Tag: سمندری طوفان

  • طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست لوئزیانہ سے ٹکرا گیا، سیلاب کا خطرہ

    طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست لوئزیانہ سے ٹکرا گیا، سیلاب کا خطرہ

    واشنگٹن: طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست لوئزیانہ سے ٹکرا گیا جس کے باعث ریاست میں سیلابی صورت حال کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لوئزیانہ میں سمندری طوفان ٹکرانے کے بعد محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی نشیبی مقامات میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست لوئزیانہ کے شہر نیو اورلیئنز کو طاقتور سمندری طوفان بیری کے ساتھ آنے والی موسلادھار بارش کا بھی سامنا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ نیو اورلیئنز اور دیگر مقامات پر بیس انچ تک بارش ہو سکتی ہے، اس بارش کے بعد ریاست کے کئی نشیبی مقامات میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    بیری نامی سمندری طوفان ایسے وقت میں ٹکرایا ہے جب نیو اورلیئنز شہر میں سے گزرنے والا بڑا دریا مِسِسپی کی سطح طغیانی کے باعث پہلے ہی بلند ہے۔

    ریاست لوئزیانہ کے گورنر جان بیل ایڈورڈ نے اپنے شہریوں کو ہوشیار اور خبردار رہنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ طوفان بیری کے ساتھ جھکڑوں کی رفتار اسی کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہے۔

  • سمندری طوفان وایو کے دوبارہ گجرات سے ٹکرانے کی پیش گوئی

    سمندری طوفان وایو کے دوبارہ گجرات سے ٹکرانے کی پیش گوئی

    نئی دہلی : بھارتی محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان وایو کے آئندہ 48 گھنٹوں میں ایک مرتبہ پھر گجرات سے ٹکرائے جانے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے سمندری طوفان وایو کے دوبارہ گجرات سے ٹکرانے کی پیش گوئی کردی، ساحلی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان 17 اور 18 جون کو بھی طوفان کے ٹکرائے جانے کا خدشہ ہے۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان وایو ایک بار پھر سے ریاست گجرات کی جانب رخ کررہا ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں گجرات کے سمندر سے ٹکرائے جانے کا امکان ہے۔ 17 اور 18 جون کو گجرات کے ضلع کَچھ کے ساحل سے ٹکرائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے ماہی گیروں کو ساحل پرجانے سے روک کر الرٹ جاری کردیا، جمعرات کے روزسمندری طوفان وایو نےگجرات سے منہ موڑ لیا تھا اور عمان کی طرف بڑھ گیا تھا۔

    طوفانی ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے خدشے کے باعث گجرات اور مغربی ساحلی علاقوں میں الرٹ بدستور  برقرار  ہے، گجرات میں تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

    خیال رہے کہ گجرات میں اسکولز  اور کالجز بند ہیں اور ٹرین سروس بھی متاثر ہے جبکہ پوربندر اور دیگرعلاقوں میں فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے جبکہ بھارتی حکام نے ماہی گیروں کوپندرہ جون تک سمندرمیں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

  • سمندری طوفان ’وایو‘، کے پی ٹی نے ریڈ الرٹ جاری کردیا

    سمندری طوفان ’وایو‘، کے پی ٹی نے ریڈ الرٹ جاری کردیا

    کراچی:بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان کے پیش نظر کے پی ٹی نے ریڈ الرٹ جاری کردیا جس میں حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے جاری ہونے والے  ریڈ الرٹ میں سمندری حدود اور بندرگاہوں پر جہازکے کپتانوں کوحفاظتی اقدامات کی ہدایات کی گئی۔

    کے پی ٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ بندرگاہوں پرموجود جہازوں کو مزید دو رسوں سے لنگرانداز کریں کیونکہ ممکنہ طوفان کی ہوا کی رفتار 45ناٹ سے 88ناٹ تک ہو سکتی ہے لہذا حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

    دوسری جانب سمندری طوفان وایو کےاثرات کراچی سمیت اندرونِ سندھ کے  مختلف شہروں پر نمودار ہونا شروع ہوگئے، کیٹی بندر سمیت گردونواح میں تیز ہوائیں چلیں اور مٹی کا طوفان آیا جس کے باعث سمندری لہریں بلند ہوئیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں شدید گرمی کی لہر، رینجرز نے ہیٹ اسٹروک کیمپس قائم کردئیے

     بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’وایو‘ کے باعث کراچی میں شدید گرمی،درجہ حرات اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا جس کے باعث شہریوں کا برا حال ہے، محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت تین روز تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی۔

    محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کو گجرات کے ساحل سے ٹکرانا تھا البتہ اُس کا رخ گھوم گیا جس کے بعد بارشیں ہونے کے اثرات کم ہوگئے۔

  • سمندری طوفان آج بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا

    سمندری طوفان آج بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا

    نئی دہلی: بھارت میں طوفان ’’وایو“ آج بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا، طوفان کے زیر اثر ساحلی علاقوں میں آج اور کل شدید بارشیں بھی ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں طوفان وایو (آج) جمعرات کو گجرات سے ٹکرائے گا، بھارتی محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کردیا، گجرات سے تقریبا 3لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان ممبئی کے ساحل سے جنوب مغرب میں 490کلومیٹر دور ہے، طوفان کے زیر اثر گجرات کے ساحلی علاقوں میں آج اور کل شدید بارشیں ہونگی اور 110کلومیٹرفی گھنٹہ کے رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

    طوفان سے گجرات کے ساحلی علاقے سوراشتڑا سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، ساحلی علاقوں میں دو دن سکول اور کالجز بند رہیں گے، جبکہ طوفان کے زیر اثر گوا، مہاراشٹرا اور کرناٹکا میں بھی شدید ترین بارشیں متوقع ہیں۔

    وزارت داخلہ نے گجرات کے لیے ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی 35ٹیمیں روانہ کر دی ہیں اور مہاراشٹرا، گجرات کے ساحلی مقامات پر ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    حکام نے ماہی گیروں کوپندرہ جون تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے جبکہ سمندری ساحلوں پر لوگوں کو نہ جانے کی صلاح دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ طوفان وایو سے پاکستان میں بھی سندھ کے جنوب مشرقی علاقے بھی طوفان سے متاثرہوسکتے ہیں،ماہی گیروں کوگہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

  • سمندری طوفان ’’وایو‘‘ شدت اختیار کرگیا، سندھ میں داخل ہونے کے قوی امکانات

    سمندری طوفان ’’وایو‘‘ شدت اختیار کرگیا، سندھ میں داخل ہونے کے قوی امکانات

    کراچی : سمندری طوفان شدت اختیار کرگیا، طوفان12کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب میں بڑھ رہا ہے،3دن تک سندھ کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ وایو طوفان شدت اختیار کرگیا ہے جس کے باعث جمعرات سے ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

    وایو طوفان کے سندھ میں داخل ہونے کے امکانات قوی ہوگئے ہیں، سمندری طوفان کراچی سے443کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود ہے، طوفان12کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب میں بڑھ رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کل دوپہر تک بھارتی گجرات عبور کرلے گا، طوفان کے بعد3دن تک سندھ کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں بارشوں کا قوی امکان ہے، جس کے نتیجے میں ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارشیوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: سمندری طوفان وایو کل بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا، ہائی الرٹ جاری

    اس کے علاوہ کراچی میں کل بھی دوپہر میں گردآلود ہوائیں چلنے کاسلسلہ جاری رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود ہواؤں سے حدنگاہ جزوی متاثر ہوسکتی ہے، طوفان کے اثرات سے شہر میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

  • آئندہ 36گھنٹوں میں بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کا خطرہ

    آئندہ 36گھنٹوں میں بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کا خطرہ

    کراچی : بحیرہ عرب کے جنوب مشرق میں ہوا کا شدید دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے ، ہوا کا شدید دباؤ کراچی کےجنوب میں 1500 کلومیٹردورہے، ابتدائی طور پر طوفان کی سمت شمال مشرق میں بھارتی ساحلی پٹی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے بحیرہ عرب جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباؤشدت اختیار کرگیا ہے اور آئندہ 36گھنٹےمیں ہوا کا شدید  دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

    ہوا کا شدید دباؤ کراچی کے جنوب میں1500کلومیٹردور ہے جبکہ ابتدائی طورپرطوفان کی سمت شمال مشرق میں بھارتی ساحلی پٹی ہوگی۔

    محکمہ موسمیات نے تمام صورتحال پرنظر رکھی ہوئی ہے، کسی بھی ممکنہ خطرے سے پہلے آگاہ کردیا جائے گا۔

