچی : بحیرہ عرب سے اٹھنے والے طوفان بائپر جوائے کے اثرات نمودار ہونے لگے، بلوچستان کے ساحلی علاقے اوماڑہ اور سجاول میں پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپرجوئےکی شدت برقرار ہے اور کراچی سے چارسوسترکلومیٹر دور ہے۔

    سمندری طوفان بپر جوائے کے اثرات ظاہر ہونے لگے، بلوچستان کے ساحلی علاقے اوماڑہ میں سمندربپھرگیا اور پانی سڑک پارکرکے آبادی میں داخل ہوگیا۔

    سجاول میں جھکڑے چلنے لگے اور جاتی کے کلکا چہانی کے مکینوں کے گھروں میں پانی داخل ہوگیا تاہم رات گئے دو سو سے زائد لوگوں کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا۔

    ٹھٹہ اوربدین میں بھی سمندر میں بلند لہریں ہے ، جس کے باعث ماہی گیروں کو گہرے سمندرسےواپس بلالیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے مرکز اور اس کے اردگردکی ہوائیں ایک سوسترکلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچل رہی ہیں اور لہروں کی بلندی تیس فٹ ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق چودہ جون کی صبح تک طوفان مزید شمال شمال مشرق کی جانب رخ کرسکتا ہے اور پندرہ جون کی سہ پہرکو کیٹی بندراور بھارت کےشہرگجرات کے ساحل سےگزرے گا، جس کے باعث ہوائیں سو سے ایک سوبیس فی گھنٹہ کی رفتارسے چلیں گی۔

    کراچی میں آندھی کے ساتھ ساٹھ سے ستر کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ بدھ اورجمعرات کو کراچی اور حیدرآباد میں تیز بارش کا امکان ہے۔

  • سمندری طوفان بائپر جوائے : سی ویو جانے والی تمام سڑکیں بند

    کراچی : سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر شہریوں کو سی ویو جانے سے روکنے کے لیے پولیس نے کلفٹن سے ساحل تک جانے والی تمام سڑکیں بند کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بائپر جوائے کے باعث الرٹ جاری ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی اور سی ویو جانے والی تمام سڑکیں بند کر کے پولیس نفری تعینات کردی گئی۔

    پولیس نے شہریوں کو روکنے کے لیے کلفٹن سے ساحل تک جانے والی تمام سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کردیں اور سی ویو کے اطراف رہائشیوں کو سروس روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    پولیس کی جانب سے خیابان اتحاد سے آنیوالا ٹریفک خیابان صبا کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

    یاد رہے سمندری طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر کمشنرکراچی نے دفعہ ایک سوچوالیس نافذ کرکےسمندر میں نہانے،کشتی رانی اورماہی گیری پرمکمل پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

    گذشتہ روز کراچی میں سمندری طوفان کے خطرے پیش نظر لگائی جانے والی دفعہ 144 شہریوں نے ہوا میں اڑا دی تھی اور چھٹی والے دن عوام کی بڑی تعداد سی ویو پر موجود رہی، شہریوں کا کہنا تھا کہ گرمی ہمیں یہاں کھیچ لائی، گھر میں بجلی آتی ہے نہ ہی پانی موجود ہے۔

    خیال رہے سمندری طوفان بپرجوئے کی شدت مزید بڑھ گئی ہے اور کراچی سے فاصلہ چھ سو کلومیٹررہ گیا، سسٹم کے اطراف ہواؤں کی رفتار ایک سو اسی سے دو سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ اور لہروں کی بَلندی پینتیس سے چالیس فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان جمعرات کو کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان کسی مقام پر ٹکرائے گا جبکہ دو سے تین دن میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ اور دیگر شہروں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہیں۔