Tag: سمندری طوفان بیرل

  • سمندری طوفان بیرل نے ٹیکساس میں بجلی کا بحران پیدا کر دیا، 8 ہلاکتیں

    سمندری طوفان بیرل نے ٹیکساس میں بجلی کا بحران پیدا کر دیا، 8 ہلاکتیں

    ہیوسٹن: سمندری طوفان بیرل نے امریکی ریاست ٹیکساس میں تباہی مچا دی ہے اور بجلی کا بحران پیدا کر دیا ہے، مختلف حادثات میں 8 افراد کی ہلاکتیں بھی رپورٹ کی گئی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں بجلی کا بحرا ن شدت اختیار کر گیا، سمندری طوفان بیرل کے سبب 30 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔ توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ہیوسٹن کے گیس اسٹیشنز پر لوگوں کا رش لگ گیا، کئی گیس اسٹیشنز بند ہیں۔

    سمندری طوفان بیرل کے نتیجے میں رونما ہونے والے مختلف حادثات میں آٹھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

    بیرل پہلے ایک ٹراپیکل طوفان تھا جس کے بعد وہ ’ڈپریشن‘ میں تبدیل ہوا، اور اب ایک پوسٹ ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہو چکا ہے، طوفان نے ریاست آرکنساس اور لوزیانا کو بھی متاثر کیا۔

    شدید طوفانی بارشوں سے سڑکیں زیر آب آ گئیں، گاڑیاں ڈوب گئیں، تیز ہواوں سے درخت اکھڑ گئے، گھروں اور انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا، طوفان بیرل سے ریاستیں میسوری، الینوائے، انڈیانا، ٹینیسی، اوہائیو اور مشی گن بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ کیریبین میں بھی بڑی تباہی ہوئی، اور مختلف حادثات میں دس اموات رپورٹ ہوئیں۔

  • سمندری طوفان ’بیرل‘ مزید شدت اختیار کر گیا، یونین آئی لینڈ تباہ ہو گیا

    سمندری طوفان ’بیرل‘ مزید شدت اختیار کر گیا، یونین آئی لینڈ تباہ ہو گیا

    سمندری طوفان ’بیرل‘ مزید شدت اختیار کر گیا ہے، طوفان نے یونین آئی لینڈ کو تباہ کر دیا ہے۔

    شمالی کیریبین میں سمندری طوفان بیرل نے تباہی مچا دی، بیرل کو کیٹیگری 5 کا طوفان قرار دیا جا رہا ہے، جس نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

    سینٹ ونسنٹ یونین آئی لینڈ میں ہر سو تباہی ہی تباہی پھیلی ہے، جزیرے کی ہر عمارت مکمل تباہ ہو گئی ہے، طوفان کے گزرنے کے بعد یونین جزیرہ ایک خوف ناک حالت میں ہے۔

    نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان کے سبب جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن کے قریب ساحلی علاقوں میں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    تیز ہواؤں کے جھکڑ سمیت طیارے کے بھی ڈولتے ہوئے منظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیے، طوفان کی وارننگ کے سبب مشرقی جزائر میں لوگوں نے اشیائے خور و نوش کا ذخیرہ کر لیا ہے، جب کہ حکام نے ساحلی آبادی کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