    مکنہ طوفان سے بچنےکے لیے ساحلی پٹیوں میں رہنے والے ماہی گیر اور شہری بھی احتیاطی تدابیر کااختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    پاکستان کی ساحلی پٹی پر طوفان کا کوئی خطرہ نہیں

    چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق پاکستان کی ساحلی پٹی پر طوفان کا کوئی خطرہ نہیں ، طوفان ابھی بحیرہ عرب میں موجود ہے اور کراچی کے جنوب سے 1500 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، 36 گھنٹے بعد طوفان کے حوالے سےدرست پیشگوئی کی جاسکے گی ۔

    عبدالرشید کا کہنا ہے گرمی مئی اور جون میں ہر سال اس طرح ہی ہوتی ہے۔ جون کے لحاظ سے درجہ حرارت عموما 36 سے 37 ہی رہتا ہے۔رواں سال ہوا میں نمی کا تناسب ذیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہورہی ہے۔

    دوسری جانب شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار ہے ، کراچی میں آج بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک تیکارڈ کیا جاسکتا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ہے جبکہ 14 کلو میٹر کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی ، بہاولپور،جھنگ، جہلم سمیت کئی شہروں میں پارہ چالیس کا ہندسہ عبور کر گیا۔

    سکھر،شہیدبینظیرآباد، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد،موہنجوداڑو سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی گرمی غضب ڈھا رہی ہے، معمولات زندگی شدید متاثر ہیں جبکہ تربت، سبی، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت بلوچستان اورخیبر پختونخوا میں بھی شدید گرمی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے شدیدگرمی میں باہرنکلناضروری ہوتو سرڈھانپ کرنکلیں، پانی کااستعمال بڑھادیں۔

  • موزمبیق: سمندری طوفان اربوں‌ ڈالرز کا انفرا اسٹرکچر بہا لے گیا

    موزمبیق: سمندری طوفان اربوں‌ ڈالرز کا انفرا اسٹرکچر بہا لے گیا

    ماپوتو: سمندری طوفان نے افریقی ملک موزمبیق میں تباہی مچا دی، اربوں ڈالرز کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی ملک موزمبیق میں یکے بعد دیگر  آنے والے دو سمندری طوفانوں نے تباہی مچا دی، جن کی وجہ سے چھ سو سے زائد افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    ان طوفانوں سے زمباوے بھی شدید متاثر ہوا، جہاں ہلاکتوں کی تعداد تین سو سے زاید ہے۔

    موزمبیق میں نظام زندگی تباہ ہوچکا ہے، بجلی کی فراہمی کئی شہروں میں معطل ہے، غذا اور پانی کی قلت خطرناک شکل اختیار کر گئی۔ وبائیں پھوٹنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

    سمندری طوفان کی وجہ سے فصلیں بھی تباہ ہو گئیں، لاکھوں افراد خوراک کی قلت کا شکار ہیں۔ سنگین حالات کے پیش نظر اقوام متحدہ حرکت میں آگئی ہے، ریڈ کراس نے امداد شروع کر دیں۔

    موزمبیق سرکار کا کہنا ہے کہ طوفانوں کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے 3.2 ارب ڈالر درکار ہیں۔

    حکومت کی جانب سے ایک عالمی امدادی کانفرنس میں اپیل کی گئی ہے، تاکہ امدادی کارروائیاں بڑے پیمانے پر شروع ہوسکیں۔

  • بھارت میں فانی نامی سمندری طوفان سے ہلاکتیں بڑھ کر41ہوگئیں

    بھارت میں فانی نامی سمندری طوفان سے ہلاکتیں بڑھ کر41ہوگئیں

    نئی دہلی : بھارت میں گزشتہ ہفتے رونما ہونے والے فانی سمندری طوفان میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر41ہو گئی ہے۔اب تک ہزاروں دیہات تباہ اور سڑکوں،  اسکولوں و دیگر املاک کو بھی ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق فانی طوفان کے بعد حال ہی میں بھو بنسوار شہر میں ہلاکتوں کے بعد صوبے بھر میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد41ہو گئی ہے۔17 ہزار 280 جانوروں کے تلف ہونے والے سمندری طوفان سے 14 ہزار 835 دیہات، سڑکیں بجلی اور ٹیلی فون تاروں کو نقصان پہنچا۔

    ہنگامی صورتحال سے متعلق حکام کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مالی نقصان پوری علاقے کو پہنچا اور صوبے میں ایک ہزار سے زائد ہیلتھ سنٹرز اور تقریباً چھ ہزار اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    یاد رہے کہ بھارت میں سمندری طوفان فانی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، چار مئی کو بھارتی ریاست اڑیسہ میں آنے والے طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    سڑکوں پر گرے درخت اٹھانے کا کام جاری ہے۔ بھارت میں فانی نامی طوفان مغربی بنگال میں ہفتہ کی صبح داخل ہوگیا ، ہواؤں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ رکارڈ کی گئی تھیں۔

    طوفان فانی کے زیر اثر کولکتہ، دیگر علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں، درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ متعدد پروازیں بھی معطل ہوگئیں۔

  • طاقتور سمندری طوفان فانی سے بنگلہ دیش میں15افراد لقمہ اجل بن گئے

    طاقتور سمندری طوفان فانی سے بنگلہ دیش میں15افراد لقمہ اجل بن گئے

    ڈھاکہ : بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد فانی نامی طاقتور سمندری طوفان بنگلہ دیش میں بھی15افراد کو نگل گیا، طوفان کے سبب ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ‘فانی’ نے بھارت کے بعد بنگلہ دیش میں بھی تباہی مچادی۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق مختلف واقعات میں اب تک پندرہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    گزشتہ روز سمندری طوفان ‘فانی’ بھارتی علاقے سے ٹکرانے کے بعد بنگلہ دیش کی طرف بڑھ گیا تھا۔ جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے چار لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    طوفان کے باعث بنگلہ دیش میں سیکڑوں درخت، بجلی کے پولز اور مکانات تباہ جبکہ چودہ دیہات زیر آب آ گئے۔ بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق ساحلی علاقے ‘بارگونا’ میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

    شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا، متعلقہ حکام کے مطابق سائیکلون فانی کے باعث کروڑوں افراد متاثر ہو سکتے ہیں، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مواصلاتی نظام اور شاہراہوں کو بھی شدید نقصان ہہنچا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

    خیال رہے کہ خطرناک سمندری طوفان فانی گزشتہ روز بھارت کے مشرقی علاقوں سے ٹکرایا تھا، جس کے باعث لاکھوں افراد کے متاثر ہوئے ،اس کے علاوہ مشرقی ریاست اڑیسا سے تقریباً دس لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی حکام نے خطرے کے پیش نظر اڑیسا، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں اسکول، کالج و یونیورسٹیز بند کردی تھیں جبکہ ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئیں۔

  • بھارت میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

    بھارت میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

    نئی دہلی : بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والا سمندری طوفان فانی کا رخ بنگلا دیش کی جانب ہوگیا، سمندری طوفان فانی کے نتیجے میں بھارت میں 19 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں سمندری طوفان فانی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، بھارتی ریاست اڑیسہ میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی جبکہ املاک کو شدید نقصان پہنچاہے، سڑکوں پر گرے درخت اٹھانے کا کام جاری ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت میں طوفان فانی مغربی بنگال میں ہفتہ کی صبح داخل ہوگیا ، ہواوں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ رکارڈ کی گئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طوفان فانی کے زیر اثر کولکتہ، دیگر علاقوں میں شدید بارشیں ہورہی ہیں، درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ متعدد پروازیں معطل ہوگئیں۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ طوفان فانی کمزور پڑ چکا ہے اور اب اس کا رخ بنگلہ دیش کی جانب ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں خطرناک سمندری طوفان فانی گزشتہ روز بھارت کے مشرقی علاقوں سے ٹکرایا تھا، جس کے باعث لاکھوں افراد کے متاثر ہوئے ہیں، مشرقی ریاست اڑیسا سے تقریباً دس لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی حکام نے خطرے کے پیش نظر اڑیسا، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں اسکول، کالج و یونیورسٹیز بند کردی گئی ہیں جبکہ ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئیں ہیں۔

    سمندری طوفان فانی بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ بھارتی حکام نے اڑیسا کا بھونیشور ایئرپورٹ اور مغربی بنگال میں کولکتہ ایئر پورٹ بند کردیا گیا ہے۔

    ریاستی حکام نے بندرگاہیں‌ بھی بند کر دی گئیں، ماہی گیروں کو سمندر سے نکال لیا گیا جبکہ نشیبی علاقوں کو خالی کر لیا گیا ہے۔